لہو مجھ کو رلاتی ہے، جوانوں کی تن آسانی

جدیدیت کے اس دور میں اصول سے عاری زندگی کو ترقی کا نام دیا گیا۔ محض مادی و نفسانی خواہشات کی تکمیل کو تصور آزادی سمجھا جاتا ہے۔ اس دور کی جدید ضروریات زندگی کے ذریعے آج کے نوجوان کے دل و دماغ کو اغوا کرلیا گیا۔ یعنی آج کا نوجوان رنگین دنیا میں اس قدر محو ہے کہ جس دین اسلام کو انھیں اپنی روح میں اتارنا تھا، جس کی حکمتوں اور تقاضوں کو سمجھنا تھا، اسے محض زندگی کے چند مواقع و مراسم کے لے محدود کردیا۔ اس کا یہ خمیازہ بھگتنا پڑا کہ جس سماج کو بہترین اسلامی و فلاحی معاشرے کی شکل اختیار کرنی تھی وہ معاشرہ ناکامیوں کا شکار اور مسلک و ذات پات کی تقسیم در تقسیم سے بالکل بکھر کر رہ گیا‌۔

جدیدیت اور آزادی کے نام پر نوجوانوں کو غلط سمت زندگی کی طرف موڑ دیا گیا۔ اس نام نہاد جدید اور بے لگام آزادی کا یہ تباہ کن نتیجہ سامنے آیا کہ نوجوان نسل اخلاقی اقدار پس پشت ڈال کر اچھائی برائی کی تمیز اور رشتوں کے تقدس کو فراموش کر بیٹھی۔ آج تصور آزادی محض حسن و زیبائش کی نمائش اور مادی و نفسانی خواہشات کی تکمیل قرار پائی ہے۔ معاشرے پر اس کا بدترین اثر یہ ہوا کہ اخلاقی قدریں زوال پذیر اور تہذیب و شرافت پامال ہیں۔ نوجوان طبقہ مغربی تہذیب میں اس قدر محو ہے کہ وہ اپنی خودی کھو چکا ہے۔ ظاہری چمک دھمک کی خاطر اپنے باطن کو سیاہ تاریک کر چکا ہے۔ جس کا سبب یہ ہوا کہ آج نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ اسلامی تعلیمات اور اسوہ حسنہ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔

امارت کیا، شکوہِ خسروی بھی ہو تو کیا حاصل
نہ زورِ حیدری تجھ میں، نہ استغنائے سلمانی
نہ ڈھونڈ اس چیز کو تہذیب حاضر کی تجلی میں
کہ پایا میں نے استغنا میں معراجِ مسلمانی

صحت مند اور ایک آئیڈل معاشرے کی تشکیل کے لیے ضرورت ہے کہ ہماری نوجوان نسل اتحاد و اتفاق، محبت و اخوت، عدل و انصاف، نرمی و احترام، غیرت مندی، خودداری، عزت و وقار اور فقر و استغنا جیسے اوصاف کی حامل ہو جائے۔ کیوں کہ نوجوان ہی کسی بھی قوم و ملک کا مستقبل ہوتے ہیں، جس پر قوم و ملک کی بنیاد ٹکی ہوتی ہے اور اسی کی تعلیم ہمارا اسلام دیتا ہے۔ یہی وہ عظیم اور قابل قدر جوہر ہے جس کے ذریعے علامہ اقبال نے نوجوانوں کو دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے زور بازو پر انحصار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے اپنے کلام میں نوجوانوں کو شاہین کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔

تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا
تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں

شاہین جہاں تیز نگاہ پرندہ ہے، وہیں وہ بلند پروازی، دور اندیشی اور خودداری جیسی صفات کا مالک ہوتا ہے۔ اگر آج ہمارے نوجوانوں میں شاہین جیسے اوصاف پیدا ہوجائے تو ایک مثالی قوم اور صحت مند معاشرہ وجود میں آسکتا ہے، لیکن آج ہمارا نوجوان طبقہ مغربی تقلید کی بدولت جاہ و حشمت، غفلت، بزدلی، کم ہمتی اور بے جا آسائشوں کے دلدادہ بنتے جا رہا ہے، جس کی وجہ سے قوم تنزلی اور تباہی کا شکار ہوگئی۔ تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ انگریزوں نے ہندوستان پر حکومت کرنے کے خواب کو پورا کرنے اور مسلمانوں کی عظیم الشان بادشاہت‌ کا خاتمہ کرنے کے لیے دین و اخلاق کو اپنا ہدف بنایا۔ انھیں عیش و عشرت، شراب، جوا، مغربی تہذیب کے ذریعے مسلمانوں کی دینی و اخلاقی حمیت کو اپنے قبضے میں اس طرح جکڑا کہ مسلمانوں کو بے ضمیر و بے روح کردیا۔
سائنسی ترقی انسانوں کی بھلائی اور فلاح و بہبود کے لیے ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے دور جدید میں یہ تہذیب وثقافت کے ساتھ ساتھ اسلامی روایات اور اخلاق میں گراوٹ کی ایک اہم وجہ بھی ہے۔ سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ یہ سائنسی ترقی کی دین ہے۔ سوشل میڈیا کے سحر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جوں جوں دنیا انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے متعارف ہوئی تو نوجوانوں میں گویا خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کسی بھی ملک کی ترقی میں ذرائع ابلاغ اہم کردار ادا کرتا ہے، مگر ہماری نوجوان نسل تیزی سے تنزلی کا شکار ہو رہی ہے۔ ترقی کے اس نئے دور میں نوجوانوں کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ گھر میں یا معاشرے میں کیا ہورہا ہے۔ دنیا و مافیہا سے دور ہماری آج کی نوجوان نسل ریلز پر کتنے لائیکس، کتنے کمنٹس، کتنے شئیرز، کتنے ویووز کی گنتی میں الجھ کر اپنی حقیقی زندگی کے قیمتی لمحات سوشل میڈیا پر ضائع کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہنسی ٹھٹے بازی اور مغربی ملکوں کے نوجوانوں کی تقلید میں اپنی مشرقی روایات کو یکسر بھلا کر ہر وقت اپنی ہی دنیا میں گم ہے۔

اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغ زندگی
تو اگر میرا نہیں بنتا نہ بن اپنا تو بن

معاشرے اور قوم کی ترقی کے لیے آج نوجوانوں کا یقین محکم، عمل پیہم، اولوالعزمی، ثابت قدمی اور بلند پروازی جیسے اعلی ذہنی اقدار سے موجزن ہونا ضروری ہے۔ ان ذہنی اقدار کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں خودداری ، محبت و اخوت، نرمی غیرت مندی جیسے اخلاقی محاسن کا ہونا بھی ضروری ہے اور انھیں اقدار کی بدولت ہی آپسی اختلافات، باہمی رنجش، بغض و عناد ، عداوت و دشمنی اور ہر طرح کے فسادات دور کیے جا سکتے ہیں اور یہی وہ چیز ہے جس کے ذریعے سے انسان حقیقی آزادی سے بہرہ ور ہو سکتا‌ہے، اس لیے کہ یہی انسان کا اصل زیور ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥