آہ! غزہ ترےمعصوم فاقہ کش بچے
زمرہ : ادراك

آج تو غالب کی طرح تلخ نوائی پر معافی مانگنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے کیوں کہ
آج کچھ درد مرے دل میں سوا ہوتا ہے
فلسطین کے موجودہ حالات روح کو تڑپا دینے کے لیے کافی ہیں۔ اسرائیلی درندگی حیوانیت اور سفاکی نے حدیں پار کردی ہیں۔ انسانیت سوز حرکتیں ملاحظہ کیجیے کہ جنگ کے میدان میں نہتے اور مظلوم شہریوں، بچوں اور خواتین کو پہلے بے گھر کیا گیا اور اب ان پر دانہ پانی بند کردیا۔ ایک ڈاکیومنٹری جو ۲۰۲۴ء میں بی بی سی کے ذریعہ بنائی گئی، میں بچے آپس میں بات کررہے ہیں کہ ہماری زندگی ایسی افرا تفری میں گزر رہی ہے کہ ہر وقت بس سامان اٹھا کر نکلنا ہوتا ہے اور یہ اعلان سنتے ہیں evacuated, evacuated (یہ لفظ بستی خالی کرانے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ عموما جنگوں کے موقعوں پر خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے ایویکویٹ کہا جاتا ہے)۔ بچوں کی گفتگو میں ایسا درد تھا کہ آنکھ سے آنسوں رواں ہوگئے۔ ہم اپنے بچوں کو ذرا سا غیر مستحکم دیکھیں تو بے چین ہو اٹھتے ہیں، ہمارے بچے فرمائشی کھانا بنواکر کھاتے ہیں۔ ہم فلسطنی بچوں کو اپنا بچہ سمجھ کر دیکھیں تو روح کانپ جاتی ہے۔ وہ بھی ہماری طرح انسان ہیں۔ ان کی ماؤں کے بھی کلیجے ہوتے ہیں۔
یہاں فلسطین میں ڈرون اور بلاسٹ کی وحشت ناک آوازوں کے درمیان بچے پرورش پارہے ہیں۔یہاں زندگی چیخوں، آہوں، دھماکوں، خون میں ڈوبی لاشوں اور کٹے پھٹے جسموں، اڑے چیتھڑوں کو دیکھتے ہوئے گزرتی ہے۔ ماؤں کے کلیجے ہر لمحہ دھک دھک کرتے ہیں۔ زندگی کی دعا کے لیے اٹھنے والے ہاتھ بارش کی دعا کرتے ہیں، کیوں بارش ہی انھیں کچھ دیر کی راحت فراہم کرتی ہے۔ بارش میں ڈرون نھیں اڑتے۔ بموں کے پھٹنے کی آوازیں کم ہوتی ہیں۔ پینے کا پانی جمع ہوجاتا ہے۔ بچے بارش میں کھیل سکتے ہیں۔ زندگی کی مجبوری کا تصور کریں کہ بارش کی دعا کرنے والے یہ جاں باز بارش کی تمنا کرتے ہوئے یہ بھول جاتے ہیں کہ ان کا قیام رفیوجی ٹینٹوں میں لگا ہوا ہے، کیچڑ ہوجائے گا، بستر بھیک جائیں گے۔
رفیوجی کیمپ کی زندگی کا چشم تصور سے نظارے کی تمنا ہو تو ذرا ’’یحی سنوار‘‘ کا ناول ’’الشوک والقرنفل‘‘ پڑھ لیجیے۔ اندازا ہوجائے گا کہ لونگ کا پھول اور گوکھرو کا کانٹا جو مکمل جکڑ لیتا ہے، کیسا ان زندگیوں کو ستر سالوں سے جکڑا ہوا ہے! پڑھتے ہوئے جسم پر جھرجھری آجائے گی۔ درد سے انسان سوچنے لگتا ہے کہ اے رب کریم اس رفیوجی کیمپ نے کیسے کیسے مظالم سہے ہیں! کیسا درد جھیلا ہے!
رفیوجی کیمپ میں ہر لمحہ صرف اسرائیلی فوجیوں کی آہٹ محسوس کرنے، رافح بارڈر پر فوجیوں سے خود کو چیک کروانے، بارش میں راحت حاصل کرنے اور گڑھا کھود کر چھپنے کے سوا زندگی میں کوئی لطف باقی نہیں رہتا۔ فلسطین پر بننے والے”No other land‘‘ڈاکیومنٹری جس کو ۲۰۲۴ء میں آسکر ایوارڈ ملا، اسے ضرور دیکھیے۔ اس ڈاکیومنٹری میں یطا کے حالات کو قریب سے دکھایا ہے، جس میں ۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۳ء تک توڑے گئے ستم کی داستان ہے۔ یہ ڈاکیومنٹری”No Other Land‘‘ ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو حقیقی زندگی کے ذریعے فلسطینیوں کی جدوجہد کو سمجھنا چاہتے ہیں۔
”The Encampments‘‘ نامی ایک امریکی ڈاکیومنٹری بھی ہے جو کولمبیا یونیورسٹی میں ۲۰۲۴ء میں فلسطینی تحریک کی حمایت پر مبنی ہے، خاص طور پر طلباء کی آواز اور احتجاجی عمل کی تشہیر کے حوالے سےمناظر فلمائے گئے ہیں۔

غزہ میں بچوں کی صورتِ حال نہایت تشویشناک ہے

مصائب اور ابتلا کی نہ ختم ہونے والی داستان کے ساتھ دوسال سے جاری اس نسل کشی میں اسرائیل نے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا اور اب قحط سالی غزہ پر مسلط کردی ہے ۔UNICEFکے مطابق تقریباً ۷۱؍ ہزار بچے اور ۱۷؍ ہزار مائیں شدید غذائی قلت (acute malnutrition) کا شکار ہیں اور انھیں فوری غذائی امداد کی ضرورت ہے۔
دی گارجین اور الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر بھوک کی وجہ سے ہونے والی اموات میں سے اکثریت بچوں کی ہوتی ہے۔ مثلاً ۱۰۱؍اموات میں ۸۰؍ بچے شامل تھے۔
عالمی فوڈ پروگرام نے اپنی رپورٹ میں درج کیا ہے کہ ’’۷۰؍ ہزارسے زائد بچے شدید غذائی قلت (acute malnutrition) میں مبتلا بتائے ہیں۔‘‘ جب کہ ۲.۱؍ ملین افراد غزہ میں شدید غزائی قلت کا شکار ہیں ۔
عالمی فوڈ پروگرام نے انکشاف کیا کہ مارچ ۲۰۲۵ءمیں لگائی جانے والی مکمل ناکہ بندی کے بعد خوراک اور ادویات کے ذخائر ختم ہو گئے ہیں اور اپریل تک تقسیم کا عمل بھی روک دیا گیا تھا۔ غذائی قلت کو دیکھتے ہوئے عالمی سطح پر ہونے والے احتجاج اور گریٹاتھمبرگ کی فلسطین امداد پروجیکٹ نے دنیا کی توجہ مبذول کروائی اور فلسطین کے حق میں اٹھنے والی آوازوں نے زور پکڑنا شروع کیا۔ شدید غذائی قلت اور ادوایات کی کمی کے سبب روزانہ کی بنیاد پر ۷۰۰؍ اموات ہونے لگی۔
عالمی سطح پر پہنچنے والی امداد کی ناکہ بندی کے بعد اسرائیل نے غذائی امداد کو انسانی ضرورت سے انتہائی کم کردیا ہے اور عالمی دباؤ کے سبب محض چند ٹرک کی جولائی آخر میں اجازت دی ہے۔ فلسطین میں داخل ہونے والے امدادی ٹرک کی تعداد روزانہ صرف ۲۸؍ سے ۷۰؍ تک ہے، جب کہ روزآنہ کے حساب سے ۱۲۰ سے ۵۰۰؍ کے درمیان ٹرک کی ضرورت تھی۔
واشنگٹن پوسٹ ڈاٹ کام نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’انسانی تنظیموں کی تنبیہ ہے کہ یہ اقدامات ابھی ناکافی اور غیر مستحکم ہیں اور مستقل، بڑے پیمانے پر امداد کا سلسلہ ہونا چاہیے۔‘‘ دنیا کے تمام غذائی اجناس پر تجزیہ نگاروں نے فلسطین کی غذائی قلت کا شکار ایک ملین سے زیادہ افراد پر غذائی امداد کو تناسب کچھ یوں پیش کیا ہے کہ عالمی سطح پر اسرائیل پر انسانی حقوق کے اداروں کو یہ دباؤ بنانا چاہیے کہ وہ ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ کرے۔ اگر مکمل طور پر aid corridors کھول دیے جائیں، توایک لاکھ سولہ ہزار میٹرک ٹن خوراک فوری طور پر اندر لائی جا سکتی ہے، جو تقریباً ایک ملین افراد کو چار ماہ تک کھانا فراہم کر سکتی ہے۔ مسلسل غذائی قلت سے نکلنے اور انسانی جسم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے چار ماہ کا انتظام ازحد ضروری ہے۔

غذائی قلت سے فلسطینی نسلوں کے دیرپا اثرات

اسرائیل نے فلسطینوں کی نسل کشی کا تہیہ کرلیا ہے اور عالمی سطح پر مسلم مالک مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ تمام عرب ممالک فلسطین کے لیے نہ جنگ بندی پر دباؤ بنانے میں کامیاب ہیں، نہ ہی غذائی قحط سے اسرائیل کو روکنے میں کامیاب ہیں۔ غذائی قلت پر تجزیہ نگار۔ واشنگٹن بلاگ پوسٹ اور ولڈ ہیلتھ آرگنائزیشن جیسے ادارے یہ خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ بچوں کی مکمل بحالی کے لیے غذائی امداد کے ساتھ ساتھ صحت، پانی اور حفاظتی نظام کی بہتری کو یقینی نہ بنایا گیا تو غذائی قلت کے نفسیاتی، ذہنی اور جسمانی اثرات نسلوں پر باقی رہ سکتے ہیں۔ اتنے طویل عرصے سے ضائع شدہ غذائی ضروریات کو بحال نہ کیا گیا، تو بچوں میں دائمی نشوونما کی خرابی، ذہنی ترقی میں کمی اور قوتِ مدافعت میں خطرناک کمی آجانے کا اندیشہ بہت زیادہ ہے۔

ہمارے کرنے کے کام

(۱) عالمی سطح پر فلسطین کی لیے کی جانے والی کوششیں میں مسلم ممالک کو بیدار کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر تحریک برپا کریں۔
(۲) عالمی سطح پر مذہبی بنیاد پر پھیلائی جانے والی نفرت کی سیاست کا خاتمہ محبت سے کریں۔ اپنے اطراف و اکناف پر توجہ دیں اور انسانیت، ہمدردی، صلہ رحمی، شفقت و محبت کا نمونہ بنیں۔
(۳) فکری اعتبار سے جمہوری نظام کا خاتمہ، ہر انسان کی آزادی کو محسوس کرنے والی فکر، انسانیت نوازی اور عدل کے قیام کی کوشش اور حقدار کے حق مانگنے کی کوشش پر قدغن لگا کر اور شاہی ٹھاٹ باٹ کی بقا اور تاناشاہی کی حفاظت ہی دراصل ان نفرت پھیلانے والوں کی اصل منشاء ہے، چاہے وہ عالمی سطح پر ہو یا ملکی سطح پر۔ اس کے ازالے کے لیے شاہی نظام سے نفرت اور جمہوری رائے کی حفاظت پر گفتگو کا ماحول بنائیں۔
(۴) فلسطین کے حق میں مڈلم ممالک کے سفارت خانوں میں احتجاج درج کروائیں۔
(۵) جو برادران وطن فلسطین کے حق میں انسانیت نوازی کی بات کرتے ہیں اور نسل کشی کے خلاف ہیں اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی کوشش کررہے ہیں، ہم ان کے ساتھ مل کر احتجاج درج کروائیں۔ یاد رہے کہ نفرت کی سیاست ہمارے ملک کو بھی رفتہ رفتہ جکڑ رہی ہے اور اس کا ازالہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنے ہم وطنون کے ساتھ نزدیکی بڑھائیں اور گفتگو کریں۔
(۶) فلسطینیوں کے حق میں روزہ رکھیں۔ اس درد کو محسوس کریں اور اللہ سے ان کی آزمائش کو کم کرنے کی دعا مانگیں۔
(۷) یاد رکھیں فلسطینیوں کا درد دراصل اصل مسلمان اور صہیونیت نواز کے درمیان حد فاصل طے کرنے کے لیے کافی ہے۔

٭ ٭ ٭

رفیوجی کیمپ کی زندگی کا چشم تصور سے نظارے کی تمنا ہو تو ذرا ’’یحی سنوار‘‘ کا ناول ’’الشوک والقرنفل‘‘ پڑھ لیجیے۔ اندازا ہوجائے گا کہ لونگ کا پھول اور گوکھرو کا کانٹا جو مکمل جکڑ لیتا ہے، کیسا ان زندگیوں کو ستر سالوں سے جکڑا ہوا ہے! پڑھتے ہوئے جسم پر جھرجھری آجائے گی۔ درد سے انسان سوچنے لگتا ہے کہ اے رب کریم اس رفیوجی کیمپ نے کیسے کیسے مظالم سہے ہیں! کیسا درد جھیلا ہے!

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. ناضیرہ مسرور

    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ بہت بہترین مضمون ہے

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ۲۰۲٥