امریکہ کے ایک سنیما میں کمرشیل فلم سے پہلے ایک شارٹ فلم چلائی گئی۔اسکرین پر ایک منظر تھا، جس میں چھت کا پنکھا دکھایا گیا تھا،یہ پنکھا پرانے ماڈل کا تھا اور مسلسل چل رہا تھا۔ اس پنکھے کے علاوہ فریم میں اور کچھ نظر نہیں آرہا تھا۔
سنیمادیکھنے والے بڑے تجسس سے یہ سین دیکھ رہے تھے۔ اُنھیں یقین تھا کہ ابھی کچھ دیر میں منظر بدلے گا اور کچھ ایسا دیکھنے کو ملے گا، جو سیدھا اُن کے دل پر اثر کرے گا، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔
دو منٹ گزر گئے اور صرف پنکھا ہی چلتا دکھائی دیتا رہا۔ سنیما ہال میں موجود کئی حاضرین نے انگڑائیاں لینی شروع کر دیں۔یوں لگ رہا تھا جیسے سب کو یقین ہوچکا ہے کہ شارٹ فلم میں اُ ن کے دیکھنے لائق کچھ نہیں ہے۔شائقین توقع کررہے تھے کہ شاید آگے چل کر کچھ واقعی دیکھنے لائق نظر آجائے۔
پانچ منٹ بعد بھی سین نہیں بدلا۔ بیزار طبع لوگوں نے پاپ کارن کے پیکٹ کھول لیے۔ فلم کے آغاز میں جو سکوت طاری تھا، وہ آہستہ آہستہ ختم ہوتا جارہا تھا۔لوگوں کی توجہ بھی ا سکرین پر مرکوز نہیں رہی تھی،جن کے پاس پاپ کارن نہیں تھے، انھوں نے موبائل نکال لیے تھے اور وقت گزاری کے لیے سوشل میڈیا کھول لیا تھا،تاہم سب لوگ وقفے وقفے سے ایک نظر سنیمااسکرین پر بھی ڈال لیتے تھے،لیکن وہاں وہی منظر تھا،چھت پر چلتا ہوا پرانے ماڈل کا پنکھا۔
چھٹا منٹ شروع ہوا تو دبی دبی سرگوشیاں شروع ہوگئیں کہ کتنی بورنگ ہے یہ شارٹ فلم۔ ایک صاحب نے تبصرہ کیا کہ یقیناً یہ آرٹ کی کوئی نئی قسم ہے،کیوں کہ اکثر بور ترین چیز کو آرٹ کا نام دے دیا جاتاہے۔ ایک اور آواز آئی :
’’ہوسکتا ہے فلم کے آخر میں یہ بتایا جائے کہ پنکھا بھی سانس کی طرح ہے،جوچلتاجارہاہے،لیکن جب کوئی بٹن دباتا ہے،تو یہ بند ہوجاتاہے،اور اگر واقعی یہی اختتام ہوا تو میں لعنت بھیجوں گا،ایسی بورنگ شارٹ فلم بنانے پر۔‘‘
ایک رائے آئی کہ یہ فلم اس لیے دکھائی جارہی ہے ،تاکہ جب کمرشیل فلم شروع ہو تو وہ ہمیں زیادہ اچھی لگے۔ یہ بات سن کر کئی لوگ قہقہے لگانے لگے ۔ ایک موٹے امریکی نے تو باقاعدہ اپنی سیٹ سے اُٹھ کر کہہ بھی دیا کہ یہ شارٹ فلم نہیں،بلکہ ہمارے صبر کا امتحان ہے۔پچھلی سیٹوں پر بیٹھی ایک خاتون کی بھی آواز آئی کہ پنکھا بند کردیا جائے، بلاوجہ سردی محسوس ہورہی ہے۔ اُسی کی ایک ساتھی کی آواز گونجی :
’’ہاں! اور ساتھ ہی یہ شارٹ فلم بنانے کو بھی بند کر دیا جائے۔‘‘
ہوتے ہوتے دسواں منٹ اسٹارٹ ہوگیا۔ شارٹ فلم کے آغاز میں ہی بتایا گیا تھا کہ اس کا دورانیہ 10 منٹ ہے،لیکن اب تو دسواں منٹ شروع ہوگیا تھا اور ا سکرین پر صرف چھت والا پنکھا چلتا دکھائی دے رہا تھا۔آخر محض ایک چلتے ہوئے پنکھے کو فلم دیکھنے والے کتنی دیر تک برداشت کر سکتے ہیں؟ہال میں اب لوگوں کے ہنسنے کی آوازیں بھی آرہی تھیں۔کئی لوگوں نے طنزیہ جملے بھی کسنا شروع کردیاتھا۔
اتنے میں اچانک شارٹ فلم کا منظر بدلا اور کیمرہ دھیرے سے گھومتا ہوا پنکھے کے بالکل الٹی سمت میں حرکت کرگیا۔ اب اسکرین پر ایک بیڈ نظر آرہا تھا،جس پرایک شخص ساکت لیٹا ہوا چھت کے پنکھے کو خالی نظروں سے دیکھے جارہا تھا۔ منظر بدلتے ہی سنیما ہال میں موجود لوگ بھی چونک گئے۔ سرگوشیاں بند ہوگئیں اور نظریں ا سکرین پر جم گئیں۔ دس منٹ ختم ہونے میں پندرہ سیکنڈ باقی تھے،تبھی سنیما ہال میں ایک آواز گونجی:
’’یہ شخص ہلنے ڈولنے سے قاصر ہے،جس منظر کو آپ دس منٹ نہیں دیکھ سکے،اسے یہ شخص دس سال سے مسلسل اسی طرح دیکھ رہا ہے۔‘‘
ایک لمحے کے لیے ہر طرف خاموشی چھا گئی اور پھرپورا ہال تالیوں کے شور سے گونج اٹھا۔
ایسے لوگ ہمارے یہاں بھی موجود ہیں،جو آزادی کے اس مفہوم سے ناآشنا ہیں۔ کوئی آزادی سے اُٹھ نہیں سکتا،کسی کے پائوں بیماری نے جکڑرکھے ہیں،کوئی آوازیں سننے سے قاصر ہے اور کسی کے نصیب میں برستی بارش دیکھنا نہیں،کوئی آزادی سے ہر چیز کھانے کا رسک نہیں لے سکتا،کسی کی سانس آکسیجن سلینڈر کی محتاج بن کر رہ گئی ہے‘کوئی ہاتھ بڑھا کر پانی کا گلاس خود نہیں پی سکتا اور کسی کے لیے خواب آور گولیوں کے بغیر سونا ممکن نہیں، ایسے لوگ تقریباً ہر گھر میں موجود ہیں۔ ماں کی شکل میں،باپ کی شکل میں یا کسی قریبی عزیز کی شکل میں۔یہ آزادی سے جشن ِآزادی بھی نہیں منا سکتے۔انھیں روزانہ دس منٹ ایسے ضرور دیجیے،جس میں آپ کی برداشت جواب نہ دے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments