سیکھے ہیں مہ رخوں کےلیے۔۔۔
مرزا جب سے بولنا سیکھے ہیں، اپنی زبان کو ہماری ذات پر ورزش کراتے رہتے ہیں اور اکثر تلمیح و استعارے سے معمولی گالی گلوچ میں ادبی شان پیدا کر دیتے ہیں۔ ابھی کل کی بات ہے۔ کہنے لگے، یار! برا نہ ماننا۔ تمہارے فن میں کوئی کروٹ، کوئی پیچ، میرا مطلب ہے، کوئی موڑ نظر نہیں آتا۔ ہم نے کہا: پلاٹ تو اردو ناولوں میں ہوا کرتا ہے۔ زندگی میں کہاں؟ بولے ٹھیک کہتے ہو۔ تمہاری عکاسی بھی تمہاری زندگی ہی کا عکس ہے۔ یعنی اول تا آخر خواری کا ایک ناقابل تقلید اسلوب!
(خاکم بدہن)
افیونی کی جنت
میر صاحب نے اپنے دونوں گھٹنوں کے اندر سے سر نکالتے ہوئے کہا: ’’بھائی سچ تو یہ ہے کہ غنیمت ہے کہ ہم صورت یہاں دو چار بیٹھے ہیں۔ چند روزہ زندگی خود اسی طرح کاٹ دے، پھر مرنے کے بعد تو خدا جانے ہم افیونیوں کا کیا حشر ہوگا؟‘‘
مرزا صاحب نے جو اپنی پیالی کے اندر گویا خود ہی حل ہو جانے کے قریب تھے، خفیف سا ابھرتے ہوئے کہا: ’’مرنے کے بعد حشر کیا ہوگا؟ اماں جنت میں جائیں گے اور کیا ہوگا؟ جنت میں ہم افیونی نہ جائیں گے تو اور کون جائے گا؟ ہم نہ کسی کے اچھے میں نہ برے میں، نہ ہم کو چوری سے مطلب نہ کسی اور برے کام سے۔ بس ایک گوشے میں بیٹھے ہوئے اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔ ہم کو تو سچ پوچھیے گناہ کرنے کی مہلت ہی نہیں ملتی اور یہی سب سے بڑا ثواب ہے کہ انسان گناہ نہ کرے۔ پھر بلا جنت ہمارے لیے نہیں تو کیا ان لوگوں کے لیے ہے جو پینک کو تو برا کہتے ہیں مگر اپنی دنیا بھر کی روسیاہیوں کو نہیں دیکھتے۔‘‘
خان صاحب نے طلشم ہوش ربا کی جلد کے اندر سے نکلتے ہوئے فرمایا: ’’سچ کہتے ہو بھائی مرزا! ہم لوگ تو واقعی جنتی ہیں، سولہ آنا جنتی اور ہم کو جو جنتی نہ سمجھے، اس پر اسی کالی گولی کی مار پڑے۔‘‘
مرزا صاحب نے اپنی نیم آنکھوں سے خان صاحب کو دیکھتے ہوئے کہا: ’’اماں آج اس افیون اور ہم افیونیوں پر ہنسنے والے ہنس لیں۔ ہم کو برا کہنے والے خوب جی کھول کر برا کہہ لیں، مگر جب ہم کو جنت میں دیکھیں گے تو۔۔۔‘‘
میر صاحب نے بات کاٹتے ہوئے ہمہ تن نون غنہ بن کر کہا: ’’جی ہاں پھر پچھتائیں گے کہ زندگی میں اس افیون کی قدر نہ کی، جو دنیا بھر کے گناہوں سے بچاتی ہے۔‘‘
(انتخاب مضامین شوکت تھانوی)
ہندی کلچر
ہندی کلچر کی بے حد تعریفیں سنی تھیں۔ چنانچہ دیکھنے کا شوق تھا (حملے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی تھی۔ فرمانبردار خان کو وقت پر سوچتی نہیں)
عزیزی محمد شاہ سے ذکر کیا۔ وہ بولا کلچر وغیرہ کا تو پتہ نہیں۔ آپ نے ایگری کلچر سنا ہوگا، وہ البتہ مشہور ہے۔ ہم مصر ہوئے تو کہنے لگا آپ سنی سنائی باتوں کا یقین نہ کیجیے۔ ویسے ہمارے یہاں چند ایک باتیں واقعی شہرۂ آفاق ہیں۔ ایک تو یہی قدیمی دواخانے جن کے اشتہار آپ چپے چپے پر دیکھتے ہیں۔ دوسرے قدیم روایات جن کے لیے بھیس بدل کر شہر میں چلنا ہوگا۔ چناں چہ ہم دونوں گئے۔ ایک جگہ ایک شخص جو کہ مدرس تھا، بھینسوں کے آگے بین بجا رہا تھا اور بھینسیں متوجہ نہیں تھیں۔ ایک سیاسی جلسے میں بہت سے حضرات اپنے سامنے ڈیڑھ ڈیڑھ اینٹ رکھے عبارت میں مشغول تھے۔ وہیں ایک شخص کہ باغیرت معلوم ہوتا تھا چلو میں پانی لیے ناک ڈبونے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایک جگہ دو حکام شہر ایک پرندے کو کھینچ کر سیدھا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پرندہ الو تھا۔ ایک نہایت ضعیف بزرگ قبر کے کنارے پاؤں لٹکائے نوجوانوں پر تنقید کر رہے تھے۔ محمد شاہ کے متعلق ہم کہہ نہیں سکتے، البتہ ہم از حد محظوظ ہوئے۔
(مزید حماقتیں، از شفیق الرحمن)
مزاحیہ لطیفے
علامہ اقبال بچپن ہی سے بذلہ سنج اور شوخ طبیعت واقع ہوئے تھے۔ ایک روز جب ان کی عمر گیارہ سال کی تھی، انھیں اسکول پہنچنے میں دیر ہوگئی۔ ماسٹر صاحب نے پوچھا: اقبال تم دیر سے آئے ہو؟ اقبال نے بے ساختہ جواب دیا: جی ہاں، اقبال ہمیشہ دیر سے آتا ہے۔
مجاز جب رانچی کے دماغی اسپتال سے واپس ہوئے تو کسی نے پوچھا: کیا واقعی آپ کی عقل زائل ہوگئی تھی؟ مجاز نے ٹھنڈی سانس بھر کر کہا: برادرم عقل تھی ہی کہاں جو زائل ہوتی۔ عقل ہوتی تو اس ملک میں شاعری کرتے؟
راجیندر سنگھ بیدی کی باتیں بہت دلچسپ اور بے ساختہ ہوتی تھیں۔ ایک بار دہلی کی ایک محفل میں بشیر بدر کو کلام سنانے کے لیے بلایا گیا تو بیدی صاحب نے جو میرے برابر بیٹھے تھے۔ اچانک میرے کان میں کہا: یار ہم نے در بدر، ملک بدر اور شہر بدر تو سنا تھا، یہ بشیر بدر کیا ہوتا ہے؟
٭ ٭ ٭


بہت خوب پیش کیا اپ نے۔۔