نا انصافی

کبھی کبھی ایک تصویر وہ صداقت بیان کر دیتی ہے جو کئی کتابیں نہیں کرسکتیں۔ یہ ایک تصویر جس کے اندر ناانصاف دنیا کی بکھری ہوئی داستان چھپی ہوئی ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے دولت مند اور بااثر افراد عام لوگوں کی قربانیوں پر اپنے مفاد حاصل کرتے ہیں۔ ایک لمبی قطار میں عام لوگ کھڑے ہیں اور ان کے سروں پر سے ایک سرخ قالین بچھا دیا گیا ہے، جس پر چل کر طاقتور اور مالدار افراد آگے بڑھ رہے ہیں اور ویکسین لے رہے ہیں، جب کہ وہ عوام جو اس قالین کا فرش بنی کھڑی ہیں، پیچھے ہی رہ گئی ہیں۔ ان سب کے چہروں پر ماسک ہے، جو کووڈ۔۱۹ جیسے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
یہ تصویر علامتوں سے بھرپور ہے۔ جیسے سرخ قالین عام طور پر عزت، شرف اور استقبال کی علامت ہوتا ہے، لیکن یہاں یہ قالین عام لوگوں کی پیٹھوں سے بنایا گیا ہے، جو اس امر کی علامت ہے کہ امیر طبقہ عوامی قربانیوں پر اپنی کامیابی کی راہیں ہموار کرتا ہے۔ لمبی قطار صبر، محرومی اور پسماندگی کی علامت ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی زبانیں بند ہیں، جنہیں بولنے یا احتجاج کرنے کی اجازت نہیں۔ ڈاکٹر ایک بااختیار مگر مجبور کردار ہے، جو نظام کا حصہ ہے اور اسی نظام کی ہدایت پر عمل پیرا ہے۔
اسلام۔ عدل، مساوات اور انسانی حقوق کا علمبردار دین ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے:

’إِنَّ اللَّهَ يَأمُرُ بِالْعَدْلِ وَالإِحْسَانِ‘‘

 (النحل: 90) ترجمہ: بے شک اللہ انصاف اور احسان کا حکم دیتا ہے۔ اس تصویر میں جو ظلم اور ناانصافی دکھائی گئی ہے، وہ اسلامی تعلیمات کے بالکل منافی ہے۔ اسلام میں ہر انسان کو برابر سمجھا گیا ہے، خواہ وہ امیر ہو یا غریب، سفید ہو یا سیاہ، عرب ہو یا عجم۔ حضور اکرم ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا: ’’تم سب آدم کی اولاد ہو اور آدم مٹی سے بنے تھے۔ کسی عربی کو عجمی پر اور نہ کسی عجمی کو عربی پر فضیلت ہے، سوائے تقویٰ کی بنیاد پر۔‘‘ اسلامی معاشرے میں صحت، تعلیم، انصاف اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ اس تصویر میں امیر طبقہ جس طرح عام انسانوں کو روند کر آگے نکل رہا ہے، وہ اسلامی مساوات کے اصول کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ تصویر ہمارے موجودہ سماجی، سیاسی اور معاشی نظام کی تلخ حقیقت کو عیاں کرتی ہے۔ جہاں طاقتور کو ہر سہولت میسر ہے اور کمزوروں کو قطاروں، دھکوں، محرومیوں اور انتظار کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ یہ تصویر اس ظلم کو بے نقاب کرتی ہے اور اسلام اسے ختم کرنے کا راستہ دکھاتا ہے۔
ہمیں چاہیے کہ ہم ایک ایسا معاشرہ تعمیر کریں جہاں کسی کے سروں پر چل کر ترقی نہ ہو، بلکہ سب کو برابری کے ساتھ جینے، سیکھنے اور آگے بڑھنے کا حق حاصل ہو۔ اس کے لیے ہمیں اپنے ضمیر کو بیدار کرنا ہوگا، اور اسلامی عدل و مساوات کو عملاً نافذ کرنا ہوگا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥