بچوں کی دیکھ بھال سے لے کر ان کی تربیت تک ماؤں کو کتنی صعوبتیں اٹھانی پڑتی ہیں،کن کن جذباتی کیفیتوں سے گزرنا پڑتا ہے،نہ جانے کتنی راتیں جاگنی پڑتی ہیں۔۔۔ ان تمام مراحل سے گزرنا مرد کے بس کی بات تو نہیں ہے، لیکن یہ کتاب اگر مرد حضرات بھی پڑھ لیں تو اپنی بیوی کی ذہنی صحت کا خیال رکھنا شروع کر دیں گے۔ کیونکہ قوم کی تعمیر کے ان مرحلوں میں عورت کو ذہانت و دوراندیشی بھی درکار ہوتی ہے، جس کے لیے عورت کا ذہنی صحت مند ہونا لازمی ہے۔
ہمارے معاشرے میں عورت کو جسمانی و ذہنی دونوں اعتبار سے اتنا تھکا دیا جاتاہے کہ وہ بچوں کی تربیت تو دور، خوداپنی ذات بھی فراموش کر بیٹھتی ہیں۔ کتاب میں خواتین کی ذہانت،شجاعت،تقویٰ،پرہیزگاری اور بہادری آج کی عورتیں تبھی اپنے اندر لا سکیں گی جب وہ اپنی اہمیت سے واقف ہوں گی۔
موصوف کئی سنہری کتابوں کے مصنف ہیں۔ سنہری کرنیں، سنہرے اوراق، سنہرے حروف، آفتابِ نبوت کی سنہری شعاعیں، سنہرے فیصلے و سنہرے نقوش وغیرہ۔
فی الحال بات کرتے ہیں کتاب ’’سنہری کرنیں‘‘ کی۔ جہاں مسلم خواتین کے اعلیٰ اقدار کے روشن تذکرے ہیں۔اُن تذکروں کا مطالعہ کرنے پر یہ بات آشکار ہوتی ہے کہ اسلام سے خواتین کو جو مقام اور اہمیت حاصل ہو رہی ہے، اس کی مثال دنیا کا کوئی دوسرا مذہب دینے سے قاصر ہے۔ ہم جانتے ہیں، مگر غیروں کے سوالوں میں الجھ جاتے ہیں کہ ہماری قوم میں عورتوں کے کوئی حقوق نہیں،اس لیے اپنی قدر جاننے اور نہ جاننے والی تمام عورتوں کو اس کتاب کا مطالعہ لازماً کرنا چاہیے، تاکہ اپنے اندر متذکرہ خواتین کی صفات پیدا کرسکیں۔ اچھی بیٹی بنیں،کامیاب والدہ بنیں،وفادار بیوی بنیں، مددگار بہن بنیں اور دنیاکو دکھا سکیں کہ اسلام کیا ہے! ہماری قوم و ملت کی بچیوں کو یہ کتاب ضرور بالضرور پڑھنا چاہیے، تاکہ وہ اپنی خودی کو پہچانیں، اور اس غلط فہمی کے خول سے باہر نکل کر اسلام کو سمجھیں، جو یہ سمجھتی ہیں کہ حجاب میں رہ کر کچھ نہیں کیا جاسکتا،یا اسلام میں عورت کو کوئی اختیار نہیں ۔سو وہ ترقی بھی نہیں کرسکتیں۔یاد کیجئے حضرت خدیجہ ؓکو، جو بزنس وومن تھیں، یاد کیجئے رفیدہ کو جواسلام کی پہلی ڈاکٹر تھیں،یادکیجئے اماں عائشہؓ کو، خولہ کو اور بھی دائرہ اسلام میں کامیاب خواتین ہم نے میراث میں پائی ہیں۔ سبھی کو یاد کیجئے، اُن جیسی بنیے، اور دنیا کو دکھلا دیجیئے کہ اسلام میں رہ کر آپ طبیب بھی بن سکتی ہیں، انجینئر بھی، استاد بھی، عالمہ و فاضلہ بھی، فقیہہ اور خطیبہ بھی اور بھی دیگر۔۔۔
مصنف، یعنی عبدالمالک مجاہد کی اہلیہ کی کاوش کا اگر ذکر نہ کیا جائے تو تبصرہ کا حق ادا نہیں ہو سکے گا، کیونکہ کتاب کی تکمیل اور کتاب میں موجود تمام واقعات میں موصوف کی اہلیہ کا اہم کردار ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments