سیلون کے کاریگر سےموبائل ریپیئرنگ شاپ کے مالک بننے تک کا سفر

تلنگانہ کے سنگاریڈی میں رہنے والے منگلی اشوک کمار نے ۲۰۰۶ء میں بارہویں کی تعلیم مکمل کی، لیکن گھریلو ذمہ داریوں کی وجہ سے آگے نہیں پڑھ سکے۔ اشوک شادی شدہ ہیں۔ ان کی بیوی گھریلو خاتون ہیں۔ نو اور پانچ سال کے ان کے دو بچے ہیں۔ وہ ایک مشترکہ خاندان میں رہتے ہیں۔ ان کے والدین اور بھائی بہن ان کے ساتھ رہتے ہیں۔
۲۰۱۶ء میں اشوک نے موبائل ریپیئرنگ شاپ سے کام چھوڑ کر کرایہ پر دوکان لے کر اپنا کام کرنا شروع کیا۔ اشوک بتاتے ہیں: ’’دوکان کھولنے کے بعد مجھ سے میرے ایک کسٹمر نے کہا کہ تم اگر دوکان کے لیے قرض لو تو اچھا رہے گا، اور مجھے ’خدمت‘ کے بارے میں بتایا۔ خدمت کے بارے میں جانکاری ملتے ہی میں اس کی برانچ پر پہنچا اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد اس کا ممبر بن گیا۔ خدمت کے اسٹاف نے مجھے بتایا کہ قرض لینے سے پہلے مجھے یہاں بچت کھاتہ کھولنا ہوگا اور کچھ ماہ تک بچت کھاتے میں ہی لین دین کرنا ہوگا۔ اس کے بعد قرض کی درخواست کے لیے چھ فوٹو اور کسی سرکاری بینک کے چیک کی ضرورت پڑے گی۔‘‘
اشوک نے آگے بتایا کہ ’’سال ۲۰۰۹ء سے ایک سرکاری بینک میں میرا کھاتہ تھا، لیکن میرے پاس چیک موجود نہیں تھا۔ خدمت نے جب مجھ سے چیک مانگا تب جا کر میں نے بینک سے چیک لیا اور خدمت میں قرض کے لیے درخواست دی۔‘‘
خدمت کا ممبر بننے کے بعد ہر ممبر کو شروعاتی مہینوں میں بچت کھاتے میں لین دین کرنا ہوتا ہے۔ اسی کی بنیاد پر یہ طے ہوتا ہے کہ کسی فرد کو کتنا قرض مل سکتا ہے؟ مثال کے طور پر اگر کوئی مہینے میں تین ہزار روپے جمع کرتا ہے تو تین مہینوں کے بعد تقریباً دس ہزار تک کا قرض حاصل کرسکتا ہے۔ اسی طرح روزآنہ دو سو یا اس سے زیادہ جمع کرنے والے لوگ کم سے کم بیس ہزار قرض کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ممبران کی ڈپازٹ اور بچت کی عادتوں کو دیکھ کر ہی ان کے قرض کی حد طے کی جاسکتی ہے۔
اس سلسلہ میں اشوک نے بتایا کہ ’’کھاتہ کھلنے کے بعد وہ تین مہینے تک سو روپے جمع کرتا رہا۔ اس کے بعد خدمت کی طرف سے مجھ سے کہا گیا کہ آپ کے اکاونٹ کا لین دین اچھا ہے اور اب آپ کو قرض مل سکتا ہے۔ اس کے بعد میں نے چار بار قرض لیا۔ پہلا قرض بیس ہزار کا۔ اگلا قرض تیس ہزار کا اور آخری دو قرض پچاس پچاس ہزار کے تھے۔ ابھی میں روزانہ چھ سو روپے جمع کر کے پچاس ہزار کا قرض واپس کررہا ہوں۔ قرض کی ادائیگی میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہورہا ہے۔ اس سے پہلے اتنا بڑا قرض مجھے کسی نے نہیں دیا۔‘‘
خدمت کا ممبر بننے کے تین مہینے بعد شروعاتی بچت کرتے ہوئے ہی اشوک کو اس سے مدد ملنی شروع ہو گئی تھی۔ وہ سیونگ کھاتے کی بچت سے مکان کا کرایہ اور اسکول کی فیس جیسی گھریلو ضرورتیں پوری کرنے لگے تھے۔
بینک میں اشوک کا پرانا کھاتہ ہونے کے بعد بھی لون کی ضرورت پڑنے پر انھوں نے اس کے لیے بینک میں درخواست نہیں دی۔ اس کی وجہ انھوں نے اس طرح بتائی کہ ’’میں نے سن رکھا تھا کہ بینک سے لون مانگنے پر بینک انکم ٹیکس رِٹرن کے متعلق پوچھتے ہیں، سکیورٹی مانگتے ہیں۔ میرے ایک ساتھی کو بہت کوشش کرنے کے بعد بھی بینک سے لون نہیں ملا۔ یہ سب جاننے کے بعد میں نے بینک جا کر لون مانگنے کی ہمت نہیں کی۔‘‘

یوں بنے موبائل فون ریپیئر ٹیکنیشین

اشوک کے والد سنگاریڈی کے پاس ایک گاؤں میں کھیتی کرتے تھے۔ جب گاؤں چھوٹا تو انھوں نے سنگاریڈی شہر میں آکر مستری کا کام کرنا شروع کیا۔ اشوک نے بارہویں پاس کرنے کے بعد تقریبا دو سال یعنی ۲۰۰۸ء تک سنگاریڈی میں ایک سیلون میں کام کیا۔ دراصل چھٹی کلاس میں پڑھائی کے دوران ہی اشوک نے ایک سیلون میں حجام کا کام سیکھنا شروع کردیا تھا۔ پھر وہ اسکول کے بعد یا چھٹیوں میں اسی سیلون میں کام کرنے لگے اور بارہویں کی پڑھائی کے بعد اسے پیشے کے طور پر اپنالیا۔
دو سال تک یہ کام کرنے کے بعد ان کا دل اکتانے لگا تو اشوک نے حیدرآباد کے امیر پیٹ سے موبائل کی مرمت کا دو سال کا کورس کیا۔ اس میں موبائل سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر سے جڑی ٹریننگ شامل تھی۔ ریڈیو سیٹ ریپئرنگ کا کام جاننے کی وجہ سے ایسی ٹریننگ میں اشوک کی دلچسپی شروع سے ہی تھی۔ امیر پیٹ حیدرآباد کے نزدیک ایک جانا پہچانا علاقہ ہے۔ اس علاقے کو سافٹ ویئر ٹریننگ کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اشوک نے اس ٹریننگ کے لیے پندرہ ہزار روپے خرچ کیے اور دو سالوں تک ہفتے میں ایک بار سنگاریڈی سے امیرپیٹ جا کر اور باقاعدہ کلاس کر کے انھوں نے یہ تکنیکی ہنر سیکھا۔ اشوک ٹریننگ کے دوران ایک دن میں جو بھی سیکھتے، اسے بقیہ چھ دنوں میں سنگاریڈی کی ایک موبائل ریپئر شاپ پر کام کرتے ہوئے نکھارتے۔ یہ ’آن جاب ٹریننگ‘ پیڈ نہیں تھی، یعنی انھوں نے بغیر کسی تنخواہ یا مزدوری کے یہ کام کیا۔
سال ۲۰۰۹ء میں جب اشوک کی ٹریننگ مکمل ہوگئی تو انھیں اسی دکان سے روز کے حساب سے پیسے ملنے لگے۔ شروعات ساٹھ روپے کی یومیہ مزدوری سے ہوئی۔ آگے چل کر یہ مزدوری ڈھائی سو روپے تک پہنچ گئی۔ اشوک بتاتے ہیں کہ ’’جب مجھے کئی طرح کے کام اچھے طریقے سے آگئے تو دوکان مالک نے مجھے پرسنٹیج پر رکھ لیا۔ اس کے بعد تو روز چار سو روپے تک کمائی ہونے لگی۔ ‘‘
پونجی ملنے پر کاروبار میں تین گنا اضافہ ہوا۔ چار بار قرض لینے سے اپنے کاروبار میں ہوئے فائدے کے بارے میں بتاتے ہوئے اشوک کہتے ہیں کہ ’’خدمت سے ملے قرض سے سب سے پہلے میں نے دوکان کے لیے ضروری مشینیں خریدیں اور ڈھیر سارا مرمت کا سامان رکھنا شروع کردیا۔ میں نے دس ہزار روپے کی ڈسپلے ریمووَر مشین خریدی۔ ساتھ ہی بلوور اور سولڈنگ مشین بھی خریدی۔ پہلے میرے پاس پیسے نہیں تھے تو میں ایسا نہیں کر پا رہا تھا۔ اب میں دوکان میں سستے مہنگے ہر طرح کے موبائل کے اسپئر پارٹس، مثلا: ڈسپلے، ٹچ اسکرین، رنگر، اسپیکر، مائیک وغیرہ رکھنے لگا ہوں۔‘‘
مشین اور دیگر سامان خریدنے سے آپ کی آمدنی میں کیسے اضافہ ہوا؟ اس سوال کے جواب میں اشوک نے کہا: ’’قرض سے میرا کام تین گنا بڑھ گیا ہے۔ اچھے اوزار رہنے سے کام آسانی سے اور تیزی سے ہو جاتا ہے، جس سے زیادہ کام کرسکتے ہیں۔ جب میرے پاس آمدنی بڑھی تو میں نے ڈسپلے ٹھیک کرنے کے کام پر زیادہ فوکس کیا۔ دوکان میں الگ الگ طرح کے ڈسپلے رکھنے لگا۔ اس کے لیے زیادہ سرمایے کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ ضرورت خدمت کے قرض سے پوری ہوئی۔ ساتھ ہی میں نے دکان کے لیے کاونٹر اور موبائل کی مرمت میں کام آنے والے دوسرے سامان بھی خرید لیے۔ دوکان میں زیادہ سامان دیکھ کر کسٹمر زیادہ آتے ہیں۔ ان سب سے نہ صرف یہ کہ میری آمدنی بڑھی ہے بلکہ دوکان بھی پہلے سے زیادہ بہتر ہوگئی ہے۔‘‘
وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’وقتاً فوقتاً خدمت سے آسان اور سستا قرض ملتے رہنے سے میرے پاس پونجی کی فراوانی رہتی ہے، جس سے کہ میں اپنی مشینوں کو اپ گریڈ کرتا رہتا ہوں اور اپنی دکان میں جدید طرز کے سامان رکھتا ہوں۔‘‘

آمدنی بڑھی تو زندگی ہوئی خوش حال

کسی بھی کاروبار، چاہے وہ موبائل مرمت ہی کیوں نہ ہو، سے متعلق چیزیں تھوک میں خریدنے پر کاروباری یا سروس پرووائڈر کو کچھ اضافی بچت ہوتی ہے اور آخرکار اس سے ان کی آمدنی بڑھتی ہے۔ ایسا ہی اشوک کے ساتھ بھی ہوا۔ وہ بتاتے ہیں: ’’قرض سے بہت فائدہ ہوا۔ قرض سے جو پونجی ملی، اس سے شہر جا کر پورا سامان ایک ساتھ خرید کر لاتا ہوں۔ اگر ایک دو پرزے خریدیں تو اس کی زیادہ قیمت دینی پڑتی تھی، اب ایک ساتھ دس دس کے سیٹ تھوک میں خریدنے پر سامان سستا پڑتا ہے۔‘‘
اشوک کی آمدنی بڑھی تو انھوں نے ایک نئے علاقے میں کرایے کا مکان لیا۔ وہ پرانے مکان سے پانچ کلومیٹر دور نئے علاقے میں اس لیے گئے کیوں کہ یہاں کی آب و ہوا زیادہ بہتر ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’خدمت کے ساتھ دو سال سے کام کرتے ہوئے آمدنی بڑھی ہے۔ اب پہلے کے مقابلے میں اچھے سے رہ پاتا ہوں۔ میں نے اپنے لیے ایک موٹر سائیکل خریدی ہے۔ گھر کے لیے فریج خریدا ہے۔ دس گرام سونا بھی لیا ہے اور بچوں کو اچھے اسکول میں پڑھا رہا ہوں۔‘‘
فائنانسر سے ملا چھٹکارا
خدمت سے جڑنے سے پہلے اشوک نے چار پانچ بار جان پہچان والے مہاجن سے قرض لیا تھا۔ مہاجن کے قرض اور خدمت سے ملنے والے قرض کے فرق کو بتاتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’میں بھی خدمت سے جڑنے سے پہلے مہاجن سے سود پر پیسے لیتا تھا۔ ان کا سود بہت زیادہ ہوتا تھا۔ ایک دن کی قسط اگر نہ دے پائیں تو برا بھلا سننا پڑتا تھا۔ خدمت والے ایسا نہیں کرتے۔‘‘
اشوک کاروباری اور گھریلو دونوں طرح کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے لون لیتے تھے کیوں کہ اس وقت ان کی آمدنی کم تھی۔ انھوں نے فائنانسروں سے کبھی دس ہزار سے زیادہ کا قرض نہیں لیا۔ خدمت سے جڑنے کے بعد انھیں اب فائنانسر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’’مکان کا کرایہ، کرانہ آئٹم، بچوں کی اسکول فیس جیسی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے انھیں قرض لینا پڑتا تھا۔ خدمت سے جڑنے کے بعد یہ چکر چھوٹ گیا۔‘‘
اشوک اس مشکل سے دو وجہوں کی بنا پر باہر نکل پائے؛ ایک تو خدمت سے ملے قرض سے ان کا موبائل مرمت کا کام زیادہ بڑا ہوگیا، جس سے ان کی آمدنی بھی بڑھی۔ دوسری طرف اب انھیں گھریلو صرفہ کے لیے بھی قرض کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ خدمت سے لون لے لیتے ہیں۔
اشوک کا کہنا ہے کہ وہ خدمت میں بچت اور وقت پر قرض کی واپسی اس لیے کر پاتے ہیں کیوں کہ خدمت کے کارندے خود آکر پیسے کلیکٹ کر لیتے ہیں۔ اگر یہ سہولت نہ ہو تو یہ سب کرنا مشکل ہوگا۔ ابھی اشوک خدمت کے سیونگ اور لون کھاتے دونوں میں پیسے جمع کرتے ہیں۔۵۰؍ ہزار کا موجودہ لون باقاعدگی سے واپس کرتے ہوئے ابھی وہ سیونگ اکاؤنٹ میں کم پیسے جمع کر پا رہے ہیں۔ اشوک بتاتے ہیں کہ ’’قرض کسی سے بھی لیں، کہیں سے بھی لیں، اسے تو ہر حال میں واپس کرنا ہے۔ لیکن خدمت کو چھوڑ کر دوسری جگہ لون کے پیسے روز واپس نہیںکرسکتے۔ خدمت کے لوگ روز شام میں آکر پیسے کلکٹ کرتے ہیں تو قرض کے پیسے واپس کرنا آسان ہوجاتا ہے۔‘‘
وہیں بچت کھاتے سے پیسہ نکالنے کے اپنے تجربے کو بتاتے ہوئے اشوک کہتے ہیں کہ ’’دومنٹ میں پیسے نکل جاتے ہیں۔‘‘ کھاتے سے پیسے نکالنے میں تو اشوک کو کم وقت لگتا ہے لیکن قرض کی ادائیگی کے سلسلہ میں وہ چاہتے ہیں کہ زیادہ وقت ملے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ابھی میں نے پچاس ہزار کا قرض لے رکھا ہے۔ اسے نوے دنوں میں واپس کرنے کے لیے مجھے روزانہ تقریباً چھ سو روپے قرض کی ادائیگی میں دینے ہوتے ہیں۔ ایسا کرنا ہم جیسے لوگوں کے لیے بوجھ بن جاتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ خدمت سے اور بڑے قرض کی امید رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’قرض بھی ذرا بڑھنا ہے اور ٹائم بھی ذرا بڑھنا ہے۔‘‘
اشوک خدمت کے سروس چارج سے مطمئن ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’باہر سے قرض لینا خدمت سے تین گنا زیادہ مہنگا ہے۔ خدمت سے دس ہزار کے قرض پر چار سو روپے کا سروس چارج تین مہینے میں دینا ہوتا ہے۔ لیکن باہر سے قرض لینے پر دس ہزار کے قرض پر ہر مہینے تین سو روپے دینا پڑتا ہے۔‘‘
اشوک نے بھی کئی لوگوں کو خدمت کے بارے میں بتایا ہے اور ان کے ذریعہ ایک آدمی خدمت کا ممبر بھی بنا ہے۔ اشوک اب خدمت کے ریپریزنٹیٹیو بورڈ کے ممبر بھی ہیں۔ انھیں خدمت کی سالانہ میٹنگ کا دعوت نامہ ملتا ہے لیکن کبھی مصروفیت تو کبھی سر پر کوئی ضروری کام ہونے کی وجہ سے وہ میٹنگ میں شامل نہیں ہوپاتے ہیں۔
اشوک کا پلان ہے کہ اگلا قرض ایک لاکھ روپے کا لیں گے۔ اسے وہ اپنی دکان کو وہ اور بڑا کرنے میں لگائیں گے۔ اشوک ان پیسوں سے دوکان میں اور زیادہ فرنیچر، مشینری، کمپیوٹر اور موبائل سے متعلق سافٹ ویئر رکھنا چاہتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

اشوک کی آمدنی بڑھی تو انھوں نے ایک نئے علاقے میں کرایے کا مکان لیا۔ وہ پرانے مکان سے پانچ کلومیٹر دور نئے علاقے میں اس لیے گئے کیوں کہ یہاں کی آب و ہوا زیادہ بہتر ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’خدمت کے ساتھ دو سال سے کام کرتے ہوئے آمدنی بڑھی ہے۔ اب پہلے کے مقابلے میں اچھے سے رہ پاتا ہوں۔ میں نے اپنے لیے ایک موٹر سائیکل خریدی ہے۔ گھر کے لیے فریج خریدا ہے۔ دس گرام سونا بھی لیا ہے اور بچوں کو اچھے اسکول میں پڑھا رہا ہوں۔‘‘

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے