پس غروب روشنی

’’پسِ غروب روشنی‘‘ امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کی ایک شاہکار کتاب ہے، جو تحریکِ اسلامی کے کارکنوں کو اندر سے گرماتی، سنوارتی اور تحریک پیدا کرتی ہے۔
یہ کتاب اُن شخصیات کے تذکرے پر مبنی ہے جو ۱۹۳۲ء سے ۱۹۵۰ء کے درمیان پیدا ہوئیں اور جنہوں نے تحریکِ اسلامی کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ ان میں قائدین، مفکرین، مدبرین، معلمین، مربیین، اللہ کے دین کے خدمت گزار اور انسانیت کی بھلائی کے لیے سرگرم عام کارکن شامل ہیں۔ یہ کتاب اُن گمنام اور انجان ہستیوں کو بھی روشناس کراتی ہے جن کے نام شاید آج سے پہلے کبھی قارئین نے نہ سنے ہوں، مگر ان کی زندگیاں، کردار اور اخلاص کی روشنی کے بلند و بالا مینار تھے۔

اس کتاب کی ایک خاص بات یہ ہے کہ محترم امیر جماعت نے ہر شخصیت کو ایک خوبصورت اور فکر انگیز عنوان (ٹائٹل) دیا ہے، جو محض سرخی نہیں بلکہ دل میں ایک آندھی، ایک طوفان، ایک برقی لہر پیدا کرتا ہے۔ مثال کے طور پر خرم مراد صاحب کے لیے ‘‘گفتار میں کردار میں اللہ کی برہان‘‘۔ اپنے والد مرحوم کے لیے ’’خوب تر تھا صبح کے تارے سے بھی تیرا سفر‘‘۔ نصرت علی صاحب کے لیے ’’ایک اور چراغ بجھ گیا‘‘ اور ٹی، کے عبداللہ صاحب کے لیے ’’کون سوزِ دل سے قلب و روح کو گرمائے گا’’۔
ایسے عنوانات نہ صرف جذباتی اثر رکھتے ہیں بلکہ دل کو جھنجھوڑ دیتے ہیں اور جب یہ ابتدائی عنوانات ہی قاری کو اپنی گرفت میں لے لیں، تو اصل تحریر کے اثرات کا اندازہ با آسانی لگایا جا سکتا ہے۔ جہاں مولانا مودودیؒ کی تحریر نے تحریک اسلامی کے مسافروں کو راہ دکھائی، وہیں محترم سید سعادت اللہ حسینی صاحب کی تحریر نے اسی راہ کو اور تابناک کر دیا۔
جب میں نے اس کتاب کو خریدا، اس وقت میں ایک مشکل دور سے گزر رہی تھی۔ ایک بیماری نے مجھے گھیر رکھا تھا اور دل و دماغ میں مایوسی کا سایہ چھایا ہوا تھا۔ مگر ’’پسِ غروب روشنی‘‘ میرے لیے اس وقت ایمانی طاقت، روحانی سکون اور امید کا ایک خزانہ بن گئی۔ یہ کتاب میرے لیے محض مطالعہ کا ذریعہ نہیں، بلکہ اللہ کی طرف سے عطا کردہ سہارا ثابت ہوئی۔ الحمدللہ! یہ اللہ کا فضل ہے ، جسے چاہتا ہے، عطا فرماتا ہے۔ امیر محترم لکھتے ہیں: ’’یہ کتاب یادوں کا ایک خوبصورت البم ہے، ایک ایسا البم جو صرف روشنی ہی روشنی ہے۔’’
دراصل یہ کتاب اُن بڑی ہستیوں کی زندگیوں کا البم ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے چراغوں سے نئے مسافروں کی پیچیدہ راہوں کو روشن و منور کر دیا۔ امیر محترم لکھتے ہیں کہ برادرم ابوالاعلی سید سبحانی کا ممنون ہوں کہ ان کی فرمائش اور پیہم تقاضوں نے ان بکھری ہوئی سطروں کو جمع کرنے کا موقع فراہم کیا اور ان کا اس لیے بھی شکریہ کہ خوبصورت شخصیتوں کی یادوں کے اس البم کو انہوں نے اپنی مخصوص خوبصورت پیشکش کے ذریعے اور زیادہ پرکشش بنا دیا ہے۔ امید ہے کہ یہ آتش رفتہ ہمارے جذبوں کی گرمی اور جہد و عمل کی حرارت کو اور تیز کرنے کا ذریعہ بنے گی۔

کتاب کے چند اہم اقتباسات

جناب خرّم مراد کا ’’مقصد سے عشق اور اس کے حصول کے لئے لگن‘‘ کے بارے میں لکھتے ہیں: ’’خرم صاحب اقامت دین کے مجاہد تھے۔ اپنے مقصد سے انہیں گہرا عشق تھا۔ زندگی بھر وہ اس کے لیے جدو جہد کرتے رہے۔ سخت مرض کی حالت میں بستر پر بھی وہ کچھ نہ کچھ کرتے رہے۔ جو کام بھی مقصد کو تقویت پہنچانے والا ہوتا وہ اسے کرگزرنے کی ہر ممکن سعی کرتے۔ وہ زندگی بھر جسمانی لحاظ سے بیمار رہے۔ قلب کے حملوں کا سلسلہ ان کی عمر کے 36 ویں برس سے ہی شروع ہو گیا۔ کئی بار قلب کے پیچیدہ آپریشن سے بھی گزرے لیکن مرتے دم تک نہایت فعال زندگی گزاری اور غلبہ اسلام کے لیے سرگرم عمل رہے۔‘‘
جناب شیخ ابوالحسن قمرکے بارےمیں رقم طراز ہیں: ’’نو عمری کے ان ایام میں جب ذہن طرح طرح کی کشمکشوں کی آماج گاہ تھا، اگر مولانا مودودی کی کتابوں نے دماغ کو مطمئن کرنے کا کام کیا تو اس طرح کے خلوص اور درد دل نے دل کی دنیا بدلنے کا کام کیا۔ تحریک سے میرے تعلق کا بڑا سہارا ناندیڑ کے ان دردمند بزرگوں اور ساتھیوں کے سر جاتا ہے۔ نہ صرف تحریک سے تعلق قائم کرنے میں وہ مددگار بنے بلکہ تحریک میں آنے کے بعد بڑے صبر وحکمت کے ساتھ انہوں نے میری تربیت بھی کی۔ ان بزرگوں میں مرحوم قمر صاحب سر فہرست تھے ۔ اس وقت ذہن پر شبہات، شکوک اور سوالات کی یلغار تھی۔ یہ یلغار میں ایس آئی او کے بعض سینئر احباب کو بھی منتقل کرتا اور سب سے زیادہ اس کا نشانہ مرحوم قمر صاحب ہی ہوتے۔ وہ بہت صبر سے باتیں سنتے۔ سادہ لیکن دل نشین جوابات عنایت فرماتے۔ کبھی گھر جا کر کوئی کتاب لاتے اور پکڑا دیتے۔ کبھی ہنس کر ٹال دیتے اور خوبصورت موڑ دے کر موضوع بدل دیتے اور گھر، والدین، کالج وغیرہ کے بارے میں سوالات کرنے لگ جاتے۔ کوئی ایسا بے تکلف اور محبت آمیز فقرہ اچھال دیتے کہ ذہن ساری دھما چوکڑی بھول کر ان کی شفقت اور خلوص کا اسیر ہو جاتا۔
جناب حر ہندکمالی ماسٹر کے بارے میں تحریر کرتے ہیں: ’’کمالی ماسٹر کی زندگی کا طویل سفر مکمل ہو گیا اور سوز و ساز اور تب و تاب سے بھر پور ان کی زندگی کی بھی شام ہوگئی۔ اس وقت یہ چند سطر میں لکھنے بیٹھا ہوں تو کانوں میں ان کی وہ آوازیں گونج رہی ہیں جو ناندیڑ کی بی اینڈ سی کالونی کی سنسان سڑکوں پر رات میں ٹی وی کے پرائم ٹائم کے موقع پر وہ بلند کرتے تھے۔ نور لے لو، ہلال لے لو ، اپنے بچوں کو اسلامی رسالے پڑھاؤ، ٹی وی مت دکھاؤ، اپنے بچوں کو چلڈرن سرکل میں بھیجو۔ لوگو! اپنے بچوں کو حلال روزی کھلاؤ۔ ان کے ساتھ بیٹھو، انہیں وقت دو بہنو! اور بیٹیو! بچوں کو سونے سے پہلے دعائیں پڑھاؤ۔ ان کا مطلب بھی بتاؤ۔ رفیق منزل میں فلاں کا فلاں شاندار مضمون خود پڑھو، بچوں کو پڑھاؤ۔ دیکھو! دیکھو! یہ کتنی اچھی کہانی چھپی ہے۔ بچوں اسے ضرور پڑھو۔ امی سے کہو کہ پڑھ کرسنائیں۔ کالونی میں نیا آنے والا پہلے ان صداؤں کو کسی دیوانے کی بڑ بڑاہٹ سمجھتا، کھڑکی میں سے جھانک کر حیرت سے دیکھتا۔ لیکن جلد ہی ان سے مانوس ہو جاتا اور بہت جلد ان کااثر بھی قبول کرنے لگتا۔

عین دانائی ہے ناسخ عشق میں دیوانگی
آپ سودائی ہیں جو کہتے ہیں سودائی مجھے

نماز فجر سے بہت پہلے، تہجد کے وقت، وہ ہمارے گھر کی بیرونی کھڑکی کے پاس آجاتے۔ انہیں معلوم تھا کہ میں اسی کھڑکی سے متصل سوتا ہوں۔ پتہ ہے اس وقت وہ وہاں کیا کرتے؟ وہاں کھڑے کھڑے بلند آواز سے میری تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دیتے۔ دعاؤں کی بوچھار کرتے اور ڈھیر ساری دعائیں دے کر خاموشی سے چلے جاتے۔ رات کے سنائے میں ان کی آواز دیواروں کو چیر کر کمرے میں گونجتی تو میں ہڑ بڑا کر اٹھ بیٹھتا۔۔۔ اپنی تعریفیں سن کر سخت ندامت ہوتی کہ لوگ میرے بارے میں اتنی خوش گمانیاں رکھتے ہیں اور میں پڑا سو رہا ہوں۔‘‘
جناب شیخ داؤد (ترچناپلّی,تملناڈو) کے بارے میں لکھتے ہیں کہ

شیخ مکتب ہے اک عمارت گر
جس کی صنعت ہے روح انسانی

روح انسانی کی اس صنعت کا سب سے بہترین نمونہ میں نے اپنی زندگی میں شیخ داؤد صاحب کی اس سادہ مجلس میں دیکھا ہے جو ہمیشہ بچوں اور نوجوانوں سے آباد رہتی تھی۔ اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر ابراہیم اور ان جیسے ان کےدسیوں شاگردوں کی خدمات کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمين

اختتامی تاثر

’’پسِ غروب روشنی‘‘ تحریکی مسافروں کے لیے ایک رہنما چراغ ہے جو راستہ بھٹکنے سے بچنا چاہتے ہیں۔ یہ ان دلوں کے لیے تازگی ہے جو تحریک سے جڑنا چاہتے ہیں۔ یہ ان نوجوانوں کے لیے ایک دعوت ہے جو خواب دیکھتے ہیں اور حقیقت میں روشنی بننا چاہتے ہیں۔ یہ کتاب ہر اس شخص کے پاس ضرور ہونی چاہیے جو تحریک اسلامی، ایمان، قربانی، فکری بلندی اور سچے کردار سے محبت رکھتا ہے۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥