حدثنا ابن أبي عمر، حدثنا سفيان، عن يزيد بن كيسان، عن أبي حازم، عن أبي هريرة، قال: كنت عند النبي صلى الله عليه وسلم، فأتاه رجل فأخبره: أنه تزوج امرأة من الأنصار، فقال له رسول الله صلى الله عليه وسلم: ”أنظرت إليها؟ قال: لا، قال: “ فاذهب فانظر إليها، فإن في أعين الأنصار شيئا.“ (رواه مسلم)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر تھا، آپ کے پاس ایک آدمی آیا اور بتایا کہ اس نے انصار کی ایک عورت سے نکاح (طے) کیا ہے۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: کیا تم نے اسے دیکھا ہے؟ اس نے جواب دیا: نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جاؤ اور اسے دیکھ لو کیوں کہ انصار کی آنکھوں میں کچھ ہے۔
مذکورہ بالا حدیث سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مرد کو اس عورت کا دیکھنا جائز ہے جس سے وہ شادی کا ارادہ رکھتا ہے، البتہ اس كو دیکھنے کے لئے شریعت نے کچھ حدودد وقیود مقرر کر رکھے ہیں، جن کی پاسداری ضروری ہے، یعنی مرد عورت کا صرف چہرہ اور ہاتھ دیکھ سکتا ہے۔ دوسرے تنہائی میں ملنا ملانا یا دیکھنا جائز نہیں۔ بعض کے نزدیک اگر ممکن ہو تو عورت کی لاعلمی میں ہی دیکھے نیز وہی مرد دیکھے جس نے شادی کا پیغام بھیجا ہے۔ ایسا نہ کہ مرد کے ساتھ اس کے بھائی دوست و احباب وغیرہ بھی شریک کار ہوں یہ قطعا غلط ہے۔
مذکورہ حدیث سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اسلام فطرت انسانی کو نظر انداز نہیں کرتا۔ چناں چہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص سے پہلا سوال یہ نہیں کیا کہ وہ عورت مالدار ہے یا نہیں، نہ یہ پوچھا کہ وہ قبیلہ یا حسب نسب کی کیسی ہے؟ بلکہ سب سے پہلے نظر کا سوال کیا۔نکاح اگر چہ عبادت ہے مگر یہ دو اجسام اور دو جذبات کا میل بھی ہے اور یہ حقیقت ہے کہ ظاہری ہم آہنگی، چہرے اور شکل کی قبولیت، انسان کی نفسیاتی خوشی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انصار کی آنکھوں میں کُچھ ہے؛ یہ جملہ تعریفی بھی ہو سکتا ہے اور خبردار کرنے والا بھی، مگر طنز و تذلیل کا کوئی شائبہ نہیں۔ ایسے ہی ایک دوسری حدیث میں حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی کسی عورت کو نکاح کا پیغام دے تو اگر اسے دیکھنا ممکن ہو تو دیکھ لے۔ (ابوداؤد)
حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ نے صحیح بخاری جلد۳ کتاب النکاح میں نکاح سے پہلے عورت کو دیکھنے کے متعلق ایک خاص باب لکھا ہے، جس میں یہ ثابت کیا ہے کہ نکاح سے پہلے عورت کو دیکھنا جائز ہے۔ اس باب کی تاویل میں اس حدیث کو نقل کیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک مرتبہ ایک صحابیہ عورت تشریف لائیں اور آپ سے شادی کی درخواست کی، لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا سر مبارک جھکا لیا اور کچھ جواب نہیں دیا۔
ایک صحابی نے کھڑے ہو کر عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ آپ کو اس عورت کی حاجت نہیں ہے تو اس کا میرے ساتھ نکاح کر دیجیے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ان سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ان کے پاس روپیہ کپڑا کچھ بھی نہیں ہے۔ یہاں تک کہ مہر کے لئے ایک لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں ہے، لیکن قرآن کی کچھ سورتیں یاد ہیں۔ چناں چہ سرکار صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے قرآن کریم جاننے کی وجہ سے اس صحابی کا نکاح اس صحابیہ سے کر دیا۔ اسی طرح ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں حضرت عائشہ رضی اللہ کو نکاح سے پہلے دکھایا گیا۔
امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ روایت کرتے ہیں کہ امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک نکاح سے پہلے عورت کو دیکھنا سنت ہے، یہی امام غزالی رحمۃ اللہ آگے نقل کرتے ہیں کہ عورت کا جمال اور اس کا چہرہ محبت والفت کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اسی لیے نکاح سے پہلے لڑکی کو دیکھ لینا مستحب ہے۔ (کیمیائے سعادت)۔ اسلامی تعلیمات میں صرف روحانیت نہیں ،حقیقت پسندی بھی شامل ہے۔ نکاح ایک بامعنی رشتہ ہے اس کے لئے بصارت اور بصیرت دونوں کی ضرورت ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات انسانی جذبات کو رد نہیں کرتیں بلکہ ان کی اصلاح اور رہنمائی کرتی ہیں۔ نکاح سے پہلے نظر جائز ہے مگر حدود وآداب کے ساتھ۔
٭ ٭ ٭


0 Comments