وراثت سے متعلق کچھ سوالات

 زید کا انتقال ہوا۔ اس نے اپنے پیچھے ایک گھر ، ایک ہسپتال ، بینک اکاؤنٹ میں کچھ رقم ، پالیسیاں ، چار پہیہ کی دو گاڑیاں اور دو پہیہ کی ایک گاڑی چھوڑی ہے ۔ اس کے ورثہ میں اس کی ماں ، بیوی ، دو بیٹیاں ، ایک بیٹا ، چار بھائی اور چار بہنیں ہیں ۔ (اس کے کے باپ کا انتقال اس کی زندگی میں ہوچکا تھا۔) اس تفصیل کی روشنی میں درج ذیل سوالات کے جوابات مطلوب ہیں :

سوال (۱) شریعت میں ورثہ کے کیا حصے بتائے گئے ہیں؟

جواب: جملہ متروکہ چیزوں کی مالیت متعین کرکے اسے درج ذیل تناسب سے ورثہ کے درمیان تقسیم کیا جائے :
ماں چھٹا حصہ 16.67%
بیوی آٹھواں حصہ 12.5%
باقی بیٹے اور بیٹیوں کے درمیان2:1 کے تناسب سے تقسیم ہوگا۔ بیٹے کو بیٹی کے مقابلے میں دوگنا ملے گا ۔ دوسرے الفاظ میں :
بیٹے کو 35.4%
دو بیٹیوں کو 35.4% ( ہر بیٹی کو 17.7%)
بیٹے کی موجودگی میں بھائیوں بہنوں کو کچھ نہیں ملے گا ۔

سوال (۲) زید کے انتقال کے بعد وراثت کی تقسیم کو بیٹے کے نکاح تک ٹالا گیا۔ اس دوران میں بیٹے نے تمام ورثہ کی اجازت کے بغیر چند وارثوں کے ساتھ مل کر وراثت کی اشیاء ، جیسے گاڑی ، ہسپتال وغیرہ اور رقم کو اپنے مطابق استعمال اور خرچ کیا ۔ اب جب وراثت کی تقسیم اور حساب کی بات کی گئی تو خرچ ہوجانے والی رقم کے بدلے وہ رقم کو کسی اور طریقے سے ایڈجسٹ کروانا چاہتے ہیں ۔کیا یہ درست ہے؟ اگر دیگر ورثہ اس کے لیے راضی نہ ہوں تو کیا کیا جائے؟

جواب: کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کا مالِ وراثت جلد از جلد ورثہ کے درمیان تقسیم کردینا چاہیے ۔ اس میں تاخیر کرنے سے مال خرد برد ہوجانے کا اندیشہ رہتا ہے اور ورثہ کو شکایتیں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اگر کسی وارث نے دوسرے ورثہ کی اجازت کے بغیر مالِ وراثت میں کچھ تصرّف کرلیا ہو تو اسے اس کی تلافی کرنے کی تدبیر سوچنی چاہیے اور دوسرے ورثہ کو اعتماد میں لے کر اور ان کی مرضی سے تلافی کرنی چاہیے۔

سوال (۳) مالِ وراثت کی رقم کو انفرا اسٹکچر پر بھی خرچ کیا گیا ۔ اب ضروری نہیں کہ جو چیزیں بنوائی گئیں وہ دوسروں کے کام آسکیں ۔ اس صورت میں کیا کیا جائے؟

جواب: مرحوم نے مالِ وراثت جیسا چھوڑا تھا اسی طرح تقسیم ہونا چاہیے۔ اب اگر کسی وارث نے دیگر ورثہ کی مرضی کے بغیر اس میں کچھ تصرّف کیا ہے، وراثت کی رقم خرچ کردی ہے ، یا اس کا فرنیچر بنوالیا ہے تو وہ ذمے دار ہے۔ اگر دیگر ورثہ وہ چیزیں لینے پر رضامند ہیں تو ٹھیک ہے ، ورنہ اس کی ذمے داری ہے کہ وہ کہیں سے انتظام کرکے انہیں رقم فراہم کرے ۔

سوال (۴) مرحوم کی پراپرٹی کو ان کے ورثہ کے درمیان جوں کی توں تقسیم کرنا بہتر ہے ، یا اس کی قیمت ادا کی جاسکتی ہے؟

جواب: بہتر ہے کہ پراپرٹی کو ورثہ کے درمیان اس کی اصل شکل میں ہی تقسیم کیا جائے ۔ البتہ باہم مشورے سے کچھ ورثہ اس کی قیمت قبول کرسکتے ہیں۔ مناسب ہے کہ پراپرٹی کی قیمت متعیّن کردی جائے ، پھر حسب سہولت و ضرورت کچھ ورثہ پراپرٹی لے لیں اور کچھ ورثہ قیمت ۔ یہ کام باہم رضامندی سے ہونا چاہیے ۔

سوال (۵) زید ایک ڈاکٹر تھے ۔ ان کا اپنا ہسپتال تھا ، جس میں وہ خود اکیلے بیٹھتے تھے ۔ ان کے انتقال کے بعد بھی کچھ عرصہ اسپتال چلا۔ فی الحال وہ بند ہو چکا ہے ۔ انتقال کے بعد اسپتال سے ہونے والی آمدنی کا کون مالک ہوگا؟

جواب: زید کے انتقال کے بعد ان کے اسپتال سے ہونے والی آمدنی پر بھی مالِ وراثت کا اطلاق ہوگا اور اس کی تقسیم بھی تمام ورثہ کے درمیان ان کے حصوں کے مطابق ہوگی۔

سوال (۶) مالِ وراثت کی رقم سے بیٹے نے اپنے پیشے کے مطابق مشینری خریدی، جس کی قیمت لاکھوں میں ہے اور اس سے کچھ منافع کمایا۔ اگر وراثت تقسیم ہوجاتی تو دیگر ورثہ بھی ملنے والی رقم کو بزنس میں لگاکر کچھ منافع کماسکتے تھے ۔ کیا اس مشینری سے ہونے والی آمدنی پر بھی مالِ وراثت کا اطلاق ہوگا؟ اور کیا اس مشینری کی قیمت کو مال ِ وراثت میں شامل کیا جائے گا ، کیوں کہ وہ مشین وراثت کے مال سے خریدی گئی تھی؟

جواب: مشین کو مال ِوراثت سے خریدا گیا تھا، اس لیےاس کی قیمت کو مال ِ وراثت میں شامل کیا جائے گا ۔اس سے ہونے والی کمائی کو شریعت کے بتائے ہوئے شرکت و مضاربت کے اصولوں کی روشنی میں حل کرنا چاہیے۔ پورا حساب کرکے منافع کا کچھ حصہ دیگر ورثہ کو بھی دینا چاہیے۔

سوال (۷) مالِ وراثت میں دو گاڑیاں ہیں ، جن میں سے ایک کو زید کا بیٹا اور کچھ ورثہ مستقل اپنے استعمال میں رکھتے ہیں ، وقتِ ضرورت دیگر ورثہ کو استعمال کے لیے نہیں دیتے ۔زید کے انتقال کے وقت گاڑی کی قیمت زیادہ تھی ، آج اس کی قیمت بہت کم ہوگئی ہے۔ ایک موقع پر اس کا ایکسیڈنٹ بھی ہوا ہے ، وہ ڈیمج ہوئی ہے۔ دوسری گاڑی کو زید کا بیٹا استعمال کررہا ہے ۔اس میں کچھ خرابی تھی ، اسے اس نے ٹھیک کروایا ہے ۔ اس خرچ کا ذمے دار کون ہے؟

جواب: دونوں گاڑیوں کو دیگر ورثہ کی اجازت اور مرضی کے بغیر استعمال کرنا زید کے لیے درست نہیں تھا – ان کو قابلِ استعمال بنانے کے لیے زید کے بیٹے نے جو کچھ خرچ کیا ہے اس کا وہ خود ذمے دار ہے۔ زید کے انتقال کے وقت ان گاڑیوں کی جو مالیت تھی اس کا اندازہ کرکے ورثہ کے درمیان تقسیم ہونا چاہیے۔ ورثہ رضامند ہوجائیں تو ان کی موجودہ مالیت کے اعتبار سے بھی حساب کیا جاسکتا ہے ۔

سوال (۸) کسی ایک وارث نے دیگر ورثہ کے منع کرنے کے باوجود گھر میں کچن کی مرمّت کروائی اور اس کا فرنیچر بنوانا۔ وراثت کی تقسیم کے وقت اس کے مصارف کو شامل کرنا کیسا ہے؟

جواب: اگر کسی وارث نے دیگر ورثہ کی منظوری کے بغیر گھر میں کوئی کام کروایا ہے تو تقسیمِ وراثت کے وقت اس کے مصارف کو شامل کرنا درست نہیں۔ دیگر ورثہ مان جائیں تو اس کی گنجائش ہوسکتی ہے ۔

سوال (۹) شریعت میں وراثت میں بیٹے کو بیٹی کے دو حصوں کے برابر ملتا ہے۔ اس کی کیا حکمت ہے؟

جواب: شریعت نے عورت پر خرچ کی کچھ ذمے داری نہیں ڈالی ہے ، جب کہ مرد کو خرچ کرنا پڑتا ہے ، اپنے بیوی بچوں پر ، ماں باپ پر ، بھائیوں بہنوں پر ۔اس لیے وراثت میں بیٹے کا حصہ بیٹی کے مقابلے میں دوگنا رکھا گیا ہے۔

سوال (۱۰) منکوحہ بہن جب میکے آئے ، غیر منکوحہ بہن اور مطلّقہ بہن کے نان و نفقہ کی ذمہ داری کس پر ہے ، جب کہ والد کا انتقال ہو چکا ہو؟

جواب: ان لوگوں کے نان و نفقہ کی ذمے داری ماں کے بیٹے اور بہنوں کے بھائی پر ہے ، اگر وہ ان کا خرچ بہ سہولت اٹھاسکتا ہو۔ معذور ہونے کی صورت میں دیگر رشتے داروں مثلاً چچا پر ذمے داری ہوگی۔ وقتِ ضرورت یہ لوگ بھی (یعنی ماں اور بہنیں) مصارف میں تعاون کرسکتے ہیں ، اگر ان کے لیے ممکن ہو ۔

سوال (۱۱) زید کی اولاد میں سے ایک نے ان کی حیات میں ان سے اپنے ایک دوست کو قرض دلوایا تھا ۔ بعد میں زید کو پتا چلا کہ قرض لینے والا یتیم ہے تو انھوں نے قرض دلوانے والی اولاد سے کہا کہ اگر قرض لینے والا اپنی مرضی سے قرض واپس دے تو ٹھیک ہے ، ورنہ اس سے قرض کی واپسی کا مطالبہ نہ کیا جائے ۔ اب زید کے انتقال کے بعد قرض دلوانے والی اولاد کا کہنا ہے کہ قرض کی رقم اس کی ہے۔ زید نے اسے دے دیا تھا ، یہ کہہ کر کہ اگر وہ یتیم قرض واپس کرے تو اس رقم کو تم لے لینا۔ اس قرض کے بارے میں زید نے اپنی حیات میں اپنی دوسری اولاد کو بھی بتایا تھا ، لیکن یہ بات کسی سے نہیں کہی تھی کہ اگر قرض واپس ہو تو اسے فلاں اولاد لے لے گی ۔ اب وہ رقم قرض دلوانے والی اولاد کے پاس واپس آچکی ہے ۔ اس کا کیا حکم ہے؟

جواب: قرض دلوانے والی اولاد اپنے دعوے کا ثبوت پیش کرے ، ورنہ وہ رقم تمام ورثہ کے درمیان ان کے حصوں کے مطابق تقسیم ہوگی ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥