مئی ۲۰۲۴
ادھورا رہ کر مکمل ہوا (دوسری قسط)

وہ رات کا آخری پہر تھا۔آسمان پر اندھیرا اتنا تھا کہ اپنا عکس بھی پہچاننا مشکل لگتا تھا۔اتنی شدید سیاہی میں زائنہ اپنے کمرے میں بتیاں بجھائے، اوڑھنی سر پر اوڑھے،جائے نماز پر نہ جانے کب سے بیٹھی سامنے تک رہی تھی۔اسے لگاباہر کا اندھیرا اس کے دل کی عکاسی کررہا ہے۔ہر طرف سیاہی ،رات،ہر طرف غم کےپہاڑ،ایک طرف موت کی آغوش میں جاتا اس کاباپ،اور دوسری طرف بچپن سے آنکھوں میں بنا ڈاکٹر بننے کا خواب۔
’’کیا زندگی اتنی بے رحم ہوتی ہےکہ وہ ایک جھٹکے میں ہی انسان سے سب کچھ چھین لیتی ہے؟‘‘ اس کی آنکھوں سے آنسوؤں کی ایک نئی لہر بہنے لگی۔ہوش میں آنے کےبعد سے بابا کی صحت کے بارے میں آپی کے کہےگئے جملے اس کے کانوں کو چھلنی کررہے تھے۔اسے آج شام کا منظر دوبارہ یاد آنے لگا۔وہ کس طرح اپنے کمرے میں بیڈ پر نیم درازلیٹی شانزے کے سینے سے لگی رورہی تھی، اور وہ اسے بابا کی بیماری کے بارے میں کپکپاتے ہونٹوں سے بتارہی تھی۔
’’مما کے جانے کےبعد سے ہی بابا کو سینے میں درد رہنے لگا تھا۔‘‘ آپی اس کا سر سینے سے لگائے کہہ رہی تھیں۔ان کے لیے یہ باتیں اسے بتانا بہت مشکل تھا۔تکلیف سی تکلیف تھی۔دل کے چاہنے کے باوجود بھی، اب وہ یہ سب زائنہ سے چھپا نہیں سکتی تھیں۔بابا کی بیماری جاننے کا اس کا بھی اتنا ہی حق تھا جتنا ان کا تھا۔وہ بابا سے کیا عہد توڑرہی تھیں۔کچھ عہد توڑنے کے لیےہی کیے جاتے ہیں۔ہر عہد کا پورا کیا جانا ضروری نہیں ہوتا۔
’’ بابا نے ہم دونوں کو اس بات سے لاعلم رکھا۔وہ اکیلے ہی اپنا علاج کروارہے تھے۔مما کے جانے کے بعد ،وہ خود کو بہت تنہا محسوس کرنے لگے تھے، زائنہ!ہم ان کے ساتھ ہوتے ہو بھی ساتھ نہیں تھے۔‘‘ ان کے بہتے آنسو اسے اپنے رخسار پر محسوس ہوئے۔کتنا مشکل تھا یہ اعتراف۔ کتنےتکلیف دہ تھے یہ ا لفاظ کہ ہم اس وقت اپنے باپ کے ساتھ نہیں تھے،جب ان کو ہماری ضرورت تھی۔اس سے زیادہ بدقسمتی کسی بیٹی کی اور کیا ہوسکتی تھی؟
’’ ابھی چھ ماہ قبل مجھے بابا کی بیماری کا پتہ چلا،لیکن تب تک بہت دیر ہوگئی تھی۔وہ،وہ(ہچکی کے درمیان ان کی آواز کھردری سی محسوس ہونے لگی) بلڈ کینسر کے آخری اسٹیج پر پہنچ چکے تھے۔‘‘ اس نے ضبط سے آنکھیں بھینچ لیں،لیکن آنسوؤںنےتوجیسےآج اس کے آنکھوں پرقبضہ جمالیا تھا۔شدت ضبط سے بھی وہ اپنی آنکھوں سے بہتے پانی پر قابوں نہ پاسکی۔
’’کیا یہ ممکن تھا کہ میرےبابا کو…میرے اپنے بابا کو کوئی جان لیوا بیماری ہو؟ کیا یہ ممکن تھا؟‘‘ اس کا دل شدت سے اسے ملامت کررہا تھا۔اسے کیسے پتہ نہ چلا؟وہ تو بابا کی سانسوں کی آواز بھی سن لیتی تھی۔پھر دل کی تکلیف کی آواز کیسے نہ سن سکی؟ کیسے وہ اتنا عرصہ تکلیف میں رہے اور وہ سامنے ہوکر بھی نہ جان سکی؟
’’تو اتنی بےوقوف کیسی ہوسکتی ہےزائنہ ؟کیسے ہوسکتی ہے؟‘‘ وہ بے جان آنکھوں سے سامنے پڑے اپنے ڈوبتے گھر کو دیکھ رہی تھی۔جو تھا وہ تو ویسا ہی تھا، جیسا ہمیشہ ہوتا تھا،لیکن اب وہاں ویسا کچھ نہیں تھا جیسا ہمیشہ ہوتا تھا۔یہ گھر تو ان چار ستونوں کے سہارے ٹھہرا تھا؛وہ ، بابا، مما، آپی۔
مما کے جانے کے بعد بابا نے ان کی بھی جگہ سنبھالی تھی۔اس گھر کو لڑھکنے نہیں دیاتھا۔اب اگر بابا ہی نہ رہے تو گھر کو کون سنبھالتا؟ یہ گھر،ان کی خوشیوں کا پروانہ۔ان کی خوب صورت یادوں سے بنا یہ گھر کون سنبھالتا ؟ وہ اور آپی تو اس گھر کے ملگجے میں کھو جائیںگے۔انھیں کون سہارا دےگا؟ اس گھر کو کون سہارا دےگا؟ بابا کے بغیر تو زندگی کا تصور بھی نہیں تھا۔وہ تو اس کی زندگی ہیں۔بھلا زندگی کے بغیر بھی زندگی گزاری جاسکتی ہےکیا؟ کیا زندگی کے بغیر بھی زندگی کا تصور کیا جاسکتا تھا؟
وہ عام حالات یا پریشانی سے گھبراکر رونے والی لڑکی نہیں تھی۔بچپن سے ہی بہت سی مشکلات پر اس کا صبر دیکھ کر لوگ حیران ہوئےبغیر نہیں رہتے تھے،لیکن کسی جان سے زیادہ عزیز شخص کی جان اپنی آنکھوں کےسامنے نکلتے دیکھنے کا درد ہر صبر کو چیر کر رکھ دیتا ہے۔ وہ کب سے وہاں اللہ کے سامنے گڑگڑاکر اپنے باپ کی سانسوں کی بھیک مانگ رہی تھی ،اسے یاد نہیں تھا۔دوسری طرف بابا نے آج ہی کے دن اپنی ٹوٹتی ہوئی سانسوں کے ساتھ اس سے ، اس کے ہی نکاح کی اجازت مانگی تھی،اپنے عزیز دوست کے بیٹے سے۔ موت کی آغوش میں جاتے باپ کی آنکھو ںکی امید وہ مٹا نہیں سکتی تھی۔ اتنی ہمت آخر وہ کہاں سے لاتی؟ اسے لگ رہا تھا کہ اس کا آج اس کےلیے کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔جہاں اس کی خوشیاں اس سے چھن رہی ہیں اور خواب آنکھوں ہی میں چکناچور ہورہے ہیں،زندگی کا یہ باب اسے بہت مشکل لگ رہا تھا۔سوچوں کے محور میں کب وہ جائے نماز پر ہی نیند کی آغوش میں چلی گئی، اسے احساس نہیں ہوا۔

٭ ٭ ٭

ممبئی کی صبح رات کے برعکس کافی گرم اور تپی ہوئی تھی۔ وہ صبح جلدی جلدی ناشتہ کرنے میں مگن تھی ۔آج اسے کالج میں فاخر سے ملاقات کے لیے جانا تھا۔ وہ ڈائننگ ٹیبل پر سربراہی کرسی پر اکیلی بیٹھی ناشتہ کررہی تھی۔ارمان بھائی جو اس سے چھ سال بڑے تھے، صبح ہی آفس کے لیے نکل گئے تھے۔وہ میکنیکل انجينیئر تھے۔بابا کے بعد اس گھر میں سب سے زیادہ وہی اس کے نخرے اٹھاتے تھے۔ اس کے دوسرے بڑے امان بھائی کی آج کل چھٹیاں چل رہی تھیں،اس لیے وہ ابھی بستر میں خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے تھے۔انھوں نے بی کام کیا تھا،اب وہ ایم کام کی تیاریوں میں مصروف تھے۔وہ عالیانہ کے بھائی سے زیادہ اس کے دوست تھے۔بچپن سے ہی اس کی ہر چھوٹی بڑی بات اس کے امان بھائی کو پتہ ہوتی تھی، لیکن گزرتے وقت کے ساتھ یہ سلسلہ کچھ کم ہوگیا۔اب ہر بات بھائی سے کہنا اسے مناسب نہیں لگتا تھا۔اس کاتیسرا بھائی ذیشان اس سے دو سال بڑا تھا۔ وہ میڈیکل کے دوسرے سال میں تھا۔وہ بھی ارمان بھائی کے ساتھ ہی صبح صبح کالج کے لیے نکل جاتا ۔گھر میں واحد ذیشان سے اس کی نہیں بنتی تھی۔وہ ہر وقت کسی نہ کسی بات پر اس سے لڑتی پائی جاتی۔ وہ بھی اسے ستانےکا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں چھوڑتا تھا۔ ڈائننگ ٹیبل کے ساتھ بنے چھوٹے سے کچن سے اس کی ماں کی روٹی سینکتے ہوئے آواز آنے لگی۔
’’آج کالج سے جلدی آجانا۔ عابدہ باجی اور بھائی جان آرہے ہیں پربھنی سے۔ ‘‘نوالہ منہ میں ڈالتے اس کے ہاتھ پل بھر کو روکے۔
’’عابدہ خالہ اور خالو جان۔‘‘ وہ حیرانی سے ماں کے الفاظ دوہراتی کہنے لگی :
’’وہ کیوں آرہے ہیں؟‘‘ اسے ان کا اس طرح اچانک آنا سمجھ میں نہیں آیا۔ وہ اس طرح کبھی اتنا لمبا سفر طے کرکر پربھنی سے ممبئی نہیں آئے تھے۔ ان کی ملاقات تو اکثر اورنگ آباد میں نانی کے گھر ہی ہوتی تھی تو پھر اب کیوں آرہے ہیں؟ وہ من ہی من سوچنے لگی۔ اس کی تجسس بھری طبیعت کو یہ بات کچھ ٹھیک نہیں لگ رہی تھی۔
’’ بتائیے تو کیوں آرہے ہیں؟‘‘ کچن سے ماں کی آواز نہ آنے پر وہ دوبارہ پوچھنے لگی۔ وہ گیس پر کوکررکھے ،روٹیاں بیل رہی تھیں۔کچن سارا پھیلا ہوا تھا۔گیس پر رکھا پریشر کوکر اب کسی آوارہ لڑکے کی طرح مسلسل سیٹیاں بجارہا تھا۔
’’مجھے کیا پتہ کیوں آرہے ہیں؟جب آئیں گے تو پتہ چل ہی جائےگا۔ تم بس جلدی آجانا۔‘‘ کچن سے آتا جواب اس کو غیر مطمئن کرنے لگا،لیکن گھڑی دیکھتی وہ آخری نوالہ منہ میں ڈالتی اٹھ گئی۔ اسے کالج جانے میں دیر ہورہی تھی۔ وہ ہاتھ دھونے ڈائننگ روم کے بائیں طرف واشنگ ایریا میں بنے بیسن کی طرف چلی گئی۔واشنگ ایریا میں واشنگ مشین اپنے اندر میلے کپڑوں کو صاف کرنے میں لگی تھی۔ اسے سارا گھر ہی پھیلا ہوا لگا۔کسی مہمان کے آنے سے پہلے کی تیاریاں زارا بیگم کی عروج پر تھیں۔
’’اچھا ہے،آج کوئی لیکچر نہ ہونے کے باوجود بھی میں کالج جارہی ہوں۔ورنہ ممی نے تو سارا کام مجھ ہی سے کروانا تھا۔‘‘ وہ ہاتھ دھوتی سوچنے لگی۔ کچن میں واپس آئی تو باہری دروازے سے اس کے والد ابرار صاحب اندر آئے،ان کے ہاتھ میں شاپر بیگس تھے۔
’’یہ لیجیے بیگم! گوشت ترکاری اور مٹھائی جو میسیج کیا تھا، لے آیا ہوں۔‘‘ وہ ڈھیلا ڈھالا کرتا پاجامہ پہنے پینتالیس سالہ خوش مزاج انسان تھے ۔ وہ سامان پلیٹ فارم پر رکھتے ہوئے پوچھنے لگے۔
’’دانش بھی آرہا ہے یا صرف تمھارے بہن بہنوئی ہی آئیں گے؟‘‘ وہ کہہ کر پلٹے ہی تھے کہ ان کی بیگم نے ہاتھ سے بائیں طرف بنے ڈائننگ روم کی طرف اشارہ کرکے انھیں چپ رہنے کے لیے کہا۔وہ سادہ شلوار قمیض پہنے،بالوں کی چوٹی بنائے،دوپٹہ گلے میں ڈالے میکانیکی انداز میں سارا کام کررہی تھیں۔

’’اندر ہے وہ، کالج نہیں گئی؟‘‘ ابرار صاحب رازداری سے پوچھتے ہوئے بیوی کے قریب آئے۔ وہ دونوں ہونٹوں کی جنبش سے باتیں کررہے تھے۔
’’نہیں! ابھی ناشتہ کیا ہے بس نکل رہی ہے۔آپ بھی ناں ،سمجھتے نہیں ہے کچھ بھی۔ ابھی سن لیتی تو بوال کھڑا کردیتی دانش کا نام سن کر۔‘‘ وہ ساتھ ساتھ روٹی پلٹنے لگی۔ ابرار صاحب کو بیوی کی بات کچھ خاص سمجھ نہیں آئی۔
’’زارا بیگم! تم خوامخواہ ڈرتی ہو بیٹی سے۔ رشتہ لینے آرہے ہیں۔ اسے اغوا کرکےتھوڑی لےکر جائیں گے۔ میرے خیال سے اسے معلوم ہونا چاہیے۔ اس طرح چھپانے کا کیا فائدہ؟‘‘ وہ عام سی آواز میں کہنےلگے۔ گھر چھوٹا ہونے کی وجہ سے ایک کمرے کی آواز دوسرے کمرے میں بآسانی پہنچ سکتی تھیں۔ زارا بیگم نے انھیںپھر ناگواری سے ٹوکا۔
’’آپ بھی ناں! پاس کھڑی ہےپھر بھی اتنی تیز آواز میں کہہ رہے ہیں۔ باجی نے کون ساصاف صاف کہا کہ وہ رشتہ لینے آرہے ہیں۔ بس کہاکہ ملنا چاہتے ہیں اور رشتےکے بارے میں سرسری سا بتایا۔ جب تک وہ صاف صاف رشتہ نہیں مانگ لیتیں ہم بچوں کو کیا بتائیں گے؟ اور جانتے نہیں ہیںکیا اپنی بیٹی کو؟اتنی سی بات پر ہنگامہ کھڑا کردیتی ہے وہ ،اس کے رشتے کا سن کر تو بوال کھڑا کردےگی۔ آپ انھیں رشتہ مانگ لینے دیں ،پھر باجی کے واپس جانے کےبعد بات کروں گی میں ،تب تک اسے بالکل نہیں پتہ چلنا چاہیے۔‘‘ انھوں نے بیلن دکھاکر جیسے پھر تنبیہ کی، جسے سن کر ابرار صاحب نے برا سا منہ بنایا۔
’’ہاں ہاں سمجھ گیا۔ مجھے کیا پتہ تم عورتوں کی اندرونی چالاکیوں کے بارے میں۔‘‘وہ برا مان گئے تھے، تبھی وہ داخل ہوئی۔ ماں باپ کو اس طرح کانا پھوسی کرتے دیکھ کر اس کی تجسس بھری طبیعت پھر مچلنے لگی۔ اس نے کھنکارا۔ دونوں گھبراکر پلٹے۔ وہ آنکھوں کو سکیڑے دونوں ہاتھ کمر پر رکھے انھیں ہی دیکھ رہی تھی۔
’’کیا چل رہی ہے یہ کچن میز کانفرنس؟‘‘وہ سوال پوچھتی اندر آئی۔
’’کچھ نہیں، باجی آرہی ہیں تو کیا پکانا ہے ؟وہی ڈسکس کررہےتھے۔ تم کو کیا آج دیر نہیں ہورہی ہے کالج جانے کے لیے؟‘‘زارا بیگم اپنی گھبراہٹ چھپاتی اس سے ہی الٹا سوال پوچھنے لگیں۔وہ اس اچانک سوال پر اپنا سوال بھولتی بابا سے کہنے لگی:
’’ہاں ! میں یہ کہنے آئی تھی ،میں وین میں جاتی ہوں کالج۔ آنے میں شاید وین لیٹ ہوجائے۔ بابا! آپ مجھے واپس لینے آجائیےگا ۔ ‘‘
’’ہاں ٹھیک ہے بیٹی! آرام سے جاؤ۔ میں آجاؤں گا لینے۔‘‘ ابرار صاحب نے اس کے سر پر عادتاً پیار سےہاتھ پھیرا۔وہ مسکراکر خداحافظ کہتی نکل گئی۔ اسے واقعی دیر ہوگئی تھی۔
وہ کالج میں آتے ہی فون کان سے لگائے کمپاؤنڈ میں ٹہل رہی تھی۔ سیاہ برقع اوڑھے ہم رنگ دوپٹےکا نقاب لگائے، وہ دراز قد کی نیلی خوب صورت آنکھوں والی لڑکی بڑی جاذب شخصیت کی مالک دکھائی دیتی تھی۔کالج میں عام دنوں کی گہماگہمی نہیں تھیں۔امتحانات کی وجہ سے کئی اسٹوڈنٹس کالج نہیں آرہے تھے۔وہ ٹھہر کر کالج کی یہ خاموشی محسوس کرنے لگی۔یہ سکوت یہاں کم ہی پایا جاتا تھا۔ تبھی پیچھے سے کسی نے قریب آکر مسکراتے ہوئے اس کے کان میں کچھ کہا۔ وہ ایڑیوں کے بل پیچھے گھومی،اور نیلی آنکھوں میں مسکراہٹ رینگنے لگی۔ وہ مسکراتے چہرے کے ساتھ اس کے آنکھوں میں نگاہیں جمائے کھڑا تھا۔وہ اسے برقع اور نقاب میں بھی پہچان لیتا تھا۔ اس نے بلیک جینس پر وائٹ ٹی شرٹ پہنے، بال کھڑے کیے ،آنکھوں پر فریم لگائے وہ گندمی رنگت کا لڑکا کافی ہینڈسم لگ رہا تھا۔
’’اَلسَلامُ عَلَيْكُم!‘‘ فاخرنے عادتاً سلام میں پہل کی۔وہ بس مسکرا کر رہ گئی۔ کچھ باتیں کبھی نہیں بدلتیں۔ اس میں یہ اس کا سلام بھی شامل تھا۔
’’وَعَلَيْكُم السَّلَام! امید ہے مجھے دیر نہیں ہوئی ہوگی۔ ‘‘ وہ معذرت خواہانہ انداز میں کہنے لگی۔
’’نہیں ،بالکل نہیں، بھلا آدھا گھنٹہ دیربھی کوئی دیر ہوتی ہے۔‘‘ وہ ہاتھ میں بندھی گھڑی دیکھتا کہنے لگا۔
’’ہمم !اچھی بات ہے۔ ویسے بھی انتظار کرنے کی عادت ہونی چاہیے آپ کو ابھی سے۔” وہ بنا اثر لیے کہتی کچھ دور بنے کیفے ایریا کی طرف بڑھنے لگی۔ وہ بھی اس کے ساتھ ساتھ چلنے لگا۔
’’اسی کی کوشش تو کررہا ہوں،لیکن شاید آپ کو ابھی بھی میری محبت پر بھروسہ نہیں ہے۔‘‘ وہ اسے طنزیہ’ آپ‘ سے مخاطب کرتا شکایت کرنے لگا۔کل رات کی اس کی باتوں نے شاید اسے پریشان کردیا تھا۔ وہ بے ساختہ پیچھے ُمڑی۔
’’افف فاخر پلیز!‘‘ وہ پلیز پر زور دیتی کہنے لگی۔
’’ تم نہیں جانتے میں تم پر کتنا بھروسہ کرتی ہوں۔ وہ تو بس گھر میں میری شادی کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ میں گھبراگئی تھی۔‘‘ وہ دونوں کالج کے مین کمپاؤنڈ میں چل رہے تھے۔ اطراف میں کئی دوسرےطلبہ بھی اپنی اپنی رفتار پکڑے چلتے جارہے تھے۔ سب کی منزل الگ الگ تھی، لیکن مقصد صرف ایک تھا،جیت،دوسروں سے آگے جانے کی خواہش۔ وہ دونوں اطراف کی دنیا سے بے خبر اپنی دنیا کی باتیں کرتے کیفے کا دروازہ کھول کر اندر آبیٹھے۔اندر کسی روم اسپرے کی دل فریب سی خوشبو اس کے نتھنوں سے ٹکرائی۔اس نے لمحےکو بھر کو سانس اندر کھینچ کر اس خوشبو کو اپنے وجود میں اتارا ۔اس کا سارا وجود مہکنے لگا ۔فاخر دور کھڑےویٹر کو مینو کارڈ لانے کا اشارہ کرکے کہنے لگا:
’’صرف کچھ وقت دو مجھے عالیانہ! میں پرامس کرتا ہوں، میں تمھیںناامید نہیں کروں گا۔‘‘ وہ کیفے کسی کافی شاپ کے طرز پر سجایا گیا تھا۔ جہاں جگہ جگہ کالج کے کپل اور دوست بیٹھے خوش گپیوں میں مصروف تھے۔ وہاں کا ماحول ٹھنڈا اور پرسکون تھا۔
’’ دیکھو! ابھی بڑی آپی کا رشتہ ہونے والا ہے۔ ان شاءاللہ بات پکی ہوتے ہی میں تمھاری بات کروں گا ممی سے۔ ‘‘وہ ویٹر کا لایا ہوا ٹیبل پر رکھا مینو کارڈ اس کی طرف بڑھاتا کہنے لگا۔ وہ اس کی وہی پرانی باتیں سن کر زچ ہوگئی تھی۔
’’بڑی آپی، پھر چھوٹی آپی، پھر صدف کی بات پکی ہوگی۔ تب کہیںجاکر تمھارا نمبر آئےگا فاخر! تم سمجھو، اس طرح تو میں اتنا لمبا انتظار نہیں کرسکتی ناں۔ اگر بابا کل کسی کا رشتہ قبول کرلیںگے تو مجبوراً مجھے بھی ہامی بھرنی پڑےگی اور میں ایسا نہیں چاہتی۔‘‘ شدت بھرے لہجے میں کہتے کہتے اس کی آواز بھرانے لگی تھیں۔وہ کیوں نہیں سمجھ رہا تھا کہ اس کے لیے یہ سب اتنا آسان نہیں ہے۔
’’عالیانہ! تم اس طرح کیوں سوچ رہی ہو؟ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ تمھارے بابا کے کسی رشتہ لانے سے پہلے ہی میں اپنا رشتہ بھیجوں گا۔ ٹرسٹ می!‘‘ اس کا تھکا لہجہ اس کے الفاظ کا ساتھ دینے سے انکاری تھا۔ویٹرنے کافی اور سینڈویچ ان کے سامنے ٹیبل پر رکھی۔بھاپ اڑاتی کافی نے ماحول میں پل بھر کےلیے تازگی پیدا کردی تھی۔
’’خیر مجھے یہ بتاؤ کہ یہاں کیوں بلایا آج؟‘‘وہ کافی کا مگ تھامتی بات بدلتی پوچھنے لگی۔وہ صبح صبح اس سے لڑنا نہیں چاہتی تھی۔اس نے کافی کی ایک چسکی لی ۔گرم گرم کڑوا مائع زبان سے لگتے ہی منہ میں اتر گیا تھا۔اس نے ایک نگاہ کافی کو ستائش سے دیکھا۔وہ واقعی بہت مزےکی تھی۔
’’تا کہ تم یہاں آکر مجھے باتیں سناؤ۔‘‘لو جی اسکا موڈ تو لڑنے کا بن چکا تھا۔وہ کافی کا مگ پکڑے اسے دیکھنے لگی۔
’’وہ کیا ہے ناں عالیانہ بی بی! کہ میں تمہاری جلی کٹی باتیں مِس کررہا تھا۔‘‘وہ برا منہ بناتا کہنے لگا۔ اس نے ابھی تک کافی کے مگ کو نہیں چھوا تھا۔عالیانہ نے اس کی طنزیہ باتیں سُن کربے ساختہ مسکراہٹ کو لبو ںمیں دبایا۔ عجیب بندہ تھا ، پہلے بات نہیں سمجھتا ۔پھر کچھ کہہ دو تو طنز کرنے لگتا۔
’’تمھیںبرا لگا؟‘‘وہ معصوم سی شکل بناتی پوچھنے لگی۔جیسے وہ جانتی ہی نہیں تھی کہ اسے برا لگا ہے۔
’’اوہ !تو میڈم کو منانا بھی آتا ہے۔‘‘وہ مسکراتی آنکھوں سے سوچتا چہرے پر مصنوعی سنجیدگی چڑھائے کہنے لگا۔
’’نہیں ،بالکل نہیں! آپ کی باتوں کا بھی بُرا لگ سکتا ہے کیا مجھے؟‘‘ اس نے سامنے رکھی دھواں اڑاتی کافی کا مگ اٹھایا۔
’’گڈ !لگنا بھی نہیں چاہیے ،ورنہ مشکل ہوجائےگی آپ کے لیےفاخر صاحب!‘‘وہ شان بےنیازی سے کہتی کافی کے گھونٹ بھرنے گی۔وہ بس اسے مسکراکر دیکھتا رہ گیا۔وہاں روٹھے کو منانے کا کوئی سین نہیں تھا۔وہ کافی کے ِسپ لیتا سوچنے لگا:
’’یہ لڑکی ہر موقع کو اس کے لیے خوش گوار بنادیتی تھی۔اس کا خراب موڈ ٹھیک کرنا صرف اسے ہی آتا تھا۔اس لڑکی کے بغیر زندگی گزانےکا میں سوچ بھی نہیں سکتا۔‘‘ لیکن سب کچھ اتنا آسان نہیں تھا، جتنا وہ اس کے سامنے بیان کرتا تھا۔اگر وہ جیسا چاہتے تھے ویسا نہ ہوسکا تو؟ اگر وہ ایک نہ ہوسکے تو؟ اس کا دل ڈوبنے لگا۔نہیں نہیں! وہ اس کے آگے سوچنا نہیں چاہتا تھا۔

٭ ٭ ٭

وہ اپنے گھر کا اکلوتا بیٹا تھا۔ تین بہنوں کے بعد پیدا ہونے والا منتوں اور دعاؤں سے مانگا جانے والا بیٹا۔ اکلوتا ہونے کی وجہ سے جہاں وہ سب کا لاڈلا تھا ،وہی بیٹا ہونے کی وجہ سے گھر کی ساری امیدیں اور بوجھ اسی سے وابستہ تھے۔ اس کے ابّو کی کرانہ کی دکان تھی۔ گھر کے معاشی حالت بھی مناسب ہی تھی، نہ بہت کم نہ بہت زیادہ۔ گھر کی ساری امیدیں فاخر کی پڑھائی کے بعد ملنے والی جاب سے ہی وابستہ تھیں۔ ابھی اسے باپ کے ساتھ مل کر تینوں بہنوں کی شادی بھی کروانی تھی اور پڑھ کر اچھی جاب بھی حاصل کرنی تھی۔
اس کے لیے اسے پانچ چھ سال کا وقت چاہیے تھا، لیکن عالیانہ کو اپنی پریشانیاں بتا کر وہ خود کو اس کے سامنے چھوٹا نہیں محسوس کرواسکتا تھا ۔نہ وہ چاہ کر بھی ابھی اپنی محبت کا ذکر اپنے گھروالوں سے کرسکتا تھا۔ وہ جان بوجھ کر اپنے والدین کو تکلیف دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔
دوسری طرف عالیانہ بھی اپنے گھر کی اکلوتی ہی بیٹی تھی۔ تین بھائیوں کے بعد پیدا ہونے والی منتوں اور دعاؤں سے مانگی جانے والی بیٹی۔ جس کی ہر خواہش کم آمدنی ہونے کے باوجود بھی پوری کی جاتی تھی، لیکن اکلوتی بیٹی ہونا بھی کسی سزا سے کم نہیں ہوتا۔ وہ والدین کی عزت کی اکیلی رکھوالی تھی۔ جتنا اس پر بڑھتی عمر کے ساتھ نظر رکھی جانے لگی تھی، اسے لگا وہ کسی خوب صورت پنجرے میں بند ہے۔ اگر اتنی سخت نگاہ رکھنے کےباوجود بھی کسی کو اس کی محبت کی خبر لگی تو اسے لگتا تھا کہ وہ اپنے بھائیوں کے ہاتھوں مار دی جائےگی، لیکن اسے اپنے بابا کی محبت پر بھروسہ بھی اتنا ہی تھا،وہ اسے کچھ نہیں ہونے دیں گے،وہ اسے سمجھیںگے، وہ اس کی محبت کو بھی سمجھیں گے۔بس فاخر رشتہ لے آؤ! دل اور دماغ کی اس جنگ میں اسے کسی بہن کی ضرورت تھی۔ کوئی بہن جو اسے سمجھ سکے ، اسے بہتر مشورہ دے سکے، اسے بتاؤ کہ وہ ایسا کیا کرے جس سے اس کی محبت بھی بچ جائے اور وہ رسوا بھی نہ ہو۔ وہ چاہ کر بھی اپنی دل کی حالت والدین سے شیئر نہیں کرسکتی تھی۔ نہ کسی بھائی سے مشورہ لینا اسے گوارہ تھا۔ اسے بہن چاہیے تھی، لیکن افسوس وہ اکلوتی تھی۔
کبھی کبھار اکلوتا ہونا عذاب جیسا لگتا ہے،جس میں ساری آزمائش اکیلے آپ کےہی حق میں آتی ہے۔ اسے بانٹنے والا یا سہارا دینے کے لیے کوئی ہم جنس آپ کے ساتھ نہیں ہوتا۔ وہ دونوں الگ الگ آزمائشوں کے محور میں ایک ہی گرد گھوم رہے تھے۔
(جاری)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

3 Comments

  1. Inshirah fatma

    اگلی قسط کا انتظار ہے اب……

    Reply
  2. Adrees jahan

    ماشاءاللہ
    بہت زبردست جاری کہانی۔
    جلدی جلدی بھیجا کرے ۔

    Reply
  3. Noor jahan

    Kabhi kabhi eklota hona bhi azaab jaisa hota.jisme saari aajmaish akele aap hi ke haq me aati hai.
    Very true lines

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مئی ۲۰۲۴