قرآن مجیداور درخت

تمام حمد و ثنا اس رب العزت کے لیے ہے جو تنہا و یکتا اس کائنات کا تصور، خالق، مالک، حاکم مدبر، پرور دوگار، پالنہار و رب ہے۔ اس کائنات کو اللہ نے وجود بخشا، خوب سجایا سنوار، ہر چیز بہترین خلقت پر اور معیاری پیدا کی، اپنی تمام مخلوقات میں انسان کو اشرف ٹھہرایا، بہترین و خوبصورت جسم واعضا، بے پناہ صلاحیتیں، قوتیں، لیاقتیں عنایت فرمائیں۔ ساری دنیا کو انسان کے لیے مسخر کر دیا:

 وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ وَحَمَلْنَاهُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنَاهُمْ مِنَ الطَّيِّبَاتِ وَفَضَّلْنَاهُمْ عَلَىٰ كَثِيرٍ مِمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِيلًا

(بنی اسرائیل : ۷۰) اور بیشک ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی اور ہم نے ان کو خشکی اور تری (یعنی شہروں اور صحراؤں اور سمندروں اور دریاؤں) میں (مختلف سواریوں پر) سوار کیا اور ہم نے انہیں پاکیزہ چیزوں سے رزق عطا کیا اور ہم نے انہیں اکثر مخلوقات پر جنہیں ہم نے پیدا کیا ہے فضیلت دے کر برتر بنا دیا۔

اَللّٰہُ الَّذِیۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضَ وَ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَاَخۡرَجَ بِہٖ مِنَ الثَّمَرٰتِ رِزۡقًا لَّکُمۡ ۚ وَ سَخَّرَ لَکُمُ الۡفُلۡکَ لِتَجۡرِیَ فِی الۡبَحۡرِ بِاَمۡرِہٖ ۚ وَ سَخَّرَ لَکُمُ الۡاَنۡہٰرَ. وَسَخَّرَ لَكُمُ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ دَآئِبَيْنِ ۖ وَسَخَّرَ لَكُمُ اللَّيْلَ وَالنَّـهَارَ. وَاٰتَاكُمْ مِّنْ كُلِّ مَا سَاَلْتُمُوْهُ ۚ وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَتَ اللّـٰهِ لَا تُحْصُوْهَا ۗ اِنَّ الْاِنْسَانَ لَظَلُوْمٌ كَفَّارٌ

(إبراهيم: ٣٢-٣٤) اللہ وہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا فرمایا اور آسمان کی جانب سے پانی اتارا پھر اس پانی کے ذریعہ سے تمھارے لیے رزق کے طور پر پھل پیدا کئے اور اس نے تمہارے لئے کشتیوں کو مسخر کر دیا تاکہ اس کے حکم سے سمندر میں چلتی رہیں اور اس نے تمہارے لئے دریاؤں کو (بھی) مسخر کر دیا اور سورج اور چاند کو تمہارے تابع کر دیا جو ہمیشہ چلنے والے ہیں اور تمہارے لیے رات اور دن کو تابع کیا۔ جو چیز تم نے اس سے مانگی اس نے تمہیں دی۔ اگر اللہ کی نعمتیں شمار کرنے لگو تو انہیں شمار نہ کر سکو گے، بے شک انسان بڑا بے انصاف اور ناشکرا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت و رہ نمائی کا انتظام اول روز سے فرمایا۔ نبی اور رسول بھیجے، کتابیں نازل کیں۔ تمام انبیاء کی ایک ہی دعوت تھی کہ اللہ کی بندگی بجا لاؤ۔

يٰٓـاَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوْا رَبَّكُمُ الَّـذِىْ خَلَقَكُمْ وَالَّـذِيْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ

( البقرہ: ۲۱) اے لوگو اپنے رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں پیدا کیا اور انہیں جو تم سے پہلے تھے تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں مختلف اسلوب و پیرائے میں دلائل سے اس حقیقت کو واضح کیا ہے کہ صرف اللہ ہی تمہارا خالق و مالک ہے لہذا صرف اور صرف اسی کی بندگی بجا لاؤ اور اس کے ساتھ کسی طرح کا شرک نہ کرو۔ قرآن مجید میں درختوں کے نمو اور ان پر پھلوں کے آنے کے مناظر پیش کرکے دعوت توحید دی گئی ہے۔

 فَاَخْرَجَ بِهٖ مِنَ الثَّمَرَاتِ رِزْقًا لَّكُمْ ۖ فَلَا تَجْعَلُوْا لِلّـٰهِ اَنْدَادًا وَّاَنْتُـمْ تَعْلَمُوْنَ

 ( البقرہ: ۲۲) آسمان سے پانی اتارا پھر اس سے تمہارے کھانے کے لیے پھل نکالے، سو کسی کو اللہ کا شریک نہ بناؤ حالاں کہ تم جانتے بھی ہو۔
قرآن مجید میں درختوں کا ذکر کئی پہلو سے کیا گیا ہے۔ اس مضمون میں ہم اس پر مختصراً روشنی ڈالیں گے۔

توحید کا اثبات

انسان کی زندگی کا سب سے اہم اور بڑا مسئلہ عقیدہ کا ہے۔ یہ ایسا مسئلہ ہے کہ اس پر خالق مخلوق کے تعلقات ، انسانوں کے انسانوں سے تعلقات، انسان کا دنیا سے تعلق منحصر ہے۔ اگر عقیدہ درست ہے تو انسان اس دنیا میں امن و چین سے رہے گا اور آخرت میں نجات اور ہمیشہ کی کامیابی کی خلعت سے نوازا جائے گا۔ اسی کے گرد اسی کی ساری سرگرمیاں گھومتی ہیں۔ قرآن نے پوری توجہ اس عقیدہ کو درست کرنے پر مرکوز کی ہے۔ زمین میں پھیلی بے شمار چیزوں سے اللہ کی اولیت کو ثابت کیا گیا ہے۔ آفاق و انفس کے دلائل پیش کیے گئے۔ بحر و بر، انسان کی خلقت کے مختلف مراحل، چرند پرندے جانوروں سے دلائل دیے گئے ہیں۔ ان دلائل میں سے ایک دلیل درختوں و نباتات کی نمو، پکے پھلوں کے مناظر سے پیش کی گئی ہے۔ درختوں کا ذکر کرکے اللہ کے خالقیت و حدانیت کی دلیل دی گئی ہے‌۔
قرآن کہتا ہے وہ اللہ ہی ہے جس نے تمہارے لیے پودے، درخت اگائے، وہی ہے جو بارش برساتا ہے اس کے پانی سے سارے جاندار، نباتات، انسان مستفید ہوتے ہیں۔‌ اس کے بغیر تمہاری زندگی کا تحفظ و بقا ممکن نہیں تھا۔ اس کی قدرت سے ہی انگور، کھجور، زیتون اور طرح طرح کے پھل آتے ہیں۔ جس سے انسان فائدہ اٹھاتا ہے۔ گھٹلی میں سے شاندار درخت نکل آنا حیرت انگیز کرشمہ ہے۔ انسان کو درختوں پر غور و فکر کی دعوت دی گئی ہے۔ اس بات پر متوجہ کیا گیا ہے کہ یہ سب ایک حکیم و دانا ، مدبر ، قدیر اور رحیم و رحمان کی کاریگری فن کاری ہے۔ اگر انسان سنجیدگی سے درختوں کے اگنے اور ان میں سے آنے والے پھلوں پر غور کرے تو اللہ کی قدرت ، حکمت ، رحمت ، طاقت ، بڑائی ، بزرگی کا اعتراف کیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔ درختوں کے پیدا کیے جانے اور ان سے فائدہ اٹھانے کا ذکر کرکے یہ دعوت دی گئی ہے کہ جس خدا نے تمہارے اوپر یہ احسانات کیے ہیں۔ اس کے احسانات کو تسلیم کیا جائے۔ اس کی اہمیت ربوبیت کو تسلیم کیا جائے۔ واحد لا شریک کی عبادت کی جائے۔ زندگی کے تمام معاملات میں اس کو حاکم سمجھا جائے اس کے قانون کی پابندی کی جائے۔

هُوَ الَّذِىۡۤ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً‌ لَّـكُمۡ مِّنۡهُ شَرَابٌ وَّمِنۡهُ شَجَرٌ فِيۡهِ تُسِيۡمُوۡنَ۔ يُنۡۢبِتُ لَـكُمۡ بِهِ الزَّرۡعَ وَالزَّيۡتُوۡنَ وَالنَّخِيۡلَ وَالۡاَعۡنَابَ وَمِنۡ كُلِّ الثَّمَرٰتِ‌ؕ اِنَّ فِىۡ ذٰ لِكَ لَاٰيَةً لِّـقَوۡمٍ يَّتَفَكَّرُوۡنَ ۞

(النحل: ۱۰، ۱۱) ”وہی ہے جس نے آسمان سے پانی اتارا، تمہارے لیے اس سے پینا ہے اور اسی سے پودے اگتے ہیں۔ جن میں تم چراتے ہو۔ وہ تمہارے لیے اس کے ساتھ کھیتی اور زیتون اور کھجور اور انگور اور ہر قسم کے پھل اگاتا ہے۔ بیشک اس میں ان لوگوں کے لیے بڑی نشانی ہے جو غوروفکر کرتے ہیں۔‘‘

وَاٰيَةٌ لَّهُمُ الۡاَرۡضُ الۡمَيۡتَةُ ۖۚ اَحۡيَيۡنٰهَا وَاَخۡرَجۡنَا مِنۡهَا حَبًّا فَمِنۡهُ يَاۡكُلُوۡنَ ۞

(يس : ۳۳) ان لوگوں کے لیے مردہ زمین بھی ایک نشانی ہے ہم نے اسے زندگی بخشی اور اس سے غلہ نکالا جسے یہ لوگ کھاتے ہیں۔

وَجَعَلۡنَا فِيۡهَا جَنّٰتٍ مِّنۡ نَّخِيۡلٍ وَّاَعۡنَابٍ وَّفَجَّرۡنَا فِيۡهَا مِنَ الۡعُيُوۡنِۙ ۞

(يس: ۳۴) ہم نے اس میں کھجوروں اور انگوروں کے باغ پیدا کیے اور اس میں چشمے جاری کیے۔

لِيَاۡكُلُوۡا مِنۡ ثَمَرِهٖ ۙ وَمَا عَمِلَـتۡهُ اَيۡدِيۡهِمۡ‌ ؕ اَفَلَا يَشۡكُرُوۡنَ ۞

 (يس: ۳۳) تاکہ یہ لوگ اس کے پھل کھائیں یہ سب کچھ ان کے ہاتھوں کا پیدا کیا ہوا نہیں ہے اس کے باوجود یہ شکر ادا نہیں کرتے

سُبۡحٰنَ الَّذِىۡ خَلَقَ الۡاَزۡوَاجَ كُلَّهَا مِمَّا تُنۡۢبِتُ الۡاَرۡضُ وَمِنۡ اَنۡفُسِهِمۡ وَمِمَّا لَا يَعۡلَمُوۡنَ‏ ۞

(يس: ۳۶) پاک ہے وہ ذات جس نے تمام اقسام کے جوڑے پیدا کیے۔ وہ زمین کی نباتات میں سے ہوں یا انسانوں میں سے یا ان چیزوں میں سے جن کو یہ نہیں جانتے۔
سورہ انعام میں اپنی قدرت کے مختلف مناظر کا ذکر کرتے ہوئے نباتات، درختوں، باغات، پھلوں کا تذکر کرکے صاف واضح انداز میں توحید کی دعوت دی ہے۔

 وَهُوَ الَّذِىۡۤ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً‌ ۚ فَاَخۡرَجۡنَا بِهٖ نَبَاتَ كُلِّ شَىۡءٍ فَاَخۡرَجۡنَا مِنۡهُ خَضِرًا نُّخۡرِجُ مِنۡهُ حَبًّا مُّتَرَاكِبًا‌ ۚ وَمِنَ النَّخۡلِ مِنۡ طَلۡعِهَا قِنۡوَانٌ دَانِيَةٌ وَّجَنّٰتٍ مِّنۡ اَعۡنَابٍ وَّالزَّيۡتُوۡنَ وَالرُّمَّانَ مُشۡتَبِهًا وَّغَيۡرَ مُتَشَابِهٍ‌ ؕ اُنْظُرُوۡۤا اِلٰى ثَمَرِهٖۤ اِذَاۤ اَثۡمَرَ وَيَنۡعِهٖ ؕ اِنَّ فِىۡ ذٰ لِكُمۡ لَاٰيٰتٍ لِّقَوۡمٍ يُّؤۡمِنُوۡنَ ۞

 (الأنعام: 99) ’’اور وہی ہے جس نے آسمانوں سے پانی اتارا تو ہم نے اس کے ساتھ ہر چیز کی انگوری نکالی، پھر ہم نے اس سے سبز کھیتی نکالی جس میں سے ہم تہ بہ تہ چڑھے ہوئے دانے نکالتے ہیں اور کھجور کے درختوں سے ان کے گابھے میں سے جھکے ہوئے خوشے ہیں اور انگوروں اور زیتون اور انار کے باغات ملتے جلتے اور مختلف ہیں۔ اس کے پھل کی طرف دیکھو جب وہ پھل لائے اور اس کے پکنے کی طرف۔ بیشک اس میں ان لوگوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں جو ایمان لاتے ہیں۔‘‘

 آخرت کا اثبات

قرآن مجید میں درختوں کا ذکر آخرت کے اثبات کے لیے بھی کیا گیا ہے، یعنی مرنے کے بعد ایک دن دوبارہ اٹھایا جائے گا۔ جس طرح بنجر زمین بارش ہونے پر لہلہانے لگتی ہے ۔ مردہ زمین زندہ ہوجاتی ہے۔ اس میں درخت اگ آتے ہیں۔ پھر درخت سوکھ جاتے ہیں۔ گھٹلی جو بے جان ہوتی ہے اس میں کوئی جان ڈالتا ہے وہ اللہ ہی تو ہے جو دانے اور گٹھلی سے ایک بڑا درخت نکال لاتا ہے اور پھر اس میں اس طرح طرح کے انواع و اقسام کے پھل، شکل و صورت میں بھی الگ الگ مزے میں بھی جدا جدا کون ہے جو پھلوں میں مٹھاس پیدا کردیتا ہے وہ اللہ ہی ہے جو بے جان گھٹلی سے مضبوط تناور پیڑ اگاتا ہے۔ وہی اللہ مرنے کے بعد ایک دن انسانوں کو بھی دوبارہ اٹھائے گا۔ لہذا انسانوں کو اللہ کی ربوبیت خالقیت کو تسلیم کرکے اس کی بندگی بجا لانا چاہیے۔

اِنَّ اللّٰهَ فَالِقُ الۡحَبِّ وَالنَّوٰى‌ؕ يُخۡرِجُ الۡحَىَّ مِنَ الۡمَيِّتِ وَمُخۡرِجُ الۡمَيِّتِ مِنَ الۡحَىِّ ‌ؕ ذٰ لِكُمُ اللّٰهُ‌ فَاَنّٰى تُؤۡفَكُوۡنَ ۞

( الأنعام: ۹۵) ’’بیشک اللہ دانے اور گٹھلی کو پھاڑنے والا ہے۔ وہ زندہ کو مردہ سے نکالتا اور مردہ کو زندہ سے نکالنے والا ہے یہی اللہ ہے پھر تم کہاں بہکائے جاتے ہو ؟‘‘

 درختوں سے تذکیر و یاد دہانی

درختوں کا ذکر اس پہلو سے بھی آیا کہ یہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں ان کے اگنے اور ان کے پھلوں اور ان کے مختلف فوائد پر انسان کو غور کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ کرہ ارض کے مختلف حصّوں میں الگ الگ طرح کے درخت اگتے ہیں۔ پہاڑوں پر گھنے لمبے لمبے پیڑ ہوتے ہیں جب کہ سطح زمین کے پیڑ گھنے اور سایہ دار ہوتے ہیں۔ ان کی مختلف وضاحتیں بھی الگ الگ ہوتی ہے۔ ان کے پھل بھی مختلف النوع کے ہوتے ہیں۔ ایک ہی درخت پر اگنے والے پھل ذائقہ میں مختلف ہوتے ہیں۔ ان درختوں سے الگ الگ فوائد ہیں۔

وَهُوَ الَّذِىۡ مَدَّ الۡاَرۡضَ وَجَعَلَ فِيۡهَا رَوَاسِىَ وَاَنۡهٰرًا‌ ؕ وَمِنۡ كُلِّ الثَّمَرٰتِ جَعَلَ فِيۡهَا زَوۡجَيۡنِ اثۡنَيۡنِ‌ يُغۡشِى الَّيۡلَ النَّهَارَ‌ ؕ اِنَّ فِىۡ ذٰ لِكَ لَاٰيٰتٍ لِّـقَوۡمٍ يَّتَفَكَّرُوۡنَ ۞

(الرعد: ۳) ’’اور وہی ہے جس نے زمین کو پھیلایا اور اس میں پہاڑ اور ندیاں بنائیں اور اس نے ہر طرح کے پھلوں کے جوڑے پیدا کیے، وہ رات کو دن پر اوڑھا دیتا ہے، بلاشبہ اس میں ان لوگوں کے لیے ضرور بہت سی نشانیاں ہیں جو غوروفکر کرتے ہیں۔ ‘‘

وَ فِى الۡاَرۡضِ قِطَعٌ مُّتَجٰوِرٰتٌ وَّجَنّٰتٌ مِّنۡ اَعۡنَابٍ وَّزَرۡعٌ وَّنَخِيۡلٌ صِنۡوَانٌ وَّغَيۡرُ صِنۡوَانٍ يُّسۡقٰى بِمَآءٍ وَّاحِدٍ وَنُفَضِّلُ بَعۡضَهَا عَلٰى بَعۡضٍ فِى الۡاُكُلِ‌ؕ اِنَّ فِىۡ ذٰ لِكَ لَاٰيٰتٍ لِّـقَوۡمٍ يَّعۡقِلُوۡنَ‏ ۞

( الرعد:۴) ’’اور زمین کے ایک دوسرے سے ملے ہوئے مختلف ٹکڑے ہیں اور انگوروں کے باغ اور کھیتیاں اور کھجور کے درخت ہیں۔ بہت سے تنوں والے اور ایک تنے والے بھی جنہیں ایک ہی پانی سے سیراب کیا جاتا ہے اور ہم ان میں سے ایک دوسرے کو پھل میں فوقیت دیتے ہیں۔ اس میں ان لوگوں کے لیے یقیناً بہت سی نشانیاں ہیں جو سمجھتے ہیں۔‘‘
آگ انسان کی بنیادی ضروریات میں سے ہے پہلے تو سب آگ پر ہی کھانا بناتے تھے اور آج گیس چولہے کے باوجود دنیا کی بڑی آبادی آگ پر کھانا بناتی ہے، خاص کرکے بڑے کھانوں میں لکڑی جلاکر ہی کھانا تیار کیا جاتا ہے ۔ یہ آگ درختوں کی لکڑی سے انسان کو حاصل ہوتی ہے یہ درخت اللہ تعالیٰ نے اگائے۔ اس کے ذریعے بھی اللہ تعالیٰ یاد دہانی کروائی ہے۔

 اَفَرَءَیْتُمُ النَّارَ الَّتِیْ تُوْرُوْنَؕ. ءَاَنْتُمْ اَنْشَاْتُمْ شَجَرَتَهَاۤ اَمْ نَحْنُ الْمُنْشِئُوْنَ. نَحْنُ جَعَلْنٰهَا تَذْكِرَةً وَّ مَتَاعًا لِّلْمُقْوِیْنَۚ.

(الواقعہ: ۷۱،۷۳) کبھی تم نے غور کیا کہ جو آگ تم سلگاتے ہو، اس کا درخت تم نے پیدا کیا ہے یا ہم اسے پیدا کرنے والے ہیں؟ ہم نے اس کو نصیحت کا ذریعہ اور حاجت مندوں کے لیے زندگی کا سامان بنایا ہے ۔

ثُمَّ كُلِىۡ مِنۡ كُلِّ الثَّمَرٰتِ فَاسۡلُكِىۡ سُبُلَ رَبِّكِ ذُلُلًا‌ ؕ يَخۡرُجُ مِنۡۢ بُطُوۡنِهَا شَرَابٌ مُّخۡتَلِفٌ اَلۡوَانُهٗ فِيۡهِ شِفَآءٌ لِّلنَّاسِ‌ؕ اِنَّ فِىۡ ذٰ لِكَ لَاٰيَةً لِّقَوۡمٍ يَّتَفَكَّرُوۡنَ‏ ۞

( النحل: ۶۹) ’’پھر ہر قسم کے پھلوں سے کھائے اور اپنے رب کے راستے پر چلے جو آسان کیے ہوئے ہیں ان کے پیٹوں سے پینے کے لیے شہد نکلتا ہے جس کے رنگ مختلف ہیں اس میں لوگوں کے لیے شفا ہے۔ اس میں ان لوگوں کے لیے یقیناً نشانی ہے جو غوروفکر کرتے ہیں۔‘‘

 امتحان

قرآن مجید میں بعض مقامات پر درختوں کا ذکر انسانوں کے امتحان لینے کے طور پر آیا ہے۔ جنت میں آدم ؑ کی آزمائش ایک درخت سے ہی کی گئی ایک ایک خاص درخت کے پاس جانے سے منع کیا گیا اور شیطان نے انہیں بہکا کر کھلا دیا۔
اس طرح آدم علیہ السلام کا جو امتحان و آزمائش درخت کے ذریعہ کی گئی۔ درختوں اور ان کے پھلوں سے عام انسانوں کی بھی آزمائش ہوتی رہتی ہے۔

وَقُلۡنَا يٰٓـاٰدَمُ اسۡكُنۡ اَنۡتَ وَزَوۡجُكَ الۡجَـنَّةَ وَكُلَا مِنۡهَا رَغَدًا حَيۡثُ شِئۡتُمَا وَلَا تَقۡرَبَا هٰذِهِ الشَّجَرَةَ فَتَكُوۡنَا مِنَ الظّٰلِمِيۡنَ ۞

(البقرة: ۳۵) ہم نے فرمایا کہ اے آدم تم اور تمہاری بیوی جنت میں رہو اور جہاں سے چاہو وافر کھاؤ اور اس درخت کے قریب نہ جانا ورنہ تم ظالموں میں شمار ہوگے۔
عام انسانوں کے لیے بھی اس میں امتحان ہوتا ہے مثلاً کسی کے پاس باغات ہوتے ہیں تو اس کو اسیر گھمنڈ ہوجاتا وہ اس پر فخر جتاتا ہے۔ سورہ کہف ۳۲تا ۴۴تک دو باغ والوں کا قصہ تفصیل سے بیان ہوا ہے اس میں ایک شخص بہت سے باغ پاکر آپے سے باہر ہوگیا اللہ کی ناشکری کرنے لگا۔ فخر و گھمنڈ جتانے لگا۔
حاصل گفتگو یہ ہے کہ قرآن مجید میں درختوں کا مختلف پہلؤوں سے ذکر کر کے انسان کو اس کے مقصد زندگی سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اس کو درختوں کے مختلف مراحل اور ان کے مختلف النوع فوائد سے مستفید ہونے کا تذکرہ کر کے غور و فکر کی دعوت دی گئی ہے، توحید و آخرت کا اثبات پیش کیا گیا ہے، درختوں کی حیرت انگیز خلقت سے توحید و آخرت کی دلیل پیش کر کے ان کو تسلیم کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اللہ کو مان کر اس کی اطاعت قبول کرنے پر ہی آخرت کی کامیابی کی ضمانت دی گئی ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ درختوں سے ہم کو نصیحت حاصل کرنے کی توفیق عنایت فرمائے۔ آمین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥