غزہ میں بھکمری آچکی ہے۔ یہ شاعرانہ مبالغہ نہیں ہے، اور نہ ہی کوئی پیش گوئی ہے۔ دیکھیے اس شہرِ محصور کا روز مرہ۔ دیکھیے اس بچے کو جو بسکٹ مانگتا ہوا بیدار ہوا تھا اور اب زندگی سے ہار گیا۔ دیکھیے اس طالب علم کو جو بھوک کے مارے بار بار بے ہوش ہوجاتا ہے، لیکن امتحان کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ دیکھیے اس ماں کو جو اپنے بچے کو نہیں سمجھا پا رہی ہے کہ آخر اُس کے پاس اُسے کھلانے کے لیے روٹی کیوں نہیں ہے اور دیکھیے اس دنیا کو جس کی خاموشی نےاس سفاکی اور ہول ناکی کو ممکن بنایا ہے۔
نور میری بھانجی، میری سب سے بڑی بہن تسنیم کی بیٹی تین سال کی ہے۔ وہ ۱۱؍ مئی ۲۰۲۱ء کو پیدا ہوئی تھی۔ میرا بھانجا عزالدین، ۲۵؍ دسمبر، ۲۰۲۳ء کو پیدا ہوا تھا۔ جنگ کے ابتدائی مہینوں میں۔ ایک صبح، تسنیم باجی انھیں اپنی گود میں لے کر ہمارے خیمے میں چلی آئیں۔ میں نے ان کی طرف دیکھا اور وہ سوال پوچھا جو میرے ذہن میں کئی دنوں سے کھلبلی مچا رہاتھا: باجی! کیا نور اور عزالدین سمجھتے ہیں کہ فاقہ کشی کیا ہوتی ہے؟ کیا وہ جانتے ہیں کہ ہم بھکمری کے دور سے گزر رہے ہیں؟ ہاں۔ انھوں نے فوراً کہا۔ یہاں تک کہ دو سالہ عزالدین بھی، جس نے صرف جنگ اور کھنڈرات ہی دیکھے ہیں، یہ بات سمجھتا ہے۔ اس نے اپنی زندگی میں کبھی حقیقی کھانا نہیں دیکھا۔ وہ نہیں جانتا کہ ’آپشنز‘ کیا ہوتے ہیں۔ صرف ایک چیز جو وہ کبھی مانگتا ہے وہ روٹی ہے اور جب وہ روٹی مانگتا ہے تو باجی کو کہنا پڑتا ہے کہ بیٹا ہمارے پاس آٹا نہیں ہے۔ تمھارے ابو کچھ تلاش کرنے کے لیے باہر گئے ہیں۔ عزالدین جنگ بندیوں، سرحدوں یا سیاست کے بارے میں نہیں جانتا۔ اسے فوجی کارروائیوں یا سفارتی بیانات سے کوئی غرض نہیں۔ اسے تو روٹی کا محض ایک ٹکڑا چاہیے اور سفاک دنیا نے اسے اس بھی محروم رکھا ہوا ہے۔
نور نے اپنی ماں سے حروف تہجی، گنتی اور تھوڑا بہت پڑھنا سیکھ لیا ہے۔ جنگ سے پہلے اسے چاکلیٹ اور بسکٹ پسند تھے۔ وہ ہماری فیملی کی پہلی نواسی تھی، جسے ہر دم کھلونے، چاکلیٹ اور کپڑے سوغات میں ملا کرتے تھے۔
اب ہر صبح وہ اٹھتی ہے اور اپنی بڑی بڑی پُر امید آنکھوں سے اپنی ماں کی طرف دیکھتی ہے اور کہتی ہے کہ امی جائیے میرے لیے پندرہ چاکلیٹ اور بسکٹ خرید لائیے۔ پندرہ اس لیے کہ یہ اس کے نزدیک ایک بہت بڑا عدد ہے۔ اتنا کافی ہے اس کا پیٹ بھرنے کے لیے، اس دنیا کی یادیں واپس لانے کے لیے، جس سے وہ کبھی آشنا تھی۔ لیکن اس کی امی کے پاس خریدنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ کچھ بھی نہیں بچا ہے۔ کہاں ہے آپ کی انسانیت؟ ان بچوں کو دیکھیے۔ پھر مجھے بتائیے کہ کیا یہی انصاف ہے؟
میں نے ایک ویڈیو دیکھی جس نے میرا دل توڑ دیا۔ ایک شخص اپنے خاندان کے سات افراد کی کفن میں لپٹی لاشوں پر بلک رہا تھا۔ اس نے روتے ہوئے کہا: ہم بھوکے ہیں۔ وہ لوگ کئی دنوں سے فاقوں میں تھے۔ تبھی ایک اسرائیلی جاسوس ڈرون نے شمالی غزہ کے علاقے میں الطبن اسکول کے قریب ان کے خیمے پر فائرنگ کردی۔ ویڈیو میں نظر آنے والے شخص نے روتے ہوئے بتایا کہ اس بچے کو اس نے پالا تھا۔ دیکھو ان سب کا کیابنا۔ اس نے آخری بار ان کے سروں کو چھوتے ہوئے کہا: کچھ لوگوں کو اب بھی یہ بات سمجھ نہیں آتی۔ بات صرف یہ نہیں ہے کہ ہمارے پاس پیسہ ہے یا نہیں۔ بات غذا کی مکمل عدم دستیابی کی ہے۔ اگر آپ اس وقت غزہ میں کروڑ پتی بھی ہوں، تب بھی آپ کو روٹی نہیں ملے گی۔ آپ کو چاول کا ایک پیکٹ یا دودھ کا ایک ڈبہ تک نہیں مل سکے گا۔
بازار خالی ہیں۔
دکانیں تباہ ہیں۔
مال مسمار کردیے گئے ہیں۔
شیلف خالی نہیں بلکہ غائب ہیں۔
ہم اپنی خوراک خود اگایا کرتے تھے۔
غزہ کبھی پھل اور سبزیاں دوسرے ممالک کو برآمد کیا کرتا تھا۔
ہم اسٹرابیری یورپ کو بھیجتے تھے۔
ہمارے دام خطے میں سب سے کم تھے۔
ایک کلو انگور یا سیب؟ صرف تین شیکل (۸۰؍ ہندوستانی روپے) میں۔
غزہ کے فارم سے ایک کلو چکن؟ بس نو شیکل (۲۳۰؍ روپے) میں۔
اب ہمیں ایک انڈہ بھی میسر نہیں۔
پہلے: خان یونس کے تربوز کا وزن ۲۱؍ کلو تک اور اس کی قیمت ۱۸؍ شیکل ( ۴۵۰؍ روپے) ہوا کرتی تھی۔ آج: اسی تربوز کی قیمت (۲۱؍ ہزار روپے) ہوگی۔ اگر خیر سے آپ کو کہیں مل جائے۔
ایووکاڈو جسے کبھی لگژری پھل سمجھا جاتا تھا، المواسی، خان یونس اور رفح میں ٹنوں کے حساب سے اگایا جاتا تھا۔ ان کی قیمت ۸۰؍ روپے فی کلو ہوا کرتی تھی۔ ہم ڈیئری میں بھی خود کفیل تھے۔ پنیر اور دہی جو مقامی لوگوں کے ذریعے شجاعیہ میں بنائے جاتے تھے۔
ٹھیک ہے ہمارے بچے ناز و نعم میں نہیں پلا کرتے تھے، لیکن پھر بھی انھیں کچھ بنیادی حقوق تو حاصل تھے۔ ناشتے میں دودھ، پنیر والا ایک سینڈوچ، ایک ابلا ہوا انڈا۔ اب کچھ بھی نہیں ہے۔بچوں کو کتنا بھی سمجھائیں، وہ ’’بھکمری‘‘ یا ’’قیمتوں میں اضافے‘‘ جیسے الفاظ نہیں سمجھ سکتے۔ وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ ان کے پیٹ خالی ہیں۔ یہاں تک کہ سمندری غذا، جو کبھی غزہ کی خوراک کا اہم حصہ ہوا کرتی تھی، غائب ہو چکی ہے۔ مچھلیاں پکڑنے کی سخت پابندیوں کے باوجود، ہم ویسٹ بینک کو مچھلیاں بھیجا کرتے تھے۔ اب لگتا ہے ہمارا سمندر بھی تہی دامن ہے اور ترکی کافی کی خوبی اپنی جگہ، مثل مشہور ہوا کرتی تھی کہ آپ نے گویا کافی کا ذائقہ چکھا ہی نہیں جب تک کہ آپ غزہ کی ’مزاج کافی‘ نہ آزمالیں۔ اس میں ایسی طاقت تھی جسے آپ اپنی ہڈیوں تک میں محسوس کرسکتے تھے۔ یہ کوئی خبر نہیں ہے۔ بھکمری کا دور دورہ ہے۔ آبادی کی آبادی بے گھر، قلاش اور ماتم کناں ہے۔ کئی کئی دنوں تک ہمارا گزارا صرف پانی پر ہوتا ہے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ جب بھوک بہت زیادہ محسوس ہونے لگتی ہے، تو ہم پرانی البم، ماضی کے کھانوں کی تصاویر دیکھتے ہیں۔ صرف یہ یاد رکھنے کے لیے کہ کبھی زندگی کا ذائقہ کیسا ہوا کرتا تھا۔
ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہماری یونیورسٹی کے امتحانات آن لائن ہوئے، کیوں کہ کیمپس ملبے میں تبدیل ہوچکا ہے۔ ہم نسل کشی کے عہد میں زندگی گزار رہے ہیں۔ پھر بھی ہم تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں یونیوسٹی کے دوسرے سال کی طالبہ ہوں۔ ہم نے چند روز پہلے سمسٹر کے فائنل امتحان دیے ہیں۔ ہم نے امتحان کی تیاری بھوک، ڈرونز اور مسلسل خوف کے سائے میں کی۔ لوگوں کے تصور میں یونیورسٹیاں ایسی تو نہیں ہوتیں! ہم نے جنگی طیاروں کی گڑگڑاہٹ میں خالی پیٹ امتحان دیا۔ کھجوریں تو چھوڑیے، ہمیں یہ بھی یاد نہیں کہ ہم نے آخری بار روٹی کا ذائقہ کب چکھا تھا۔ ہر روز میں اپنی سہیلیوں ہدیٰ، مریم اور اسراء سے واٹس ایپ پر چیٹ کرتی ہوں۔ ہم ایک دوسرے کو چیک کرتے ہیں۔ بار بار ایک ہی سوال پوچھتے ہیں:
’’آج تم نے کیا کھایا؟‘‘
’’کیا تم پڑھائی پر فوکس کر پا رہی ہو؟‘‘
یہ ہماری گفتگوئیں ہیں۔ لیکچروں یا اسائنمنٹس کے بارے میں نہیں، بلکہ بھوک، سر درد، چکر آنے اور ہم اب بھی کیسے زندہ ہیں کے بارے میں۔ ایک کہتی ہے: میرے پیٹ میں اتنا درد ہوتا ہے کہ تم سوچ بھی نہیں سکتی۔ دوسری بتاتی ہے کہ آج جب میں نے کھڑے ہونے کی کوشش کی تو گر پڑی اور پھر بھی ہم اپنی پڑھائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہمارا آخری پرچہ 15 جولائی کو تھا۔ ہم ثابت قدم رہے، اس لیے نہیں ہم مضبوط تھے، بلکہ اس لیے کہ ہمارے پاس کوئی اور چارہ نہیں تھا۔ ہم ایک سمسٹر کھونا نہیں چاہتے تھے۔ لیکن ایسا کہنا حقیقت کے مقابلے میں بہت معمولی لگتا ہے۔ بھوکے رہتے ہوئے پڑھائی کرنا آپ کی روح کو شدید کرب سے دوچار کر دیتا ہے۔
ایک دن دورانِ امتحان، ہمارے پڑوس میں ایک فضائی حملہ ہوا۔ اس دھماکے سے دیواریں بری طرح لرز اٹھیں۔ ایک لمحہ پہلے میں سوچ رہی تھی کہ مجھے کتنی بھوک لگی ہے۔ ایک لمحے کے بعد میرے اندر کوئی احساس باقی نہ تھا۔ میں بھاگی نہیں۔ میں اپنی میز پر جمی رہی اور پڑھائی کرتی رہی۔ اس لیے نہیں کہ میں ٹھیک تھی، بلکہ اس لیے کہ کوئی دوسرا انتخاب نہیں تھا۔
میں واضح کر دوں کہ غزہ کے لوگوں کو جان بوجھ کر بھوک سے مارا جا رہا ہے۔ ہم بدقسمت نہیں ہیں، ہم جنگی جرائم کے شکار ہیں۔
کراسنگ کھولیں۔
امداد کو داخل ہونے دیں۔
خوراک آنے دیں۔
دوائیاں آنے دیں۔
غزہ کو کسی کی ہم دردی کی ضرورت نہیں۔
ہم خود تعمیر نو کر سکتے ہیں۔
ہم صحت یاب ہو سکتے ہیں۔
لیکن پہلے ہمیں بھوکا رکھنا بند کریں۔
قتل، بھوکوں مارنا اور محاصرہ کرنا محض حالات نہیں، بلکہ یہ وہ کارروائیاں ہیں جنھیں ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔ جو لوگ اس کے ذمہ داروں کی پردہ پوشی کی کوشش کرتے ہیں، زبان ان کے راز کھولتی ہے۔ چناں چہ ہم یہ کہتے رہیں گے کہ ہمیں غاصب اسرائیل نے مارا ہے۔ ہمیں اسرائیلی قبضے نے بھوک کے ہتھیار سے قتل کیا ہے۔ ہمارا دانہ پانی غاصب ریاست نے بند کیا ہے۔
(تقویٰ غزہ کی انیس سالہ مصنفہ اور شاعرہ ہیں جو اسلامک یونیورسٹی غزہ میں انگریزی ادب کے دوسرے سال کی طالبہ ہیں۔ ان کے مضامین مڈل ایسٹ آئی، الجزیرہ، مڈل ایسٹ مانیٹر، پلیسٹین کرونیکل، مرکز ریویو، واشنگٹن رپورٹ، الیکٹرانک انتفاضہ اور بلادی میگزین میں شائع ہوتے ہیں۔ ان کی شاعری کا مجموعہ بھی غزہ پوئٹس سوسائٹی کے ذریعے شائع کیا گیا ہے۔ زیر ِنظر تحریر غزہ کی موجودہ کرب ناک صورتِ حال کا فرسٹ ہینڈ اکاؤنٹ ہے۔ )
٭ ٭ ٭
نور میری بھانجی، میری سب سے بڑی بہن تسنیم کی بیٹی تین سال کی ہے۔ وہ ۱۱؍ مئی ۲۰۲۱ء کو پیدا ہوئی تھی۔ میرا بھانجا عزالدین، ۲۵؍ دسمبر، ۲۰۲۳ء کو پیدا ہوا تھا۔ جنگ کے ابتدائی مہینوں میں۔ ایک صبح، تسنیم باجی انھیں اپنی گود میں لے کر ہمارے خیمے میں چلی آئیں۔ میں نے ان کی طرف دیکھا اور وہ سوال پوچھا جو میرے ذہن میں کئی دنوں سے کھلبلی مچا رہاتھا: باجی! کیا نور اور عزالدین سمجھتے ہیں کہ فاقہ کشی کیا ہوتی ہے؟ کیا وہ جانتے ہیں کہ ہم بھکمری کے دور سے گزر رہے ہیں؟


0 Comments