اگست ۲۰۲۴

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے مزاج گرامی بخیر ہوگا!
حال ہی میں ھادیہ ای میگزین کا جولائی کا شمارہ نظروں سے گزرا۔ سرِ ورق ہی اس قدر توجہ طلب تھا کہ قاری پڑھے بغیر نہ رہ سکے،سرِورق فلسطین پر ہونے والے مظالم اور سفاک تماش بینوں کی بہترین عکاسی کرتا ہے،اور جیسا کہ ہم جانتے ہیں ان دنوں ملک میں الیکشن مرکز گفتگو رہا ہے۔ اس دوران ہمارا کیا کردار ہونا چاہیے، اس لحاظ سے بھی اس میگزین میں مضامین پڑھنے کو ملے۔ دور حاضر میں ہر انسان کو خاص کر ہر مسلمان کو چاہیے کے وہ حالات سے باخبر رہے، اسی ضمن میں یہ میگزین اہم کردار ادا کر رہاہے۔ الیکشن کے ہی حوالے سے ایک تحریر پڑھی ’’جو دلوں کو فتح کر لے وہی فاتح زمانہ‘‘ بہت بہترین لگی۔
آج کل کا بدلتا ماحول اور اس کی بگڑتی حالت کے تحت بھی احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں۔ جس پر ہر انسان کو عمل کرنا چاہیے ،تاکہ آلودگی سے پاک ماحول بنایا جا سکے۔ انسان ماحول دوست بن سکے ۔
درس قرآن میں بھلے ہی ایک آیت سہی، اسے بہت بہترین انداز میں کھول کر بیان کیا گیا ہے۔ آسان زبان اور جامع الفاظ میں قرآن کے پیغام کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بے شک ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ قرآن کو سمجھنے کی کوشش کرے، کیوں کہ قرآن کو ہماری رہ نمائی کے لیے ہی بھیجا گیا ہے۔ اسی مقصد کے تحت درس قرآن کے ذریعے بہت ہی بہترین کوشش کی گئی ہے۔ اللہ ہم سب کی کوششوں کو کامیاب بنائے ۔(آمین!)
دور جدید میں نئی نسل کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں بھی اس میگزین نے اہم رول نبھایا ہے ، جدید صلاحیتوں سے متعلق بھی کافی رہ نمائی کی گئی ہے۔
یہ میگزین ہمیں دینی و دنیوی دونوں تعلیم فراہم کرتی ہے۔اس نےصحت، ماحول، اخلاقی تعلیم، معاشرت غرض کہ ہر شعبے کی معلومات فراہم کی ہے۔
میگزین میں بچوں کے لیے بھی بہترین سبق آموز کہانیاں بیان کی گئی ہیں، اس سے نہ صرف بچوں کی دل چسپی کا سامان پیدا ہوتا ہے، بلکہ ان میں مطالعے کا شوق بھی بڑھتا ہے۔میری پسند کی بات کی جائے تو ’’ ٹی ٹائم‘‘ میرا پسندیدہ ہے، کیا ہی دل چسپ تحریریں ہوتی ہیں، چھوٹی سی مگر گہری باتیں۔

اللہ اس میگزین کو لوگوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ بنائے اور اس کے لیے کی گئی کوششوں کو کامیاب کرے۔ آمین!

وعلیکم السلام
عزیز سسٹر حفصہ!
پڑھ کر دلی مسرت ہوئی،آپ نے ھادیہ پر اپنے تاثرات جس انداز سے بیان کیےہیں،پڑھ کر طمانیت کا احساس ہوا کہ کوئی اتنی باریکی سے ھادیہ کا مطالعہ کرتا ہے،کیوں نہ ھادیہ ترقی کرے؟باذوق قاری ہی ھادیہ کی متاع عزیز ہے۔
میری عزیزہ! ھادیہ کے ساتھ اس تعلق کو بنائے رکھیے کہ یہی اظہار ہمیں پر جوش رکھتا ہے۔

ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے