مٹی کی محبت میں ہم آشفتہ سروں نے
وہ قرض اتارے ہیں جو واجب بھی نہیں تھے
ہندوستان کی جنگ آزادی میں ملک کے سبھی طبقات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ملک عزیز کو ظالم انگریزوں کے چنگل سے چھڑانے کے لیے اپنا تن من دھن سب کچھ داؤں پر لگا دیا۔ آزادی کی اس جدوجہد میں مسلم خواتین نے بھی اپنی قربانیوں اور جاں نثاریوں کی ایک ناقابل فراموش داستان رقم کی اور اسی جذبہ حریت میں نہ صرف اپنے گھر کے مردوں کی اصل طاقت بن کر ابھریں، بلکہ میدان عمل میں بھی بوقت ضرورت پوری تندہی سے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں۔ ہندوستان کی پہلی جنگ آزادی ۱۸۵۷ء میں میرٹھ سے ایک چنگاری کی صورت میں سلگی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس دور میں ہمیں بے شمار مسلم خواتین کے نام ملتے ہیں، جنھوں نے اپنی بہادری اور ہمت سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بعد کے دور میں جب ہندوستانی عوام انگریزی سامراج کے خلاف صف آراء ہونا شروع ہوئی، تو اس دور میں بھی مسلم خواتین مجاہدین آزادی کے ساتھ ہم قدم ہو کر اپنے ملک عزیز کو آزاد کرانے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئیں۔
بیگم حضرت محل
۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی میں سب سے پہلا نام جس مسلم خاتون کا آتا ہے وہ بیگم حضرت محل ہیں، جن کی اولوالعزمی، جرأت اور قائدانہ صلاحیتوں کے دشمن بھی قائل تھے۔ ان کی غیر معمولی بہادری اور شجاعت کا ذکر کرتے ہوئے مارش مین اپنی کتاب ’’ہسٹری آف انڈیا‘‘میں لکھتا ہے: لکھنو میں باغیوں نے جو مقاومت کی وہ ایسی سخت تھی کہ کبھی انگریزی فوج کو سابقہ نہیں پڑا تھا۔ حتی کہ دہلی میں بھی ایسی سخت مقاومت نہیں کی گئی۔ باغیوں کا جوش بیگم اودھ کی وجہ سے بڑھا ہوا تھا، جو غیر معمولی مستعد اور سرگرم خاتون تھیں اور وہی تمام بغاوت کی روح رواں بھی۔
بیگم حضرت محل تقریباً دس ماہ تک انگریزوں سے بر سر پیکار رہیں۔ اس پوری مدت میں جب کہ ان کے شوہر نواب واجد علی شاہ کو انگریزوں نے کلکتہ جلا وطن کر دیا تھا، انھوں نے اپنی قابلیت اور ہمت سے انگریزوں کے خلاف جنگ جاری رکھی اور کئی محاذوں پر انگریزوں کو ناکوں تلے چنے چبوا دیے تھے۔ وہ مردانہ لباس پہن کر سر پر پگڑی باندھے، ہاتھ میں تلوار لیے، گھوڑے پر سوار ہو کر آندھی طوفان کی طرح انگریز فوج پر حملہ آور ہوتیں اور کشتوں کے پشتے لگا دیتیں۔ امرت لال ناگر ان کی بہادری کے بارے میں لکھتے ہیں: بیگم حضرت محل نے بھی رانی لکشمی بائی کی طرح عورتوں کا ایک فوجی گروہ تیار کیا تھا۔ محلوں کی باندیاں ان کی نگرانی میں قواعد کرتی تھیں۔ ان ہی عورتوں نے جاسوس عورتوں کا بھی ایک گروہ تیار کیا تھا۔ (امرت لال ناگر۔ غدر کے پھول، ص ۲۶۰)
یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ جس طرح انگریزوں کو لکھنؤ میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا وہ ان کے وہم و گمان میں نہیں تھا۔ دلی کے مقابلے یہاں انھیں بیگم حضرت محل کی جانب سے سخت ٹکر ملی۔ اس زمانے کے اودھ میں بیگم حضرت محل کی آواز پر ہندو مسلم دونوں نے ایک ساتھ لبیک کہا اور ان کی سربراہی میں اودھ کی عوام سر پر کفن باندھ کر میدان میں اتر آئی۔ کئی محاذوں پر انھوں نے انگریزوں کو شکست سے دوچار کیا، مگر پھر اپنوں کی غداری نے انھیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔ دریائے گومتی کے کنارے ایک فیصلہ کن لڑائی میں تقریبا75 ہزار سے زائد لوگ مارے گئے۔ مورخین کے مطابق شہر کے چپے چپے کو شہیدان وطن نے اپنے خون سے رنگ دیا تھا اور ان کی محبت وعقیدت کا مرکز بیگم حضرت محل کی ذات تھی۔ خود بیگم کی کوٹھی کے گرد بھی زبردست جنگ ہوئی، جس میں شکست کے باوجود بیگم نے انگریزوں سے صلح نہیں کی۔ دوران جنگ بھی انگریز جنرل اوٹرم کی صلح کی شرائط کو غیور بیگم نے تسلیم نہیں کیا۔ آخر میں اپنے بیٹے برجیس قدر کے ساتھ نیپال چلی گئیں، جہاں چند سال گم نامی کی زندگی گزار کر۷؍ اپریل ۱۸۷۹ء میں ان کی وفات ہو گئی۔
سبز پوش خاتون
اس زمانے میں دہلی کی ایک عمر دراز خاتون کی بہادری کے چرچے بھی عام تھے، جسے ’سبز پوش خاتون‘ کہا جاتا تھا، وہ ایک سبز رنگ کے برقع میں ملبوس، گھوڑے پر سوار ہو کر لوگوں کو انگریزوں کے خلاف جہاد کے لیے ابھارتی تھیں۔ ان کی مجاہدانہ آواز پر لوگ ان کے ساتھ مل کر انگریزوں پر حملہ کرتے اور وہ خود کبھی تلوار اور کبھی بندوق سے زبردست حملے کرتیں اور پوری بہادری کے ساتھ لڑتی رہتیں۔ ان کی اس بہادری کی بدولت دوسروں میں بھی جوش پیدا ہونے لگا تھا۔ لفٹننٹ ہڈسن یہ جرأت اور بہادری دیکھ کر مجبوراً انھیں ہندوستان کی جون آف آرک کہنے پر مجبور ہوگیا تھا۔ ایک دن جنگ کرتے ہوئے وہ انگریزی مورچے کے قریب جا پہنچیں اور زخمی ہو کر گھوڑے سے گر پڑیں، وہیں موقع دیکھ کر ان کو گرفتار کرلیا گیا اور انبالہ جیل میں بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ان کے بارے میں عوام الناس کو کوئی خبر نہیں مل سکی، لیکن اپنی بے مثال جرأت اوربہادری کے نقوش وہ چھوڑ گئیں۔
عزیزن
ملک کی آزادی کی خاطر کانپور کی رقاصہ عزیزن کا نام بھی جلی حروف سے لکھا ہوا ہے، جس نے محلوں کے آرام و آسائش کو ملک کی محبت میں ٹھوکر مار کر یہ ثابت کر دیا کہ ملک سے محبت تمام عیش و راحت سے بڑھ کر ہے۔ نانا صاحب پیشوا کی طرف سے وہ اس جنگ آزادی میں شامل ہوئیں۔ تنظیمی صلاحیت ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ انھوں نے خواتین کا ایک فوجی دستہ بھی بنایا تھا جو گھر گھر جا کر عورتوں کو گھڑ سواری اور تلوار کا استعمال سکھاتیں۔ اس طرح خواتین کی یہ چھوٹی سی فوج زخمی سپاہیوں کو طبی امداد پہنچانے، کھانے اور کپڑے فراہم کرنے اور گولہ بارود کی رسد فراہم کرنے پر مامور تھی۔ عزیزن انقلابی کمان کی بھی فعال ممبر تھیں۔ تانتیا ٹوپے اور نانا صاحب کے دست راست عظیم اللہ خان کو ان پر مکمل اعتماد تھا۔ شکست کے بعد جب باغیوں کی فہرست تیار کی گئی تو اس میں عزیزن کا نام سب سے اوپر تھا۔ جنرل ہیولاک نے اس کو معافی مانگنے پر ہر ممکن طریقے سے راضى کرنا چاہا مگر وہ کسی طور پر بھی ان ظالموں کے سامنے نہیں جھکیں اور نانا صاحب زندہ باد کا نعرہ لگا کر وطن پر قربان ہوگئی۔
فرحت جہاں
اسی طرح ایک دوسری رقاصہ فرحت جہاں کا نام ملتا ہے، جنھوں نے وقت پڑنے پر گھنگھرو کی جھنکار کو تلوار کی للکار سے بدل کر انگریزوں کے خلاف جنگ کی تلوار کو چوم کر دشمن کی صفوں میں داخل ہوگئیں اور بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جنرل ہڈسن کی گولی کا شکار بنیں۔
مظفر نگر کی شہیدات
آزادی کی اس جنگ میں مظفرنگر کی دوسو پچپن خواتین کو انگریزوں نے گولیوں سے اڑا دیا، گیارہ خواتین کو پھانسی دی گئی۔ مظفرنگر کی حبیبہ اور رحیمی نامی خواتین نے بھی ملک کی خاطر پھانسی کے پھندے سے جام شہادت نوش کیا۔ مظفرنگر کی ہی اصغری بیگم جو مجاہد آزادی قاضی عبد الرحیم کی والدہ تھیں ان کو برطانوی افواج کی مزاحمت میں زندہ جلا دیا گیا تھا۔ سہسرام کی حاجی بیگم جو گھڑ سواری میں ماہر تھیں، انگریزی حکومت کی مخالفت میں اپنے وطن پر قربان ہو گئیں۔
جھانسی کی گمنام شہید
جھانسی کی رانی کی دست راست اس کی مسلم دوست جو جھانسی کی گمنام شہید کے نام سے مشہور ہے، اس نے بھی اس لڑائی میں اپنے وطن کے لیے جان دے دی تھی۔
نازنین
اسی زمانے میں دہلی کے ایک آسودہ گھرانے کی خاتون نازنین کا نام ملتا ہے جنھوں نے بہت جانبازی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور آخر میں شہید ہوگئیں۔ حقیقت تو یہ ہے آزادی کی اس جنگ میں خواتین نے اپنی بہادری سے سب کو ششدر کر دیا تھا۔ ان کے اجڑے ہوئے سہاگ، سونی گودیں اور تباہ و برباد کیے ہوئے گھر کوئی بھی چیز انھیں کمزور نہیں کر سکی۔ یہاں تک کہ کرنل ہڈسن جیسے دشمن کو یہ کہنا پڑا: جس ملک کی عورتیں اتنی جاں باز اور وفادار ہوں، وہاں انگریزوں کی حکومت محض چند دولت و جاگیر کے لالچی غدّاروں کی نمک حرامی پر ہی منحصر ہے۔
بی اماں
دوسرے دور کی تحریک آزادی میں رام پور کی بی اماں( اصل نا م آبادی بانو بیگم ) کا نام سر فہرست ہے۔ وہ علی برادران (مولانا محمد علی جوہر اور مولانا شوکت علی) کی والدہ تھیں، جنھوں نے نہ صرف ملک کو علی برادران جیسے ہیرے دیے بلکہ خود بھی تحریک آزادی میں فعال کردار ادا کیا اور ام الاحرار کے لقب سے نوازی گئیں۔ ان کی سیاست میں آمد ان کے بیٹوں کی گرفتاری کے بعد ہوئی۔ ڈاکٹر عابدہ سمیع الدین نے لکھا ہے: علی برادران گرفتار کر لیے گئے۔ بی اماں خاصی نحیف ہو چکی تھیں لیکن بیٹوں کی گرفتاری نے ان میں ایک تازہ روح پھونک دی۔ انھوں نے تحریک خلافت میں بھرپور حصہ لیا۔ وہ دور دراز کے سفر کرتیں، بڑے بڑے اجتماعات کو مخاطب کرتیں، دوران سفر اسٹیشنوں پر مشتاق زیارت ہجوم سے ملتیں اور انھیں مخاطب کرتیں۔ ان کی مجاہدانہ سرگرمیوں نے تحریک خلافت کو ایک نئی زندگی عطا کی۔ تحریک خلافت جب پورے ملک میں زور و شور سے چل رہی تھی تو شفیق پوری نے ایک نظم ’صدائے خاتون‘ کے عنوان سے تحریر کی، جو بہت مقبول ہوئی:
بولیں اماں محمد علی کی
جان بیٹا خلافت پہ دے دو
گر ذرا سست دیکھوں گی تم کو
دودھ ہرگز نہ بخشوں گی تم کو
بوڑھی اماں کا کچھ غم نہ کرنا
کلمہ پڑھ پڑھ خلافت پہ مرنا
گاندھی جی نے تحریک خلافت میں بی اماں کی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ینگ انڈیا میں لکھا تھا: اگرچہ وہ سن رسیدہ تھیں لیکن ان میں جوانوں جیسی طاقت تھی۔ انھوں نے خلافت اور سوراجیہ کے حصول کے لیے مسلسل سفر کیے۔ وہ اسلام کی کٹر پیرو تھیں اور ہندوستان کی آزادی ان کے نزدیک کھدّر اور ہندو مسلم اتحاد کے بغیر ناممکن تھی۔ اس لیے انھوں نے اتحاد کے لیے زبردست کوششیں کیں جو ان کے نزدیک جزو ایمان تھی۔
جب برطانوی حکومت نے علی برادران سے تحریک آزادی کے خلاف ایک عہد نامہ لینا چاہا تو بی اماں نے مسٹر عبد المجید ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محکمہ خفیہ پولیس کو مخاطب کر کے کہا تھا: میں یہ چاہتی ہوں کہ گورنمنٹ یہ جان لے کہ اگر اپنی تکلیف سے بچنے کے لیے وہ کسی ایسی بات کا اقرا کریں گے جو ان کے مذہبی احکام یا ملکی قواعد کے ذرا بھی خلاف ہو تو مجھے یقین ہے کہ اللہ پاک میرے قلب کو اتنی مضبوطی اور ان سوکھی جھرّیاں پڑے ہاتھوں میں اتنی طاقت دے گا کہ میں اسی وقت ان دونوں کا گلا گھونٹ دوں گی۔
۳۰؍ دسمبر ۱۹۲۱ء میں احمد آباد میں ہزاروں خواتین کی کل ہند زنانہ کانفرنس بی اماں کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ان میں متعدد نام ور غیر مسلم خواتین مثلاً کستوربا گاندھی، سروجنی نائیڈو، انوسیا بائی، چودھرائن سرلا دیوی کے علاوہ مسلم خواتین میں امجدی بیگم (اہلیہ مولانا محمد علی) شمس النساء بیگم، بیگم ڈاکٹر مختار احمد انصاری، نشاط النساء بیگم (اہلیہ مولانا حسرت موہانی) بیگم خورشید (اہلیہ خواجہ عبد المجید) اور بیگم سعادت بانو (اہلیہ سیف الدین کچلو) وغیرہ نے شرکت کی۔
امجدی بیگم
مولانا محمد علی جوہر کی والدہ کی طرح ان کی اہلیہ امجدی بیگم بھی تحریک خلافت میں بہت سرگرم رہیں۔ گاندھی جی کے اخبار ’ینگ انڈیا‘ سے معلوم ہوتا ہے کہ کانگریس کی ستیہ گرہ تحریک اور خلافت فنڈ کے لیے بی اماں اور امجدی بیگم نے اپنے دوروں سے کروڑوں روپے کا چندہ جمع کیا تھا۔ مولانا عبد الماجد دریابادی نے لکھا ہے: امجدی بیگم ہر جلسہ، ہر سفر خلافت کانفرنس میں مولانا (محمد علی جوہر) کے ساتھ شریک رہتیں اور برابر جلسوں اور دوسری کارروائیوں میں حصہ لیتیں۔۱۹۱۹ء میں مولانا محمد علی کی گرفتاری کے وقت امجدی بیگم ان کے ساتھ تھیں۔ انھوں نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہوکر مولانا سے کہا ہراساں نہ ہونا۔ میری اور بچوں کی فکر نہ کرنا۔ خدا پہلے بھی رازق تھا، اب بھی وہی رازق ہے۔ تم صرف ایک واسطہ تھے۔ خدا بلا واسطہ بھی دے سکتا ہے اور دوسرا واسطہ بھی پیدا کرسکتا ہے۔ رہا تمہارا کام سو اگر اجازت ہو تو میں اسے کرتی ہوں۔ مولانا محمد علی کے ساتھ انھوں نے لندن میں ہونے والی گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔
زلیخا بیگم
ملک کی آزادی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے والی خواتین میں ایک نام مولانا ابو الکلام آزاد کی اہلیہ زلیخا بیگم کا بھی ہے۔ انھوں نے مولانا کی پر خطر سیاسی زندگی کے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا اور اپنی خرابی صحت کے باوجود ہمت و استقامت سے حالات کا سامنا کیا۔ خود مولانا آزاد لکھتے ہیں: زلیخا بیگم نے پوری کوشش کی کہ میری زندگی کے حالات کا ساتھ دے۔ اس نے صرف ساتھ ہی نہیں دیا بلکہ پوری ہمت و استقامت سے ہر طرح کے نا گفتہ بہ حالات برداشت کیے۔ وہ دماغی حیثیت سے میرے افکار و عقائد میں شریک رہیں اور عملی زندگی میں رفیق و مددگار۔ ۱۹۲۱ء میں مولانا کی ایک سال قید بامشقت کے بارے میں وہ گاندھی جی کو لکھتی ہیں: میرے شوہر مولانا ابو الکلام آزاد کے مقدمے کا فیصلہ آج سنوایا گیا۔ انھیں صرف ایک سال کی قید با مشقت کی سزا دی گئی۔ یہ نہایت تعجب انگیز طور پر اس سے بہ درجہ کم ہے جس کے سننے کے لیے ہم تیار تھے۔ اگر سزا و قید قومی خدمات کا معاوضہ ہے تو آپ تسلیم کریں گے کہ اس معاملے میں بھی ان کے ساتھ سخت نا انصافی برتی گئی۔ یہ تو کم سے کم بھی نہیں ہے جس کے وہ مستحق تھے۔ زلیخا بیگم نے مولانا کے مشن کو ہی اپنا مشن بنا لیا تھا اور آخری وقت میں مولانا سے ملاقات کی حسرت لیے ۹؍ اپریل۱۹۴۳ء کو اس دار فانی سے کوچ کیا۔
نشاط النساء بیگم
تحریک آزادی کی جدوجہد میں بے مثال صبر و ضبط اور خودداری کا مظاہرہ کرنے والی خاتون نشاط النساء بیگم کا نام بھی زریں حروف سے رقم ہے، جو مولانا حسرت موہانی کی اہلیہ تھیں۔ مولانا حسرت موہانی کے گرفتار ہونے پر وہ خط میں انھیں جن الفاظ سے استقامت کا درس دیتی ہیں وہ ان کی عظمت اور مقصد سے ان کی محبت کو واضح کرتی ہے، لکھتی ہیں: تم پر جو افتاد پڑی ہے اسے مردانہ وار برداشت کرو۔ میرا یا گھر کا مطلق خیال نہ کرنا۔ خبردار! تم سے کسی قسم کی کمزوری کا اظہار نہ ہو۔ ۱۹۱۶ء میں مولانا حسرت کی دوسری گرفتاری پر جب انھوں نے نظر بندی کا حکم ماننے سے انکار کر دیا۔ تو نشاط النساء بیگم انھیں خط میں اس طرح داد دیتی ہیں: تمہارے استقلال کی حد ہو گئی۔ میں تعریف کرتی ہوں۔ بیگم حسرت کے اسی کردار سے متاثر ہوکر علامہ سید سلیمان ندوی نے لکھا تھا: شوہر کے قید و بند کے بعد ان کا کوئی مونس و غم خوار نہیں تھا۔ ہر قسم کی مشکلوں کو بہادری و استقلال کے ساتھ برداشت کرنے میں شاید ہی کوئی مسلمان عورت ان کے مقابلے کی نکل سکے۔ مولانا حسرت موہانی کے مصائب میں انھوں نے جس طرح کا کردار ادا کیا ہے، اس کے پیش نظر خواجہ حسن نظامی نے لکھا تھا: حسرت کی بیوی مسلمانانِ ہند کی عورتوں میں بڑی وفادار اور شوہر پرست عورت ہے۔ ایامِ بلا میں ایسی وفا شعاری اس عورت سے ظاہر ہوتی ہے جیسی سیتاجی نے رام چندر سے کی تھی۔
سعادت بانو
تحریک آزادی کی ایک اہم مجاہدہ سعادت بانو بھی تھیں، جو عظیم محب وطن، قانون داں سیف الدین کچلو کی اہلیہ تھیں۔ سعادت بانو شاعرہ اور ادیبہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سچی قوم پرست خاتون تھیں۔ انھوں نے وطن کی خاطر اپنے آرام و سکون کو تج دیا۔ خود اپنے شوہر کو ان الفاظ میں تسلی دی: آپ کوئی فکر نہ کیجیے۔ بچوں کی پرورش اور کزرانِ حیات میں آپ مجھے ایک ثابت قدم اور سچی قوم پرست پائیں گے۔ اس وادی پُرخار میں میں جان تک دینے سے گریز نہ کروں گی۔
بیگم خورشید
آزادی کی جد وجہد میں شامل ایک اور مسلم خاتون بیگم خورشید کی شخصیت بھی ہمت و جرأت کی مثال تھی۔ وہ خواجہ عبد المجید کی اہلیہ تھیں۔ جب دیگر مجاہدین آزادی کی گرفتاری ہو رہی تھی اور ان کے شوہر آزاد تھے تو انھوں نے گاندھی جی کو لکھا کہ انھیں اپنے شوہر کے اب تک آزاد رہنے کا افسوس ہے۔ جب کہ میدان عمل میں ان کے ساتھی جیل پہنچ چکے ہیں۔ پھر جب ان کی گرفتاری ہو گئی تو انھوں نے گاندھی جی کو لکھا: آپ کو یہ سن کر خوشی ہوگی کہ میرے شوہر کو حکومت نے گرفتار کر لیا ہے۔ بیگم خورشید نے تحریک عدمِ تعاون میں بھی فعال کردار ادا کیا اور جدوجہد آزادی میں اپنی قربانیوں کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ آزادی کی اس جدوجہد میں بہت سی خواتین نے اپنی جانوں کا نزرانہ پیش کیا اور ان میں مغربی بنگال کی رعنا بانو کا نام بھی آتا ہے جو ہندوستان چھوڑو تحریک میں شامل ہوئیں اور پولس فائرنگ میں جام شہادت نوش کیا۔ اسی طرح مشہور زمانہ جلیاں والا باغ میں بی بی عمر بی کی نامی خاتون نے شہادت پائی۔
بی بی امت السلام
آزادی کی اس لڑائی میں گاندھی جی کلیدی رول ادا کر رہے تھے۔ بی بی امت السلام براہ راست ان کے ساتھ اس میں شامل ہوئیں اور برقعہ پہن کر انبالہ میں گلی گلی کھادی کی تبلیغ اور کھادی فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ پہلے وہ بطور مہمان سابرمتی آشرم پہنچیں اور پھر اپنی زندگی کے عیش و آرام کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر وہیں کی ہوگئیں۔ ۱۹۴۷ء کے پرتشدد فسادات میں انھوں نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے بہت محنت کی۔ گاندھی جی کے ساتھ نواکھلی کا دورہ کیا اور برت بھی رکھا۔ گاندھی جی انھیں پیاری بیٹی امت السلام کہہ کر پکارتے تھے۔ آزادی کی اس جدوجہد میں شامل خواتین میں اکبری بیگم، سید فخر الحاجیہ، منیرہ بیگم، شفاعت النساء، بیگم ڈاکٹر محمد عالم، عمر بی، صوفیہ سوم جی، خدیجہ بیگم، عمر بی (پنجاب) بیگم انیس قدوائی، زہرا انصاری، صغرا خاتون، عصمت آرا بیگم، بیگم خورشید خواجہ، سلطانہ حیات انصاری، امجدی بیگم، زاہدہ خاتون شیروانی (یوپی) زلیخاں بیگم ظہیرہ بیگم، سلطانہ بیگم، بیگم صوفیہ کمال (کلکتہ) مہر تاج خورشید صاحبہ (صوبہ سرحد) لیڈی حسن امام، رضیہ خاتون، زبیدہ بیگم داؤدی، کنیز سیدہ بیگم (بہار) آمنہ طیب جی، بیگم ریحانہ عباس طیب جی، بیگم فاطمہ اسماعیل، شریفہ حمید علی طیب جی، بیگم سکینہ لقمانی، بیگم ثریا طیب جی، فاطمہ طیب علی، حاجرہ زیڈ۔احمد، آمینہ قریشی، فاطمہ بیگم عریفی (احمد آباد) سکینۃ الفاطمہ (بھوپال) حاجرہ بی بی اسماعیل، جمال النسا باجی، بیگم کلثوم سایانی، بیگم حمیدہ حبیب اللہ، بیگم ماجدہ بانو، سید ملاّ رابعہ بی (حیدرآباد) بیگم محبوب فاطمہ (دہلی) بیگم صفیہ عبدالواحد، حسینی بیگم، ساجدہ بانو، فریضہ بیگم (کشمیر)، مس سیوا بیگم (مدراس) وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
مذکورہ خواتین کے علاوہ اور بہت سی ایسی حوصلہ مند اور دلیر مسلم مجاہدات تھیں، جنھوں نے ملک کی آزادی کے لیے انگریزی حکومت سے لوہا لیا، بے قصور ہوتے ہوئے جرمانہ ادا کیا، قید وبند کی تکالیف برداشت کیں، پولیس کا تشدد برداشت کیا، مگر خاموش نہیں بیٹھیں، نہ ڈریں اور مستقبل کی فکر میں مبتلا ہوکر ملک سے غداری کی۔ ان بے مثال اور باہمت خواتین کی فہرست بہت طویل ہے۔ ڈاکٹر عابدہ سمیع الدین نے ’ہندوستان کی جنگ آزادی میں مسلم خواتین کا حصہ‘ کتاب تصنیف کرکے تقریباً ۴۰؍ خواتین کا تذکرہ محفوظ کر دیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بہت ہی مختصر اور نامکمل فہرست ہے۔ بے شمار ایسی مجاہدات ہیں، جن کا ذکر تاریخ کے صفحات میں موجود ہے، جنھوں نے وقت پڑنے پر اپنے آنچل کو پرچم بنا کر دنیا کو ہندوستانی مسلم عورت کی تصویر دکھائی تھی، مگر موجودہ نسل ان سے واقف نہیں ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ماضی کی تابناک داستانوں سے اپنی نسل نو کو آشنا کریں اور ان کی ہمت و حوصلہ کی مشعل سے اپنی زندگیوں کو منور کریں۔ ان کے کارنامے ہمارے سامنے ایک روشن باب کی شکل میں موجود ہیں۔ ہمارا کام ہے کہ ان کی قربانیوں اور ایثار کو رائیگاں نہ جانے دیں اور بدلتے ہندوستان میں اپنے اسلامی تشخص کے ساتھ عزم و حوصلے اور علم و عرفان کی نئی داستان رقم کریں۔
٭ ٭ ٭
یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ جس طرح انگریزوں کو لکھنؤ میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا وہ ان کے وہم و گمان میں نہیں تھا۔ دلی کے مقابلے یہاں انھیں بیگم حضرت محل کی جانب سے سخت ٹکر ملی۔ اس زمانے کے اودھ میں بیگم حضرت محل کی آواز پر ہندو مسلم دونوں نے ایک ساتھ لبیک کہا اور ان کی سربراہی میں اودھ کی عوام سر پر کفن باندھ کر میدان میں اتر آئی


0 Comments