بیوٹی کلچر:دو دنیا، دو راستے

آج کا انسان بالخصوص نوجوان نسل، ایک ایسی دنیا میں جی رہا ہے جہاں ظاہری خوبصورتی کو کامیابی، مقبولیت اور خوشی کا معیار بنا دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا، اشتہارات اور گلیمر کی صنعت نے حسن کی ایسی مصنوعی تعریف قائم کر دی ہے جو انسانی وقار، تنوع اور اصل شخصیت کو پس منظر میں دھکیل دیتی ہے۔
چہرے کی چمک، جلد کی رنگت، جسمانی ساخت یہ سب ان معیارات میں بدل چکے ہیں جو کسی فرد کی قدر طے کرتے ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ ہم انسان کو انسان کے بجائے ایک ’برانڈ‘ کی صورت دیکھنے لگے ہیں۔ ایسے ماحول میں، ہمیں خود سے سوال کرنا ہوگا کہ کیا ہم واقعی وہی بن رہے ہیں جو ہم ہیں؟ یا صرف وہی دکھا رہے ہیں جو دوسروں کو پسند آئے؟ ان ہی سوالات کی گہرائی میں اترنے کے لیے دو متضاد خواتین کی جھلکیاں سامنے آتی ہیں؛ شفالی جریوالا اور محترمہ دروپدی مرمو۔ ایک طرف ظاہری چمک کی دنیا، دوسری طرف باطنی خوبیوں کی روشنی۔

شفالی جریوالا

2002ء میں “Kanta Laga” ویڈیو سے شہرت پانے والی شفالی جریوالا، بولڈنس، گلیمر اور ظاہری دلکشی کی علامت بن گئ تھیں۔ وہ فیشن اور میوزک انڈسٹری میں ایسے چہرے کی نمائندہ تھیں، جسے ’’پرفیکٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان کی موجودگی اشتہارات، میگزین کورز اور ریئلٹی شوز میں اکثر اسی پیغام کو دہراتی رہی کہ خوبصورت نظر آنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، لیکن کامیابی کا یہ معیار خود اپنے اندر کتنا غیر مستحکم ہے؟
غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق، شفالی جریوالا کا انتقال Anti-Aging Cosmetic Treatment کے دوران ہوا۔ ایک ایسا علاج جس کا مقصد چہرے سے عمر کے نشانات مٹانا ہوتا ہے۔ شفالی جریوالا کا انتقال ۲۷؍جون ۲۰۲۵ء کی شب ہوا۔ وہ ممبئی کے اوشیوارا علاقے میں واقع اپنے گھر میں موجود تھیں، جب انہیں دل کا دورہ پڑا۔ اسی روز وہ اپنا اینٹی ایجنگ علاج لے رہی تھیں، جس میں کچھ سپلیمنٹس اور انجیکشنز شامل تھے۔ شب تقریباً گیارہ بجے انھیں بے ہوش پایا گیا اور فوری طور پر بیلا ویستا ہیلتھ کیئر اینڈ ڈائگناسٹک سینٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کوپر اسپتال میں کیا گیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان کی موت طبعی یعنی قدرتی موت قرار دی گئی، تاہم ان کے استعمال کردہ علاج کے اثرات کو بھی وجہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کی عمر محض 42 برس تھی، لیکن خوبصورتی کے چکر میں جان سے ہاتھ گنوا بیٹھی۔ یہ محض ایک ذاتی سانحہ نہیں، بلکہ بیوٹی کلچر کی جان لیوا شدت کی علامت ہے۔

دروپدی مرمو: وقار اور سادگی کی زندہ مثال

دوسری جانب بھارت کی پہلی قبائلی صدر دروپدی مورمو کی شخصیت ہے، جو خوبصورتی کی تعریف کو کردار، سچائی اور سادگی کے تناظر میں دیکھتی ہیں۔ اوڈیشہ کی ایک معمولی بستی سے نکل کر ایوانِ صدر تک پہنچنا ان کے استقامت بھرے سفر کا ثبوت ہے۔ جب ایک طالبہ نے ان سے پوچھا: آپ میک اپ کیوں نہیں کرتیں؟ تو انھوں نے سادہ مگر باوقار انداز میں کہا: ’’مجھے میک اپ کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی… اور میرے پاس اس کے لیے وقت بھی نہیں ہوتا۔‘‘ یہ جملہ کسی سیاسی شخصیت کا رسمی جواب نہیں، بلکہ ایک کامیاب خاتون کی خود شناسی کا اظہار ہے، جس نے اپنے ہونے کو ظاہر کے بجائے عمل سے ثابت کیا۔ آئیے اب خوبصورتی کی صنعت کا جائزہ لیتے ہیں۔

خوبصورتی کی صنعت: ایک پرسکون زہر
Statista 2024کے مطابق:

بھارت میں بیوٹی اینڈ پرسنل کیئر انڈسٹری کی سالانہ مالیت 1.46لاکھ کروڑ روپئے۔
۲۰۲۶تک متوقع مالیت2.2 لاکھ کروڑ روپئے۔
۶۰؍فیصد مصنوعات نوجوان لڑکیوں کو ہدف بناتی ہیں۔
اشتہارات اور انفلوئنسرز ہر دن ہمیں نیا ضرور آزمایا جانے والا فلٹر، کریم، یا سیرم دکھاتے ہیں۔ہر چہرہ ایک جیسا، ہر مسکراہٹ برانڈڈ اور ہر تصویر ایک بے اصل خواب۔ یہ سب مل کر خود اعتمادی کو مار کر مصنوعی مکملات کا غلام بنا رہے ہیں۔

اشتہارات کے برے اثرات

Delhi University Study 2023 کے مطابق:
۷۲؍ فیصد نوجوان لڑکیاں اشتہارات کی وجہ سے خود کو بدصورت محسوس کرتی ہیں۔
۶۸؍ فیصد لڑکیاں “fairness” یا “slimness” کے دباؤ کا شکار ہیں۔
معاشرہ یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر آپ کا ظاہر خوبصورت نہیں، تو آپ کسی قابل نہیں۔ یہ سوچ یہ رویہ ظالمانہ ہے بلکہ سماجی عدم مساوات، ذہنی دباؤ اور خود نفرت جیسے مسائل کو جنم دیتا ہے۔

موجودہ ہندوستان میں بھوک اور بیوٹی ایک تلخ تضاد

Global Hunger Index 2023 کے مطابق:
بھارت ۱۲۵؍ ممالک میں ۱۱۱؍ ویں نمبر پر ہے۔
ہر تین میں سے ایک بچہ غذائی قلت کا شکار ہے۔
دوسری طرف بیوٹی پراڈکٹس پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔
یہ کوئی اتفاق نہیں۔ یہ ہماری ترجیحات کی خاموش چیخ ہے۔ جسم کے اندر کی بھوک کو ہم نظر انداز کر کے، جسم کے باہر کی چمک پر سرمایہ خرچ کر رہے ہیں۔

دوسرا المیہ خوبصورتی کے مقابلے منعقد کرنا

’’مس انڈیا‘‘ اور ’’مس یونیورس‘‘ جیسے مقابلے بظاہر اعتماد، مواقع اور کامیابی کی علامت بنائے گئے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ غیر حقیقی خوبصورتی کے پیمانے مسلط کرتے ہیں:
مخصوص رنگ، ناپ، وزن، اسٹائل
مخصوص زبان و لہجہ
مخصوص چال، مخصوص مسکراہٹ
Oxford Study 2022 کے مطابق:
یہ مقابلے نوجوانوں میں depression, eating disorders اور خود سے نفرت جیسے نفسیاتی مسائل بڑھا رہے ہیں۔

نوجوانوں کے نام ایک پیغام

زندگی کے ہر موڑ پر جب آپ خود کو آئینے میں دیکھیں تو صرف چہرے کے خد و خال نہ پرکھیں، بلکہ اپنے کردار، رویے، اور انسانیت کے ساتھ اپنے برتاؤ پر بھی غور کریں۔ یاد رکھیں، سچی خوبصورتی وہی ہے جو دلوں کو چھو جائے، جو ساتھ نبھائے اور جو وقت گزرنے کے ساتھ نکھرتی جائے۔ آج کی دنیا میں جہاں تصویریں فلٹر ہو سکتی ہیں، وہاں شخصیت کو فلٹر نہیں کیا جا سکتا۔ اپنی توانائی اس پر صرف کریں کہ آپ ایک بہتر انسان، بہتر دوست، بہتر شہری اور بہتر خاتون بنیں، نہ کہ صرف ایک خوبصورت تصویر۔ کبھی خود سے یہ سوال ضرور کیجیے کہ اگر آئینہ آپ کا ظاہر نہ دکھائے، صرف باطن کو دکھانے لگے، تو کیا آپ خود سے نظریں ملا پائیں گے؟ جیسے کہ کسی دانا نے کہا:

حُسنِ صورت چند روزہ، حُسنِ سیرت مستقل
اُس سے خوش ہوتی ہیں آنکھیں، اُس سے خوش ہوتا ہے دل

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥