سبزی خوری کی تلقین درست لیکن گوشت خوری سےدشمنی کیوں ؟

۱۹؍ ستمبر۲۰۱۵ء کی شب کچھ انتہا پسندوں نے ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کے قصبہ دادری کے ایک مندر سے اشتعال انگیز نعرے لگا کر  بھیڑکو جمع کر لیا۔ یہ بھیڑ ’’اخلاق احمد‘‘ کے گھر میں گھسی، فرج کھولا، اس میں موجود گوشت کو ’’گائے کا گوشت‘‘ قرار دیا اور اسے ایک مجربانہ حرکت قرار دیتے ہوئے اخلاق اور اس کے بیٹے کو گھرسے باہرنکالا۔انہیں بے دردی سے زدوکوب کیا، جس کی تاب نہ لا کر اخلاق زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ جب کہ اس کا بیٹا شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج رہا۔ جب بعد میں فریج میں موجود گوشت کے معائنے کے بعد سرکارکی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ یہ گائے کا نہیں بلکہ بکرے کا گوشت تھا۔ ۱۹؍ ستمبر۲۰۱۵ء کی شب کچھ انتہا پسندوں نے ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کے قصبہ دادری کے ایک مندر سے اشتعال انگیز نعرے لگا کر  بھیڑکو جمع کر لیا۔ یہ بھیڑ ’’اخلاق احمد‘‘ کے گھر میں گھسی، فرج کھولا، اس میں موجود گوشت کو ’’گائے کا گوشت‘‘ قرار دیا اور اسے ایک مجربانہ حرکت قرار دیتے ہوئے اخلاق اور اس کے بیٹے کو گھرسے باہرنکالا۔انہیں بے دردی سے زدوکوب کیا، جس کی تاب نہ لا کر اخلاق زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ جب کہ اس کا بیٹا شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج رہا۔ جب بعد میں فریج میں موجود گوشت کے معائنے کے بعد سرکارکی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ یہ گائے کا نہیں بلکہ بکرے کا گوشت تھا۔ یہ صرف ایک واقعہ نہ تھا،بلکہ ۲۰۱۵ء سے اب تک پورے ملک میں اس طرح کے واقعات برابر پیش آرہے ہیں۔ ایک طبقہ ملک کے دوسرے تمام باشندوںپرزندگی کے تمام معاملات میں اپنی مرضی اور پسند و ناپسند کو تھوپنا چاہتا ہے۔ ان کا رہن سہن کیسا ہو؟ وہ کیسا لباس پہنیں؟ وہ کیا کھائیں ؟اور کیا نہ کھائیں؟ یہ سب کام لوگ ان کی مرضی کے مطابق انجام دیں۔ حالاں کہ عدل و انصاف پر مبنی کسی بھی سماج میں ہر فرد کو اپنی خوراک کے انتخاب کی مکمل آزادی ہونی چاہیے۔ اگر کسی خاص غذا کو کوئی گروہ ممنوع سمجھتا ہے اور دوسرا گروہ اسے قابلِ استعمال قرار دیتا ہے تو کسی گروہ کو یہ حق نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اپنی خوراک کی پسند یا ناپسند کو دوسرے گروہوں پر تھوپنے کی کوشش کرے۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں یہی ہو رہا ہے۔ کچھ لوگ جو سبزی خور ہونے کے دعوے دار ہیں اور گوشت خوری کو ناپسند کرتے ہیں،وہ آگے بڑھ کر یہ بھی دعویٰ کرنےلگتے ہیں کہ گوشت خوری ہندوستانی کلچر اور یہاں کی مذہبی اقدار کے خلاف ہے۔ اس ذہنیت کے زیرِ اثریہ لوگ گوشت کھانے والوں کو حقیر،ظالم اور غیر محذب سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کا یہ رویہ ان لوگوں کے خلاف امتیازی سلوک اور دشمنی کو ہوا دیتاہے۔ ایسے تعصبات،سماج میں بقائے باہم کو سخت نقصان پہنچاتے ہیں اور مختلف طبقات کے درمیان گہری خلیج پیدا کر دیتے ہیں۔گلوبل ایڈوائزری سروے (Global Advisory Survey)کے مطابق دنیا کی تقریبا91اشاریہ92% آبادی گوشت یا غیر سبزی استعمال کرتی ہے۔ ہندوستان میں بھی نیشنل فیملی ہیلتھ سروے (National Family Health Survey)کے مطابق پندرہ سے انچاس برس کی عمرکے درمیان۸۳اشاریہ۴%مرد مرد اور۷۰اشاریہ۶% خواتین گوشت یا دیگر غیر سبزی غذائیں روزانہ، ہفتہ واریاکبھی کبھار استعمال کرتی ہیں۔ ۲۰۱۵ءسے ۲۰۲۱ء کے درمیان مردوں میں5% اور خواتین میں۶اشاریہ۰% گوشت خور افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ مذہبی اعتبار سے دیکھا جائے تو سب سے زیادہ گوشت کھانے والے عیسائی، مسلمان اوربودھ ہیں۔ لیکن دیگر مذاہب کے ماننے والوں کا تناسب بھی کم نہیں ہے۔ نیلنا سریش نے اپنی رپورٹ فروری ۲۰۲۵ء میں بتایا ہے کہ گوشت کھانے والوں میں ہندو مرد۵۲اشاریہ۵%اور خواتین۴۰اشاریہ ۷%، سکھ مر۱۹اشاریہ ۵% اور جین مرد۱۴اشاریہ۹%اورخواتین۴اشاریہ۳ %ہیں۔ریسرچ کے درمیان یہ بھی پایاگیاہے کہ گوشت کھانے کی عادت زیادہ تر کم آمدنی والے طبقے میں پائی جاتی ہے۔        (www.dataforindia.com/meat-consumption)ہندوستان کی صرف چار ریاستوں میں سبزی خوری کی اکثریت ہے۔ وہ ہیں: پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور گجرات۔ ساحلی ریاستوں میں سبزی خور افراد کی تعداد بہت کم ہے۔ یہ غلط فہمی عام ہے کہ مذاہب میں صرف اسلام اور عیسائیت گوشت کھانے کی اجازت دیتے ہیں۔ دیگر مذاہب میں اسے ممنوع سمجھا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تمام بڑے مذاہب کے ماننے والے کم و بیش گوشت کا استعمال کرتے ہیں ۔ ہندو مذہبی صحیفوں میں بہ آسانی ایسے دلائل مل جاتے ہیں جو جانوروں کی قربانی اور گوشت خوری کی اجازت دیتے ہیں۔ معروف ہندو اسکالر’’ سوامی وویکانند‘‘نے لکھا ہے:’’ آپ کو حیرت ہوگی اگر میں یہ بتاؤں کہ قدیم رسوم کے مطابق وہ اچھا ہندو نہیں ہے جو بیف (گائے کا گوشت) نہیں کھاتا۔ بعض مواقع پر اسے بیل کی قربانی دینی ہوتی ہے اور اس کا گوشت کھانا پڑتا ہے۔‘‘(The Complete works of swami Vivekananda، آدوائیت آشرم،۱۹۷۷،جلد۳، ص۵۳۶) رام پنیانی ڈی این جھا کی کتابMyth of the Holy Quranکے حوالے سے لکھتے ہیں: ’’ یہ کتاب ظاہر کرتی ہے کہ زراعتی معاشرے کے عروج کے ساتھ ہی گائے کی قربانی پر پابندی عائد کی گئی۔ اس کا آغاز بدھ مت کے بانی گوتم بدھ نےکیا۔اس پابندی کا مقصد مویشیوں کی دولت کو محفوظ رکھناتھا۔بدھ مت کے پکے پیروکار اور مبلغ شہنشاہ اشوک نے اپنے ایک فرمان میں شاہی باورچی خانے کو حکم دیا کہ صرف اتنے ہی جانور اور پرندے ذبح کیے جائیں جتنے کھانے کے لیے ضروری ہوں۔اس اقدام کا مقصد برہمن مت کے رسوم و روایات میں شامل جانوروں کی قربانی پر روک لگانا تھا۔ برہمن مت نے اس کے رد عمل میں گائے کو ماں کے طور پر پیش کرنا شروع کردیاتاکہ یہ ظاہرکیا جا سکے کہ انہیں بھی مویشیوں کی فکر ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ براہمن ازم اور اس سے جڑی سیاست نے گائے کو ماں کا درجہ دے دیا ۔‘‘اسلام میں گوشت خوری جائزہے،ساتھ ہی جانوروں کے ساتھ رحم دلی کا برتاؤ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اسلام میں کچھ جانوروں کو حرام قرار دیا گیاہے، جیسے خنزیر اور وہ جانور جو قدرتی موت مرجائے۔حلال جانوروں کا گوشت استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، بشرطیکہ انہیں اسلامی طریقے سے ذبح کیا گیا ہو۔ گوشت کھانے کو ظلم،بے دردی اور وحشیانہ پن سے جوڑنے کا کوئی عقلی جواز نہیں ہے۔ زمانۂ قدیم سے گوشت انسانوں کی مرغوب اور توانائی بخش غذاؤں میں شامل رہاہے۔گوشت کی کھپت ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ اہم غذائی اجزاء کا حصول صرف پودوں پر مبنی خوراک سے ممکن نہیں ہے، مزید برآں دنیا میں بہت سے علاقے ایسے ہیں، جہاں پودوں پر مبنی خوراک دست یاب نہیں ہے۔گوشت وہاں کے باشندوں کا لازمی غذائی جز ہے۔آخری بات یہ ہے کہ نان ویجیٹیرین (Non Vegetarian)خوراک کی صنعتیں ہندوستان کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ صنعتیں روزگار فراہم کرتی ہیں اور خاطر خواہ آمدنی پیدا کرتی ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق یہاں سالانہ گوشت کی پیداوار تقریبا۶اشاریہ۳ ملین ٹن ہے۔یہ پیداوار کے حجم کے اعتبار سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ہندوستانی گوشت کی مارکیٹ۲۰۲۴ ء میں۵۵اشاریہ۳ ارب امریکی ڈالر ہے۔ گوشت اور پوئٹری کی صنعتیں لاکھوں ہندوستانیوں، خاص طور پر دیہی علاقوں میں لوگوں کو روزگارفراہم کرتی ہیں۔جانوروں سے حاصل ہونے والی مصنوعات ہندوستان کے زرعی شعبے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔۲۰۲۳۔۲۴میں یہ برآمدات۴۵۴۴ ملین امریکی ڈالر تھی۔یہ غلط فہمی عام ہے کہ صرف مسلمان ہی بیف کاکاروبارکرتے ہیں،جب کہ حقیقت یہ ہے کہ بیش تربیف ایکسپورٹ کمپنیاں غیر مسلموں کی ملکیت ہیں۔ خلاصے کے طور پرکہاجا سکتا ہے کہ گوشت خوری انسانی فطرت میں شامل ہے۔ دنیا کے تمام بڑے مذاہب گوشت خوری کی اجازت دیتے ہیں۔ اسے ظلم اور تشدد سے جوڑنا درست نہیں۔ اصل مسئلہ یہ نہیں ہے کہ انسان سبزی کھائے یا گوشت؟ اصل مسئلہ یہ ہے کہ کسی گروہ کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ اپنی غذائی ترجیحات کو دوسرے گروہوں پر تھوپنے کی کوشش کرے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سبزی خور برتری کی سیاست کو سختی سے مسترد کر دیا جائے اور غذا کے انتخاب کے معاملے میں یہ آزادی، تنوع،وسیع النظری اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔

٭ ٭ ٭

گوشت خوری انسانی فطرت میں شامل ہے۔ دنیا کے تمام بڑے مذاہب گوشت خوری کی اجازت دیتے ہیں۔ اسے ظلم اور تشدد سے جوڑنا درست نہیں۔ اصل مسئلہ یہ نہیں ہے کہ انسان سبزی کھائے یا گوشت؟ اصل مسئلہ یہ ہے کہ کسی گروہ کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ اپنی غذائی ترجیحات کو دوسرے گروہوں پر تھوپنے کی کوشش کرے۔

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے