دسمبر ۲۰۲۳

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ایڈیٹر صاحبہ!
امید ہے کہ بہ خیر و عافیت ہوں گی۔ ھادیہ ای میگزین مختلف زمروںکے مختلف مضامین کو ایک پلیٹ فارم پر حاصل کر کے مطالعہ کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ تعلیمی، سیاسی معاشرتی ،اسلامی، موجودہ حالات اور ایسے کئی عناوین پر مضامین ایک جگہ فراہم کیے جاتے ہیں۔
مجھے انفرادی طور پر مختلف مضامین کا مطالعہ کرنے کا شوق ہے، جیسے اسلامک لٹریچر، موجودہ حالات پر مطالعہ کرنا، کرنٹ ٹیکنالوجیز ،صحت کے بارے میں پڑھنا اور ذاتی تربیت کے لیے مطالعہ کرنا،اور یہ تمام چیزیں ھادیہ ای میگزین جیسے ایک پلیٹ فارم پر میں نے حاصل کیں، جو کہ میرے لیے ایک بہترین تجربہ ہے۔
نومبر کے شمارے میں جو مضامین دیے گئے تھے، انھیں پڑھ کر علم میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ فلسطین کے موجودہ حالات سے متعلق جتنے بھی مضامین دیے گئے، وہ قابل تحسین تھے جیسے کہ جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی نفسیاتی کشمکش، صدائے قدس ،فلسطین وغیرہ۔ یہ سارے ہی مضامین موجودہ حالات سے واقف رہنے کے لیے بہت ہی عمدہ اور فائدہ مند ثابت ہوئے۔اسی طرح بھارت میں تحفظ نسواں کے سنگین مسئلے پر روشنی ڈالی گئی ،جس میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر کافی اچھی معلومات دی گئی۔
ہارمونز میں تبدیلی کے خواتین کی صحت پر اثرات اور ذہنی امراض کو جادو سمجھنا، دونوں ہی مضامین میں بہت ہی بہترین معلومات دی گئیں، جو صحت کے لیے بہت ضروری ہوتی ہیں ۔اکثر لوگ ہارمونز کی تبدیلی اور ذہنی امراض کو جادو سمجھ کر علاج میں غفلت برتتے ہیں اور اسی وجہ سے شرک میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں ۔اسی لیے وقتاًفوقتاً ایسی معلومات حاصل کرنا ہمارے ذہنی، روحانی اور جسمانی صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔
مستقبل کا معلم: انسان یا روبوٹ ،ایسے مضامین موجودہ وقت کی ضرورت ہیں اور اس مضمون میں جو بات بتائی گئی ،وہ مجھے بہت پسند آئی کہ تعلیم ایک ایسا عمل ہے جس میں ذہن کے ساتھ ساتھ قلب کی بھی تربیت ہوتی ہے اور روبوٹ قلب کی تربیت کیسے کر سکتے ہیں؟ یہ سوال جو اٹھایا گیا وہ بہت ہی قابل تحسین تھا۔
اسی طرح خان مبشرہ فردوس صاحبہ کے مضمون بچوں میں ویڈیو گیم کھیلنے کا بڑھتا ہوا رجحان اور اس سے ہونے والے مسائل سے کیسے نپٹا جائے اور ان حالات میں کیا طرز عمل اختیار کیا جائے؟اس تعلق سے اس میں بہت ہی بہترین رہنمائی کی گئی۔
اسی طرح نومبر کے شمارے میں ایک اور مضمون مجھے بہت پسند آیا جو کہ ہے ’’مطالعہ کیا ہے؟‘‘ بچوں کے لیے بہت ہی عمدہ طریقے سے تاریخی واقعات کو استعمال کر کے بیان کیاگیا ہے ۔ہم بچوں کو سمجھا سکتے ہیں کہ مطالعہ کیا ہے اور کیوں ضروری ہے اور کیسے ان کے اندر اس کی عادت پیدا کی جائے بچپن ہی سے۔
اسی طرح دیگر کالمز پڑھ کر بھی معلومات میں کافی اضافہ ہوا اور کئی عمدہ تحریروں سے مستفید ہونے کا موقع ملا، جیسے کہ ای استاد، بولتی تصویریں ،ننھے آرٹسٹ،گرلز پلانٹ، معمار جہاں تو ہے ،طنز و مزاح، خبر پر نظر وغیرہ، اور ایک بہترین فیسلٹی جو مہیا کی گئی وہ آڈیو اور ویڈیو کی ہے، ہم کہیں بھی کسی بھی وقت آڈیو پلے کر کے بھی تمام معلومات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
جزاکم اللہ خیرا کثیراً
اللہ آپ کی تمام کوششوں کو قبول فرمائے ،اسی طرح ہمیشہ ہمیں ھادیہ کے مضامین سے مستفید ہونے کا موقع ملتا رہے ،ھادیہ کی مزید ترقی ہو اور تمام لوگ اس سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔

وعلیکم السلام
ثنا خان صاحبہ!
آپ کمپوٹر انجینیئرہیں اور بحیثیت قاری آپ نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے، میگزین کو پڑھنے کے بعد آپ نےاپنی رائے دی ہے۔ یہ بات ہم سب کے لیے پر مسرت ہے ۔آپ چونکہ انجینیئر ہیں ،آپ سے گزارش ہے کہ ٹیکنیکل کالم میں آپ بھی اپنی تحریر بھیجیں اور میگزین کا حصہ بنیں ۔
ھادیہ ٹیم آپ کی تہِ دل سے مشکور ہے، آپ جیسے ذمہ دار قارئین ہی ھادیہ کا اثاثہ ہے ۔
والسلام

  ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. Khan Sana firdous

    Gi Insha Allah zarur magazine ka hissa banna hamare liye bahot hi Khushi ki baat hogi

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے