جو شاخ نازک پہ آشیانہ بنے گا، ناپائیدار ہوگا

قارئینِ کرام! اس حیات عارضی میں انسان رشتوں کے ایک طویل جال سے گھرا ہوتا ہے۔ اس میں سب سے قریبی اور سب سے قیمتی رشتہ انسان کا اپنی ماں سے ہوتا ہے، جو ولادت سے نو ماہ قبل بن جاتا ہے۔ لہذا ماں کی ذمہ داریاں بھی اتنی ہی اہم اور نازک ہوتی ہیں۔
اسلامی تعلیمات پر نظر ثانی کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ نکاح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ نوع انسانی کی بقاء کے لیے لازم ہے کہ زوجین والدین بن جائیں اور یہی سبب ہے کہ رہبانیت کو اسلام نے مسترد کردیا ہے۔ اس لیے کہ راہب یا راہبہ پر کاروانِ حیات ختم ہوجاتا ہے۔ دور حاضر میں نسلِ نو کی معقول اور بہترین پرورش جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، کیوں کہ اس پر فتن دور میں انسانی مزاج و رویے میں استقلال ساتھ ہی ذاتی تزکیہ کے محاذ کسی قدر مشکل ہے۔
تمہیدی گفتگو کا اشارہ والدین بالخصوص صنف نازک کی ان تمام ذمہ داریوں کی طرف ہے جسے بطور ماں اسے تکمیل تک پہنچانا ہے۔ در حقیقت ایک مثالی مسلم گھرانے کی تعمیر بڑی محنت کی طالب ہوتی ہے۔ شیخ محمد غزالی اپنی کتاب مسلم خاتون میں لکھتے ہیں کہ ’’پچھلی نسلوں کے اثرات اگلی نسلوں میں یقیناً منتقل ہوتے ہیں۔ عام طور پر ہم لوگ خوبصورتی، مال اور خاندانی وجاہت کو اہمیت دیتے ہیں۔ میں نوجوانوں سے یہ نہیں کہتا کہ وہ ان امور پر توجہ نہ دیں، یقیناً دیں، لیکن ثانوی درجہ میں۔ ان کا پہلا مقصد اچھی دینی و اخلاقی معیار کی خاتون ہونی چاہیے کہ اگر ایسی خاتون نہ ملی تو دیگر امور بھی مفید نہ ہوں گے۔‘‘
واضح رہے کہ خصوصاً ماں کا رویہ نومولود پر گہری چھاپ چھوڑتا ہے، کیوں کہ ماں کو گود بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے۔ اگر اس شیر خوار معصوم نے بچپن ہی سے اپنی ماں کو چیختا، چلاتا یا بد اخلاق پایا تو بعید نہیں کہ سالوں گزر جانے کے بعد ایام جوانی میں وہی جذب کردہ رویے اور اخلاقی پسماندگی وہ اُگلے جس کا مشاہدہ اس نے اپنی ماں کے ساتھ کیا ہے۔ اس صورت میں ناممکن ہے کہ بد اخلاق خاتون کے زیر تربیت نیک و صالح اولاد کی امید لگائی جائے۔ اچھی اور نیک اولاد کو یقینی بنانے کے لیے اسلام نے وہ رہنما خطوط مہیا کیے ہیں جس کی عملی شہادت سے صالح اولاد جو والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنے وہ یقیناً بصورتِ نتیجہ ملے گی۔ حضرت عمر کے ایک صاحبزادے نے ان سے دریافت کیا کہ اولاد کا باپ پر کیا حق ہے؟ فرمایا: ’’یہ حق ہے کہ وہ اس کے لیے اچھی ماں کا انتخاب کرے۔ اس کا اچھا نام رکھے اور اسے قرآن کی تعلیم دے۔‘‘
یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ صالح اولاد کے لیے ایک محسنہ کا بطور ماں ہونا لازم ہے۔ لہذا اس بھاری ذمہ داری کا آغاز نیک عورت کے انتخاب سے ہوتا ہے۔ تلخیوں کو پی کر حسن اخلاق کو اولین ترجیح دینے والی صنف نازک کے زیر تربیت نسل یقینی طور پر والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک ثابت ہوگی۔ اس کے برعکس‌کوئی خاتون دنیاوی معاملات اور پریشانیوں کو خود پر اس قدر حاوی کرلے کہ اس کا رویہ اس بات کا ثبوت دینے لگے اور بد کلامی اور بد اخلاقی کے مظاہرے پر اسے پشیمانی نہ ہو، ساتھ ہی اس سے نسلوں کی معمار ہونے کی حقیقت پنہاں رہے۔ تو ایسی خاتون کے زیر سایہ نیک و صالح اولاد کی امید نہیں کی جاسکتی۔ بچے بڑوں سے سیکھتے ہیں یہ مشہور قول واقعتاً ایک حقیقت ہے اور اس حقیقت کو مثبت سانچے میں ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ بڑوں کا رویہ اس قدر مثالی ہو کہ زمانے کو وہ ایسے لعل و گہر سونپیں جو ان کے بعد بھی ان کے نام کو زندہ رکھے اور دنیا و آخرت کی فلاح کا سبب بنے۔
اس ضمن میں والدین کی شعوری کوشش درکار ہے، ورنہ کھوکھلی بنیادوں پر مضبوط محل کے خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتے۔ اقبال کا یہ شعر اسی صورت حال کی حقیقت بیانی ہے:

تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خود کُشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا، ناپائیدار ہوگا

٭ ٭ ٭

شیخ محمد غزالی اپنی کتاب مسلم خاتون میں لکھتے ہیں کہ ’’پچھلی نسلوں کے اثرات اگلی نسلوں میں یقیناً منتقل ہوتے ہیں۔ عام طور پر ہم لوگ خوبصورتی، مال اور خاندانی وجاہت کو اہمیت دیتے ہیں۔ میں نوجوانوں سے یہ نہیں کہتا کہ وہ ان امور پر توجہ نہ دیں، یقیناً دیں، لیکن ثانوی درجہ میں۔ ان کا پہلا مقصد اچھی دینی و اخلاقی معیار کی خاتون ہونی چاہیے کہ اگر ایسی خاتون نہ ملی تو دیگر امور بھی مفید نہ ہوں گے۔‘‘

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥