ایک انجام نہیں ایک نیا آغاز بن سکتی ہےبیوگی!

زندگی عام طور پر ایک جیسے دنوں کی زنجیر میں بندھی دکھائی دیتی ہے۔ مگر زندگی میں کچھ دن یادگار بھی ہوتے ہیں، جیسے یومِ مادر، یومِ اطفال، یومِ معلم، عیدین، یا شادی کی سالگرہ وغیرہ! یہ سارے دن زندگی کے مختلف پہلوؤں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا وسیلہ ہوتے ہیں۔ کچھ احساس جگاتے ہیں اور کچھ ہمیں آئینہ دکھاتے ہیں۔ یہ خاص دن زندگی کی تسبیح میں چند دانوں کے بعد اس بڑے دانے کی طرح آتا ہے جو ہمارے لئے ’’سماجی وقفے‘‘ کا کام کرتا ہے، جو روزمرہ کی دوڑ میں ٹھہر کر ہمیں موقع دیتا ہے جشن منانےکا، غم بانٹنےکا، غور کرنے کا اور عمل کرنے کا۔
ہر خاص دن ایک خاص پس منظر اور پیغام لے کر آتا ہے۔ ایک سماجی شعور کی بیداری، ایک درد کی صدا یا ناانصافی کے خلاف اجتماعی اعلان۔
ہر سال جب ۲۳؍ جون آتا ہے، تو یہ صرف ایک تاریخ نہیں ہوتی بلکہ ان لاکھوں خواتین کی داستان ہوتی ہے جنہوں نے اپنے شریکِ حیات کو کھو دیا۔ ‘یومِ بیوگان محض ایک دن نہیں، بلکہ ایک موقع ہے معاشرتی رویوں پر نظرثانی کرنے کا، دینی تعلیمات کو رواج دینے کا، بیواؤں کے لیے قانون سازی پر زور دینے کا اور سب سے بڑھ کر بیواؤں کو احساس دلانے کا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔
عالمی یومِ بیوگان ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ کیا ہمارے سماج نے ان خواتین کے درد کو کبھی سنجیدگی سے لیا ہے؟ کیا ہم نے بیوہ عورت کو صرف سفید لباس میں لپٹے ہوئے وجود کے طور پر دیکھا ہے یا ایک جیتے جاگتے انسان کے طور پر جس کی اپنی امنگیں، خواب اور حقوق ہیں۔
اس دن کی ابتدا راج لومبا نامی ہندوستانی نژاد برطانوی تاجر نے اپنی ماں پشپاوتی لومبا کے نام پر کی، جو ۳۷؍ برس کی عمر میں بیوہ ہوئیں۔ ان کے ذاتی کرب نے انہیں عالمی سطح پر بیواؤں کے حقوق کی وکالت کی تحریک چلانے پر آمادہ کیا۔
۲۳؍ جون ۲۰۰۵ کو لندن میںایک ہزار غبارے فضا میں چھوڑ کر بیواؤں کا پہلا علامتی دن منایا گیا۔ پانچ برس کی جدوجہد کے بعد اقوامِ متحدہ نے ۲۰۱۱ میں اسے عالمی حیثیت دے دی۔ تب سے ہر سال یہ دن دنیا بھر میں بیواؤں کے حقوق، عزت، مساوات، اور فلاح و بہبود کے لیے ایک بین الاقوامی آواز بن چکا ہے۔ یہ اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) سے بھی مربوط ہے، خاص طور پر صنفی مساوات اور غربت کے خاتمے جیسے اہم مقاصد سے۔
بیوگی ایک حادثہ ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں اسے ایک بدقسمتی کی سزا بنا دیا گیا ہے۔ ایک عورت جس کا شوہر فوت ہو جائے، وہ صرف بیوہ نہیں بنتی، بلکہ سماجی رویوں کے شکنجے میں قید ایک تنہا وجود بن جاتی ہے۔ اس کی خوشیوں، اس کے لباس، اس کی باتوں، اس کی آزادی پر غیرمحسوس پہرہ بٹھا دیا جاتا ہے۔
ہندوستان اس حوالے سے دنیا میں سرِفہرست ہے، جہاں بیواؤں کی تعداد چار کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ ملک کی کل خواتین کا تقریباً ۱۰؍ فیصد ہے۔ یہ تعداد خود ایک سوالیہ نشان ہے کہ کیا ہم نے ان کروڑوں خواتین کے لیے وہ سماجی، قانونی اور معاشی فضا فراہم کی ہے جس کی وہ مستحق ہیں؟
بیوائیں صرف کسی کی بیوی نہیں تھیں، وہ مائیں بھی ہیں، بیٹیاں بھی اور خود ایک مکمل انسان بھی۔ انہیں صرف کفالت نہیں، خود مختاری کی ضرورت ہے۔ حکومتی اسکیموں؛ بیوہ پنشن یوجنا یا آواس یوجنا تک ان کی رسائی کمزور ہے، کیوں کہ وہ تعلیم، آگاہی اور دستاویزی پیچیدگیوں کے جال میں الجھی ہوئی ہوتی ہیں۔
مسلم معاشرہ، جو قرآن و سنت کی روشنی میں عدل، رحمت، اور مساوات کا دعویٰ کرتا ہے، وہ بھی بیواؤں کے ساتھ تعصب کا شکار ہے۔ دیہی علاقوں میں بیوائیں خاندانی دباؤ، معاشرتی رسم و رواج، معاشی بےسہارا پن اور وراثت سے محرومی جیسے مسائل کا شکار ہوتی رہتی ہیں۔
بیوگی ان کے لیے صرف جذباتی صدمہ نہیں، بلکہ مسلسل معاشی، سماجی اور قانونی جنگ بھی ہے۔ انہیں نہ مالی تعاون حاصل ہوتا ہے، نہ دوبارہ نکاح کی اجازت ملتی ہے، نہ وراثت میں حصہ، نہ عزت و احترام۔ اکثر بیواؤں کو شوہر کے خاندان سے بے دخل کر دیا جاتا ہے اور والدین بھی محض پناہ دے کر خاموش ہو جاتے ہیں۔
قرآن پاک کی آیات اور رسولِ اکرم ﷺ کی احادیث بیواؤں کے حقوق سے بھری ہوئی ہیں۔

 وَلِلْمُطَلَّقَـٰتِ مَتٰعٌۢ بِٱلْمَعْرُوفِ حَقًّا عَلَى ٱلْمُتَّقِين

(سورۃ البقرہ، آیت، ۲۴۱) ’’جن عورتوں کو طلاق دی گئی ہو، انھیں بھی مناسب طور پر کچھ نہ کچھ دے کر رخصت کیا جائے، یہ حق ہے متقی لوگوں پر۔‘‘ نبی کریم ﷺ نے نہ صرف بیواؤں سے نکاح فرمایا بلکہ ان کی مدد کو جہاد کے برابر ثواب قرار دیا۔ مگر افسوس! ہماری ثقافت نے دین کو پیچھے دھکیل دیا اور رسوم و روایات نے عورت کے لیے زندگی تنگ کر دی۔ تو پھر سوال یہ ہے کہ جب اسلامی تعلیمات اتنی واضح ہیں، تو معاشرہ کیوں اندھا بنا ہوا ہے؟ کیوں بیوہ کو منحوس سمجھا جاتا ہے؟ کیوں اس کی دوسری شادی پر تہمتیں لگتی ہیں؟کیوں وہ وراثت سے محروم، رسومات کی قیدی اور معاشی کفالت سے بےنیاز رہ جاتی ہے؟
ہندوستان میں مسلم بیواؤں کا موقف سماجی، معاشی، اور قانونی طور پر کئی چیلنجز سے جڑا ہوا ہے، لیکن اس میں کچھ مثبت پہلو بھی موجود ہیں۔ مثال کے طور پر شہری علاقوں اور تعلیم یافتہ طبقات میں بیواؤں کے لیے سماجی قبولیت بڑھ رہی ہے۔ اسلام میں بیوہ کے دوبارہ نکاح کی اجازت ہے اور ترقی پسند مسلم کمیونٹیز اسے قبول کر رہی ہیں۔ مسلم بیواؤں کے لیے بعض اوقات “بیوہ” ہونے کا لیبل سماجی داغ کا باعث بنتا ہے، جو ان کی نفسیاتی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ تاہم، کچھ کمیونٹیز میں سماجی تبدیلیاں ہو رہی ہیں، جیسے کہ بیواؤں کو معاشرتی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی کوششیں۔ وغیرہ وغیرہ
آئیے، اس دن کو محض رسمی نہ رہنے دیں، بلکہ اسے مسلسل سماجی تبدیلی کی طرف ایک عملی قدم بنائیں۔ ادب صرف الفاظ کا کھیل نہیں، ایک سماجی خدمت بھی ہے۔ اس لئے ہم قلم کاروں کا فرض بنتا ہے کہ ہم بیواؤں کی کامیاب کہانیاں، ان کی تنہائی کی ساعتیں، ان کی دوبارہ جینے کی کوششیں ان سب کو سپرد قلم کریں تو یہ تحریریں صرف صفحے نہیں بدلیں گی، بلکہ دل اور ذہن بھی بدل سکتی ہیں۔ ہم بیواؤں کے مسائل کو کہانی، افسانہ، مضمون، یا نظم کی شکل دیں۔ ان کے قانونی، معاشی اور سماجی حقوق کو عام کریں۔ علماء، اساتذہ، اور میڈیا کو اس بحث میں شامل کریں۔ بیواؤں کی دوسری شادی کو معاشرتی قبولیت دی جائے۔ دینی ادارے بیواؤں کے حقوق پر آواز بلند کریں۔ کیوں کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم جذبات رکھنے والے، کہانیاں سننے اور سنانے والے، انصاف، محبت اور وقار کی تلاش میں رہنے والے لوگ ہیں۔ بیوگی ایک انجام نہیں، بلکہ ایک نیا آغاز بھی بن سکتی ہے۔ اگر ہم اسے عزت، سپورٹ، اور شعور سے دیکھیں۔ یہ دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ بیوگی عورت کی خاموشی نہیں، بلکہ ایک سوال ہے ہم سے، ہمارے سماج سے، ہمارے مذہب سے۔ کیا ہم اس سوال کا جواب دے پائیں گے؟

٭ ٭ ٭

بیوگی ایک حادثہ ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں اسے ایک بدقسمتی کی سزا بنا دیا گیا ہے۔ ایک عورت جس کا شوہر فوت ہو جائے، وہ صرف بیوہ نہیں بنتی، بلکہ سماجی رویوں کے شکنجے میں قید ایک تنہا وجود بن جاتی ہے۔ اس کی خوشیوں، اس کے لباس، اس کی باتوں، اس کی آزادی پر غیرمحسوس پہرہ بٹھا دیا جاتا ہے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

2 Comments

  1. گلرخ کلیم

    کاش کوئی سمجھ پاتا۔بہت عمدہ تحریر ہے۔ڈاکٹر رفیعہ نوشین صاحبہ نےدرد کو سمجھا ہے۔اور آج کے سماج کی بہت خوبصورت عکاسی کی ہے جو بیوگی کے تئیں جھلکتی ہے۔

    Reply
  2. گلرخ کلیم

    کاش کوئی سمجھ پاتا۔بہت عمدہ تحریر ہے۔ڈاکٹر رفیعہ نوشین صاحبہ نےدرد کو سمجھا ہے۔اور آج کے سماج کی بہت خوبصورت عکاسی کی ہے جو بیوگی کے تئیں جھلکتی ہے۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥