”داؤدی پتھر“ بہ مقابلہ ”جدعون کا رتھ“

’’داؤد کے پتھر جسے عربی میں ’’حجارۃ داؤد‘‘ اور انگلش میں “Stones of David” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اسرائیل کے خلاف تحریک ’’حماس‘‘ کی عسکری ونگ ’’عز الدین القسام بریگیڈ‘‘ اس نام سے اپنی کاروائیوں کو شائع کرتی ہے، جو اسرائیل کے خلاف پوری شدت کے ساتھ غزہ کے تمام محاذوں پر جاری ہے۔ ’’داؤدی پتھر‘‘ سے مراد حضرت داؤد علیہ السلام کا جالوت کے خلاف جنگ کرنا ہے۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ بنی اسرائیل ایک طویل عرصے سے دشمنوں کے ظلم و ستم کا شکار تھے۔ اس وقت ان پر جالوت بادشاہ مقرر تھا، جو نہایت ہی ظالم و جابر تھا اور اس کا لشکر بہت ہی زیادہ طاقتور اور ہتھیاروں سے لیس تھا، تو بنی اسرائیل نے حضرت سموئیل علیہ السلام ( بعض روایتوں میں شمعون ) سے درخواست کی کہ ان کے لیے ایک امیر مقرر کر دیں، تاکہ وہ دشمنوں کے خلاف جہاد کر سکیں ۔ اللہ تعالیٰ نے ان پر حضرت طالوت علیہ السلام کو مقرر فرمایا، لیکن اکثر بنی اسرائیلی ان کی قیادت میں جہاد و جنگ سے مکرنے لگے اور منھ پھیرنے لگے، بہانے بنانے لگے اور میدان جنگ کی طرف نہیں گئے کہ یکا یک جالوت کا لشکر سامنے آ گیا اور بنی اسرائیل میں خوف و ہراس پھیلا گیا۔
اس وقت حضرت داؤد علیہ السلام اللہ کے حکم سے آگے بڑھے۔ آپ علیہ السلام اس وقت ایک عام سپاہی کی طرح تھے۔ آپ علیہ السلام کے پاس صرف غلیل تھا اور اسی سے جالوت کے سر پر غلیل کے ذریعہ پتھر مارا۔ پتھر اتنی زور سے لگا کہ جالوت وہیں گرا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔ اسی کے ذریعہ حضرت داؤد علیہ السلام کو فتح حاصل ہوئی تھی اور اللہ نے بعد میں حضرت داؤد علیہ السلام کو حکومت و سلطنت سے نوازا۔
یہ ’’داؤدی پتھر‘‘ فلسطین کی جد و جہد کی یاد کو بھی تازہ کر دیتا ہے، جس میں اسرائیل کی جانب پتھر پھینکے گئے اور اسی کو ہتھیار بنا کر اسرائیل کے خلاف علم جہاد کو بلند کیا ہوا تھا۔ اس کا پس منظر کچھ یوں ہے کہ ۱۹۸۷ء میں شروع ہونے والے انتفاضہ ( جسے انتفاضہ الحجارہ بھی کہا جاتا ہے ) جس نے دنیا کو یہ دکھایا کہ فلسطینی بچے، بوڑھے، جوان سب ہی اس تحریک بغاوت کا حصہ ہیں اور سب کے ہاتھ میں بس ایک ہی ہتھیار ہے اور وہ ہے پتھر ۔
اسی انتفاضہ میں فلسطینیوں نے اسرائیلی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں پر اپنی مٹھیوں میں بند چھوٹے بڑے پتھر پھینکے اور اس تحریک نے بتایا کہ ایمان و حوصلہ ہی سب سے بڑی طاقت ہے اور یہی پتھر اسرائیل کو چکنا چور کرتے رہے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے رہے ۔
یوں یہ پتھر فلسطین میں صرف ہتھیار نہیں بلکہ مزاحمت کا استعارہ بن گیا۔ یہ ایک ایسی صدا ہے جو دیوار سے ٹکرا کر پوری دنیا میں گونجتی ہے اور یہی پیغام دیتی ہے ہم زندہ ہیں، ہم جھکے نہیں اور نا ہی تھکے ہیں اور ہم اس وقت تک لڑتے رہیں گے، یہاں تک کہ آزادی کا سورج طلوع ہو جائے ۔
القسام بریگیڈ کا یہ آپریشن اسرائیل کا غزہ پر کنٹرول کیے جانے والے آپریشن کے خلاف تھا، جس میں اسرائیل نے اس آپریشن کا نام ’’جدعون کے رتھ‘‘ اور انگریزی میں “Operation Gideon’s Chariots” کہا جاتا ہے۔ جدعون بائبل ( عہد قدیم ) ایک اسرائیلی قبیلے کا سپہ سالار اور جج کا نام تھا۔ جس نے تھوڑے سے لشکر کے ساتھ بڑی فوج کو شکست دی تھی اور یہود کے مذہب میں اس کی بہت اہمیت ہے، جسے صہیونی ریاست نے اس آپریشن کو اسی کی طرف منسوب کیا اور اپنی مذہبی شدت پسندی کو اس طریقے سے اجاگر کیا، لیکن اسرائیل نے جنگی گاڑیوں کو اپنے رتھ سے منسوب کیا۔ جب کہ جدعون کے دشمن رتھوں میں اپنے ہتھیار وغیرہ لاد کر جنگ کے لیے آتے تھے، جسے جدعون نے کم طاقت کے باوجود ان رتھ کے سواروں کو شکست دی اور اسی رتھ کے جواب میں مجاہدین فلسطین نے ’’حجارۃ داؤد‘‘ نامی آپریشن شروع کیا جو تا حال جاری ہے۔
اس کا آغاز مئی میں غزہ کے بیت لاہیا کیمپ سے شروع کیا گیا، جس میں اسرائیلی فوج کے خلاف فدائی حملے اور نقطہ صفر سے حملے اسنائپر حملے اور گوریلا کاروائیاں شامل ہیں۔ یہ ایسا آپریشن ہے جس نے اسرائیلی فوج کی بنیاد ہلا کر رکھ دی ہے اور’’جدعون کے رتھوں‘‘ کو مسمار کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس سلسلہ میں مجاہدین غزہ نے مختلف تصویری فلمیں شائع کی ہیں جس میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ گھات لگا کر حملے کئے جاتے ہیں کہ جھنڈ کے جھنڈ تباہ ہو جاتے ہیں۔ جنگی گاڑیوں کے نام و نشان مٹ جاتے ہیں۔ ٹینکوں کے پرخچے اڑ جاتے ہیں اور الغول اسنائپر رائفلوں سے اسرائیلی کھوپڑیوں کو اچک لیتے ہیں اور فدائی کاروائی میں مجاہدین ٹینکوں پر چڑھ کر اس کے اندر فلسطینی ساختہ بم ڈال کر اڑا دیتے ہیں پیادہ فوج پر بارودی سرنگوں کے دہانے کھول کر ملیا میٹ کر دیتے ہیں۔
یہ وہ لوگ ہیں جو موت پر بیعت کر چکے ہیں اور ظالموں کو تباہی کا پیغام دے رہے ہیں۔ دشمن سچ کہتا ہے کہ غزہ میں ہم بھوتوں سے لڑ رہے ہیں۔ یہ حقیقت بھی ہے۔ حالاں کہ جنگی کاروائیوں میں ایسا دیکھا گیا ہے کہ دشمن اسنائپر رائفلوں کے ساتھ غزہ کے مکان کی کھڑکیوں میں کھڑے ہیں، لیکن مجاہدین انھیں کے سامنے سے نکل کر ٹینک کو اڑا دیتے ہیں اور بہ حفاظت واپس آجاتے ہیں۔
گویا یہ ایسا ہی ہے جیسے ہجرت کا موقع ہو اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم دشمن کی آنکھوں کے سامنے سے گزر رہے ہیں اور ان پر مٹی ڈال رہے ہیں، لیکن انھیں ذرا بھی احساس نہیں۔ یہی کچھ غزہ میں دیکھنے کو مل رہا ہے کہ اللہ کا لشکر دشمن کے سامنے نمودار ہوتا ہے اور ان کے ٹینک کو تباہ کرکے واپس آجاتا ہے اور ان کی پیادہ فوج پر بم پھینک کر تکبیر بلند کرتا ہے۔
غزہ جدعون کے رتھوں کا ایک مردار قبرستان ثابت ہوا ہے، جہاں رتھوں کے پرخچے بکھرے ہوئے ہیں۔ خان یونس کا علاقہ ہو کہ رفع کی زمین ہو، شجاعیہ محلہ ہو کہ حی زیتون کا خطہ۔ ہر جگہ ایک قبرستان ہے، ان تکبر اور طاقت کے نشے میں چور ظالموں کا، جو اپنی دہشت گردی کو، نسل کشی کو، مذہبی رنگ دینے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، لیکن ہر محاذ پر ہر بڑھتے قدم پر ظالموں کی فوج کے رتھ ان کی قبر بن جاتے ہیں ۔
داؤدی پتھر جدعون کے رتھوں کو اس طرح تباہ کر رہے ہیں کہ انھیں واپس لے جانا اسرائیل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہو گیا ہے اور اسرائیلی فوج ان رتھوں کا جنازہ پڑھے بغیر ہی غزہ کی ریت میں دفن کر دیتے ہیں۔ مزاحمت نے ان رتھوں کو اس طرح تباہ کیا کہ سر زمین میں دھنس گئے اور ان رتھوں کے قدم آسمان کی طرف بلند ہو گئے۔ پرزے اس طرح بکھر گئے، گویا کوئی شیشہ کسی ہلکی سی ٹھوکر پڑنے پر بکھر گیا ہو۔
ائے جدعون کے رتھو! تمہارا مقابلہ داؤد کے پتھر سے ہے جس کا ہر کنکر ایک زلزلہ ہے، ایک قہر ہے، ایک عذاب ہے، ان رتھوں کے لئے، ان ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں اور پیادہ فوجیوں کے لیے، جو غزہ پر قبضے کا خواب دیکھتے ہیں۔ تمہیں ہر ملبے کے نیچے سے داؤدی پتھر کی یلغار ملے گی، ہر گلی میں داؤدی پتھر کے بارود ملیں گے، ہر وہ سر جو ٹینکوں سے باہر ظاہر ہوں گے اسے داؤدی پتھر اچک لے گا۔
غاصب صہیونی ریاست نے جدعون کے رتھ نام سے دوسرا آپریشن شروع کیا ہے، جس میں غاصب صہیونی ریاست کا فیصلہ ہے کہ وہ غزہ پر مکمل طور پر استحکام حاصل کریں گے اور اس کے لیے انھوں نے ایک بڑا لشکر بھی تیار کر لیا ہے۔ اس کی ابتدا حی زیتون، حی صابرہ، غزہ کی پٹی اور خان یونس پر بھاری بمباری کے ساتھ شروع کیا ہے۔ اس کا آغاز بمباری اور عوام پر زہریلی گیسوں اور بم دھماکوں سے شروع کیا ہے۔ ہر بڑھتے قدم پر ہزاروں ٹن وزنی بم کو گرایا جا رہا ہے، لیکن انھیں خود اپنے ۸۰؍ ہزار کے لشکر پر یقین نہیں اور وہ مزید کا مطالبہ کرتے ہیں کہ کم از کم تین لاکھ فوج کے ساتھ لشکر کشی کی جائے، ورنہ یہ ۸۰؍ ہزار کا لشکر جو ہر طرح کے جدید ہتھیار سے لیس ہیں، خودکشی کے مترادف ہے۔ غزہ کی ریت میں دفن ہونے کے لیے یہ لشکر آگے بڑھ رہا ہے تو مجاہدین غزہ کی حکمت عملی سے ان کی راہ بارود سے بھری ہوئی ہے۔ داؤدی پتھر ان رتھوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اسے تباہ کر رہے ہیں کہ ہر قدم پر مزاحمت نے دشمنوں کے لیے موت کا جال بچھا رکھا ہے ۔
ائے قدس کے وارثو! ائے داؤدی پتھر کے وارثو! خدا تمہاری حفاظت کرے۔ تم دشمن الٰہی پر قہر بن کر ٹوٹ پڑو۔ تم دشمن کے بڑھتے ہوئے قدم پر زلزلہ بن کر نازل ہو جاؤ اور ہر ذرے کو بارودی مواد سے بھر کر جدعون کے رتھوں کو تباہ کر دو کہ یہ زمین تو بس آگ کے شعلے پر دہک رہی ہے جس میں جدعون کے رتھوں کو جل جانا ہے۔ اللہ تمہیں کامیاب کرے ائے داؤدی پتھروں کے وارثو! اور تم فتح پاؤ کامیابی تمہارا مقدر ہو۔

داؤد کا پتھر ہے تقدیر کا قاصد
رتھ گر رہے ہیں غرورِ جالوت کے ساتھ ہی

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. سعد صدیقی

    السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کیا حال ہے جناب
    بہت خوب ماشاء اللہ ۔
    اب قسام نے عصاء موسی کے نام سے عملیات کا آغاز کیا ہے اس پہ بھی کچھ لکھ دیں ۔ جزاکم اللہ خیرا

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے