ماؤں کا احساس جرم:ایک خاموش فریاد

ماں کا کردار محض جسمانی دیکھ بھال تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ جذباتی، ذہنی، سماجی اور روحانی سطح پر بھی ایک ماں مسلسل مصروفِ عمل رہتی ہے۔ اسی لیے اگر وہ کسی ایک پہلو میں کمزور پڑ جائے تو دل میں ایک خلش جنم لیتی ہے اور وہ یہ محسوس کرتی ہے کہ اس نے اپنے بچے کا خیال نہیں رکھا، یا اسے وقت پر نہیں پڑھایا، یا کسی اور کا غصہ بچے پر نکال دیا، اسے ڈانٹ دیا یا اسے مار دیا۔ یہ احساس اسے  تکلیف پہنچاتا ہے، جسے ہم “مدر گلٹ” یا “ماں کا احساسِ جرم” کہتے ہیں۔ احساسِ جرم ایک ایسا بوجھ ہے جو اندر ہی اندر ماں کو پریشان کرتا ہے۔ اکثر مائیں پریشان ہوکر سوال کرتی ہیں کہ ہم تو بچوں کو اب تک نافرمانی پر مارتے رہے ہیں۔ کیا بچے کے ذہن پر اس کا اثر غلط پڑے گا؟ 

’مدر غلت‘ کے اس احساس جرم سے ماں کو نکلنا چاہیے۔ یہ ایک طرح سے بوجھ ہے، جو کسی ماں کو تنہا نہیں اٹھانا چاہیے۔ یہ ناکامی کا ثبوت نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کو اپنی اولاد کی کتنی فکر ہے۔ جوں جوں ماں کو بچے کے ارتقائی اور ان کی جسمانی ذہنی تبدیلی سے متعلق سمجھایا جاتا ہے تو وہ احساس جرم کا  شکار ہوجاتی ہیں، اس لیے اس مضمون میں ماں کے اس احساس سے پیدا ہونے والے اثرات پر بات کریں گے۔ ماں کے احساس جرم  پر ہم ذیل میں کچھ کیس اسٹڈی پیش کریں گے، جس سے سمجھنے میں آسانی ہوگی۔
ساجدہ نے بچے کی پرورش پر ایک لیکچر سن کر یہ جانا کہ بچوں کے لیے باہر کا کھانا کس قدر نقصاندہ ہے! وہ دیر تک سوچتی رہی کہ میں اپنے بچے کو گھر کے کھانے کے بجائے ریڈی میڈ کھلا رہی ہوں۔ کیا میں ایک غافل یا لاپرواہ ماں ہوں؟ شاید میں سست ہوں، بچوں کی صحت کا خیال نہیں رکھتی۔ حقیقت یہ ہے کہ ساجدہ ایک مصروف ترین ماں ہے۔ یہ احساس جرم  اسے اندر اندر درد کا شکار بنا رہا ہے جو ساجدہ کی دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس کا منفی اثر یہ ہے کہ ساجدہ خود کو کمزور کرلے اور مثبت اثر یہ ہے کہ جب سنا تبھی سے گھر کا کھانا بچوں کو بنا کر دے اور جو بات بتائی گئی ہے اس کے اثر کو سمجھیں اور بچوں کو راضی کرلیں۔
کبھی کبھار آسان راستہ اختیار کرنا مشکل ہوجاتا ہے اور خواتین خود کی ذہنی صحت بگاڑ لیتی ہیں۔ خود اپنی ذہنی صحت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

دوسرا کیس اسٹڈی

میری بچی نے کلاس میں دوم پوزیشن حاصل کی ہے۔ کیا میں نے اس کی کافی مدد نہیں کی؟ میں ایک اچھی ماں نہیں ہوں؟ مجھ کو اپنی بچی کو خود پڑھانا چاہیے۔ سکینہ کو اپنی بیٹی کے مارکس کم آنے پر بہت ندامت ہے۔ حقیقت بیانی سے کام لیں تو نمبرات کا کم یا زیادہ اہم نہیں ہے۔ کامیابی صرف نمبرات میں نہیں، اعتماد، محنت اور خوشی میں بھی ہے۔ یہاں احساس جرم کے بجائے بچی کو کہیں کہ کوئی بات نہیں، اچھے مارکس ہیں اور اپنے دل میں کہے کہ میری بیٹی نے اپنی کوشش کی اور ہمیں اس کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔

تیسرا کیس

میں بیمار تھی اور بچے کا ہوم ورک نہیں کرا سکی۔ میری بچی کو ہوم ورک کروانا میری ذمہ داری ہے۔ میں ایک اچھی ماں نہیں ہوں۔ ایک احساس جرم یہ بھی ہوتا ہے کہ میں نے غصے میں بچے کو ڈانٹ دیا۔ بچے پر غصہ نہیں اتارنا چاہیے تھا۔ اندر ہی اندر یہ احساس بڑھتا رہتا ہے اور سارا دن ملال بھی۔ پھر بچوں کو قریب بلا کر ان سے معذرت کی جاتی ہے۔ وہ سوچنے لگتی ہے میں جذبات پر قابو نہیں رکھ سکی، میں خراب ماں ہوں۔ ہر انسان غلطی کرتا ہے، لیکن معافی مانگنا اور رویہ درست کرنا تربیت کا اعلیٰ نمونہ ہے۔ اس احساس جرم کو کم کرنے کے لیے یہ بھی سوچا جاسکتا ہے کہ ’’میں نے بچے کو سکھایا کہ معافی مانگنا کمزوری نہیں بلکہ ہمت ہے۔‘‘
میں ماں ہوں بہت سارے کام بیک وقت دیکھنے ہوتے ہیں، کبھی کبھی الجھن کا شکار ہوجاتی ہوں۔ اپنی کوتاہی پر احساس جرم اور ندامت گھیر لیتی ہے لیکن یہ احساس ندامت آپ کو اندر اندر کمزور اور احساس کم تری کی شکار بناتی ہے۔

چوتھا کیس

عائشہ، تین بچوں کی ایک محنتی کام کرنے والی ماں، بے صبری سے اپنے بیٹے کے سالانہ اسکول ڈرامے کا انتظار کر رہی تھی۔ اُس نے اپنی مصروفیات کو ترتیب دینے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن ایک اہم دفتری میٹنگ کی وجہ سے وہ تقریب میں شریک نہ ہو سکی۔ شام کو جب اُس کا بیٹا پرجوش انداز میں اسٹیج پر گزرے لمحات سنانے لگا، تو عائشہ کا دل بیٹھ گیا۔ وہ پوری بات دل سے سن بھی نہ سکی، کیوں کہ اس پر ایک بار پھر وہی مانوس سا احساسِ جرم چھا گیا۔
’’مجھے وہاں ہونا چاہیے تھا۔‘‘ اُس نے سوچا۔ ’’میں کتنی بری ماں ہوں!‘‘ اس کا دکھ صرف ایک موقع ضائع ہونے کا نہیں تھا، بلکہ یہ احساس کہ شاید وہ ماں اور ملازمت دونوں میں اپنا کردار ٹھیک سے ادا نہیں کر پا رہی ہے۔

ماں کا احساسِ جرم کیا ہوتا ہے؟

ماں کا احساسِ جرم وہ گہرا اور مسلسل احساس ہے جس میں وہ خود کو ناکام، کمزور یا قصوروار محسوس کرتی ہے۔ یہ احساس اس وقت جنم لیتا ہے جب کوئی ماں یہ سمجھے کہ وہ سماجی یا ذاتی معیار پر پوری نہیں اُتر رہی ہے یا جب وہ پرورش کے اصول پڑھتی ہے کہ بچوں کو مار کر نہیں، سمجھا کر سکھانا چاہیے اور وہ اس دوران جب غصے میں ہو تو وہ بہت تکلیف میں ہوتی ہے کہ اس نے بچے کو کیوں مارا اور بچے کا بڑا نقصان کردیا۔ ایک تحقیق کے مطابق ۹۴؍ فیصد مائیں والدین کے فرائض کی ادائیگی سے متعلق احساسِ جرم کا شکار ہوتی ہیں۔ ماں کا احساسِ جرم اتنا شدید کیوں ہوتا ہے؟

غیر حقیقی سماجی توقعات

’کامل ماں‘ کا تصور جو ہر وقت صابر، شفیق اور ہر لمحہ موجود ہو، حقیقت سے بہت دور ہے۔ ایسی مثالی ماؤں کی کہانیاں دراصل ’مادرانہ قیافے ‘ (Motherhood Myth) کا حصہ ہیں، جو حقیقی ماؤں کو ناکافی محسوس کراتا ہے۔

روایتی صنفی نظریات

ہماری ثقافت میں یہ توقع پائی جاتی ہے کہ بچوں کی اصل ذمہ داری ماں کی ہے۔ جب ماں خود بھی اس سوچ کو قبول کر لیتی ہے تو کام اور گھر کے درمیان توازن قائم نہ ہونے پر وہ خود کو زیادہ قصوروار سمجھتی ہے۔ جھنجلاہٹ کا شکار ہوتی ہے، تھک جاتی ہے لیکن فرض سمجھ کر گزارا کرتی ہے۔ وہ تقسیم کار کا نظام نہیں اپناتی، وہ ہر کام اپنے سر کرلیتی ہے۔

سماجی تنقید اور دباؤ

دس میں سے نو خواتین کو لگتا ہے کہ ان کی مادری فیصلہ سازی پر دوسروں کی تنقیدی نظر ہے۔ اس مسلسل نگرانی کا احساس بھی جرم اور شرمندگی کو بڑھا دیتا ہے۔ شوہر حضرات بھی بچوں کی تربیت کا مکمل ذمہ دار خاتون کو سمجھتے ہیں اور گاہے گاہے خاتون خانہ کو بچے کی نافرمانی پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

کام اور خاندان میں توازن کی جدوجہد

کام کرنے والی مائیں اکثر بچوں کے ساتھ وقت نہ گزار پانے پر دل گرفتہ ہوتی ہیں، جو کہ احساسِ جرم کا باعث بنتا ہے۔ وہ سوچتی ہیں ان کی ذات گھر کی ذمہ داریوں، جاب اور بچوں کے درمیان بٹ چکے ہے۔

دماغی صحت پر اثرات

کامل ماں بننے کا دباؤ، اضطراب، احساسِ نالائقی اور شرمندگی کو جنم دیتا ہے اور احساسِ جرم کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ دیگر رشتہ دار کے بچوں سے تقابل، کسی کے بچے کو حفظ کرتے یا انھیں تولیم میں آگے دیکھ لیں تو دباو مزید بڑھ جاتا ہے۔

احساسِ جرم کا مثبت پہلو

اگرچہ احساسِ جرم اکثر منفی طور پر لیا جاتا ہے، تاہم یہ اس بات کی بھی علامت ہو سکتا ہے کہ ماں کو اپنی اولاد سے کتنی گہری محبت ہے۔
جب ماں اس جذبے کو ایک ’فکر کی علامت‘ کے طور پر پہچان لے، تو وہ اس پر مثبت انداز سے قابو پا سکتی ہے۔

ماں کے احساسِ جرم سے نمٹنے کے لیے ذیل میں کچھ مشورے دئیے جارہے ہیں:

(۱) ماں ایک انسان ہے، اسے اپنی کمزوریوں پر نگاہ رکھنی چاہیے۔ انسان کی شخصیت خامیوں سے عبارت ہے۔ اس بات کو قبول کریں کہ ’کامل ماں‘ کا تصور محض ایک خیال ہے۔ اپنی انفرادی صورتِ حال کے مطابق مادری کردار ادا کریں۔ اگر کچھ غلط ہوجائے تو آگے بڑھ جائیں اور آئندہ کے لیے لائحہ عمل بنائیں اور احساس جرم کو خود پر حاوی نہ کریں۔
(۲) اپنے آپ سے نرمی سے پیش آئیں، رونے نہ لگ جائیں، اس سے آپ کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے۔ ہر ماں کی زندگی، حالات اور ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ خود کو معاف کرنا سیکھیں اور یہ سمجھیں کہ کوشش ہی اصل کامیابی ہے۔رفتہ رفتہ انسان ان غلطیوں سے ابھرنا سیکھ لیتا ہے۔ بچوں کے سامنے احساس جرم کو ظاہر کرنے سے آپ ان پر اصول نافذ نہیں کرسکتے، اس لیے لمبی سانس لیں اور اس احساس سے خود کو آزاد کریں۔
(۳) پائیدار اور مستحکم تعلقات بنائیں، گھر میں شوہر اور بڑے بچے رشتے دار دوست، اہلِ خانہ یا تھراپسٹ کے ساتھ اپنے احساسات بانٹیں۔ صرف بات کرلینے سے بھی بوجھ ہلکا ہوجاتا ہے۔ پرورش کے طریقے اور پیرینٹنگ کورسیز سے آپ بچوں کی شخصیت کو سمجھنا اور انھیں اپنی بات سمجھانا سیکھ لیتے ہیں۔ اس لیے پیرینٹنگ کوچ یا یوٹیوب ٹیٹوریل سے یا بکس پڑھ کر مدد لے سکتے ہیں۔
(۴) خود پر اعتماد کریں، کم مائیگی کا احساس اعتماد کم کردیتا ہے۔ اپنی محنت، محبت اور نیت کو پہچانیں۔ ہر وہ ماں جو اپنے بچوں کے لیے سوچتی ہے، پہلے ہی ایک کامیاب ماں ہے۔ اب یہ احساس پختہ ہو جانا چاہیے کہ آپ واقعی ایک کامیاب ماں ہیں۔”The Shift Changing the Story You Tell Yourself“ (شعور کی تبدیلی وہ کہانی ہے جو آپ خود کو سناتی ہے)
(۵) امداد باہمی کا مزاج بنائیں اور تعاون لینے اور دینے میں قطعا نہ شرمائیں۔ ایسی اجتماعیت یا خواتین کے گروہ یا کمیونٹی سے جڑیں جو آپ کے جذبات کو سمجھتے ہوں، چاہے وہ دوست ہوں، خاندان ہو یا ماؤں کی سپورٹ گروپس۔ تجربات بانٹنے سے تنہائی کا احساس کم ہوتا ہے اور ایسی خواتین کے پاس اپنے بچوں کے ارتقائی منازل کے تجربات ہوتے ہیں۔
(۶) اپنی ذات کا خیال رکھیں۔ آپ کی صحت ہی سے بچے کی تربیت ممکن ہے۔ آپ کمزور ہوں تو بچے بکھر کر رہ جاتے ہیں۔ آپ اپنی صحت کا خیال رکھیں، شوہر سے بہتر تعلق بھی تقویت دیتا ہے اور دماغ کو الجھنوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اپنے لیے وقت نکالنا ضروری ہے۔ اپنی جسمانی، ذہنی اور روحانی صحت کا خیال رکھنا آپ کو تازہ دم رکھتا ہے، تاکہ آپ اپنے بچوں کے لیے مکمل طور پر موجود رہ سکیں۔ حاضر دماغی سے بچے کو فائدہ ہوگا آپ انھیں ہر معاملے میں رہنمائی کرسکیں گی۔ کمزور مائیں بچوں پر چیختی چلاتی ہیں اور بچے ایسی ماؤں سے بہت جلد دوری بنالیتے ہیں۔
(۷) منفی سوچ کو نئے زاویے سے دیکھیں۔ اپنی خود تنقید، خود ترسی ، خود اذیتی کو حوصلہ مندی میں تبدیل کریں۔ اپنی محنت کو تسلیم کریں اور چھوٹی کامیابیوں کا جشن منائیں۔ یہی چھوٹی چھوٹی جیتیں بڑے فرق کا باعث بنتی ہیں۔
جب مائیں ’ماں کے احساسِ جرم‘ کی وجوہات کو سمجھ لیتی ہیں تو اس احساس سے خود کو آزاد کرانا ان کے لیے نہایت آسان ہوجاتا ہے۔ اگر وہ مختلف موقعوں پر تیز حکمتِ عملی اپناتی ہیں، تو وہ خود سے اور اپنے بچوں سے ایک بہتر تعلق قائم کر سکتی ہیں۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

’مدر غلت‘ کے اس احساس جرم سے ماں کو نکلنا چاہیے۔ یہ ایک طرح سے بوجھ ہے، جو کسی ماں کو تنہا نہیں اٹھانا چاہیے۔ یہ ناکامی کا ثبوت نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کو اپنی اولاد کی کتنی فکر ہے۔ جوں جوں ماں کو بچے کے ارتقائی اور ان کی جسمانی ذہنی تبدیلی سے متعلق سمجھایا جاتا ہے تو وہ احساس جرم کا  شکار ہوجاتی ہیں۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

2 Comments

  1. ثنا خان

    السلام عليكم
    بہت شاندار موضوع جس پر بات کرنا بہت ضروری ہے اج کے زمانے میں بہت اچھے سے سمجھایا محترمہ مبشرہ صاحبہ نے اور ہمیں بہت اچھے نقطہ ملا ہے اپنے بچوں کے لیے کچھ کرنے کا
    جزاک اللہ خیر
    اللہ اپ کو بہترین نعمتوں سے نوازے اور اللہ تعالی ہادیہ میگزین کو دین کی سربلندی کے لیے بہترین رابطہ بنائے

    امین

    Reply
  2. عائشہ کو ثر

    السلام علیکم
    واقعی میں بہت ہی اہم موضوع پر گفتگو کی ہے ماں کی
    ذمہ داری ہے کہ وہ اس احساس جرم سے نکل کر بچوں کے بہترین مستقبل کے لئے کوشاں رہے
    جزاک اللہ خیرا کثیر

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥