خاموشی پہلے بھی جرم تھی، لیکن اب خاموش بیٹھ رہنا پہلے سے زیادہ بڑا اور پہلے سے زیادہ سنگین جرم ہوگا۔ شہر عزیمت کی بھوک سے مرتی اور فاقہ کش عوام کو موت کے منھ سے نکالنے کے لیے مصر کے کچھ نوجوانوں نے ایک بہت ہی منفرد انداز کا ٹرینڈ شروع کیا ہے۔ ان نوجوانوں نے انسانی جانوں کی حفاظت کا ایک بہت سادہ، عملی اور آسان آئیڈیا پیش کیا ہے۔ ان نوجوانوں نے شہر عزیمت تک کھانا پہنچانے کا ایک آسان اور عملی راستہ نکالا ہے اور اس کے لیے وہ بڑے پیمانے پر مہم چلا رہے ہیں۔
راستہ یہ ہے کہ دو لیٹر تین لیٹر کی پانی کی بوتلیں لی جائیں؛ ان بوتلوں میں چاول، دال، آٹا، مکئی، ڈالی جائے، اس طرح کہ آدھی بوتل یا اس سے کچھ کم خالی رہے، تاکہ بوتل پانی میں ڈوبنے کے بجائے سطح آب پر ہی رہے، پھر بوتل کو ہوا کے لیے موجود خالی جگہ کے ساتھ ہی خوب مضبوطی سے بند کردیا جائے اور اسے سمندر کے حوالے کردیا جائے۔ اس امید کے ساتھ کہ پانی کا بہاؤ دیر سویر ان بوتلوں کو شہر عزیمت کے ساحل تک پہنچا دے گا۔
اس امید اور اس جذبے کے ساتھ کل سے سیکڑوں افراد کھانے کی اشیاء سے بھری بوتلیں لیے مصر کے ساحل پر پہنچ رہے ہیں۔ وہ ظالموں کے علانیہ ظلم اور حاکموں کی مجرمانہ خاموشی سے برأت کا اظہار کرنے کے لیے اپنے اپنے حصے کی بوتلیں سمندر کے حوالے کررہے ہیں۔ وہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس موسم میں ہوا کا رخ بھی اس کے لیے سازگار ہے۔
بہرحال، کسی کو نہیں معلوم کہ اس کام میں کس قدر کامیابی مل سکے گی، لیکن ’’قوم زندہ ہے، امت زندہ ہے، ظلم کے خلاف انسانی جذبہ زندہ ہے‘‘، اس بات کا اعلان کرنے کے لیے بے بس عوام کی جانب سے یہ اقدام بھی موجودہ حالات میں غنیمت ہے۔
عالمی سورما کچھ نہیں کررہے تو نہ کریں!
عرب حکومتیں کچھ نہیں کررہی ہیں تو نہ کریں!
مسلم قیادت کچھ نہیں کررہی ہے تو نہ کرے!
یقیناً خاموش بیٹھنے سے بہتر ہے کہ کچھ کچھ کرتے رہا جائے!
ظلم پر راضی ہوجانے سے بہتر ہے کہ کچھ سرگرمی دکھائی جائے!
مصری شہری ’’صابر الخطیب‘‘ کا کہنا ہے کہ ۲۵؍ جنوری ۲۰۱۱ء کو حسنی مبارک کے خلاف عوامی بغاوت کے دوران میں غزہ کی سرحد کے قریبی علاقے میں مقیم تھا۔ پورے ملک میں افرا تفری پھیل گئی تھی۔ جب حالات بگڑنے لگے تو روٹی کے تنور اور بیکریاں بند ہو گئیں۔ مقامی لوگ کئی روز تک روٹی سے محروم رہے۔ میرے بچے بھی بھوکے تھے۔ اگلے دن اچانک دیکھا کہ صبح ایک بڑا ٹرک آکر کھڑا ہوگیا ہے۔ جو سفید آٹے کی روٹیوں سے بھرا ہوا۔ یہ ساری روٹیاں لوگوں میں مفت تقسیم کی گئیں۔ بعد میں پتہ چلا کہ یہ روٹیاں ۱۰؍ کلومیٹر دور غزہ سے فلسطینی بھائیوں نے بھیجی تھیں۔ ان سے ہماری بھوک دیکھی نہیں گئی اور آج وہ اور ان کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔ مگر ہم؟؟؟
٭ ٭ ٭


0 Comments