بحر بےکراں میں تھی انقلابِ عورت

بڑے ہی ارمانوں اور امیدوں سے ان کا نام رکھا گیا عابدہ۔ عابدہ بانو خاندان کی وہ بیٹی تھی جو بڑی ہی امیدوں کا دامن تھام کر اُس گھر میں پیدا ہوئ تھی۔ دیشمکھ خاندان کی بیٹی عابدہ بانو کا بچپن تو کسی شہزادی سے کم نہیں تھا۔ ابھی عابدہ بچپن کے حسین آغوش میں کھیل ہی رہی تھی کہ ادھر ان کے والد کو بیماری لاحق ہو گئی۔ چھ برس کی عمر میں ہی عابدہ نے اپنی ماں بھی کھو دی تھی، اسی لیے عابدہ کے والد کو اپنی شہزادی کی فکر ہونے لگی وہ عابدہ کو ایک اچھے ہاتھ میں تھمانا چاہتے تھے، اسی کے چلتے عابدہ کے گھر میں مجلس بیٹھنے لگی کہ عابدہ کو کہاں رخصت کیا جائے؟ اسی دوران خوش قسمتی یہ ہوئی کہ جمعدار صاحب کے کانوں نے یہ سماعت سنی کہ دیشمکھ صاحب اپنی بیٹی کی رخصتی پر تبصرے کر رہے ہیں۔ انہوں نے فوراً عابدہ کا ہاتھ اپنے بڑے لڑکے کے لیے مانگ لیا۔ جمعدار خاندان کا بڑا بیٹا ابو محمد نہایت ہی با ادب، ہوشیار، اور حسین لڑکا تھا۔ باہمی مشاورت سے یہ طے ہو گیا کہ اب عابدہ کا بیاہ جمعدار خاندان میں کیا جائے گا۔ محض نو سال کی عمر میں عابدہ بانو کی شادی بڑے ہی دھوم دھام سے کر دی گئی۔ معصوم ذہن، کم قد، گورا دودھ کے مانند رنگ، چہرے پر خوف، جسم پر چاندی سے بنوایا گیا شادی کا جوڑا، سر سے پاؤں تک کمر کو جھکا دینے والے زیوارت پہنے ہوئے وہ ننھی سی جان جب پیچھے مڑ مڑ کر اپنے والد کو دیکھنا چاہتی تو وہ بڑی سی چاندی سے بنی چادر کی چمک اس کی نظروں کو نیچے پھیر دیتی جیسے وہ بھی کہہ رہی ہو کہ اب ملاقاتیں بہت کم ہوں گی۔ بگھی میں بیٹھا کر جب اسے لے جایا جا رہا تھا تو وہ اپنے والد کو کسی معصوم سے بچے کی طرح ہاتھ پھیلا کر بلا رہی تھی، وہ ایسے رو رہی تھی جیسے ایک چھوٹا بچہ پہلے دن مدرسے میں نہ جانے کی ضد کرتا ہے۔
جمعدار خاندان ہمیشہ سے بہت بڑے خطے پر راج کرنے والے خاندان ہوتے تھے، عابدہ بانو کے سسرال میں کئی نوکر تھے، ہر ایک کی الگ ذمہ داری تھی، گھر کے چھوٹے موٹے کام کے لیے عورتیں تھیں۔ عابدہ بانو ایک چھوٹے سے خاندان سے نکل کر اتنے بڑے خاندان میں داخل ہوگئی تھی۔ وہ گھر کی سب سے بڑی بہو تھی۔ عابدہ بانو کے پانچ نند اور چار دیور تھے۔ ننھی سی عابدہ شادی کے بعد اپنی نندوں کے ساتھ چھپن چھپائی کھیلا کرتی تھی۔ عابدہ کی ساس انھیں آوازیں لگا لگا کر تھک جاتیں کہ عابدہ، عابدہ بیٹا! اب تو جرمن کے برتن سے باہر آ جاؤ۔ چھپن چھپائی کوئی رات کے گیارہ بجے بھی کھیلتا ہے! کیا کروں میں اس کا! عابدہ کے سسرال میں اسکو کسی معصوم سے بچے کی طرح پالا جاتا تھا۔ اس ننھی سی جان کو جب سجا کر محلے کی عورتوں سے ملنے کو کہا جاتا تو اسے کسی کی ساڑی پسند آ جاتی تو کسی کے ہاتھوں کی مہندی۔ عابدہ کی ساس اسے بار بار یہ کہہ کر ڈراتی تھی کہ یہ لوگ تجھے لے جائیں گے چپ چاپ بیٹھ جا۔۔۔ ہائے اس معصوم کا بچپن یوں ہی نادانیوں میں گزر گیا! عابدہ نے اپنا بچپن اور بلوغت کا حیسن ترین دور اپنے سسرال میں ہی دیکھا تھا۔
بہرحال وقت گزرتا گیا، وقت کو کہاں رکنا ہوتا ہے! عابدہ بانو پر وقت کے ساتھ جوانی آتی گئی، یہ جوانی صرف ایک عمر نہیں بلکہ ذمہ داری کا بوجھ بھی ساتھ لاتی ہے۔ عابدہ بانو چوں کہ گھر کی سب میں بڑی بہو تھی، بچپن سے ہی اس پر زندگی کے کئی بوجھ وقت سے پہلے ڈال دیے گئے، وہ سارے گھر کو سنبھالتی ہر کسی کا خیال کرتی، گھر کی ہر چیز عابدہ بانو کے حکم کی تابعداری کرتی تھی، وہ حد سے زیادہ سمجھدار اور اعلیٰ ظرف لڑکی تھی، اس کی شخصیت اس بات کی گواہی دیتی تھی کہ وہ واقعتاً اعلی خاندان کی پروردہ ہے۔ چوں کہ عابدہ بانو کی ساس بہت بیمار رہا کرتی تھی، اسی کے چلتے عابدہ بانو نے اپنے افراد خاندان کا ماں بن کر ساتھ دیا تھا۔ عابدہ بانو کی نند کہتی ہیں کہ عابدہ بانو ہماری ماں تھی۔ عابدہ بانو صبح کے چار بجے جاگ جاتی، تہجد ادا کرتی، گھر کے بڑوں اور چھوٹوں کو نماز کے لیے جگاتی، چکی سے آٹا بناتی، سب کے لیے ناشتہ تیار کرتی، تمام گھر کے بچوں کو نہلا دھلا کر مدرسہ روانہ کرتی، سب کو قرآن مجید کی تعلیم کی جانب گامزن کرتی۔ وہ ایک انقلابی لڑکی تھی، لیکن زندگی نے اس انقلابی لڑکی سے بہت سارے امتحانات لیے تھے؛ عابدہ بانو نے اپنی کم سنی میں ہی اپنے والدین کھو دیے تھے۔ انہیں اس بات کا شدید غم تھا کہ انکی ماں جیسی بڑی بہن بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئی تھی۔ لوٹ ماری کے دور میں عابدہ بانو کی دل عزیز سہیلی بھی چل بسی تھی، ان کے بھائی بھی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ان سب غموں کے درمیان عابدہ بانو کو اولاد کی خوشخبری ملی۔ عابدہ بانو کے یہاں اب پہلی اولاد بیٹے کی شکل میں نمودار ہوا، سارا گھر خوشی سے چہک اٹھا، مٹھائیوں کے ڈبے بھی تیار کیے گئے، لیکن یہ خوشی تو بہت مدتی تھی، پیدائش کے پانچویں دن عابدہ بانو کا وہ پر نور ننھا عبداللہ اس دنیا کو الوداع کہہ گیا۔ عابدہ بانو نے بہت چاہ سے اپنے شہزادہ کا نام عبداللہ رکھا تھا۔ وہ چاہتی تھی کہ ان کے نام سے ان کے فرزند کا نام میل کھاتا ہو۔ خیر شہزادے کو خود عابدہ نے غسل دیا، اپنے سینے سے لگایا، آنکھوں سے سمندر کے مانند آنسو رواں تھے، اپنے بیٹے کو خود اپنے ہاتھوں سے اپنے شوہر کے ہاتھوں میں تھما کر کہا: میرے بیٹے کو شان سے لے جانا۔ یہ کوئی بڑی عمر کی خاتون کا جذبہ نہیں بول رہا تھا، محض پندرہ سال کی با ہمت ماں کا جذبہ بول رہا تھا۔ یہ ایک ہی سانحہ سے عابدہ بانو کی قسمت کو سکون نہ ملا۔ پھر دوبارہ عابدہ بانو کو بیٹے کی نعمت ملی۔ جمعہ کی رات کو ڈھائی بجے عابدہ نے اپنے شوہر کو آواز لگائی: سنیے… حسن سانس نہیں لے رہا۔ میرا بیٹا، سنیے! میرا بیٹا، میرا شہزادہ۔ عابدہ کے شوہر دوڑتے ہوئے آئے، عابدہ کا چہرہ تکتے ہوئے انھوں نے زور سے پیٹھ تھپ تھپائی اور کہا: پورے دس دن تک سانس بھرتا رہا ہمارا شیر۔ عابدہ بانو اتنی صابرہ تھی کہ ان سب کے باوجود وہ کہتی: ضرور اس میں میرے رب کی کوئی رضا شامل ہوگی۔ عابدہ بانو نے اسی طرح اپنی پانچ اولادیں ایک کے بعد ایک کھو دیں تھیں۔ عابدہ بانو کہتی ہیں زندگی کے اس دور میں کئی لوگ میرے وجود کو کوستے تھے، مجھ پر الزام لگاتے تھے، لیکن پھر بھی میں ہمت نہیں ہارتی تھی۔ بحر حال عابدہ بانو کو علاقے کے سب میں بڑے معالج کا علاج کروایا گیا۔ مدتوں علاج کے بعد عابدہ بانو کو بیٹی کی رحمت ملی، اس رحمت کے پیدا ہونے کے بعد عابدہ خوف میں رہتی تھی کہ کہیں میری بیٹی بھی مجھ سے بے وفائی نہ کرے۔ حقیقتاً بیٹی با وفا نکلی، بے وفا نہیں، اسی طرح عابدہ بانو کو تین بیٹیاں اور دو بیٹے پیدا ہوئے۔ ان کے شوہر ابو محمد کو عابدہ بانو سے والہانہ محبت تھی، یہ محبت سارے علاقے میں مشہور تھی۔ وہ عابدہ بانو کو ایسی محبت کرتے جیسے باپ بیٹی کو چاہتا ہے۔ عابدہ بانو کی خاموشی ان پر پہاڑ بن کر گرتی، وہ ان کا پل پل خیال کرتے، وہ ایسے انسان تھے کہ جنہوں نے اپنے علاقے کے لوگوں کو نہ صرف بیوی کی اہمیت سمجھائی تھی بلکہ انہوں نے لوگوں کو بیوی کی عزت کرنا بھی بتایا تھا۔ ابو محمد پڑھے لکھے اور سمجھدار انسان تھے، انہوں نے اپنے علاقے میں اسکول، مساجد، اور مسافر خانے تیار کروائے تھے۔ وہ انھیں کاموں میں گھر سے باہر رہتے، عابدہ بانو نہ ہی شکایت کرتی، نہ ناراضگی کا اظہار، بلکہ باقاعدہ ابو محمد کا ان کاموں میں بڑھ چڑھ کر ساتھ دیتی۔ زیادہ تر ابو محمد کی صحت خراب رہتی۔ ایک روز اچانک رات کو ابو محمد کی طبیعت سخت نا ساز ہوئی۔ انھیں دواخانہ منتقل کیا گیا، ڈاکٹرز نے انہیں میرٹھ کے دواخانے کا مشورہ دیا۔ ابو محمد کو لیے عابدہ ۲۰۰؍ کلو میٹر اکیلے میرٹھ پہنچی۔ ابو محمد کے علاج میں عابدہ بانو کا سونا، چاندی، اور زمین تک کا سودا ہوگیا، لیکن زندگی اور موت کے درمیان انھوں نے موت کو چن لیا، بہت ہی معقول سودا کیا۔ عابدہ بانو دواخانہ میں اکیلے اپنے ہر دل عزیز شوہر کے پاس ساری رات بیٹھی رہی۔ وہ رات عابدہ بانو کے لیے ایک صدی تھی۔ عابدہ بانو ابو محمد کا ہاتھ سہلاتے ہوئے ان سے کہتی: آپ کہتے تھے میں دغاباز نہیں ہوں، ساری زندگی تمہارے ساتھ کشتی کا ملاح بن کر رہوں گا۔ آپ میرے لیے دعائیں مانگتے مانگتے خود کے لیے مانگنا بھول گئے۔ آپ میرے ساتھی تھے، میرے ہم سفر اور دوست، میرے عزیز، میرے دل کا سکون، میری روح کی تسکین، کوئی اپنا ساتھ چھوڑنے سے پہلے دس بار سوچتا ہے اور آپ نے ایک بار بھی نہیں سوچا، بیٹیوں کو رخصت کر کے مجھے تنہا تو کر دیا تھا، اب پھر یہ تنہائی میرے سینے پر رکھ کر کہاں جا رہے ہیں آپ؟ عابدہ بانو کے یہ سوالات ساری رات رخ بدل بدل کر ابو محمد سے پوچھے جاتے، ایسے کہ جیسے وہاں سے جواب آئے گا۔ پہلی مرتبہ آج عابدہ سوال کر رہی تھی اور ابو محمد کا کوئی جواب نہیں آ رہا تھا۔ بحر حال نرس صبح سویرے آ کر کہنے لگی آپ کی وین تیار ہے۔ آپ اکیلے لی جائیں گی؟ عابدہ کہنے لگی میرے شوہر نے مجھے وقت پر بہادری شیرنی بن کر حالات کا سامنا کرنا بھی سکھایا ہے۔ وہ اکیلی جان اپنی بیوگی کا بوجھ سینے پر لیے، درد کے طوفان پر قابو پاتے ہوئے کہتی ہے میں تیار ہوں اپنے شوہر کو لے جانے کے لیے۔ نا جانے کیوں اس روز تیز ہوائیں چل رہی تھیں، بادل گھر گھر کر آرہے تھے، بارش زوروشور سے برس رہی تھی جیسے وہ بھی اس سانحے کا غم منا رہی ہو۔ عابدہ کا غم اور بارش کا پانی دونوں اس دن تھمنے کو تیار نہیں تھے۔ ابو محمد کا انتقال ہزاروں لوگوں کی موت تھی؛ پورا گاؤں، اسکولز، دکانیں بن کر دیے گئے۔ اللہ تعالیٰ نے بڑی ہی شان سے ابو محمد کو اپنے گھر بلا لیا۔ اب زندگی عابدہ بانو کے لیے اور سخت ترین ہونے والی تھی۔ ساس سسر کے انتقال کے بعد بہنوں اور بھائیوں کی ذمہ داری ابو محمد کے ہاتھوں میں سونپ دی گئی تھی، نہ جانے ایسا کیا ہوا تھا کہ اس گھر پر ایک بحران نے اپنا قبضہ کر لیا تھا۔ عابدہ کا سارا زیور، چاندی سے بنی ساڑی، یہاں تک کہ مخملی قالین بھی عابدہ کو اپنوں کی خوشی کے لیے قربان کرنے پڑے تھے۔ وہ کہتی تھی مجھے ان ظاہری چیزوں سے نہیں اپنوں سے محبت ہے۔
ابو محمد کو بھی معاشی بحران کی وجہ سے اپنی جمع پونجی اپنے بھائی بہنوں پر خرچ کرنی پڑی تھی۔ اب شوہر کے انتقال کے بعد زندگی میں پیسے کمانے کا ذریعہ نہیں۔ تنہائی، بچوں کی امید سے پُر نظریں عابدہ بانو کو تڑپا دیتیں۔ انہیں کسی بھی حال میں بچوں کے لیے زندگی جینا تھا۔ والدین جیسے ساس سسر بھی گزر چکے تھے، معاشی کمزوریوں کی وجہ سے جائیدادیں بیچنی پڑی تھیں۔ وہ عورت جو گھر کی دہلیز نہیں جانتی تھی اسے گھر کے باہر نکلنا پڑا، روزگار ڈھونڈنا پڑا۔ عابدہ بانو صبح گھر کا مکمل کام کرتی، دوپہر سے رات تک کھیت کی دیکھ بھال کرتی، گھر میں بچوں کی پرورش کا معاملہ بھی پابندی سے چلتا رہتا، بچوں کی اخلاقی نگہداشت بھی ہوتی، جس بیٹی نے زندگی کی عیش و عشرت کا مزہ چکھا ہوا تھا، جو جانتی تھی زندگی کی اصل لذت کیا ہے، اسے زندگی کے سخت ترین دور سے بھی گزرنا پڑا۔ وہ کہتی ہے کہ کبھی کبھار گھر میں کھانا نہیں ہوتا تھا تو میں مرچ میں تیل ڈال کر سوکھی روٹی سے دن گزارتی تھی، لیکن میرا دل کبھی یہ گوارا نہیں کرتا کہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلاؤں سوائے رب کے سامنے۔ میں جانتی تھی رب میرے راز کی حفاظت کرے گا لیکن دنیا ان رازوں کا سودا کرے گی۔
ان سب کے باوجود وہ با ہمت خاتون کہتی تھی میں ہر جنگ کے لیے تیار ہوں۔ زندگی یوں ہی چل رہی تھی کہ ایک اور دل خراش معاملہ آ کھڑا ہوا۔ شوہر کا غم ابھی بھولی ہی نہیں تھی کہ عابدہ کو ایک اور صدمہ لگنا باقی تھا۔ عابدہ صبح نماز ادا کرکے قرآن کی تلاوت میں مشغول تھی کہ باہر سے انہیں آوازیں آئی: آپا!!! آپا جان!!! کہہ کر پڑوس کی چاند بی تڑپ کر رونے لگی۔ انہیں دیکھ عابدہ بانو سمجھ گئی کہ ایک اور سانحہ دروازہ پر دستک دے چکا ہے۔ آپا اپنا شبو۔۔۔ عابدہ بانو کا چھوٹا بیٹا شبرات ابو محمد کے بیٹے ہونے کی دلیل تھا۔ شبرات حسین وہ بیٹا تھا، جس کی پیدائش بھی کسی سانحے سے کم نہیں تھی۔ یہ وہ ننھی جان تھی جو ایک امید پر گور سے باہر لایا گیا تھا۔ یہ وہی بچہ تھا جس کو کفن پہنا کر اس لیے اتار دیا گیا تھا کہ کہیں کوئی رگ پھڑک رہی ہے اور جان باقی ہے، گلے کی ایک رگ کی حرکت نے اسے واپس دنیا کے حوالے کر دیا تھا، لیکن شاید اسے دنیا میں رہنا راس نہ آیا۔ عابدہ بانو کہتی ہے کہ میرے جگر کے ٹکڑے کو لیے میں پورے دو ماہ دواخانے میں بھرتی رہی، نہ وہ روتا تھا نہ کچھ بولتا تھا، وہ بس خاموشی کی دنیا کا مسافر تھا۔ میرا ننھا شیر پیدائش کے پورے دو ماہ بعد پہلی مرتبہ جمعرات کے روز بعد نمازِ مغرب پہلی بار رویا تھا جب میں جائے نماز پر سجدے میں تڑپ کر رو رہی تھی، تب شاید اسے اُس وقت میرے درد کا احساس ہوا اور وہ مجھے خاموش کرنے کے لیے خود رو پڑا۔ وہ کہتی ہے کہ اللہ نے اسے اُس وقت زندگی دے دی تھی تو کاش وہ حادثہ بھی ٹال دیتا۔ شبرات حسین کے اخلاق و کردار کی خوبصورتی سارے علاقے میں مشہور تھی۔ شبرات ماں کو بولا رات کو کام کے لیے نکلا تھا اور صبح سویرے خبر آئی کہ حادثے میں اس کا انتقال ہو گیا۔
شبرات کی میت لائ گئی۔ خون میں لت پت جسم لا کر کمرے کے کنارے پر رکھ دیا گیا۔ عابدہ بانو اٹھی اور اپنے شہزادہ کے قریب آگئی۔ مخمل سے بنے کپڑے سے اپنے بچے کا چہرہ صاف کیا اور آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: یا اللہ! تیرا بندہ تھا، تو نے لے لیا لیکن مجھے صبر دے۔ میرے رب! میرے بیٹے کو تیرے حوالے کر دیا۔ میری زندگی کی خوشی کو تو نے اپنے لیے چن لیا۔ مجھے صبر دے میرے مولا! تو نے مجھ سے جو بھی لیا، میں جانتی ہوں وہ تیرے پاس میری امانت ہے۔ یہ بولتے ہوئے وہ بے ہوش ہوگئی۔ مسجدوں سے علان ہوا کہ ابو محمد جمعدار کا چھوٹا بیٹا انتقال کر گیا ہے۔ نماز جنازہ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔ شبرات کو غسل دیا گیا، آخری دیدار کے لیے خواتین کو بلایا گیا۔ عابدہ بانو کو سہارے دیتے ہوئے خواتین انہیں شامیانے میں لے آئیں۔ عابدہ بانو نے شبرات کی پیشانی پر بوسہ دیا اور کہنے لگی: میرے بیٹے اب ماں اور بھائی کے بغیر کھانا کھا لو گے؟ آپ ہمیشہ کہتے تھے امی ابو چلے گئے تو کیا ہوا میں ہوں، اب کہاں چلے گئے تم؟ ہمارے بغیر تم کہیں نہیں جاتے تھے۔ اب کہاں جا رہے ہو میرے بچے! وہاں اکیلے رہو گے، ہماری یاد نہیں آے گی؟ ادھر سے آواز آئی: چلیے ابھی جنازہ اٹھانا پڑے گا، وقت ہوچکا ہے۔ جنازہ اٹھایا گیا۔ کہتے ہیں اس وقت یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے آسمانوں میں اڑنے والے پرندے اور زمین میں گردش کرنے والے جانور بھی رو رہے ہوں۔
شبرات میاں کو دفنایا گیا۔ ان کی زندگی کو اللہ کے سپرد کر دیا گیا۔ جب آج میں انہیں پوچھتی ہوں کہ کبھی آپ کے خواب میں آپ کا بیٹا آیا ہے؟ وہ کہتی ہیں نہیں۔ صرف ایک بار آیا تھا، وہ بڑے سے سایہ دار درخت کے نیچے بیٹھا تھا اور مجھے آواز لگا رہا تھا۔ اس کے بعد ان پچیس برس چار ماہ اور بیس دن میں میرا بیٹا کبھی بھی میرے خواب میں نہیں آیا۔
عابدہ بانو کے بڑے فرزند علی جمعدار کی نوکری نہیں تھی۔ وہ نوکری کے لیے کوششیں کر رہا تھا، ادھر عابدہ بانو کا معاملہ یہ تھا کہ صبح سے شام تک کھیتوں کی رکھوالی کرتی اور اپنی کمائی سے گھر چلاتی تھی۔ وہ کہتی ہے کہ میرے پاؤں میں چھالے پڑھ جاتے تھے، میرے پیروں میں کانٹوں کے زخم ایسے پڑ گئے تھے کہ میں بنا سہارے کے نہیں چل سکتی تھی، دھوپ کی وجہ سے میری زبان سوکھتی رہتی تھی، بھوک کی وجہ سے جسم کمزور پڑھ جاتا تھا۔ مجھے اس دوران میرے شوہر کی باتیں یاد آتیں۔ وہ روز کھیتوں کی دیکھ بھال کرنے اور نوکروں سے حال چال پوچھنے جاتے تھے۔ جب بھی میں ان سے ضد کرتی کہ مجھے بھی لے جائیے تو وہ کہتے تم جیسے نازک پھول گلستاں میں ہی اچھے لگتے ہیں۔ وہ کہتی ہے کہ میرے نوجوان بیٹے کی یاد مجھے تڑپا دیتی ہے، میری آنکھیں رو رو کر اب خون برسانے کو تیار تھیں۔ میں نے دیکھا ہے کہ آج بھی وہ دن عابدہ بانو کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے۔ کہتے ہیں اللہ صبر کا صلہ ضرور دیتا ہے۔ علی جمعدار صاحب عابدہ بانو کے بڑے لڑکے کو خوشخبری ملی سرکاری نوکری کی۔ آج یہ بیٹا اپنی ماں کے لیے قربان ہے۔ علی جمعدار صاحب بھی قابلِ تعریف انسان ہیں، وہ ایک معلم ہیں ان کی زندگی آج تک خدمت خلق میں گزری ہے۔ آج عابدہ اپنے بڑے بیٹے علی جمعدار کے ساتھ رہتی ہے۔ آج بھی ان کی با اخلاق اور اعلی کردار زندگی ہم سب کے لیے نمونہ ہے۔ اللہ میری نانی جان (عابدہ بانو) کو سلامت رکھے۔ انہیں پل پل خوش رکھے آمین۔
واقعی مجھے آج منشی پریم چند کا وہ قول یاد آتا ہے کہ ’’بڑے گھر کی بیٹی بڑے گھر کی ہی ہوتی ہے۔‘‘

جب کھلے گا بروز محشر بابِ عورت
حیاء و کامرانی میں گزری شبابِ عورت
سر جھکیں گے نگاہ نیچے سلام ہو گا
بحر بےکراں میں تھی انقلابِ عورت

٭ ٭ ٭

شبرات کی میت لائ گئی۔ خون میں لت پت جسم لا کر کمرے کے کنارے پر رکھ دیا گیا۔ عابدہ بانو اٹھی اور اپنے شہزادہ کے قریب آگئی۔ مخمل سے بنے کپڑے سے اپنے بچے کا چہرہ صاف کیا اور آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: یا اللہ! تیرا بندہ تھا، تو نے لے لیا لیکن مجھے صبر دے۔ میرے رب! میرے بیٹے کو تیرے حوالے کر دیا۔ میری زندگی کی خوشی کو تو نے اپنے لیے چن لیا۔ مجھے صبر دے میرے مولا! تو نے مجھ سے جو بھی لیا، میں جانتی ہوں وہ تیرے پاس میری امانت ہے۔ یہ بولتے ہوئے وہ بے ہوش ہوگئی۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

2 Comments

  1. حذیفہ افنان کائنات

    ہائے! وہ آزمائشیں جو ننھی جان پر توٹے ۔۔۔
    اور اس کے صبر اور توکل کا کیا کہنا . شا ید کے کبھی شکوہ اپنے لبوں پر لایا ہوگا ۔
    بس ۔۔ درس ملتا ہے یہی کے اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے ۔ اور ساتھ ہی جو آزمائشیں پیدائش سے اُن پر آتی رہی وہ اُنہیں مضبوطی بخشتی گئی ۔

    Reply
  2. Hajra begum

    Aisi aurateen hutti hain jo aj bhi hame jeene ka hunsla deti hain or feminism ke asle mane batati hain

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥