۶۶؍ سال کے گرچین کی آنکھوں کے سامنے نظام کالونی آباد ہوئی۔ وہ حیدرآباد میں ٹولی چوکی کی نظام کالونی میں ایک چھوٹی سی لانڈری چلا رہے ہیں۔ اس سے پہلے گرچین اولڈ سٹی میں لانڈری چلاتے تھے۔ وہ نظام کالونی سے قریب تین کلومیٹر دور شیخ پیٹ میں رہتے ہیں۔
گرچین جب سترہ سال کے تھے، اس وقت ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔ گرچین کے والد بھی لانڈری کا کام کرتے تھے۔ گرچین اپنے گھر میں والد کے بعد اکیلے مرد تھے۔ لہذا والد کے گزر جانے کے بعد گھر کی پوری ذمہ داری ان کے کاندھوں پر آگئی۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد گرچین کے دور کے رشتے کے ایک بھائی نے نظام کالونی میں آ کر کام شروع کرنے میں ان کی مدد کی۔ گرچین کے مطابق جب وہ اس علاقے میں آئے تھے اس وقت ابھی نظر آنے والے آدھے سے زیادہ مکان اور عمارتیں موجود نہیں تھیں۔ شروع میں ان کی لانڈری کا کرایہ پانچ سو روپے تھا جو اب گیارہ گنا بڑھ کر پچپن سو ہوگیا ہے۔ گرچین اپنی بیوی اور ایک بیٹے کے ساتھ مل کر روزانہ سات سو سے آٹھ سو روپے کی کمائی کر لیتے ہیں۔ اس میں سے سو روپے انھیں استری کے لیے لکڑی کا کوئلہ خریدنے پر خرچ کرنے ہوتے ہیں۔
سیوا میوچولی ایڈڈ کو آپریٹو تھرفٹ اینڈ کریڈٹ سوسائٹی لمیٹیڈ (سیوا میکس) کے ایک پرانے ممبر تاج صاحب نے قریب چار سال پہلے مئی ؍ ۲۰۱۶ میں گرچین کو سوسائٹی کا ممبر بنایا۔ گرچین کو اس وقت ایک نئی استری خریدنے کے لیے پیسوں کی ضرورت تھی۔ تاج صاحب نے انھیں سیوا میکس سے جوڑ کر اور ان کا گارنٹر بن کر ان کی مدد کی۔ لانڈری کے لیے کوئلے سے چلنے والی پیتل کی ایک استری کی قیمت پانچ ہزار روپے ہوتی ہے۔ گرچین ایسی دو استریوں سے لانڈری چلاتے ہیں۔ گرچین نے سیوا سے پہلا قرض ایک استری خریدنے کے لیے لیا تھا۔ جسے انہوں نے ایک ماہ میں ہی واپس کردیا۔ اس قرض پر انہیں محض دو سو روپے کا سروس چارج دینا پڑا تھا۔ گرچین نے بتایا کہ ’’پہلی بار میں میں نے ایک ماہ میں قرض چکا دیا۔ بعد کے قرض میں مجھے روزانہ دو سو روپے ادا کرنے میں دقت ہونے لگی، تو سیوا نے قرض کی مدت کو بڑھا کر تین ماہ کردیا۔‘‘
تہوار اور علاج کے وقت بڑا کارآمد ہے بچت کھاتہ
گرچین کو سیوا سے اب بغیر کسی گارنٹر کے چھوٹا قرض مل رہا ہے۔ انھوں نے اب تک دس بار قرض لیا ہے، وہ کبھی علاج تو کبھی دکان اور مکان کا کرایہ ادا کرنے کے لیے قرض لیتے ہیں۔ گرچین کہتے ہیںکہ ’’سب کچھ رک سکتا ہے مگر کرایہ نہیں۔ مکان مالک پہلی تاریخ کو ہی سر پر سوار ہوجاتے ہیں۔‘‘ پچھلا قرض گرچین نے دکان کا کرایہ ادا کرنے کے لیے لیا تھا، اس وقت انھیں پیسوں کی ضرورت اس لیے پڑی کہ انھیں اپنے سالے کے علاج کے لیے کچھ پیسے خرچ کرنے پڑے اور لانڈری بند رہنے کی وجہ سے ان کی آمدنی متأثر ہوئی۔
ممبر بننے کے بعد گرچین نے سیوا کے بچت کھاتے میں پچاس سے سو روپے جمع کرنے شروع کیے۔ انھوں نے بتایا کہ سیوا میں موجود ان کے کھاتے سے پیسہ نکالنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔ چند منٹوں میں پیسے نکل جاتے ہیں۔ گرچین بچت کھاتے میں جمع پیسوں کا استعمال تہوار میں کپڑے خریدنے اور علاج جیسی ضرورتوں پر کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران انھوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے آمدنی کم ہونے کی وجہ سے وہ کھاتے میں پیسہ جمع نہیں کرپارہے ہیں۔
بیٹی کی شادی کے لیے گھر بیچنے کا درد
سال ؍ ۲۰۰۰ میں گرچین نے بیٹی کی شادی کے لیے حیدرآباد اولڈ سٹی کا اپنا مکان بیچ دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ’’پوری تیاری کے ساتھ بیٹی کی شادی کے لیے سوچا تھا۔ رشتہ طے ہو گیا تھا اور شادی کی تاریخ چھ ماہ بعد کی طے ہوئی تھی، مگر لڑکے والوں نے پندرہ دن بعد آ کر کہا کہ ایک مہینے کے اندر شادی کر لو نہیں تو رشتہ ختم کردیا جائے گا۔ ان حالات میں قرض لینے اور گھر بیچ کر رقم جمع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔‘‘
گرچین نے ۲۰۰۲ میں دو لاکھ روپے میں اپنا گھر بیچ دیا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ آج دس لاکھ روپے میں بھی ویسا گھر نہیں ملے گا۔ حالاں کہ اس وقت گرچین کے پاس یہ آپشن تھا کہ گھر گروی رکھ کر شادی کے لیے قرض لے لیتے مگر انھیں گھر بیچنا ہی زیادہ مناسب لگا۔ ان کے مطابق گھر گروی رکھنے پر اس بات کا خطرہ تھا کہ سود کے چکر میں ہی گھر ہاتھ سے نکل جاتا۔
اب انھیں گھر کا کرایہ ادا کرنے کے لیے کبھی کبھی لون لینا پڑتا ہے۔ انھوں نے گھر بیچنے کے بعد کرائے کے چار مکان بدلے ہیں۔ ابھی جس مکان میں رہتے ہیں اس کا کرایہ ماہانہ چھ ہزار روپے ہے۔ جب کہ سب سے پہلے مکان کا کرایہ ایک ہزار روپے تھا۔
نہیں مل پارہا ہے بڑا قرض
روپے کی گھٹتی قیمت کے ساتھ پانچ ہزار روپے کا قرض گرچین کے لیے چھوٹا پڑ رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’پہلے کے پانچ سو کے مقابلے میں آج کے پانچ ہزار کچھ بھی نہیں ہیں۔ میں سترہ سال کی عمر میں دس روپے لے کر خریداری کرنے نکلتا تھا تو ہفتے بھر کی سبزی اور تھوڑا گوشت لے آتا تھا، پھر بھی سائیکل میں ہوا بھروانے کے لیے پچاس پیسے جیب میں بچے رہ جاتے تھے، آج دس روپے میں چائے تک نہیں آتی۔‘‘
گرچین کو اب تک ہر بار پانچ ہزار روپے کا ہی قرض ملا ہے۔ اب انھیں بڑے قرض کی ضرورت ہے۔ گرچین پیتل کی دو وزنی استری کے سہارے لانڈری چلاتے ہیں۔ گرچین کہتے ہیں کہ پہلے کی استری پندرہ بیس سال چل جاتی تھی، اب تین سال بھی نہیں چل پاتی۔ گرچین سے ہماری ملاقات کے وقت ان کی دونوں استری خراب ہوچکی تھی اور وہ ان میں جالی لگا کر کام چلا رہے تھے۔ اس جالی پر روزانہ بیس روپے خرچ آتا ہے کیوں کہ کوئلے کی آنچ میں یہ جالیاں ایک ہی دن میں جل جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ کپڑے جلنے کا بھی خطرہ رہتا ہے۔ اس صورت حال میں گرچین سیوا سے دس ہزار روپے کا قرض چاہتے ہیں تاکہ دو استری ایک ساتھ خرید سکیں۔
گرچین کہتے ہیں کہ ’’سیوا والے مجھے پہلے کی طرح ابھی بھی پانچ ہزار روپے کا قرض دے رہے ہیں۔ دس ہزار روپے کا قرض مانگنے پر سیوا والے چیک مانگتے ہیں جو میرے پاس نہیں ہے۔ ‘‘ دراصل سیوا پانچ ہزار روپے سے بڑے قرض کے لیے ممبر سے بینک کا چیک اور دکان یا مکان کی رسید جیسے کاغذات مانگتا ہے۔ گرچین کے پاس لانڈری کا رینٹ ایگریمنٹ تو ہے لیکن بینک کا چیک نہیں ہے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ گرچین کے پاس سات آٹھ سال پرانا زیرو بیلنس والا بینک کھاتہ ہے مگر اس میں پیسے نہ ہونے کی وجہ سے گرچین کو چیک بک نہیں مل رہی ہے۔ گرچین کہتے ہیں کہ ’’میں بینک کھاتے میں کچھ پیسے ڈالوں اور نکالوں تب بات بنے گی مگر کھانے پینے، کرایہ ادا کرنے، اور کوئلے کے خرچ کے بعد میرے پاس کچھ بھی نہیں بچتا۔‘‘
مہاجن سے ملی نجات
پرانا بینک کھاتہ ہونے کے باوجود گرچین نے کبھی بینک سے قرض لینے کی کوشش نہیں کی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’مجھے کیا دیکھ کر بینک قرض دیں گے، نہ میری ذات بڑی ہے اور نہ ہی میرے پاس مکان اور دکان ہے۔ کچھ بھی تو نہیں ہے میرے پاس۔‘‘
مہاجن سے قرض لینے کے معاملہ میں گرچین کا تجربہ بہت برا رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ “جب سارے راستے بند ہوگئے تو دو چار بار میں نے مہاجن سے پیسے لیے، مگر ان سے قرض لینے میں بڑا نقصان ہے۔ سیوا والے پانچ ہزار کے قرض پر محض دو سو روپے سروس چارج لیتے ہیں، جب کہ مہاجن نو سو روپے سود لیتا ہے۔ اگر قرض واپس کرنے میں دیر ہوجائے تو مہاجن کا سود اور بڑھ جاتا ہے۔” سیوا کا ممبر بننے کے بعد گرچین کو کبھی مہاجن سے قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑی۔
غریبوں کے لیے سیوا بہت اچھا ادارہ ہے
گرچین بتاتے ہیں کہ ان کو سیوا سے ہمیشہ تعاون ملتا ہے۔ مہینے میں جن دنوں کام میں مندی رہتی ہے اور قرض کی ادائیگی نہیں کرپاتے تو ڈیلی کلکٹر دباؤ نہیں بناتے ہیں۔ گرچین نے بتایا کہ ایک بار وہ کچھ دنوں کے لیے اپنے ایک رشتے دار کے یہاں دسواں کرنے گئے، تو سیوا نے انہیں ڈیلی کلکشن سے چھوٹ دے دی تھی۔
گرچین لون، سروس چارج اور قرض واپسی کی میعاد سے مطمئن ہیں۔ ان کی بس ایک مانگ ہے کہ بغیر چیک کی گارنٹی کے انھیں پانچ ہزار سے زیادہ کا قرض دیا جائے۔ وہ چیک تو نہیں دے سکتے لیکن کسی گارنٹر والی شرط پوری کر سکتے ہیں۔ گرچین کہتے ہیں کہ سیوا میکس کو لوگوں کی ساکھ دیکھ کر کم کاغذات رہنے پر بھی بڑا لون دینا چاہیے۔
گرچین سیوا میکس کی کسی سالانہ میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے ہیں، لیکن وہ اپنے جیسے لوگوں کو سیوا سے جوڑنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ حالاں کہ انھیں ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔ گرچین نے بتایا کہ میں نے سبزی بیچنے والوں اور کرانہ دکان دار جیسے چھوٹے کاروباریوں کو سیوا سے جوڑنے کے لیے تیار کیا ہے۔ ان سے یہ بھی کہا ہے کہ میں ان کا ضمانت دار بھی بنوں گا۔ دیکھیے وہ کب تک سیوا کے ممبر بنتے ہیں۔
گرچین کا کہنا ہے کہ شاید وہ بڑے قرض کے لیے چیک کی شرط کی وجہ سے سیوا سے نہیں جڑ پا رہے ہیں۔ قرض یا اس کے ذریعہ ہونے والی کمائی سے گرچین نے ابھی تک اپنی دکان کے لیے استری کے علاوہ کوئی دوسرا سامان نہیں خریدا ہے۔ فی الحال وہ سیوا کے قرض کی مدد سے اپنی زندگی اور کاروبار کی پریشانیوں سے نبرد آزما ہیں۔
سیوا میکس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ ’’غریب لوگوں، فٹ پاتھ پر سبزی بیچنے والوں، پھیری لگانے والوں کے لیے یہ ایک بہت اچھا ادارہ ہے۔ مہاجن جس قرض کے لیے ایک مہینے میں پانچ سو روپے لیتے ہیں، اتنے ہی قرض کے لیے سیوا میکس والے صرف پچاس روپے لیتے ہیں۔‘‘
٭ ٭ ٭
سیوا میکس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ ’’غریب لوگوں، فٹ پاتھ پر سبزی بیچنے والوں، پھیری لگانے والوں کے لیے یہ ایک بہت اچھا ادارہ ہے۔ مہاجن جس قرض کے لیے ایک مہینے میں پانچ سو روپے لیتے ہیں، اتنے ہی قرض کے لیے سیوا میکس والے صرف پچاس روپے لیتے ہیں۔‘‘


0 Comments