خطبۂ جمعہ تحفظ ماحولیات کے لیے نبوی ہدایات
زمرہ : النور

 اس وقت پوری دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کرگیا ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان نے زندگی کے مختلف شعبوں میں سائنس اور ٹکنالوجی کی بدولت ترقی کی دوڑ میں ماحولیات کو نظرانداز کردیا ہے اور تعیش پسندی میں انہماک، مال کو کسی بھی طریقے سے کمانا، پیداوار کو غیرفطری طورپر تیزرفتاری سے بڑھانے کی آرزو اور ذاتی خواہشات کو معاشرہ کے مفاد پر اور جلدی حاصل ہونے والے فوائد کو دیرپا فوائد پر ترجیح دینا، اس کا شیوہ بن گیا ہے۔ اس کی بنا پر ہوا، پانی اور زمین کی طبعی، کیمیائی اور حیاتیاتی خصوصیات میں ناپسندیدہ اور نامناسب تبدیلیاں پیدا ہوگئی ہیں اور زمین کے درجۂ حرارت میں نقصان دہ حد تک اضافہ ہوگیاہے۔
انسان کوروئے زمین پر اللہ کا نائب بنایا گیا ہے۔ قدرت کی تخلیق میں اللہ تعالیٰ نے توازن رکھا ہے۔ انسان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس کے کسی بھی عمل سے قدرت کے توازن میں کوئی خلل نہ پڑے۔ روے زمین پر ناظم کی حیثیت حاصل ہونے کے معنی یہ نہیں کہ انسان کو ہر ذی روح پر فوقیت حاصل ہے۔ دراصل حاکمیت تو صرف اللہ کی ہے۔انسان پر اللہ کی تخلیق کے تحفظ کے سلسلے میں اخلاقی ذمہ داریاں عائد ہیں۔ لہٰذا اس کے طرزِ زندگی اورقانونِ قدرت میں تضاد اور مخاصمت نہیں بلکہ ہم آہنگی اور مطابقت ہونی چاہیے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

اِنَّ فِيْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَاخْتِلَافِ الَّيْلِ وَالنَّہَارِ وَالْفُلْكِ الَّتِىْ تَجْرِيْ فِي الْبَحْرِ بِمَا يَنْفَعُ النَّاسَ وَمَآ اَنْزَلَ اللہُ مِنَ السَّمَاۗءِ مِنْ مَّاۗءٍ فَاَحْيَا بِہِ الْاَرْضَ بَعْدَ مَوْتِہَا وَبَثَّ فِيْہَا مِنْ كُلِّ دَاۗبَّۃٍ۝۰۠ وَّتَصْرِيْفِ الرِّيٰحِ وَالسَّحَابِ الْمُسَخَّرِ بَيْنَ السَّمَاۗءِ وَالْاَرْضِ لَاٰيٰتٍ لِّقَوْمٍ يَّعْقِلُوْنَ(البقرہ ۲:۱۶۴)

’’جو لوگ عقل سے کام لیتے ہیں اُن کے لیے آسمانوں اور زمین کی ساخت میں، رات اور دن کے پیہم ایک دوسرے کے بعد آنے میں، اُن کشتیوں میں جو انسان کے نفع کی چیزیں لیے ہوئے دریاؤں اور سمندروں میں چلتی پھرتی ہیں، بارش کے اُس پانی میں جسے اللہ اُوپر سے برساتا ہے پھر اس کے ذریعے سے مُردہ زمین کو زندگی بخشتا ہے اور (اپنے اِسی انتظام کی بدولت) زمین میں ہرقسم کی جان دار مخلوق کو پھیلاتا ہے، ہواؤں کی گردش میں، اور اُن بادلوں میں جو آسمان اور زمین کے درمیان تابع فرمان بنا کر رکھے گئے ہیں، بے شمار نشانیاں ہیں۔‘‘

ماحول سےمتعلق اسلامی احکام سے آگہی

اگر مسلمانوں کو ماحول کے تحفظ کے لیے بیدار کرنا ہے، تو انھیںچاہیے کہ وہ قرآنی احکام سے آگاہ رہیں، جن کا تعلق ماحول کی اہمیت اور تحفظ سے ہے۔ اس وقت دنیا کے مسائل ہزاروں سال پرانی دنیا کے مقابلے میں، جب کہ صنعتی انقلاب کا نام و نشان تک نہ تھا ، بہت زیادہ پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ ماحول سے متعلق قدیم قوانین، موجودہ دور کے تقاضوں کے لیے ناکافی ہیں۔ اس لیے کہ انسان کے بنائے ہوئے قوانین صرف وقتی تقاضوں کے مطابق ہوتے ہیں مگر قانونِ قدرت ہر دور کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔ قرآن کا بیان ہے:

ظَہَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ اَيْدِي النَّاسِ لِيُذِيْقَہُمْ بَعْضَ الَّذِيْ عَمِلُوْا لَعَلَّہُمْ يَرْجِعُوْنَ(الروم :۴۱)

خشکی اور تری میں فساد برپا ہوگیا ہے لوگوں کے اپنے ہاتھوں کی کمائی سے، تاکہ مزہ چکھائے اُن کو اِن کے بعض اعمال کا، شاید کہ وہ باز آئیں۔
جب قدرتی وسائل کا غیراخلاقی اور ناجائز استعمال شروع ہوجاتا ہے تو قدرتی ماحول کی تباہ کاریاں شروع ہوجاتی ہیں۔ انسان اپنی ضروریات کی تکمیل کے لیے دوسری مخلوقات کی جائز ضروریات کو پامال نہیں کرسکتا۔ اپنی حاجات کے حصول کے لیے انسان کا انحصار اس دنیا پر ہے جس کا خالق وہ نہیں، اللہ ہے۔ لہٰذا اس کو تباہ کرنے کا اسے کوئی حق نہیں ہے۔

زندگی میں اعتدال مطلوب ہے

اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ زندگی اعتدال سے گزاری جائے، چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

وکُلُواْ وَاشْرَبُواْ وَلاَ تُسْرِفُواْ (الاعراف:۳۱)

’’اور کھاؤپیو، البتہ حد سے تجاوز نہ کرو‘‘
اور ایک دوسری جگہ فرمان الٰہی ہے:

وَلاَ تُسْرِفُواْ إِنَّہُ لاَ یُحِبُّ الْمُسْرِفِیْنَ (الانعام:َ ۱۴۱)

’’اور حد سے تجاوز نہ کرو، اللہ حد سے تجاوز کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
اسلام کی نظر میں ہر وہ چیز جو صلاح و درستگی سے دور ہوجائے اور نفع کی صلاحیت کو کھودے، وہ فساد ہے، اگرچہ اس کا غالب استعمال عقیدہ اور عمل کی خرابی کے لئے ہوتا ہے، لیکن کسی چیز کے نظام توازن اور اعتدال کو بگاڑنے پر بھی اس کا اطلاق ہوتاہے، جس سے اس کی حقیقی افادیت آہستہ آہستہ ختم ہوجائے۔فرمان الٰہی:

وَإِذَا تَوَلَّی سَعَی فِیْ الأَرْضِ لِیُفْسِدَ فِیِہَا وَیُہْلِکَ الْحَرْثَ وَالنَّسْلَ وَاللّہُ لاَ یُحِبُّ الفَسَادَ (البقرۃ:۲۰۵)

’’اور جب وہ تمہارے پاس سے دور ہوتے ہیں تو ان کی ساری بھاگ دوڑ اس لئے ہوتی ہے کہ زمین میں فساد مچائیں اور کھیتی اور نسل کو تباہ کریں اور اللہ فساد کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
اللہ تعالیٰ نے اپنی معرفت، قدرت کا ملہ اور ربوبیت کی شناخت اور ادراک کے لیے قرآن مجید میں متعدد مقامات پرزمین، ہوا، پانی ، زندہ اور مردہ مخلوقات ، شجر، حجر ، پہاڑ، سمندر اور دیگر عجائبات عالم میں غور کرنے کی دعوت دی ہے اور کائنات کے اس نظام توازن کی طرف اشارہ فرمایا ہے، چنانچہ ارشاد ہے:

صُنْعَ اللَّہِ الَّذِیْ أَتْقَنَ کُلَّ شَیْْء ٍ إِنَّہُ خَبِیْرٌ بِمَا تَفْعَلُونَ (النمل:۸۸)

’’یہ اس اللہ کی کار ی گری ہے جس نے ہرچیزکو محکم کیا ہے۔‘‘
حضرت ابوامامہؓسے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:’’میرے نزدیک لوگوں میں سب سے زیادہ قابل رشک وہ مومن ہے جو معمولی حالت میں ہو، خوب نمازیں پڑھنے والا ہو، گمنام ہو، لوگوں کے اندر اس کاکوئی خاص اہتمام نہ ہو اور اس کی روزی بقدر حاجت ہو اور وہ اس پر صابر ہو۔‘‘(سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر۴۱۱۷)
آپؐ نے بقدر حاجت مال کو کامیابی کی علامت قرار دیا ہے۔ چنانچہ عبداللہ بن عمرو سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺنے فرمایا:’’کام یاب وہ ہے جو اسلام لے آئے اور اسے بقدرضرورت روزی مل جائے اور ملی ہوئی دولت پر اللہ تعالیٰ اسے قناعت کرنے والا بنادے۔‘‘ (صحیح مسلم، حدیث نمبر ۱۰۵۴)
آپؐ نے اسراف اور بخل کے بغیر اپنے گھر والوں پر خرچ کو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے برابر قرار دیا ہے۔ چنانچہ فرمایا:’’جب کوئی شخص زیادتی اور کمی کے بغیر اپنے گھر والوں پر خرچ کرتاہے، تو اس کا یہ خرچ کرنا اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے درجہ میں ہوتاہے۔‘‘ (البرو لصلۃ للحسین بن حرب، ص ۱۶۱،حدیث نمبر ۳۱۴)
ان احادیث سے یہ روشنی ملتی ہے کہ ہر چیز میں اعتدال مطلوب ہے اور یہ ظاہر ہے کہ اگر اعتدال اور میانہ روی کے ساتھ دنیا ترقی کی راہ پر گام زن رہے تو ماحولیات کا تحفظ ہوگا اور ساتھ ہی ترقی بھی حاصل ہوتی رہے گی۔

اسلام میں شجرکاری کی اہمیت

اسلام کی ایک تعلیم یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے، چنانچہ فرمان الٰہی ہے:

وَہُوَ الَّذِیَ أَنزَلَ مِنَ السَّمَاء ِ مَاء ً فَأَخْرَجْنَا بِہِ نَبَاتَ کُلِّ شَیْْء ٍ فَأَخْرَجْنَا مِنْہُ خَضِراً (الانعام: ۹۹)

’’اور وہی ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا، پھرہم نے اس سے ہرچیز کے انکھوے نکالے، پھرہم نے اس سے سرسبزشاخیں ابھاریں۔‘‘
شجرکاری کی اہمیت کااندازہ اس حدیث سے بھی لگایاجاسکتا ہے ، جو حضرت جابرؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’جومسلمان بھی پودا لگائے گا، اور اس سے کچھ کھالیاجائے گا، وہ اس کے لئے صدقہ ہوجائے گا اور جو چوری کرلیاجائے، وہ قیامت تک کے لئے اس کے لیےصدقہ ہوجائے گا۔‘‘ (صحیح مسلم، حدیث نمبر ۱۵۵۲)
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو مسلمان پودا لگائے گا یا کھیتی کرے گا اور اس سے کوئی پرندہ، انسان یا چوپایہ کھالے گا، وہ اس کے لیے صدقہ بن جائے گا۔‘‘(صحیح بخاری : ۲۳۲۰، ۶۰۱۲) ایک دوسرے اسلوب سے آپؐ نے شجرکاری کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا:’’جو شخض پودا لگائے گا، اس کے لئے اس پودے سے نکلنے والے پھل کے بقدر ثواب لکھاجائے گا۔‘‘(مسند احمد، حدیث نمبر۲۳۵۲۰)
سبزہ کے تحفظ کا تصور سب سے پہلے نبی کریمﷺ نے دیا۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن حبشیؓ سے مروی ہے کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:’’جو کسی بیری کے درخت کو کاٹے گا، اللہ تعالیٰ جہنم میں اس کے سر کو اوندھا کردے گا۔‘‘ (سنن ابی دائود، حدیث نمبر ۵۲۳۹)

 جانوروں کاتحفظ

اسلام کی ایک تعلیم یہ بھی ہے کہ جانوروں کو بھی ناحق ہلاک نہ کیاجائے، کیوں کہ وہ بھی ماحولیات کے لازمی عناصر میں سے ایک ہیں۔ چنانچہ شریر بن سویدؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو کسی پرندہ کو بطور تفریح قتل کرے گا، وہ قیامت کے دن اللہ عزوجل کے سامنے فریاد کرتے ہوئے کہے گا : اے رب! فلاں نے مجھے تفریح کے طورپر قتل کیا، اور کسی فائدہ کی خاطر قتل نہیں کیا۔‘‘ (سنن نسائی، حدیث نمبر ۴۴۴۶)

فضا کو مسموم بنانے سے پرہیزلازم ہے۔

اسلام کی ایک تعلیم یہ ہے کہ مردوں کی تدفین کی جائے۔اس کا جہاں ایک مقصد یہ ہے کہ انسانوں کی تکریم ہو، وہیں ایک مقصد یہ بھی ہے کہ مردہ جسموں سے پیدا ہونے والی نجاست اور تعفّن سے فضا مسموم نہ ہو، چنانچہ متعدد حدیثوں میں مردہ کے دفن کرنے کو واجب قرار دیاگیا ہے اور زندوں پر مردہ کا ایک حق یہ قرار دیاگیا ہے کہ نماز اور دفن کے لئے اس کے جنازہ میں شرکت کی جائے۔ ایک حدیث میں ہے کہ مسلمان کا مسلمان پرپانچ حق ہیں: (۱) سلام کا جواب دینا (۲)دعوت قبول کرنا (۳)جنازہ میں شرکت کرنا (۴)مریض کی عیادت و مزاج پرسی کرنا (۵)چھینکنے والا جب الحمدللہ کہے تو اس کے جواب میں ’یرحمک اللہ‘ (اللہ تجھ پر رحم کرے) کہنا۔ (سنن ابن ماجہ حدیث نمبر ۱۴۳۵)

کھلے عام گندگی پھیلانا درست نہیں

اسلام کی ایک تعلیم یہ بھی ہے کہ کھلے عام گندگی نہ پھیلائی جائے، تاکہ فضا مکدر اور مسموم نہ ہو۔ چنانچہ آپؐ نے بلغم وغیرہ دفن کرنے کا حکم دیاہے، جیساکہ حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نےارشاد فرمایا:’’مسجد کے اندر بلغم جھاڑنا گناہ ہے اور اس کا کفارہ اسے دفن کردینا ہے۔‘‘ (صحیح مسلم حدیث نمبر ۵۵۲)
حضرت ابوذرؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’مجھ پر میری امت کے اچھے برے اعمال پیش کیے گئے، تو میں نے اس کے اچھے اعمال میں سے یہ عمل دیکھاکہ تکلیف دہ چیز کو راستہ سے ہٹادیاگیا ہو، اور اس کے بُرے اعمال میں سے یہ عمل دیکھاکہ مسجد میں بلغم ہو، اور اسے دفن نہ کیاجائے۔(صحیح مسلم حدیث نمبر ۵۵۲)
ان احادیث میں مسجد کی تخصیص مزید شناعت و قباحت بیان کرنے کے لئے ہے، ورنہ ہرعمومی جگہ کا یہی حکم ہے کہ گندی اشیا کو دفن کر دیاجائے۔

پانی کو آلودہ کرنا درست نہیں

اسلام کی ایک تعلیم یہ ہے کہ پانی کو آلودہ نہ کیاجائے، کیوں کہ پانی تمام جاندار اجسام کی زندگی کا دارومدار ہے اور طبی نقطۂ نظر سے زندہ جسم میں پانی کی کارکردگی کاحصہ دوسری چیزوں کے مقابلے میں ۹۰ فی صد زیادہ ہے، غذا اور ہوا بھی پانی ہی کے ذریعے جسم میں تحلیلی عمل سے گزرتی ہیں، بلکہ جسم کے ظاہر و باطن سے نقصان دہ عناصر کو دور کرنے کے لئے بھی پانی کی کارکردگی اہمیت رکھتی ہے، جب کہ دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ پانی ایک آفاقی محلول ہے، جس میں کوئی بھی آلودہ ہوجاتا ہے۔ آج پانی کی آلودگی سب سے اہم اور بڑا مسئلہ ہے، چنانچہ فضائی آلودگی کے بعد آبی آلودگی ماحولیات کا سب سے سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔
پانی کو آلودگی سے بچانے کے لیےاسلام نے بہت تاکید کی ہے۔ اس کا حکم ہے کہ ٹھہرے اور بہتے ہوئے پانی دونوں میں پیشاب اور پاخانہ کرنےسے بچاجائے، اس لئے کہ پیشاب اور پاخانہ پانی کی آلودگی کے خطرناک ترین اسباب میں سے ہیں۔ ان کے سبب سے کالرا، ٹائفاڈ اور سوزش جگر و معدہ جیسے بہت سے امراض پیدا ہوتے ہیں، چنانچہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:’’تین لعنت کا سبب بننے والی جگہوں سے بچو: (۱) پانی کے گھاٹ پر پاخانہ کرنے سے (۲) راستہ میں پاخانہ کرنے سے (۳) سایہ دارجگہوں میں پاخانہ کرنے سے۔‘‘ (سنن ابی دائود حدیث نمبر ۲۶)
نبی کریم ﷺ نے ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے کی ممانعت فرمائی، جیساکہ ارشاد ہے: ’’تم میں سے کوئی اس پانی میں پیشاب نہ کرے جو ٹھہرا ہو، پھر اس میں غسل کرے۔‘‘(بخاری شریف حدیث نمبر ۲۳۹)
چوں کہ ٹھہرے ہوئے پانی میں آلودگی پیدا ہونے کا زیادہ امکان ہے، لہٰذا خاص طور سے اس کا ذکر فرمایا اور بہتے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے کی صریح ممانعت بھی وارد ہے جیساکہ حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ :نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہتے ہوئے پانی میں پیشاب کئے جانے سے منع فرمایا۔‘‘
(المعجم الاوسط للطبرانی حدیث نمبر ۱۷۴۹)
الغرض ان احادیث کا مفہوم یہ ہے کہ ایک عقلمند انسان ایسا کیوں کر کرسکتا ہے کہ اس پانی میں پیشاب کرے، جس پانی کا وضو اور غسل وغیرہ میں وہ محتاج ہے۔

صوتی آلودگی

موجودہ دور میں صوتی آلودگی بھی ماحولیات کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ صوتی آلودگی پر قابو پانے کے سلسلہ میں اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ آواز نکالنے میں بھی اعتدال کو ملحوظ رکھا اور موقع و محل اور ضرورت سے زیادہ آواز نکالنا مذموم ہے، جیساکہ حضرت لقمانؑ کی نصیحت نقل کرتے ہوئے ارشاد باری ہے:

وَاغْضُضْ مِن صَوْتِکَ إِنَّ أَنکَرَ الْأَصْوَاتِ لَصَوْتُ الْحَمِیْرِ (لقمان:۱۹)

’’اور اپنی آواز کو پست رکھ، بے شک سب سے زیادہ مکروہ آواز گدھے کی آواز ہے۔‘‘
اس آیت سے معلوم ہوتا ہےکہ حلق پھاڑکر اس طرح آواز نکالنا کہ لوگوں کے کانوں پر گراں گزرے درست نہیں ہے۔ اسلام یہ حکم دیتاہے کہ ہر حال میں بقدر ضرورت آواز نکالی جائے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک رات گشت کرتے ہوئے حضرت ابوبکرؓ کے پاس گزرے تو دیکھاکہ وہ نہایت پست آواز کے ساتھ نماز ادا کررہے تھے۔ جب حضرت عمر بن خطابؓ کے پاس سے گزر ہوا تو دیکھاکہ خوب بلند آواز کے ساتھ قرأت کرکے نماز ادا کررہے ہیں۔صبح جب دونوں حاضر خدمت ہوئے تو آپؐ نے حضرت ابوبکرؓ سے کہاکہ تم رات نہایت پست آواز کے ساتھ نمازادا کررہے تھے اس پرانھوں نے جواب دیا: ’’اے اللہ کے رسول! میں جس ہستی سے ہم کلام تھا ، اسے سنادیا‘‘ پھر حضرت عمرؓ سے دریافت کیاکہ تم رات خوب بلند آواز سے نماز ادا کررہے تھے تو انھوںنے جواب دیا: ’’میں ایسا اس لیےکررہاتھا کہ سوتے کو بیدار کروں اور شیطان کو دھتکاروں۔‘‘ دونوں جواب سننے کے بعد آپؐ نے اعتدال کی تعلیم دیتے ہوئے فرمایا: ’’اے ابوبکر! اپنی آواز کچھ بلند کرو، اور حضرت عمرؓ سے فرمایا: اے عمر! اپنی آواز کچھ پست کرو۔‘‘

انسان اللہ کی مخلوق ہے اور وہ اس کی دوسری مخلوقات کے ساتھ رہتا ہے۔ ایک دوسرے سے وابستہ اس عالمی نظام میں جس کا انسان ایک حصہ ہے، اس کی زندگی کا انحصار دوسرے جان داروں پرہے۔ کہیں ایسا نہ ہوکہ انسان اس غلط فہمی کا شکار بنا رہے کہ وہی اللہ کی تخلیق کا بہترین نمونہ ہے، لہٰذا قرآن انسان کو یاد دلاتا ہے کہ اس سے بھی بڑی تخلیق آسمان اور زمین کی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

ءَ اَنْتُمْ اَشَدُّ خَلْقًا اَمِ السَّمَاۗءُ۝۰ۭ بَنٰىہَا۝۲۷۪ (النازعت: ۲۷ )

 کیا تم لوگوں کی تخلیق زیادہ سخت کام ہے یا آسمان کی جسے اللہ نے بنایا؟
انسان کو اس کی حقیقت بتاتے ہوئے کہ وہ کائنات کا محض ایک چھوٹا جز ہے ، دراصل قرآن اس کی کم مائیگی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔انسانی طرزِ زندگی میں تغیرات سے انسان کے کردار میں بھی تبدیلیاں ہوتی ہیں اور اب انسان منتظم اور محافظ کی بجائے ایک تخریب کار اور غارت گر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس خطرناک تبدیلی سے انسانی ذہنیت، تصور اور تخیل میں بھی ایک بڑا فرق پڑا ہے۔ انسان کے مادی اورروحانی، دُنیاوی اور دینی تقاضے بدل گئے ہیں۔
اگر مادی اور روحانی تبدیلیوں کے نتیجے میںانسان اپنے ہاتھوں لائی ہوئی تباہ کاریوں سے بالکل بے حس ہوجائے، پھر بھی اس کی روح رحمت ِ باری کی تمنا کرے تو عجیب سا محسوس ہوتا ہے۔ ایسا بے حس انسان اس دنیا کو تباہ و برباد کرنے اور اللہ کی مخلوق کو نیست و نابود کرنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کرے گا۔ اسلام کا نقطۂ نظر اس مسئلے میں بالکل واضح ہے۔ وہ روح اور جسم میں فرق تسلیم نہیں کرتا۔اس کے نزدیک روح اور جسم ایک ہی حقیقت کے دو رُخ ہیں۔
اسلام نے جانوروں کے حقوق، پانی، جنگلات ، جنگلی حیات، زمین، چراگاہوں اور ارضی وسائل کے استعمال اور ان کے انتظام کے لیے قوانین وضع کیے ہیں۔ اسلامی قوانین نے کچھ ایسے حدود متعین کیے ہیں جہاں قدرتی وسائل کے تحفظ کے پیش نظر ترقیاتی کام ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔ نہروں، کنوؤں اور دریاؤں کے کنارے کے علاقے حوائج ضروریہ کے لیے ممنوع قرار دیے گئے ہیں تاکہ پانی کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔ جنگلات کو وسعت دینے کے لیے درختوں کی کٹائی پر پابندی لگادی گئی ہے۔ چراگاہوں میں جانوروں کو چرانے کے لیے قوانین بنائے گئے ہیں، تاکہ چراگاہیں تباہ و برباد نہ ہوں۔ چراگاہوں، جنگلات اور جنگلی حیاتیات پر کسی کی اجارہ داری روکنے کے لیے انھیں نجی ملکیت میں نہیں دیا جاسکتا۔ یہ سب عوام کی ملکیت ہیں اور عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کاا نتظام حکومت کے سپرد ہے۔

وآخر دعوانا ان الحمد للہ رب العلمین۔

٭ ٭ ٭

اگر مادی اور روحانی تبدیلیوں کے نتیجے میں انسان اپنے ہاتھوں لائی ہوئی تباہ کاریوں سے بالکل بے حس ہوجائے، پھر بھی اس کی روح رحمت ِ باری کی تمنا کرے تو عجیب سا محسوس ہوتا ہے۔ ایسا بے حس انسان اس دنیا کو تباہ و برباد کرنے اور اللہ کی مخلوق کو نیست و نابود کرنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کرے گا۔ اسلام کا نقطۂ نظر اس مسئلے میں بالکل واضح ہے۔ وہ روح اور جسم میں فرق تسلیم نہیں کرتا۔اس کے نزدیک روح اور جسم ایک ہی حقیقت کے دو رُخ ہیں۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥