آج ثناءاردو پرائمری اسکول کی جماعت پنجم کی طالبات بے انتہا خوش تھیں۔ خوش کیوں نہ ہوتیں؟یوم جمہوریہ( 26 جنوری )کی مناسبت سے سالانہ کھیل کے مقابلے جو تھے۔سونے پر سہاگہ یہ تھاکہ اسکول کی نہایت شفیق اور ہر دل عزیز صدر معلمہ معراج النساء صاحبہ جماعت پنجم کی طالبات کے کھیل کے معائنے کے لیےخود میدان میں تشریف لائی تھیں۔
سفید یونیفارم میں ملبوس لڑکیوں نے انھیں گھیر لیا اور استقبالیہ ترانہ ترنم کے ساتھ گانے لگیں :
اس بزم مسرت میں مہمان جو آئے ہیں
ہم ان کی عنایت پر پھولےنہ سمائے ہیں
اور دوران ترانہ کچھ شوخ لڑکیوں نے سرخ گلابوں سے مہکتا بڑا سا ہار صدر معلمہ کے گلے میں پہنا دیا ،اور ان کے نہ نہ کرنے کے باوجود ان کے ساتھ گروپ فوٹو کھینچوایا ۔
یہ سب کچھ طالبات نے اتنی تیزی سے کیا کہ معلمات تک حیران رہ گئیں، لیکن کم عمر طالبات کی یہ پلاننگ سب کو پسند آئی ، اور انھوں نے طالبات کے لیے توصیفی تالیاں بجائیں ۔
ہاں !تو پھر مقابلے کی گھڑی آ گئی، جس کا سب کو انتظار تھا۔
اسکول کا طویل و عریض میدان ،میدان میں ہلکی سرخ مٹی ،اس پر سفید پاؤڈر سے کی گئی مارکنگ۔سب کچھ بہت خوبصورت دکھائی دے رہا تھا ۔کلاس ٹیچر صاحبہ نے مائک ہاتھ میں تھاما اور دوڑ کے مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات کے نام پکارے۔تمام طالبات تیزی سے مارکنگ لائن پر اپنی اپنی جگہ پر کھڑی ہوگئیں۔ ہمیشہ کی طرح کلاس کی تیزوطرار صغریٰ نے عین وسط میںجگہ لی۔ صغریٰ کو اپنے آپ پر کچھ زیادہ ہی زعم تھا، کیوں کہ دوڑ کے مقابلے کا اس کا اپنا ریکارڈ قائم تھا ۔دوسری طرف فوزیہ تھی جس کا اپنا تعلیمی ریکارڈ تھا، لیکن کھیل کے مقابلے میں وہ صغریٰ سے پیچھے رہ جاتی تھی ۔یہی بات دونوں میں فاصلہ بنائے ہوئے تھی ۔ فوزیہ دل ہی دل میں اپنے رب سے مخاطِب تھی:’’اللہ میاں !آج کے مقابلے کے لیے میں نے بہت پریکٹس کی ہے،آپ میری مدد فرمائیےگا،بس بازی میں جیت جاؤں ۔‘‘
ہر ایک طالبہ امید ویقین کی ملی جلی کیفیت میں تھی ۔اتنے میں انسٹر کٹر صاحبہ نے کچھ ہدایات دیں اور سیٹی بجائی۔دوڑ کا مقابلہ شروع ہوا ۔لڑکیاں پوری قوت کے ساتھ دوڑ نے لگیں۔ دونوں جانب اسکول کی طالبات محو مقابلہ تھیں۔حسب توقع صغریٰ سب سے پہلے مارکنگ لائن کو ٹچ کر کے واپس پلٹی تھی ۔ہر طرف سے صغریٰ صغریٰ کی پکار گونجنے لگی ۔ صغریٰ واپسی کا آدھا راستہ طے کر چکی تھی ،تبھی سب کو حیرانی ہوئی کہ فوزیہ نےبھی بڑی تیزی سے مارکنگ لائن کو ٹچ کیا اور بالکل صغریٰ کی قریب قریب پہنچ گئی ۔ ناظرین کے دو گروپ بن چکے تھے، کچھ فوزیہ فوزیہ کی رٹ لگا رہی تھیں تو کچھ صغریٰ کو اپنی رفتار بڑھانے کے لیے اکسا رہی تھیں اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے دونوں لڑکیاں برابر ہوگیں۔ اب مقابلہ سسپنس بڑھا رہا تھا ،منزل دونوں کی بالکل قریب تھی، طالبات و معلمات صرف دونوں پر نظر یں ٹکا ئے ہوئی تھیں۔ دیکھنا تھا اول کون آتا ہے ؟لیکن اچانک دیکھتے ہی دیکھتے صغریٰ لڑکھڑا کرگر گئی ،اس کی ہتھیلیاں اور گھٹنے زخمی ہوگئے، وہ اٹھنے کی کوشش کرنے لگی ،مگر اس کےلیے اٹھنا مشکل ہورہاتھا ۔اس دوران فوزیہ آگے بڑھ چکی تھی اور بس دو قدم پر جیت اس کا مقدر تھی۔چیخ کی آواز پر اس نے گردن گھما کر دیکھا تو صغریٰ بری طرح گری ہوئی تھی۔ بڑی تیزی سے فوزیہ کے دل و دماغ کےمابین مقابلہ شروع ہوا ۔دماغ نے تیزی سے دو قدم آگے بڑھنے کا حکم دیا،جب کہ دل نے اسے آگے بڑھنے سے منع کردیا ۔لمحے کے ہزارویں حصہ میں فوزیہ فیصلہ کر چکی تھی ۔فوزیہ نے دو قدم پیچھے ہٹ کرصغریٰ کو اٹھایا اور سائیڈ میں لے گئی ۔صغریٰ کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔اسے چوٹ سے زیادہ مقابلے میں ہارنے کی تکلیف ہو رہی تھی ۔فوزیہ نے صغریٰ کو کرسی پر بٹھایا، اس کے کپڑوں سے مٹی صاف کی ۔صغریٰ اور فوزیہ مقابلہ سے خارج ہو گئی تھیں۔
خلاف توقع نہاں کے لیے میدان صاف ہو گیا تھا۔نہاں نے اپنی رفتار بڑھائی، اور لائن کراس کر لی ۔حسب روایت اول آنے والی طالبہ کو صدرمعلمہ نے گلے میں میڈل پہنایا اور ٹرافی دی۔ یہ سب کچھ حیران کن تھا ۔
دوسرے ہی لمحے صدر معلمہ صاحبہ بڑی تیزی سے فوزیہ کے قریب پہنچیں اور انھوں نے فوزیہ کی پیشانی کو بوسہ دیا ، اور سرخ گلابوں کا ہار بہت محبت سے اس کے گلے میں پہنایا ۔صغریٰ کا سارا غرور ٹوٹ چکا تھا ۔صغریٰ نے آگے بڑھ کر فوزیہ کو گلے لگا لیا ۔
اسکول کا سارا گراؤنڈ نہاں کےلیےبجنےوالی تالیوں سے کم،اورفوزیہ کےلیے بجنےوالی تالیوں سے زیادہ گونج رہاتھا ۔
بچو! اس کہانی سے ہمیں کیا سبق ملا ؟
یہی کہ:
1۔فوزیہ ہار کر بھی بازی جیت چکی تھی ۔
2۔صغریٰ کا زعم کچھ کام نہ آیا ۔
3۔ صغریٰ اور فوزیہ کے درمیان کے فاصلے ختم ہو چکے تھے۔ فوزیہ کے حسن سلوک نے صغریٰ کو اس کا دوست بنا دیا تھا ۔
قرآن پاک میں ہے:
تم دیکھو گے کہ تمھارے حسن سلوک سے تمھارے دشمن جگری دوست بن جائیں گے ۔(سورہ حٰمٓ سجدہ )
٭ ٭ ٭


0 Comments