مصرع طرح :
’’درد نے دل میں دبے پاؤں قدم رکھا ہے ‘‘
نیند نے جیسے ہی آنکھوں میں قدم رکھاہے
میز پر لکھتے ہوئے میں نے قلم رکھا ہے
خواہشیں چین سے جینے نہیں دیتی ہیں کبھی
اس لیےمیں نے بھی دل میں انھیں کم رکھا ہے
پھول پھر کھلنے لگے پیڑ ہرے ہونے لگے
موسم گل نے جو گلشن میں قدم رکھا ہے
کچھ بھی احساس ہوا ہے نہ تو آہٹ ہی ہوئی
’’درد نے دل میں دبے پاؤں قدم رکھا ہے ‘‘
اشک آنکھوں سے نکلنے نہیں پاتے میرے
ضبط غم کا مری آنکھوں نے بھرم رکھا ہے
یہ الگ بات ہے ہونٹوں پہ تبسم ہے مرے
ورنہ دل میں مرے طوفان الم رکھا ہے
ہوگئ دور مری ساری مصیبت پیکرؔ
سر پہ کس نے مرے یہ دست کرم رکھا ہے
٭ ٭ ٭
Comments From Facebook


بہت خوبصورت ۔۔۔۔اللہ کرے زور قلم اور زیادہ