بہن کا عشق ،دریا کا سفر

رات کی چادر کو پھیلا رہی تھیں۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوا صحن میں نیم کے پتوں کو جھُلا رہی تھی۔ دادی ماں سفید دوپٹے میں لپٹی، چٹائی پر بیٹھی تھیں۔ ان کے ایک طرف زید اپنے کھلونے سمیٹ رہا تھا اور دوسری طرف مریم دادی ماں کے گھٹنے سے ٹیک لگائے بیٹھی کہانی سننے کے لیے بیتاب تھی۔
دادی ماں نے مسکراتے ہوئے کہا ’’آج میں تمہیں ایک بہن کی ہوشیاری، ہمت اور محبت کی ایسی کہانی سناؤں گی، جس نے نہ صرف اپنے بھائی کو بچایا، بلکہ اللہ کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ بن گئی۔’’ دادی نے کہانی شروع کی: بہت پرانے زمانے میں ملک مصر پر فرعون نامی ایک ظالم بادشاہ حکومت کرتا تھا۔ وہ اتنا ظالم تھا کہ بنی اسرائیل کے ہر نومولود لڑکے کو قتل کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔
ایک دن ایک ماں کے ہاں ننھے سے چمکتے ہوئے چاند جیسے بچے کی پیدائش ہوئی۔ ماں کا دل چاہتا تھا کہ اسے سینے سے لگائے رکھے، پر آنکھوں میں خوف تیرتا تھا۔ پھر ایک رات اللہ نے ماں کے دل میں خیال ڈالا کہ ’’بچے کو صندوق میں رکھو اور دریا میں بہا دو۔ ہم اسے تمہارے پاس لوٹا دیں گے۔‘‘
زید ہکا بکا سن رہا تھا۔ مریم نے سر اٹھا کر حیرانی سے پوچھا:’’دادی ماں! ماں نے بچے کو دریا میں ڈال دیا؟ واقعی؟‘‘ دادی نے سر ہلاتے ہوئے کہا: ہاں میری بچی! مگر وہ ماں اکیلی نہ تھی۔۔۔ اس کے ساتھ ایک ننھی، خاموش، سمجھ دار بہن بھی تھی۔ وہ بہن جو خود بھی چھوٹی تھی، صندوق کے پیچھے پیچھے دریا کے کنارے چلنے لگی۔ وہ چپ چاپ درختوں کے پیچھے سے، چھپتے چھپاتے، بس یہ دیکھ رہی تھی کہ اس کا بھائی کہاں تک بہتا ہے؟ کیا تم جانتے ہو، بچوں؟ مریم نے جھٹ کہا۔ ’’ملکہ کے محل تک؟ بالکل! دادی ماں نے خوش ہو کر کہا۔
صندوق محل کے سامنے پہنچا۔ ملکہ آسیہ نے صندوق منگوایا، اسے کھولا اور اندر روتا ہوا پیارا سا بچہ دیکھا۔ اس کا دل بھر آیا۔ فرعون تو چاہتا تھا اسے مار دے، مگر ملکہ نے کہا: ’’یہ ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، اسے قتل نہ کرو۔‘‘ اب وہ بچہ کسی کا دودھ نہیں پی رہا تھا۔ سب پریشان، ملکہ بے چین۔
پھر کیا ہوا دادی ماں؟ زید نے پوچھا۔ دادی ماں نے دھیرے سے مسکراتے ہوئے کہا: وہی بہن جو دریا کنارے چھپ کر پیچھے پیچھے آئی تھی، اب دلیری سے محل کے دروازے تک پہنچی۔ نہ وہ کانپی، نہ روئی، نہ چیخی۔ اس نے جذبات پر قابو رکھا اور کہا: ’’میں ایسے گھر والوں کو جانتی ہوں جو اس بچے کی پرورش کر سکتے ہیں اور بہت مہربان ہیں۔‘‘
محل والوں کو امید ہوئی اور۔۔۔ اور وہ ماں کو بلا لائی؟ مریم نے خوشی سے کہا۔ ہاں! وہی ماں جس نے رات کی خاموشی میں بچہ دریا کو سونپا تھا۔۔۔ اب وہی ماں بادشاہوں کے محل میں اپنے بچے کو سینے سے لگا کر دودھ پلا رہی تھی۔
دادی ماں کی آواز دھیمی ہوگئی۔ دیکھو بچو! وہ بہن کوئی جنگجو نہیں تھی۔۔۔ نہ ہی شہزادی، مگر اس کے دل میں ایمان اور محبت تھی۔ اس نےخطرہ مول لیا۔ دریا کے کنارے اکیلی چلی۔ محل تک پہنچی۔ اپنے جذبات پر قابو رکھا اور اللہ کی رضا سے سب کچھ اچھا ہوگیا۔ یہی سچی بہن کی پہچان ہے۔
دادی ماں کا پیغام سسٹرز ڈے پر
بہنیں اللہ کی خاص رحمت ہوتی ہیں۔ اگر تمہیں اللہ پاک نے بہن دی ہے تو اُس کی قدر کرنا۔
کہانی ختم… رات شروع۔۔۔ زید نے آنکھیں موند لیں۔ مریم نے دادی ماں کا ہاتھ چوما۔ کہانی ختم ہو چکی تھی، مگر اثر دلوں میں باقی تھا۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥