بڑی بے کیف بے رونق سی بزم آرائی لگتی ہے
بھری محفل میں بھی بن آپ کے تنہائی لگتی ہے
تکلم آنکھ سے ہوتا زباں خاموش رہتی ہے
مجھے خاموشی میں بھی آپ کی گہرائی لگتی ہے
لیا جو فیصلہ تدبیر و حکمت سے جدائی کا
مجھے اس فیصلے میں آپ کی دانائی لگتی ہے
وفا کے عہد کو تو آپ نے منسوخ کر ڈالا
مجھے خوابوں میں روز اس کی مگر اجرائی لگتی ہے
نہیں الزام دے سکتی میں ان کو بے وفائی کا
کریں وہ جیسی بھی باتیں مجھے سچائی لگتی ہے
نہیں شکوہ گلہ ہے دور جانے کا بچھڑنے کا
ہاں اتنا ہے کہ دنیامیں بڑی رسوائی لگتی ہے
کیا ہے ساجدہ نے فیصلہ جینے کا ہمت سے
نہیں ہمدرد دنیا یہ تو بس ہرجائی لگتی ہے
Comments From Facebook


0 Comments