فروری ۲۰۲۴
ذو الجلال و الاكرام

الوحید ایک ایسے مجمعے کے درمیان کھڑے تھے، جن کی روحیں سکون کے ساتھ پرواز کرنے کےلیے بےتاب تھیں ، لیکن ملک الموت کسی کے حکم کے تابع تھا ۔
’’اے دونوں جہانوں کے پروردگار! مجھے حکم دیجیے کہ میں ان مظلوم روحوں کو ان کی تکالیف سے آزاد کردوں ۔ اے رب! میری آنکھیں یہ منظر دیکھ کر لہو برسانانہ شروع کردیں ، جو پھول ابھی کھلے بھی نہیں تھے انھیںتوڑ دیا گیا ہے ، اے خدائے برتر! بےشک تمام عالمین کےرب آپ ہی ہیں ۔ مجھے حکم دیجیے کہ میں اُن سفاک درندوں کو موت کا مزا چکھا سکوں جو ان معصوم جانوں پر بربریت کا مظاہرہ کررہے ہیں…‘‘
ملک الموت کے الفاظ ابھی مزید باقی تھے کہ ایک بارعب حاکم کےآوازکی گونج سنائی دی : ’’کیا تم نہیں جانتے مومنوں کی جانوں کو ہم نے جنت کے عوض خرید لیا ہے ۔‘‘
یہ مکالمہ ملک الموت اور غیبی آواز کے درمیان چل رہا تھا،ٹھیک اسی وقت اگر ہم الشفا اسپتال کے داخلی دروازے کی طرف رُخ کریں تو روح فرسامناظر رونما تھے، ہر طرف آہ و بکا کی دل دوز آوازیں تھیں۔
الوحید اپنے ہاتھ میں گوشت کا لوتھڑا لیے غائب دماغی کے عالم میں کھڑے تھے۔ ابھی رات میں ہی تو انھوں نے اپنی اہلیہ سے ان خواہشوں کا اظہار کیا تھا، جو اس بچے سے منسوب تھے ،جو اس دنیا میں آنے والا تھا ،اور اب وہی بچہ بے جان ان کے ہاتھوں میں تھا ۔
’’الوحید! اگر بیٹی ہوئی تو میں نور الدین زنگی کی اہلیہ کا قصہ اسے سناؤں گی ، صفیہ اور خولہ کے کردار اس کے ذہن میں نقش کردوں گی ، عائشہ اور خدیجہ کی محبت کا درس دوں گی، فاطمہ کی حیا سے اس کی آنکھیں روشن کروں گی ۔‘‘
’’…اور اگر بیٹا ہوا زمائمہ! تو ہم اپنے بیٹے کو ارض فلسطین کا غازی بنائیں گے۔‘‘
دونوں کی آنکھیں روشن مستقبل کے خواب سے تابناک نظر آرہی تھیں ۔
’’زمائمہ! ہوسکتا ہے مجھے اسپتال سے آنے میں تاخیر ہوجائے،یا یہ بھی ہوسکتا ہے میں وہی رُک جاؤں ۔ بم باری نے لاکھوں لوگوں کے جسموں کو مفلوج کردیا ہے ۔ اب ڈاکٹروں کی تعداد بھی بہت کم رہ گئی ہے، پورے اسپتال میں ہم صرف پانچ ڈاکٹر بچے ہیں ۔ لہٰذا، میرا انتظار نہیں کرنا ۔‘‘

ٹھہر ٹھہر کر بولتےہوئے الوحید زمائمہ کو آنے والے وقتوں سے آگاہ کر رہے تھے ۔
اور اب ، الوحید اس اسپتال میں کھڑے تھے جو کھنڈر بن چکا تھا ،دیواریں ان معصوم جانوں پر گریہ وزاری کررہی تھیں ۔ ملبہ ان‌جانوں کے ایثار پر سجدہ ریز تھا ۔ فضا میں ہر طرف سرخ لہو کی بو پھیلی ہوئی تھی، جنت کی مسحور کن خوشبوئیں اس کی بلائیں لےرہی تھیں، آسمان سے ارض فلسطین تک رحمت کے فرشتوں نے اپنے پروں کو بچھایا ہوا تھا ، بلند صدائیں ہر طرف رقصاں تھیں:

وَأُولَٰئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ
أُولَٰئِكَ عَلَيْهِمْ صَلَوَاتٌ مِنْ رَبِّهِمْ وَرَحْمَة
یٰۤاَیَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَىٕنَّةُ ،ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةً

اگر یہ صدائیں کسی ذی روح کی سماعت پر اتر جائیں، تو روح تسکین پا جائے۔
اور زمائمہ کے ساتھ ہی وہ معصوم بچہ جو ابھی اس کائنات میں آیا ہی نہیں تھا،وہ شہید ہوچکا تھا ۔وہ بغیر کسی تربیت کے امر ہوگیا ،اُس نے اپنے لہو سے مقدس سر زمین ، انبیاء کی سرزمین کہلانے والی ارض فلسطین کو سُر خ رو کردیا ۔اس ارض مقدس کو فخر ہے اپنی خاک پر ،جس نے ایسے عظیم لوگ تیار کیے جو شہادت کا جام نوش کرنا اپنی زندگی کا مقصد سمجھتے ہیں ۔
وہیں حملہ آور خطے کی طرف رخ کریں تو ہیبت اور خوف کا وہ عالم طاری ہے کہ لوگ مسلح ہونے کےباوجود اپنے ہی خطےسے دیوانہ وار بھاگ رہے ہیں،فضا ساکت ہے، اسرائیلی زمین ان حیوانوں سے پناہ طلب کررہی ہے،فضا میں زہریلا مواد تحلیل ہورہاہے جس کی تاب نہ لاکر روح جسم سے نکل جانے کو بے چین و مضطرب ہے ۔ فضا میں کرخت اور دل کو چیر دینے والی صدائیں گونج رہی ہیں:

وَاللّـٰهُ عَزِيْزٌ ذُو انْتِقَامٍ
وَاُولٰئِكَ هُـمْ وَقُوْدُ النَّارِ
اُولٰٓئِكَ الَّـذِيْنَ حَبِطَتْ اَعْمَالُـهُـمْ فِى الـدُّنْيَا وَالْاٰخِرَةِ وَمَا لَـهُـمْ مِّنْ نَّاصِرِيْنَ

اگر کسی ذی روح کی سماعت ان آوازوں سے آشنا ہوجائے ،تو اسے پتا چلے کہ صور کا پھونکا جانا کسے کہتے ہیں ؟

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. ناضیرہ مسرور

    اسلام علیکم
    بہت بہترین مضمون ہے۔
    اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ ????????????????

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے