24 جولائی (سہ پہر)
شہر کے رش سے پرے خاموش علاقہ تھا، جہاں ایک مصروف ڈھابا غذاؤں کی اشتہا انگیز خوشبوؤں سے مسافروں کو اپنی جانب کھینچ رہا تھا۔ سڑک پر تیز رفتاری سے گاڑیاں دوڑ رہی تھیں،وہیں سائیڈ ٹیبل پر دوستوں کے ایک خوش باش گروہ میں طرح طرح کی غذاؤں سے لطف لیا جارہا تھا۔
’’کیا ہوا یارصارم؟ میں کب سے دیکھ رہا ہوں، تم آج بڑے گم صم دکھائی دے رہے ہو۔ ‘‘
وہ دوستوں کے ساتھ بیٹھا کولڈڈرنک کے سپ لے رہا تھا، تبھی اس کا ایک دوست اس سے مخاطب ہوا۔
’’ہاں ! تم تو آج نہ کسی بات پر ہنسے نہ کوئی جوک سنا کرہمیں ہنسایا۔‘‘اس کا ایک اور دوست کہہ اٹھا۔
’’یوں لگ رہا ہے آج تم ہمارے ساتھ ہو ہی نہیں۔‘‘
’’کیا ہوا؟ ہم سے نہیں شیئر کروگے تو کس سے کروگے؟‘‘اس کے دوست اس کی مسلسل خاموشی سے پریشان ہورہے تھے۔
’’یار! بابا چاہتے ہیں کہ میں کوئی کام کروں۔ آج صبح میری امی بابا سے لڑائی ہوگئی ہے۔‘‘
’’ اوہ!‘‘
’’انھیں پتہ نہیں کیوں میری یہ خوش باش زندگی اچھی ہی نہیں لگتی۔ جب دیکھو تب مجھے مصروف کرنے کی کوششیں کرتے ہیں۔ میں چند پل سکون سے جی لوں انھیں ہضم ہی نہیں ہوتا۔ ہمیشہ مجھے آوارہ گردی کے طعنے دیتے رہتے ہیں۔ کچھ پڑھ لو ، یہ بزنس کر لو ، یہ جاب کر لو۔ تنگ آگیا ہوں میں ہمیشہ کی چخ چخ سے۔‘‘اس نے غصے سے کولڈ ڈرنک کاخالی کین پھینکنے والے انداز میں ٹیبل پر رکھا۔اور دوسرا بھرا ہوا کین اٹھایا۔
’’ہاں یار! یہ اولڈ جنریشن چاہتی ہی نہیں ہے کہ ہم لائف کو انجوائے کریں۔ یہ ہمیں کسی کھونٹے سے باندھ دینا چاہتے ہیں۔ میرے دادا بھی مجھے یہ کہتے رہتے ہیں کہ کچھ کام کرلو، اپنے آپ کو مصروف رکھو، خالی دماغ شیطان کا گھر ہوتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ ‘‘ اس کے دوست نے بھی منہ بنا کر کہا۔
’ ’بھئی میں تو جاب کرتا ہوں، مجھے کوئی کچھ نہیں کہتا۔یہ تم تینوں کا مسئلہ ہے، بہتر ہے تم تینوں ہی حل کرو، مجھے سکون سے کھانے دو۔‘‘ تیسرے دوست نے ہنستے ہوئے لاپرواہی سے ہاتھ اٹھائے۔ان تینوں نے سختی سے اسے گھورا۔
’’ہماری بھی تو کوئی لائف ہے یار! ہم اتنی ٹینشنز زندگی میں پال کر نہیں جی سکتے۔‘‘ صارم نے ابرو بھینچ کر کہا۔
’’ڈونٹ وری یارصارم ! تم ٹینشن نہ لو۔ ہمارے امی ابا نے خود محنت کی تو وہ چاہتے ہیں کہ ہم بھی محنت کریں۔ ہم سے انھیں محبت ہی نہیں ہے۔ ویسے تو بڑے محبت کے دعوے کرتے ہیں۔ کچھ عرصہ اور گزرے گا پھر کوئی اور ضد ہوگی ان کی، پھر کوئی اور ضد۔ اولڈ جنریشن ہی ایسی ہے۔ بالکل بورنگ لائف اسپینڈ کررہے ہیں وہ لوگ۔ کام کام اور بس کام۔ ‘‘اس کا دوسرا دوست بھی سخت بیزار تھا۔
اس کے ایک دوست حسن کو اپنا کوئی جاننے والا نظر آیا تو وہ ان لوگوں سے معذرت کرتا اٹھ کر کاؤنٹر کی طرف چلا گیا۔ باہر اچانک بادلوں کے گرجنے کی آواز سنائی دینے لگی۔ساتھ ہی بوندا باندی بھی شروع ہوگئی۔
’’صحیح کہہ رہے ہو یار! لیکن میں ان سے کہہ آیا ہوں کہ میں ان کا ایک ایک پیسہ لوٹا دوں گا،اور اب سمجھ نہیں آرہی کیا کروں؟‘‘
’’پاگل ہوگئے ہو؟ پیسہ کیسے لوٹاؤگے؟ اس کے لیے بھی تمھیں کام کرنا ہی ہوگا۔‘‘
’’میرے پاس ایک آئیڈیا ہے۔‘‘اس کا ایک دوست کچھ سوچتے ہوئے کہنے لگا۔ سبھی اس کی جانب متوجہ ہوگئے۔
’’تم حسن کے ابا کی کمپنی میں جاب کے لیے اپلائی کرو۔وہ بہت اچھے آدمی ہیں۔ جب تم انھیں بتاؤگے کہ تم حسن کے بہت اچھے دوست ہو،اور حسن بھی تمھاری سفارش کرلے، تو وہ کبھی انکار کریں گے ہی نہیں۔ وہ دیکھو آرہا ہے۔ تم ابھی اس سے بات کرلو۔‘‘
حسن اپنی چھوڑی ہوئی کرسی پر آکر بیٹھ گیا۔ صارم اس سے مخاطب ہوا۔
’’یار حسن میں تمھاری کمپنی میں جاب کرنا چاہتا ہوں۔تم تو میرے سب سے اچھے دوست ہو۔ انکل سے سفارش کردو ناں!‘‘
اسے یقین تھا کہ آج ہی حسن اپنے والد سے بات کرے گا،اور پھر جب اسے جاب مل جائے گی تو وہ جاب پر جائے گا ہی نہیں، بلکہ چند دن جائے گا، پھر کوئی نہ کوئی بہانہ کرکے چھٹی کرلے گا، حسن کا دوست ہونے کی حیثیت سے اتنی رعایت تو مل ہی جائے گی، اور سیلری بھی ہاتھ آجائے گی۔اس کی بات سنتے ہی حسن کے چہرے پر ناگواری کا تاثر ابھرا۔
’’سوری یار ! ڈیڈ اپنے آفس میں تمھیں جاب نہیں دیں گے۔‘‘اس کو جواب دے کر حسن کھانا کھانے لگا۔
’’کیوں؟ تم بات تو کرو۔‘‘
’’نہیں ۔ آفس میں فی الحال کوئی ویکنسی نہیں ہے۔‘‘
’’یار! تم دوست کے لیے اتنا بھی نہیں کر سکتے؟‘‘صارم نے منہ بناکر پوچھا۔
’’نہیں۔ بالکل نہیں کر سکتا۔‘‘حسن نے واضح انکار کیا۔
’’تم نہیں چاہتے کہ میں ایک کامیاب انسان بنوں؟‘‘
’’تم؟ اور کامیاب انسان؟‘‘حسن نے استہزائیہ انداز میں کہا۔
’’پلیز ڈونٹ مائنڈ صارم !لیکن تم کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ‘‘
’’کیوں ؟ ایسا کیا ہے مجھ میں جو میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا؟‘‘صارم نے غصے سے پوچھا۔
’’ایسا کیا ہے تم میں جو تم کامیاب ہوسکتے ہو؟ بی ایس سی کررہے ہو تم؟ لیکن بی ایس سی کا فل فارم بھی معلوم ہے تمھیں؟ اور چلے تم میرے ڈیڈکے آفس میں کام ڈھونڈنے ۔‘‘حسن نے استہزائیہ مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔صارم ماتھے پہ بل لیے اسے دیکھتا رہا۔
’’اگر میں غلط کہہ رہا ہوں تو لیٹ می کریکٹ۔‘‘
’’تم غلط ہی کہہ رہے ہو۔‘‘اس نے دانتوں پر دانت رکھ کر کہا۔
’’اچھا؟ تو بتاؤ پھر؟ کیا ہے یہ بی ایس سی؟‘‘ حسن نے کرسی کی پشت پر ٹیک لگالی۔
صارم سے کوئی جواب نہ بنا تو اس نے بس گھور کے حسن کو دیکھا۔
’’چھوڑو یار کیوں بحث کررہے ہو؟‘‘اس کے دوسرے دوست نے ان کا دھیان بٹایا۔
صارم ڈھٹائی سے کہنے لگا:’’لوٹانا تو مجھے ہے ہی۔ کہہ آیا ہوں تو اپنی بات کا لحاظ رکھنا ہوگا ۔ لیکن کیسے؟ کہیں چوری اور ڈاکہ بھی نہیں ڈال سکتا کہ یہ گناہ ہےاور…‘‘
’’کہیں سے چوری نہیں کر سکتے، ڈاکہ نہیں ڈال سکتے کہ یہ قانوناً اور شرعاً گناہ ہے۔‘‘صارم کی بات منہ میں ہی رہ گئی جب اس کی سماعتوں نے یہ الفاظ سنے۔ اس نے چونک کر سر اٹھایا۔ وہ اس کے کسی دوست کی آواز نہیں تھی۔اور نہ ہی کہنے والا اسے آس پاس کہیں نظر آرہا تھا۔صارم نے گردن گھما کر اپنے عقب میں دیکھا۔ وہاں ایک کرسی پر بزرگ بیٹھے تھے۔ جونہ جانے کب سے ان کی باتیں سن رہے تھے۔
’’ لیکن ماں باپ کے ساتھ بد تمیزی کر سکتے ہو، ماں باپ کو برے القاب کے ساتھ یاد کرسکتے ہوکہ یہ ثواب کا کام ہے۔‘‘ بزرگ طنزیہ کہہ رہے تھے۔
صارم پورا کا پورا ان کی طرف گھوم گیا۔ اسے ان بزرگ پر غصہ آنے لگا۔
’’وہ ماں باپ جنھوں نے اپنی جوانی اپنے بچوں کے نام کردی۔ اپنی حسین زندگی کے پل محض اپنی اولاد کی خاطرمحنت کے نام کردیے۔‘‘بزرگ کے لہجے میں طنز ابھر آیا۔
’’وہ ماں باپ جو راتوں کو اپنے بچوں کی پر سکون نیند کے لیے جاگتے رہے۔ وہ ماں باپ جنھوں نے اپنے منہ کا نوالہ اپنے بچوں کو کھلایا۔بدلے میں صرف یہ امید لگائی کہ ان کے بچے، پڑھ لکھ کر بڑے انسان بنیں گے۔ ان کا نام روشن کریں گے۔ اولاد کے لیے یہی خواہش کی کہ اس بے سکون اور بگڑے معاشرے میں پرسکون اور با عزت زندگی بسر کرے۔لیکن اتنی محنتوں، محبتوں کا نتیجہ کیا ہوا؟ ‘‘
’’وہی اولاد جس پر محبتیں لٹاتے ماں باپ نہیں تھکے تھے، اس کے پاس اپنی ماں سے محبت بھرے چند لفظ کہنے کے لیے وقت نہیں ہے۔ باپ کے ساتھ دو گھڑی بیٹھ کر بات کرنے کے لیے وقت نہیں ہے۔ وہی اولاد آج ماں باپ کو آنکھیں دکھانے لگی ہے۔‘‘ وہ بزرگ کہتے کہتے رک گئے۔صارم اور اس کے دوست دم سادھے انھیں سن رہے تھے۔
بزرگ نے یکے بعد دیگرے چاروں کو بغور دیکھا۔ اور گویا ہوئے:’’ارے ہم جب تمھاری عمر کے تھے، ماں باپ کے سامنے کسی سے اونچی آواز میں بات نہیں کرتے تھے، کجاکہ ماں باپ سے اونچی آواز میں بات کرنا۔ ہماری شامیں تمھاری طرح سڑکوں پر نہیں گزرتی تھیں بلکہ وہ وقت تو ہم سب گھر والوں کے ساتھ گزرتا تھا۔وہ ساتھ بیٹھ کر باتیں کرنا، ماں باپ کی نصیحتیں سننا۔ ہم تو دوستوں کو بھی اپنے گھرہی کھانے پر بلاتے تھے، ایک دوسرے کے گھر جاتے تھے، سڑکوں کو ہم وقت گزاری کی جگہ نہیں بلکہ سفرکا راستہ سمجھتے تھے۔‘‘بزرگ اپنے وقتوں میں کھوئے کھوئے کہہ رہے تھے۔ صارم بے تاثر آنکھوں کے ساتھ انھیں دیکھ رہا تھا۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا ۚ إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ الْكِبَرَ أَحَدُهُمَا أَوْ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا (الاسراء: 23)
(تیرے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم لوگ کسی کی عبادت نہ کرو، مگر صرف اس کی۔ والدین کے ساتھ نیک سلوک کرو، اگر تمھارے پاس ان میں سے کوئی ایک، یا دونوں ، بوڑھے ہوکر رہیں تو انھیں اف تک نہ کہو، نہ انھیں جھڑک کر جواب دو، بلکہ اس سے احترام کے ساتھ بات کرو، اور نرمی اور رحم کے ساتھ ان کے سامنے جھک کر رہو، اور دعا کیا کرو کہ اے پروردگار ! ان پر رحم فرماجس طرح انھوں نے رحمت و شفقت کے ساتھ مجھے بچپن میں پالا تھا۔ تمھارا رب خوب جانتا ہے کہ تمھارے دلوں میں کیا ہے۔ اگر تم صالح بن کر رہو تو وہ ایسے سب لوگوں کے لیے درگزر کرنے والا ہے۔)
بزرگ نے قرآن کی آیت ترتیل کے ساتھ سنائی۔صارم بے چینی سے پہلو بدل کر رہ گیا۔
’’اور تم جو ابھی کہہ رہے تھے کہ تمھارے والد ہر وقت تمھیں کام کام کے لیے کہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے صارم کو مخاطب کیا،جو بغور انھیں سن رہا تھا۔
’’ تو وہ کچھ غلط نہیں کہتے۔ ایک مشین جب سالوں تک بند پڑی رہے، تو وہ مشین نہیں رہتی، کباڑ بن جاتی ہے۔ اسی طرح انسان بھی اگر نکما بیٹھا رہے، تو وہ ناکارہ ہوجاتا ہے۔تمھارا ایک دوست نوکری کرتا ہے، دوسرے دوست کے ابا کا کاروبار ہے، ذرا سوچو! آج سے دس سال بعد یہ دونوں کہاں ہوں گے، اور تم کہاں ہوں گے۔‘‘ وہ بزرگ خاموش ہو گئے۔ چند لحظوں کے لیے خاموشی چھائی رہی۔
’’پتر! ماں باپ ہمیشہ تمھارے بھلے کے لیے کہتے ہیں ۔ انھیں تمھارے روپے نہیں چاہئیں، تمھارا اچھا مستقبل چاہیے۔‘‘ انھوں نے مدھم آواز میں کہنا شروع کیا۔
’’ لیکن یہ باتیں ابھی تم لوگوں کی سمجھ میں نہیں آئیں گی، جب تمھارے والدین اس دنیا میں نہیں رہیں گے، تب تمھیں ان کی کہی ہر بات سچ لگنے لگے گی۔ لیکن تب کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ کیونکہ تب وقت گزر چکا ہوگا، اور وقت کا اصول ہے کہ وہ کبھی مخالف سمت سفر نہیں کرتا۔‘‘وہ کہتے کہتے ایک دم چپ ہوگئے،کیونکہ ایک لڑکا ان کے پاس آیا تھا۔
’’داداجان! آئیے، گاڑی آچکی ہے۔‘‘ وہ لڑکا بڑی محبت اور احترام کے ساتھ ان کا ہاتھ پکڑ کے اٹھا رہا تھا۔بزرگ کھڑے ہوئے۔ اور ان چاروں کی طرف دیکھا۔
’’میں ایک مسافر ہوں،اور میں خود توصحیح راہ پر سفر کرتا ہی ہوں ، لیکن تم بچوں کی بھی رہنمائی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔پتر! اگر میری کوئی بات بری لگے تو میں معافی چاہتا ہوں۔‘‘اور خدا حافظ کہہ کر چلے گئے۔ صارم کی نظریں دور تک ان کا تعاقب کرتی رہیں۔ جیسے ہی وہ نظروں سے اوجھل ہو گئے،صارم اپنی جگہ پر اٹھ کھڑا ہوا۔
’’میں گھر جا رہا ہوں۔‘‘بے تاثر چہرے اور کرخت آواز کے ساتھ اس نے اپنے دوستوں سے کہا۔
’’بارش تیز ہوچکی ہے، تھوڑی دیر رک جاؤ، پھر ساتھ چلتے ہیں۔‘‘اس کے دوست نے اس سے کہا۔
’’تم لوگ بعد میں آ جانا، میں جارہا ہوں۔‘‘ اور تیز قدموں کے ساتھ وہاں سے نکل گیا۔
’’بھیگتے جاؤگے کیا؟صارم! صارم!‘‘اس کا دوست پکارتا رہ گیا۔وہ بائیک پر بیٹھا اور بائیک اسٹارٹ کی۔
’’تمھارا ایک دوست نوکری کرتا ہے، دوسرے دوست کے ابا کا کاروبار ہے، ذرا سوچو! آج سے دس سال بعد یہ دونوں کہاں ہوں گے، اور تم کہاں ہوؤگے؟‘‘
بارش اتنے زوروں سے برس رہی تھی، یوں لگ رہا تھا سارا شہر بہا لے جائے گی، لیکن صارم اس سے لاپروا، سوچوں کے گرداب میں پھنسا، تیز رفتاری سے گاڑی دوڑا رہا تھا۔
بزرگ کی آواز اس کی سماعتوں میں گونج رہی تھی۔ اس نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس کے دوست خود تو کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں، لیکن اسے کبھی جاب کرنے یا بزنس کرنے کے لیے نہیں کہا۔ وہ اس وقت اپنے دوستوں سے بد ظن ہورہا تھا۔ اس کا سب سے قریبی دوست حسن کلاس کا سب سے آؤٹ اسٹینڈنگ اسٹوڈنٹ تھا، لیکن صارم نے کبھی کالج میں اچھی پرفارمنس نہیں دکھائی تھی۔ وہ خود بھی تو اپنے دوستوں کی اچھی عادتیں نہیں سیکھ رہا تھا۔اور حسن؟ اس کو کیا حق پہنچتا تھا کہ وہ اس سے اس طرح بات کرے۔ وہ اس کا دوست ہوکر اس کی برائیاں کررہا تھا۔ اس کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہاتھا۔ وہ خود کون سا بہت کوالیفائیڈ ہے۔
نہیں، لیکن وہ قابل ہے۔ وہ اگلے ہی لمحے اپنی ہی سوچ کی تردید کررہا تھا۔
وہ خود پڑھ لکھ لیا، لیکن صارم کو کبھی اسٹڈیز کی طرف راغب کرنے کی کوشش نہیں کی۔ وہ خود ہی بے وقوف تھا۔ وہ ہی نہیں سمجھ پایا،حالانکہ بابا نے اس جانب اس کی توجہ مبذول کروائی بھی تھی، لیکن اس نے اپنے کانوں اور آنکھوں پر ہاتھ رکھ لیے تھے۔
آج ایک ان جانے بزرگ نے اسے وہی حقیقت دکھانے کی کوشش کی تھی جوکل رات بابا نے بھی کی تھی، بلکہ ہمیشہ کرتے آئے تھے۔
ہم انسانوں کی عادت ہوتی ہے کہ، ہمارے بڑے، ہمارے اپنے ہمیں جتنا سمجھانے کی کوشش کریں، ہماری سمجھ میں بات نہیں آتی، لیکن اگر باہر والے ہمیں آئینہ دکھائیں، تو وہ بات سیدھا ہمارے دل پہ آکر لگتی ہے۔ پھر ہم سوچتے ہیں کہ کاش پہلے ہی سمجھ لیا ہوتا۔ اتنا ٹائم تو ویسٹ نہ ہوتا۔
’’بابا صحیح کہتے ہیں۔ مصیبت کے وقت اپنے بھی ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔‘‘صارم نے بے اختیار سوچا۔
یہ کیا؟ وہ پہلی بار بابا کی کسی بات کا معترف ہوا تھا۔ لیکن اس بات کا اسے خود بھی اندازہ نہیں تھا۔
اس نے اپنے گھر کے سامنے بائیک روکی اور تیزی سے اتر گیا۔ وہ پورا کا پورا بھیگ چکا تھا۔وہ تیزی سے گیٹ کی سمت لپکا۔
گیٹ کی کنڈی کھول کر اندر داخل ہوا اوربارش سے بچتا ہوا تقریباً بھاگتے ہوئے صحن عبور کرکے دروازے تک آیا۔لیکن سامنے جو اس نے دیکھا اس سے اس کا پورا دماغ گھوم گیا۔
٭ ٭ ٭


0 Comments