کچھ اُلجھنیں، کچھ مشکلات اور پریشانیوں کے ہجوم میں وہ سوچتے سوچتے خیالات کی دنیا میں گم تھا۔۔۔ کبھی اچانک اس کے لبوں پر مسکراہٹ اور پھر کچھ گنگنانے کی آواز فضا میں تھرکنے لگتی۔ زبان سے دبے دبے الفاظ کچھ یوں سمجھ میں آتے:
عزم محکم ہو تو ہوتی ہیں بلائیں پسپا
کتنے طوفان پلٹ دیتا ہے ساحل تنہا
لگتا تھا کہ کسی بڑی مہم کو وہ سر کرنا چاہتا ہے، ایک چیلنج کا سامنا ہے، کسی مشن کی تکمیل کا منصوبہ اس کے دماغ پر چھایا ہوا ہے کہ اچانک تخیلات کے پردے پر ایک بزرگ کی پرچھائی نمودار ہوئی۔
مسئلہ ایک زمین کا تھا جسے بزرگ نے خرید لیا تھا۔ جگہ ناہموار تھی، ساتھ ہی زمین کا اسٹیٹس کلیئر کرنا تھا۔ بزرگ کی اپنی زندگی جگہ کو ہموار کرنے میں لگی رہی۔ اسے ہموار کرکے اپنے بچوں کو سونپ دی اور جگہ لینے کا مقصد بتایا کہ بیٹا اس پر علامتِ سکون بنانا ہے۔ بچوں نے تعمیری کام شروع کیا، بنیادیں کھو دی گئیں، پھر ستونوں کو کھڑا کردیا گیا کہ بچوں میں طرح طرح کے اختلافات پیدا ہونے لگے؛ روشن دان ادھر ہو، کمرہ وہاں ہو، آنگن یہاں ہو۔ لمبی بحث کے بعد بنیاد کے گڑھوں اور کالم میں تبدیلی کی گئی۔ پھر بنیاد سے دوبارہ کام شروع ہوا۔ پیسے ختم ہوگئے، کچھ وقت انتظار کرنا پڑا۔ پھر کام شروع ہوا۔۔۔ بڑے بیٹے نے کچھ نئی تجاویز رکھیں۔ چھوٹے نے کچھ نیا پلان تیار کیا۔ کام کبھی شروع ہوتا کبھی بند ہوجاتا۔ بچے جوانی سے بڑھاپے کی طرف آگئے۔۔۔ ایک فلور بن چکا تھا، لیکن مقاصد کے اعتبار سے ناکافی تھا۔ اب زمام کار تین بچوں کے بچوں پر آگیا اور چھوٹا بیٹا اب قائد بن گیا۔ نئے نئے منصوبے پیش ہوتے رہے۔ بدلتے ہوئے حالات میں سب کچھ بدلتا گیا۔ جوں کا توں کام آگے بڑھا۔ نئے دور کا نیا انداز آیا اور مہنگائی کی مار نے مارا۔ آپسی تنازعات رونماں ہونے لگے۔
بھتیجوں کے درمیان چاچا ہمیشہ ایک بات بار بار دوہراتے۔۔۔۔ ہم ایسے۔۔۔ ہم ویسے۔۔۔ تم نئے ہو۔۔۔ یہ مقصد۔۔۔ یہ کام وغیرہ وغیرہ۔۔۔ جب کہ بھتیجےیہی کہتے کہ چچا۔۔۔ مقصد وہی ہے۔۔۔۔ علامت سکون۔۔۔ کام حکمت سے کرنا ہے۔۔۔ !!! آخر کام پھر دھمی رفتار کا شکار ہوا۔۔۔ پھر تنازعات پیدا ہوئے۔۔۔ اور۔۔۔ اور کام رک گیا۔۔۔ بڑے بھیجتے کا بڑا بیٹا۔۔۔ اب جوان ہوگیا تھا۔۔۔ اس نے عزم کیا۔۔۔ علامت سکون کو آگے بڑھائے گا۔۔۔ اس پلاٹ پر گھانس پھونس اُگ گئی تھی۔ گندا پانی جمع ہوگیا تھا۔ بظاہر علامت سکون ملامت زندگی نظر آرہا تھا۔۔۔ لوگ خاندان پر باتیں کررہے تھے۔ خاندان کے کچھ لوگ راہ فرار اختیار کررہے تھے۔ کچھ خاندان کی منصوبہ بندی پر ہی سوال کھڑے کر رہے تھے۔ کچھ باعزم تھے، بے خوف و خطر کام میں لگے رہے۔ گھانس صاف کرنے میں کئی دقتیں آئیں۔ سانپ نکل آئے۔ جن کی بکریاں چارا کھارہی تھیں، وہ ناک بھونئیں چڑھا کر آئے۔۔۔ ایک صاحب لاٹھی لے کر گالیاں دینے لگے کہ بکریوں نے تمہارا کیا بگاڑا؟ یہ تو انکی چراہ گاہ بنی ہے برسوں سے۔۔۔!!! علامت سکون سے اپنے مفادات کی تکمیل کرنے والوں کو تکلیف ہورہی تھی۔۔۔ لیکن جو باعزم تھے اپنے مشن کے لیے ڈٹے رہے۔۔۔ گھانس کاٹی گئی۔۔۔ گندے پانی کے نکاسی کا نظم کیا گیا۔۔۔ اور۔۔۔ اور علامت سکون کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوتا ہوا نظر آنے لگا۔۔۔
دوبارہ کام شروع ہوا۔۔۔ منزلیں بنتی چلے گئیں۔۔۔ امید یقین میں بدل گئی کہ اب تو واقعی علامت سکون تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ اب افراد خاندان کا انتشار ختم ہونے کو ہے۔ سب ایک جگہ آجائیں گے۔ کافی عرصہ دراز کے بعد اس بزرگ کی چوتھی پیڑھی کامیابی کے زینے طے کر رہی تھی۔ بھتیجے کا بیٹا جو کبھی عالم شباب میں تھا، اب بزرگ نظر آرہا تھا۔ اس کے سامنے اس کاجواں سال بیٹا کہہ رہا تھا کہ ابا جان آخر پَردادا کی زمین پر خاندان کا علامت سکون کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو ہی گیا۔
سب لوگ سمجھ رہے تھے کہ یہ ہماری وراثت ہے۔۔۔ من چاہے انداز میں رہنا چاہتے تھے۔۔۔ کبھی کبھی آوازیں انتہائی بلند ہو جاتیں۔۔۔ کبھی دلوں میں خراش آتی، تو کبھی خون جلتا۔۔۔ بظاہر علامت سکون تعمیر ہوگیا تھا لیکن سکون پانے والے اور سکون دینے والوں کی تربیت باقی تھی۔۔۔ اب تربیت پر کام شروع ہوا۔۔۔ تعمیری کام سے زیادہ مشکل کام تربیت کرنا تھا۔۔۔
دل۔۔۔ بدلنا
سوچ۔۔۔ بدلنا
رویہ۔۔۔ بدلنا
انداز۔۔۔بدلنا
پلاٹ پوری تعمیر ہوچکی تھی۔ مقصد کے حصول کے لیے اب مشکل ترین کام شروع ہوا۔۔۔ خاندان کی کئی نسلیں گزر گئی اور نئی نسل مقصد کے حصول کے لیے کوشاں تھی۔ کوئی نیا مقصد نہیں۔ وہی مقصد، وہی کام جو بزرگ نے شروع کیا تھا۔۔۔ وقت بہت لگتا ہے۔۔۔ توڑنا آسان ہے۔۔۔ بکھیرنا آسان ہے۔۔۔ گھر سے اختلاف والے افراد کو باہر نکالنا آسان ہے۔۔۔ دل کو ٹھیس پہنچا کر اپنی مرضی چلانا آسان ہے۔۔۔ من مرضی سے مقصد کو پانے کا بھرم پالنا آسان ہے۔۔۔ لیکن دل بدل کر مقصد حاصل کرنا۔۔۔ سوچ بدل کر مقصد حاصل کرنا۔۔۔ رویہ بدل کر مقصد حاصل کرنا۔۔۔ انداز بدل کر مقصد حاصل کرنا۔۔۔ مشکل ہے لیکن پائے دار ہے۔
وقت لگتا ہے۔۔۔ گھر کے افراد تیار ہوں گے اور علامت سکون۔۔۔ علامت سکون نہیں۔۔۔ مرکز سکون بن جائے گا۔۔۔ یہ عزم اُسے تھا۔۔۔ یہی عزم اسے مستقل مصروف رکھتا۔۔۔ اب وہ اس دنیا سے گزر چکا تھا۔۔۔ نئی نسل کا نیا نوجوان۔۔۔ اب خاندان کا قائد بنا۔۔۔ اسی عزم کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ۔۔۔ اسی نظام تربیت کو زمانے سے ہم آہنگ کرتے ہوئے۔۔۔ بنیادی اقدار پر مبنی تجدید کرتے ہوئے۔۔۔ وہ نوجوان اپنی بزرگی تک کام کرتا رہا۔۔۔ مقصد کو حاصل کرنے والے جواں عزم۔۔۔ افراد کی تیاری کی۔۔۔ تبدیلیاں آئی۔۔۔ نئی شناخت بنی۔۔۔ اور۔۔۔ پلاٹ کا اسٹیٹس۔۔۔ کلئیر نہیں تھا۔۔۔ ایک نیا چیلنج سامنے آیا۔۔۔ تربیت کو یقینی بنانا۔۔۔ تربیتی یافتہ افراد کے جذبے کو باقی رکھنا اور خاندان کے نئے بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ۔۔۔ پلاٹ۔۔۔ ہاں وہی پلاٹ جسے بزرگ نے خریدا تھا۔۔۔ جو ناہموار جگہ تھی۔۔۔ جسے ہموار کرکے تعمیری کام شروع ہوا تھا۔۔۔ جس کے اسٹیٹس کا مسئلہ تھا۔۔۔ اس اسٹیٹس کو کلیئر کروانا ایک چیلنج تھا۔۔۔ لیکن عزم مصمم تھا کہ یہ محاذ بھی سر ہوگا۔۔۔ آخر بزرگ کی نیک نیتی کی وجہ سے ساری پریشانیاں، ساری الجھنیں، مشکلات اور رکاوٹیں دور ہو گئیں۔۔۔ علامتِ سکون۔۔۔ اب مرکزِ سکون تھا۔۔۔ اس تخیل کے کینوس پر منظر بدل گیا، عزم جوان ہوگیا، حوصلہ پختہ ہوا کہ عزم مصمم ہو تو ہمارے ارادے بھی عملی شہادت کے نمونے بن کر ابھریں گے۔۔۔ ان شاءاللہ
٭ ٭ ٭


0 Comments