درس قرآن
زمرہ : النور

وَمَا يُلَقّٰٮهَاۤ اِلَّا الَّذِيۡنَ صَبَرُوۡا‌ۚ وَمَا يُلَقّٰٮهَاۤ اِلَّا ذُوۡ حَظٍّ عَظِيۡمٍ. (فصلت، ٣٥)

ترجمہ: یہ صفت نصیب نہیں ہوتی مگر اُن لوگوں کو جو صبر کرتے ہیں، اور یہ مقام حاصل نہیں ہوتا مگر اُن لوگوں کو جو بڑے نصیبے والے ہیں۔ (تفسیر ماجدی)

بندوں کے دلوں میں اللہ کے کسی بندے کی محبت بےوجہ نہیں ہوتی۔ بعض ایسے خوش نصیب بندے ہوتے ہیں جن کی محبت اور عزت لوگوں کے دلوں میں یوں جاگزیں ہو جاتی ہے کہ وہ مقام بڑے بڑے مال داروں، نام نہاد دین داروں اور دنیاوی مرتبے رکھنے والوں کو بھی میسر نہیں ہوتا۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں کہ جہاں بھی جائیں، لوگوں کی نظریں ان کے لیے ستائش اور محبت سے بھری ہوتی ہیں۔ دوست ہوں یا دشمن ہر ایک کے دل میں ان کے لیے جگہ ہوتی ہے۔ ان کی زبان سے نکلے الفاظ ہر سننے والے کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیتے ہیں اور دل ان کی بات کو سچ ماننے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
جس مقام اور سکون کے لیے دنیا والے ترستے رہتے ہیں، اللہ اپنے خاص بندے کو وہ قرب اور اطمینان قلب بخش دیتا ہے۔ بڑے بڑے لوگ جس عزت اور اطمینان کے متلاشی ہوتے ہیں، وہ اس بندے کو میسر ہوتا ہے۔ وہ حق کا راہی، جس سے اس کا رب بھی راضی اور بندے بھی راضی ہوتے ہیں۔ ایسا خوش نصیب بندہ جب عاجز ہوتا ہے تو صرف اپنے رب کے لیے۔ اس کی آواز حق کی آواز ہوتی ہے۔ وہ چین کے نوالے توڑتا ہے، سکون کی نیند سوتا ہے اور اس کی ہیبت و رعب کا عالم یہ ہوتا ہے کہ دل اس کے لیے نرم اور آنکھیں اس کے لیے احترام سے جھک جاتی ہیں۔
کیا یہ مقام یوں ہی میسّر آجاتا ہے؟ نہیں! یہ مقام یوں ہی نہیں ملتا۔ یہ مقام نہ دولت سے، نہ شہرت سے، نہ عبادت کے دکھاوے سے، اور نہ زبانی دعؤوں سے حاصل ہوتا ہے۔ بلکہ یہ مقام دل کی سچائی، خالص نیت، عاجزی، اخلاص اور مسلسل اللہ کی رضا کی تلاش سے نصیب ہوتا ہے۔ یہ مقام تب ملتا ہے جب انسان دنیا کی جھوٹی محبتوں اور وقتی لذتوں سے دل ہٹا لے۔ اپنے رب کی رضا کو ہر چیز پر مقدم رکھے۔ دل میں تکبر، حسد، کینہ، ریا اور خود نمائی کو ختم کرے۔ مخلوقِ خدا کے ساتھ خیر خواہی، درگزر، سچائی اور محبت اختیار کرے اور اپنی زندگی کا ہر لمحہ یہ سوچ کر گزارے کہ ’’میرا رب مجھ سے راضی ہو جائے۔‘‘ تب کہیں جا کر اللہ اپنے اس بندے کو وہ مقام، وہ محبت، وہ سکون اور وہ رعب عطا فرماتا ہے جس کی خواہش میں بڑے بڑے لوگ ترستے رہ جاتے ہیں۔ یہ مقام محض الفاظ یا دعؤوں سے نہیں، بلکہ کردار، صبر، ایثار اور رب کی رضا کے لیے جینے سے ملتا ہے۔
اے اللہ! میرا دل دنیا کی فانی محبتوں سے ہٹا دے اور اپنی رضا، اپنا قرب، اپنا سکون عطا فرما۔ اے میرے مالک! مجھے اُن خوش نصیبوں میں شامل کر، جنھیں تُو بغیر مانگے عزت دے، جن کی آواز حق کی صدا ہو، جن کا دل تیرے ذکر سے زندہ ہو اور جن کا جینا، مرنا، عاجزی صرف تیرے لیے ہو۔ اے پروردگار! میرا انجام ایمان، بخشش اور اپنی رضا پر فرما اور مجھے وہ مقام عطا کرجہاں تُو مجھ سے راضی اور میں تجھ سے راضی ہو جاؤں۔ آمین یا رب العالمین

رَبِّ هَبْ لِي حُكْمًا وَأَلْحِقْنِي بِالصَّالِحِينَ، وَاجْعَلْ لِي لِسَانَ صِدْقٍ فِي الْآخِرِينَ، وَاجْعَلْنِي مِنْ وَرَثَةِ جَنَّةِ النَّعِيمِ۔ (الشعراء، ٨٣-٨٥)

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥