ملکی خبریں
۲۰۱۹ء سے اب تک دس لاکھ سے زائد افراد نے ہندوستانی شہریت ترک کی
ہندوستانی باشندے اپنا وطن چھوڑ کر بیرون ملک آباد ہونے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق، ۲۰۱۹ء سے۲۰۲۴ء تک کل۱۰؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار ۸۶۰؍ ہندوستانیوں نے اپنے پاسپورترک کیے۔ ۲۰۲۵ء کے جاری مانسون پارلیمانی سیشن میں، ایک سوال کے جواب میں کہ ’’کیا حکومت اس بات سے آگاہ ہے کہ ۲۰۱۹ء سے ہندوستانی شہریت ترک کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے؟‘‘، وزارت خارجہ نے بتایاکہ ۲۰۱۹ء میں ایک لاکھ ۴۴؍ ہزار ۱۷؍ ، ۲۰۲۰ء میں ۸۵؍ ہزار ۲۵۶؍ ، ۲۰۲۱ء میں ایک لاکھ ۶۳؍ ہزار ۳۷۰؍ ، ۲۰۲۲ء میں ۲؍ لاکھ ۲۵؍ ہزار ۶۲۰؍ ، ۲۰۲۳ء میں ۲؍ لاکھ ۱۶؍ ہزار ۲۱۹؍ ، ۲۰۲۴ء میں ۲؍ لاکھ ۶؍ ہزار ۳۷۸؍ افراد نے ہندوستانی شہریت ترک کی۔
بھارت کے نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے اچانک دیا استعفیٰ
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن بھارت کے نائب صدر جگدیپ دھنکھر کی جانب سے اچانک استعفی دینے کی خبر گردش میں ہے۔ صدر دروپدی مرمو کو بھیجے گئے اپنے استعفی نامے میں دھنکھر نے کہا کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دینا چاہتے ہیں اور ڈاکٹروں کے مشورے پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ صحت کی وجوہات کی بنا پر استعفی دے رہے ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر استعفیٰ منظور کرنے کی درخواست کی۔
دھنکھر کے اس فیصلے پر اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ اور سیاست دانوں نے کئی سوال اٹھائے ہیں۔ اپوزیشن یہ ماننے کو تیار نہیں ہے کہ دھنکھر نے صحت کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ انھوں نے بہت سے امکانات کا حوالہ دیا ہے۔ راجیہ سبھا ایم پی اور کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دھنکھر کو اپنی صحت کو انتہائی اہمیت دینی چاہیے۔ لیکن ان کے غیر متوقع استعفیٰ کے پیچھے بہت سی چیزیں ہیں جو کھلی آنکھوں سے نظر نہیں آتی ہیں۔
عالمی خبریں
گوگل اور مائیکروسافٹ جیسی کمپنیاں نسل کشی اور فوجی کارروائیوں میں اسرائیل کی مددگار: اقوام متحدہ کی چشم کشا رپورٹ
اقوام متحدہ نے ایک تازہ اور چونکا دینے والی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر کی درجنوں بڑی کمپنیاں غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی قبضے اور مظالم سے نہ صرف فائدہ اٹھا رہی ہیں، بلکہ کئی صورتوں میں مظالم کی راہ ہموار بھی کر رہی ہیں۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی نمائندہ، فرانسسکا البانیس نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے والے اسرائیلی اقدامات، جیسے قبضہ، نسل پرستی، جبری ہجرت اور ماورائے عدالت قتل کو تقویت دے رہی ہیں۔
رپورٹ کی تیاری میں تقریباً ایک ہزار کمپنیوں کا ڈیٹا اور دو سو سے زائد تحقیقی پریزنٹیشنز شامل کی گئی ہیں۔ ان میں ۴۸؍ کمپنیوں کی واضح شناخت کی گئی ہے جو براہِ راست فلسطینی علاقوں میں جاری ظلم کی معیشت میں حصہ دار ہیں۔ ان کے ذریعے نہ صرف زمین اور وسائل پر ناجائز قبضے کو ممکن بنایا گیا، بلکہ انسانی حقوق کی شدید پامالیوں جیسے فاقہ کشی، لوٹ مار، اور نسلی امتیاز کو بھی تقویت ملی ہے۔ خصوصاً ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے بعد جب اسرائیلی کارروائیوں میں شدت آئی، تب بھی کئی اداروں نے مظالم کی دستاویز بندی اور حقیقت کا اعتراف کرنے سے دانستہ گریز کیا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان نجی اداروں کو بین الاقوامی قانون کے تحت جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
تین ہفتے میں بھوک مری سے ۲۰؍ بچوں سمیت ۴۸؍ لوگوں کی ہوئی موت: وزارت صحت، غزہ
اسرائیل فلسطین جنگ کے دوران غزہ کی وزارت صحت نے یہ اعلان کیا ہے کہ پچھلے تین ہفتے میں بھوک مری کی وجہ ۴۸؍ لوگوں کی جانیں جاچکی ہیں، جن میں ۲۰؍ بجے بھی شامل ہیں۔ اس میں اس بات کی بھی صراحت کی گئی ہے کہ پچھلے ماہ جولائی میں کم سے کم ۱۳؍ بچوں کی موت کی خبر ملی ہے اور اس میں روز اضافہ ہی ہورہا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments