دوستی کا رول:رائے عامہ کی مثبت تبدیلی میں

انسان کی شخصیت کو بنانے میں جہاں کئی عوامل کارفرما ہوتے ہیں، وہیں دوستی بھی بہت اہم رول ادا کرتی ہے۔ کچھ دوست بچپن میں ہی بن جاتے ہیں اور ساری عمر وہ دوستی قائم رہتی ہے۔ کچھ دوست جوانی میں بنتے ہیں اور کچھ دوست بڑھاپے میں۔ محلوں میں ایک ساتھ رہتے ہوئے، لمبے سفر میں، کاروبار کرتے وقت اور ملازمت میں کچھ دوستیاں قائم ہو جاتی ہیں۔ موجود دور میں کچھ دوستیاں آن لائن بھی بن جاتی ہیں۔ اسی طرح کچھ دوستیاں بہت گہری ہوتی ہیں اور کچھ سطحی۔ کچھ دوست ایسے ہوتے ہیں جن کے سامنے ہم اپنے دل کے راز بھی بتاتے ہیں اور کچھ دوستیاں سماجی رابطے کے تحت پیدا ہو جاتی ہیں۔
سائنس اور ٹیکنالوجی کے دور میں ترقی ضرور ہوئی ہے، لیکن سماجی رابطے میں کمی پیدا ہو گئی ہے۔ ہم اپنا زیادہ تر فاضل وقت ملاقاتوں اور دوستوں کی خیر خیریت معلوم کرنے کے بجائے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر صرف کر رہے ہیں۔ دور دراز کی خبروں سے واقف ہو رہے ہیں، لیکن پڑوس میں رہنے والے اور قریب کے واقعات سے ناواقف ہیں۔ دوستیاں اور سماجی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے غلط فہمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ دوستیاں ہمیں اس لیے بھی کرنی چاہیے کہ ہم لوگوں کے درمیان میں نیکی کو پھیلا سکیں، اچھے رسم و رواج کو رائج کر سکیں اور بھلائی کے کاموں کو آگے بڑھا سکیں اور اس میں ہر طرح کے افراد سے ہماری دوستیاں ہوں؛ مسلمانوں سے اور برادران وطن و وطنی بہنوں سے، تاکہ ہم آپس میں ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھ سکیں، ایک دوسرے کی مدد اور تعاون کر سکیں۔
ہم اقامت دین کے جس نظریے کے حامل ہیں، اس کو دوسروں تک پہنچانے اور ان کی ذہن سازی کرنے کے لیے ملاقاتیں اور اس سے آگے بڑھ کر دوستی کرنا زیادہ ضروری ہوتا ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے حالیہ میقات کے لیے میقاتی مشن ’’رائے عامہ کی مثبت تبدیلی‘‘ بنایا ہے جس کے لیے لوگوں سے ملاقاتیں کرنا اور دوستیاں بنانا بے انتہا ضروری ہے۔ تبھی ہم اپنا فکر و نظریہ ان کے سامنے بھی ڈسکس کر سکیں گے۔
امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی صاحب اپنی کتاب ’’رائے عامہ کی مثبت تبدیلی: اہمیت، ضرورت اور عملی صورتیں‘‘ میں لکھتے ہیں کہ ’’رائے عامہ کی تبدیلی کے لیے عملی نمونوں کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ سوشل لرننگ تھیوری کے مطابق رائے عامہ پر لوگوں کے اچھے رویوں اور کامیاب عملی نمونوں کا بڑا گہرا اثر پڑتا ہے۔ عملی نمونے لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں۔ ان کے سارے حواس ان نمونوں کے اثرات قبول کرتے ہیں۔ عملی نمونوں میں ایک گونا جذباتی اپیل بھی ہوتی ہے۔ اس لیے جھوٹ کی فریب کاریاں یہاں حقیقت تک پہنچنے میں زیادہ حائل نہیں ہو پاتیں۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ لوگوں کو اسلام کی برکتوں کا زیادہ سے زیادہ مشاہدہ کرنے کا موقع ملے اور وہ خود اپنی انکھوں سے دیکھ کر مثبت رائے بنا سکیں۔ مسلمان زیادہ سے زیادہ عام لوگوں سے تعلقات قائم کریں ان کی دوستیاں اور رفاقتیں صرف مسلمانوں کے دائرے میں محدود نہ رہیں۔ عام لوگوں پر وہ اپنے اخلاق اور کردار کے اثرات چھوڑیں۔ عام لوگوں کو مسلمان خاندانوں کے قریبی مشاہدے کے مواقع ملیں۔ کھانے پینے، رہن سہن، شادی بیاہ، تجہیز و تکفین و آخری رسومات، مختلف عبادات، تیوہاروں اور مراسم کو راست دیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ مساجد میں مدعو کیا جائے۔ مدارس عربیہ کو قریب سے دکھایا جائے۔ جمعہ کے خطبے، تراویح اور رمضان کی راتوں کی سرگرمیاں، حج کے تربیتی پروگرام، فطرہ و زکوٰۃ کی تقسیم، اجتماعات وغیرہ کے موقعوں پر ساتھ رکھنے کی کوشش کی جائے۔‘‘

مسلم اور وطنی بہنوں سے تعلقات بڑھانا

دوستیاں قائم کرنے اور آپسی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے پیش نظر روہینی سنگھ نے اگست ۲۰۲۳ء میں ایک مہم شروع کی تھی جس کا عنوان تھا ’’گھروں کے دروازے کھول دو‘‘۔ روہینی سنگھ لکھتی ہیں کہ ’’میری پیدائش سکھ گھرانے میں ہوئی جس نے ملک کی تقسیم کے دوران قتل عام کے منظر دیکھے۔ میرے دادا اور نانا کو اپنی جائیداد گھر وغیرہ سب کچھ چھوڑ کر پاکستان سے بھارت آنا پڑا۔ اس لیے ہمارے گھر میں مسلمانوں کے بارے میں کچھ کھنچاؤ سا تھا، ایک ایسا شکوہ جو زبان پر تو نہ آتا تھا مگر ہم ان کو اپنی ہجرت کا ذمہ دار ٹھہراتے تھے۔ میری دادی نے اپنے گھر میں خاص طور پر باورچی خانے میں مسلمان ملازم کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتی تھی۔ اسکول میں میرے مسلمان ساتھی تھے لیکن ان کے ساتھ میرا میل جول صرف کلاس تک ہی محدود رہتا تھا۔ مجھے کبھی ان کے گھر جانے کا موقع نہیں ملا۔ جب میں کالج جانے لگی اور آہستہ آہستہ خاندانی بندشوں سے آزادی حاصل کرتی ہوئی، نیز صحافت کے کیریئر کے دوران احباب کا دائرہ بڑھتا گیا تو مسلمان ساتھیوں کو قریب سے جاننے اور پرکھنے کا موقع ملا۔ معلوم ہوا کہ مسلمانوں کے کھانے پینے اور چار شادیاں اور لاتعداد بچے پیدا کرنے کا پروپیگنڈا پھیلایا جاتا ہے۔ مسلمان حقیقت میں ایسے نہیں ہوتے۔ اپنے ماضی میں جھانکتے ہوئے میں اکثر محسوس کرتی ہوں کہ میں نے مسلمانوں کے بارے میں کتنی غلط فہمیاں پال رکھی تھیں اور ان کو حقیقت سمجھتی تھی ایک دوسرے کے بارے میں غلط فہمیاں دل و دماغ میں سموئے ہوئے اور ان پر ہی یقین بھی کرتے آئے ہیں۔ ہم دہائیوں سے نسلی تفریق کی حالت میں جی رہے ہیں اور اس کو تسلیم بھی نہیں کرتے اس مہم کے تحت ایک کمیونٹی کے افراد دوسری کمیونٹی کے افراد کو اپنے گھر دعوت پر بلائیں گے ایک دوسرے کی ثقافت اور مماثلت کو دیکھیں گے اور سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
اس طرح کی مہمات اب وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک دوسرے سے قریب ہو سکیں اور ایک دوسرے کو جان سکیں۔‘‘
اس کی مثالیں ہمیں قرآن و حدیث سے بھی ملتی ہیں۔ جب بھی پیغمبر کسی قوم میں مبعوث ہوئے تو وہ قوم کے لوگوں کو ’’یا قومی! اے میری قوم کے لوگو‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ یعنی نبی اپنی قوم کے بہترین دوست ہوا کرتے تھے۔ ’’اے میری قوم کے لوگو‘‘ اس جملے میں اپنائیت ہے، دوستی کا احساس ہے، جس میں دوست کو نقصان سے بچانے کی فکر ہے۔ دوست کے فائدے کے لیے فکر مند ہیں، حریص ہیں۔ اس احساس کو پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اطراف میں مسلم بہنوں سے اور وطنی بہنوں سے دوستی کریں اور بہن کا سا احساس ان کے اندر پیدا کریں۔ مخاطب سے جتنی گہری دوستی ہوگی، اتنا ہی مخاطب ہماری بات کو بھی غور سے سنے گا اور اگر اسے کچھ اعتراض ہو تو اس کا برا نہیں مانے گا بلکہ گفتگو ہوگی، بحث و تمحیص ہوگی۔ ہماری دوستیاں چاہے وہ مسلم بہنوں سے ہوں یا وطنی بہنوں سے، خیر خواہ کی حیثیت سے ہوں کہ ہم آپ کا بھلا چاہتے ہیں۔ آپ کا نقصان ہمیں پریشان کرتا ہے۔ یہ کیفیت اور یہ جذبہ ہمارے اندر پیدا ہونا ضروری ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے بھی ہمیں یہی نمونہ ملتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کی ہدایت کے لیے حریص رہا کرتے تھے۔ آپ نے ارشاد فرمایا کہ ’’گویا آگ جلی ہوئی ہے اور اس کے ارد گرد پتنگے پھر رہے ہیں اور آگ میں جلنے کا اندیشہ ہے۔ اس مثال سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح کیا کہ میں لوگوں کو آگ سے بچانے کے لیے کمر سے پکڑ پکڑ کر کھینچ رہا ہوں اور لوگ اس میں گرا چاہتے ہیں۔‘‘ یہ جذبہ ہمیں اپنے اندر پیدا کرنا ہے کہ ہم لوگوں کی اخروی نجات کے لیے فکر مند ہوں۔ کیوں کہ دنیا کی زندگی چند روزہ ہے۔ اصلی زندگی آخرت کی زندگی ہے۔ ہم وہاں کی کامیابی چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آخرت میں ہمارا دوست بھی فائدے میں رہے۔ جنت کی نعمتوں میں رہے۔ ان کے اندر دین کا صحیح شعور اور فہم آئے اور اس کے مطابق وہ اپنی زندگی گزاریں۔

دوستی کے بارے میں اسلامی تعلیمات

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تنہا اور غریب وہ شخص ہے جس کا کوئی دوست نہ ہو، مطلب یہ ہے کہ جس طرح پردیس میں انسان اکیلا اور تنہا رہتا ہے اسی طرح دوستوں کے نہ ہونے کی وجہ سے اپنے وطن میں بھی وہ اکیلا اور تنہا رہتا ہے۔

دوست کی سچی خیر خواہی

حضرت ابو درداء اور حضرت عبداللہ بن رواحہ کے درمیان دور جاہلیت میں بڑی گہری دوستی تھی۔ جب اللہ تعالی نے حضرت عبداللہ بن رواحہ کے سینے کو ایمان کے لیے کھول دیا اور وہ اسلام لے آئے تو اس کے بعد وہ اپنے عزیز دوست حضرت ابو درداء کے گھر پر تشریف لے گئے۔ اس وقت تک حضرت ابودرداء ایمان نہیں لائے تھے۔ وہ گھر پر نہیں تھے۔ حضرت عبداللہ بن رواحہ اور ایک صحابی محمد بن مسلمہ رضی اللہ عنہ نے ان کے سارے بتوں کو توڑ دیا جو حضرت ابو درداء کے گھر میں موجود تھے اور جن کی وہ صبح و شام عبادت کیا کرتے تھے۔ حضرت ابو درداء جب گھر لوٹے تو اپنے بتوں کو جمع کرنے لگے اور اپنی بیوی پر سخت غصہ ہوئے کہ تم نے ان دونوں کو ایسا کرنے سے روکا کیوں نہیں؟ وہ بولی اگر یہ بت نفع کے مالک ہوتے یا کسی کو بچانے کے قابل ہوتے تو آج سب سے پہلے وہ خود کو بچا لیتے۔ یہ سن کر حضرت ابو درداء کا دل پسیج گیا اور وہ غسل کر کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ایمان میں داخل ہو گئے۔ یہ واقعہ ایک دوست کی سچی خیر خواہی کرنے اور دوسرے دوست کی اس خیر خواہی کو سمجھنے اور اس کی قدر کرنے کی واضح مثال ہے۔ حضرت عبداللہ بن رواحہ کے اندر اسلام لانے کے بعد جو تڑپ جاگی وہ اپنے جگری دوست کو جہنم کے گڑھے میں گرنے سے بچانے کی تھی اور اپنے دوست کو نیکی کی راہ پر لانے کی تھی۔
اگر کوئی دوست بری صحبت میں پڑ جائے تو ایک لخت اس سے دوری اختیار نہ کی جائے بلکہ اسے سمجھانا چاہیے۔ کیوں کہ اچھے دوست کی خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ اپنے دوست کو بری صحبت میں نہیں چھوڑتا بلکہ اسے برائی سے نکالنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کے لیے اللہ تعالی سے دعا کرتا ہے۔ اس کی عملی صورت حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے عمل سے ملتی ہے کہ ملک شام کا رہنے والا ایک بہادر شخص امیر المومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے پاس آیا کرتا تھا۔ ایک بار کافی عرصے سے وہ نہ آیا تو عمر رضی اللہ عنہ نے اس کے متعلق پوچھا: آپ کو بتایا گیا کہ وہ شراب کے نشے میں رہنے لگا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اسے خط بھیجا، جس میں لکھا تھا: عمر بن خطاب کی جانب سے فلاں کی طرف۔ تم پر سلام ہو۔ میں تمہارے ساتھ اس اللہ کی نعمت کا شکر ادا کرتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ گناہوں کو بخشنے والا، توبہ قبول کرنے والا، شدید پکڑ کرنے والا اور خوب مہربان بھی ہے۔ اس کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں اور اسی کی طرف لوٹنا ہے۔ پھر آپ رضی اللہ تعالی عنہ نے ساتھیوں سے فرمایا: اپنے بھائی کے لیے اللہ تعالی سے دعا کرو کہ اللہ اس کے دل کو پھیر دے اور اس کی توبہ قبول کر لے جب وہ خط اس شخص کے پاس پہنچا تو اس نے پڑھنا شروع کیا اور بار بار کہتا جاتا گناہوں کو بخشنے والا اور توبہ قبول کرنے والا میرے رب نے مجھے اپنی پکڑ سے ڈرایا ہے اور میری بخشش کا وعدہ کیا ہے۔
سچے اور حقیقی دوست کے بارے میں حضرت علی رضی اللہ عنہ نہج البلاغہ میں ارشاد فرماتے ہیں: ’’دوست اس وقت تک دوست سمجھا نہیں جا سکتا جب تک کہ وہ اپنے بھائی کی تین موقعوں پر حفاظت نہ کرے؛ مصیبت کے موقع پر، اس کی غیر موجودگی میں اور اس کے مرنے کے بعد۔‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ سچا دوست وہی ہے جو مصیبت، پریشانی اور برے وقت میں دوست کو چھوڑ کر بھاگے نہیں بلکہ اس کے درد کو سمجھے۔ اس کی پوری طرح مدد کرے۔ دوسری چیز یہ ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں اس کی مدد کرے۔ اگر دوست کے پیٹھ پیچھے کوئی اسے برا بھلا کہہ رہا ہو، اس کے سلسلے میں بدگمانی اور بد کلامی کر رہا ہو برائی کر رہا ہو تو اس کی طرفداری اور حمایت کرے۔ تیسرا امور اس کے مرنے کے بعد کا ہے کہ مرنے کے بعد دوست کے لیے ایصال ثواب کرے۔ دوست کے ادھورے کام کو پورا کرے۔ اہل خانہ کی مدد کرے ان سے اظہار ہمدردی کرے اور حتی الامکان ان کی حمایت کرے۔

٭ ٭ ٭

ہم اقامت دین کے جس نظریے کے حامل ہیں، اس کو دوسروں تک پہنچانے اور ان کی ذہن سازی کرنے کے لیے ملاقاتیں اور اس سے آگے بڑھ کر دوستی کرنا زیادہ ضروری ہوتا ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے حالیہ میقات کے لیے میقاتی مشن ’’رائے عامہ کی مثبت تبدیلی‘‘ بنایا ہے جس کے لیے لوگوں سے ملاقاتیں کرنا اور دوستیاں بنانا بے انتہا ضروری ہے۔ تبھی ہم اپنا فکر و نظریہ ان کے سامنے بھی ڈسکس کر سکیں گے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Sameera shaheen

    Allah hame bhi umda dost ata farmaye hai hamari islah karne wale ho

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥