ہم اے سی آن کرکے ڈرائنگ روم یا بیڈ روم یا اپنی کاروں میں ڈرائیو کرتے ہوئے پرسکون ماحول میں اپنے ڈیجیٹل ڈیوائس پر تکلیف دہ فلسطینی خبریں دیکھتے ہیں، تو دل ٹوٹ جاتا ہے اور انھیں درد میں دیکھ کر کراہ اٹھتے ہیں۔ تاہم آج ہم اپنے ہی ملک میں کرب ناک تکلیفوں سے گزرنے والی قوم کی طرف آپ کی توجہ چاہتے ہیں، تاکہ ہم انھیں دعا میں یاد رکھ سکیں اور میڈیا کی توجہ اس ظلم پر مبذول کرواسکیں۔ ہم بات کر رہے ہیں شمالی ہند کے خطہ آسام کی۔ ابھی صرف وہاں کے مظلوم مسلمانوں کی طرف حقوق انسانی کی تنظیمیں اور APCR جیسے فورم متوجہ ہیں، تاہم ہر فرد کو اس طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے۔
آئیے اب آسام کے پس منظر کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آسام بھارت کی شمال مشرقی ریاست ہے، جس کی سرحد بنگلہ دیش سے ملتی ہے۔ برصغیر کی تقسیم (۱۹۴۷ء) کے بعد جب ملکوں کی تقسیم جاری تھی، مرضی سے افراد اِدھر سے اُدھر، اُدھر سے اِدھر منتقل ہوئے تھے۔ اکثر سرحدی علاقوں میں رہنے والے افراد کی منتقلی جاری رہتی تھی، تاہم جب آسام میں بنگلہ دیشی آئے، تو اس وقت تو مقامی لوگوں کو خدشہ ہوا کہ ان کی زمین، زبان اور روزگار پر اثر پڑے گا۔ اسی خیال نے زور پکڑا اور ۱۹۷۹ء میں ’’آل آسام اسٹوڈینٹ یونین‘‘ نے تحریک چلائی کہ غیر ملکیوں کو نکالا جائے۔ اس تحریک کے دوران ہزاروں افراد مارے گئے (جیسے ۱۹۸۳ء میں تقریباً دو ہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل کیا گیا)۔ ۱۹۸۵ء میں اس افراتفری کو ختم کرنے کے لیے آسام معاہدہ ہوا۔ اس معاہدے کی رو سے ’’جو لوگ ۲۵؍مارچ ۱۹۷۱ء کے بعد آئے، وہ غیر ملکی سمجھے جائیں گے۔‘‘
نیشنل رجسٹر آف سیٹزن( NRC) میں پہلی بار بنا، لیکن اب تک دوبارہ اپڈیٹ نہیں ہوا۔۲۰۱۴ءمیں بی جے پی سرکار کے آتے ہی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ۲۰۱۵ء۔۲۰۱۹ء میں آسام میں NRC اپڈیٹ ہوا۔ اگست ۲۰۱۹ء میں فائنل لسٹ آئی، تقریباً ۱۹؍ لاکھ افراد کے نام فہرست میں شامل نہ ہوئے۔ ان میں بڑی تعداد بنگالی بولنے والے ہندو اور مسلمان دونوں کی تھی۔ ان افراد کو رکھنے کے لیے آسام گورنمنٹ نے ڈیٹینشن کیمپ بنارکھے ہیں اور انھیں اجازت دی ہے کہ وہ اپنے ڈاکیومنٹس پروف کروائیں کہ وہ انڈین شہری ہیں۔ چوں کہ CAA کے نئے قانون میں شہریت صرف ہندو کو دی جاسکتی ہے اور مسلمان کو نہیں، اس لیے ڈٹینشن کیمپ میں بھی کئی مسلمان ڈٹینشن میں زندگی گزارنے پر مجبور کردئیے گئے۔
کئی کہانی جو آسام کی میڈیا میں ذکر کی گئی، نہایت تکلف دہ ہے۔ ہم اس درد کو سمجھ سکتے ہیں کہ نام کے کاغذات میچ نہ ہونے یا دستاویز کے گم ہونے یا برتھ سرٹیفیکٹ اگر خاندان کے کسی ایک فرد کا بھی مس ہو تو وہ اپنے خاندان سے جدا کردیا گیا اور ڈیٹینشن کیمپ بھیج دیا گیا۔ سپریم کورٹ میں چلنے والے کیس کے بعد بعض کو فیملی میں واپس دیا جاتا اور بعض انتظار کے سولی پر لٹکے رہتے ہیں۔
وہ نہایت تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان میں بیشتر وہ لوگ ہیں، جو بنگلہ دیشی زبان میں بات کرتے ہیں۔ لسانی منافرت اور نسلی مذہبی منافرت سبھی ایک ساتھ یہاں کام کررہی ہے۔ scrol.in نے اپنی ایک رپورٹ میں بیان کیا ہے کہ ’’آسام کے حالات کچھ ایسے ہوگئے ہیں کہ آسام کے مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے۔ مقامی سطح پر مسلمانوں کو شک و شبہ کی نظر سے دیکھا جانے لگا ہے۔ انھیں نوکریوں، جائیداد اور سماجی تحفظ کے معاملات میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ان سے شدید امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔‘‘
دی وائر کی رپورٹ کے مطابق: ’’شہریت ثابت کرنے کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ غریب خاندان اپنی جائیداد بیچ کر وکیل اور مقدمات کے اخراجات اٹھاتے ہیں۔ اسی طرح انھیں شناخت کا بحران کا بھی سامنے ہے۔‘‘
آسام کے ڈٹینشن کیمپوں کی صورتحال
اوور کراؤڈنگ اور بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے کیمپوں میں لوگوں کو چھوٹی جگہوں میں رکھا جاتا ہے، جہاں صفائی، پانی اور کھانے کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کھانا اکثر خراب یا ناکافی ہوتا ہے اور طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ مثال کے طور پر، آسام کے پناہ گزینوں نے ۲۰۲۴ء میں میٹیا کیمپ میں بھوک ہڑتال کی، جس میں انھوں نے ’’غیر انسانی حالات‘‘ کی شکایت کی تھی، جیسے کہ مناسب کھانا نہ ملنا، طبی امداد کی کمی اور لمبے عرصے تک قید۔ ۲۰۲۵ء میں بھی امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق رپورٹ میں آسام کے کیمپوں میں تشدد ہونے اور انسانوں کے غائب ہونے اور غیر انسانی سلوک کی نشاندہی کی گئی ہے۔
طویل مدتی قید اور ذہنی اثرات
بہت سے لوگ سالوں سے یہاں قید ہیں، جن میں بوڑھے، عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے فروری ۲۰۲۵ء میں آسام حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ ’’غیر ملکیوں کو ہمیشہ کے لیے قید نہیں رکھا جا سکتااور میٹیا کیمپ کی صفائی اور کھانے کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے سرپرائز وزٹ کا حکم دیا۔‘‘ ایک رپورٹ کے مطابق قیدیوں کو مجرموں کے ساتھ سیلز میں رکھا جاتا ہے، جو ان کی ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے۔
خاندانی ملاقاتوں پر پابندیاں
حال ہی میں، کیمپوں میں فیملی وزٹس پر سخت قوانین نافذ کیے گئے، جو قیدیوں کی تنہائی کو بڑھاتے ہیں۔۲۰۲۵ء میں کئی روہنگیا کو عدالت میں اپیل زیر التوا ہونے کے باوجود زبردستی بنگلہ دیش ’’پش بیک‘‘ کیا گیا۔
دی ایکنامک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ’’حال ہی میں ڈی پورٹ کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انتہائی افسوس ناک صورت حال کو واضح کیا کہ آسام پولیس اور BSF نے مشترکہ کارروائی میں ۲۱؍ افراد کو بنگلہ دیشی قرار دیتے ہوئے ۷؍ مرد، ۶؍ خواتین اور ۸؍ بچے کو بنگلہ دیش کی سر بھومی باڈر پر ڈی پورٹ (لے جاکر) چھوڑ دیا ۔
کیا یہ ڈی پورٹیشن کسی قانونی معاملات کے بعد طے پارہے ہیں؟ نہیں ایسا ہرگز نہیں ہے۔ کچھ باڈر سے اور کچھ کو قانونی معاملات کے بعد فلائٹ سے رخصت کیا جاتا ہے، جن خاندانوں کے دستاویزات بنگلہ دیشی پروف ہوں، بنگلہ حکومت انہی کو رکھتی ہے اور جو انڈین شہری ہوں انھیں واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
یہ آسام کے مسلمانوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک ہے اور اس کی جانب میڈیا کی توجہ کرنا اور آسام کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی لازم ہے کہ جو چیز اس قانون میں اہم ہے وہ دستاویزات کا اپ ڈیٹ رکھنا ہے۔ اس لیے ملک کے اچھے اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ہم بھی اپنے خاندان اور زمینی اور ذاتی ریکارڈز کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ اس میں لاپرواہی اور تساہل سے کام نہ لیں۔
٭ ٭ ٭
ہم اے سی آن کرکے ڈرائنگ روم یا بیڈ روم یا اپنی کاروں میں ڈرائیو کرتے ہوئے پرسکون ماحول میں اپنے ڈیجیٹل ڈیوائس پر تکلیف دہ فلسطینی خبریں دیکھتے ہیں، تو دل ٹوٹ جاتا ہے اور انھیں درد میں دیکھ کر کراہ اٹھتے ہیں۔ تاہم آج ہم اپنے ہی ملک میں کرب ناک تکلیفوں سے گزرنے والی قوم کی طرف آپ کی توجہ چاہتے ہیں، تاکہ ہم انھیں دعا میں یاد رکھ سکیں اور میڈیا کی توجہ اس ظلم پر مبذول کرواسکیں۔ ہم بات کر رہے ہیں شمالی ہند کے خطہ آسام کی۔ ابھی صرف وہاں کے مظلوم مسلمانوں کی طرف حقوق انسانی کی تنظیمیں اور APCR جیسے فورم متوجہ ہیں، تاہم ہر فرد کو اس طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے۔


0 Comments