دسمبر ۲۰۲۳
تعلیم میں مسابقتی دباؤ اور خودکشی کا رجهان

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے اس دور میں جہاں تعلیم کا دور دورہ ہوا ہے، وہیں اس کے ساتھ پنپتے مسائل نے اقدار کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کردیا ہے۔جہاں حصولِ علم کا مقصد ہی حصولِ شعور ہوا کرتا تھا، اب یہ تعلیمی انقلاب آتے آتے آہستہ آہستہ ہمارے اقدار اور بنیادی معاشرتی ستون کو ہی ڈبو گیا، اور رہ گیا ایک تجارتی نظام، جس نے تعلیم کو ایک بہترین منافع بخش تجارتی نظام میں تبدیل کر دیا ۔
’’بس میرا بچہ ڈاکٹر بن جائے، میری تو زندگی بدل جائےگی۔‘‘ اس پیار میں لتھڑے ہوئے جملے نے پورے تعلیمی اور بنیادی معاشرتی ڈھانچے کو ہی تبدیل کردیا ۔وہ یوں کہ کوچنگ اور ٹیوشن کے نام پر جتنے بھی ادارے وجود میں آئے ہیں، اُنھوں نے اسی ایک جملے کو مشعل راہ بناتے ہوئے نئی نسل کے والدین کو اپنی گرفت میں لے لیا اور خوابوں کے یہ تاجر ،والدین کو ایک خواب دکھاتے ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ یہ بچہ ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکتا، NEET یا IIT,JEE کوالیفائی نہیں کر سکتا ہے، وہ ایک رکشہ والے اور سبزی والے کے بچّے کو بھی خوابوں کی وہ گٹھری تھما دیتے ہیں ،جو ان کی زندگی کو تبدیل کرنے کا ایک خوبصورت جھانسہ ہوتا ہے، اور کچھ نہیں ۔
نتیجہ ظاہر ہے۔ اُداسی ،مایوسی ،غصہ،چڑچڑاپن،گھبراہٹ اوربےاعتمادی جیسی تمام شخصی خامیاں ان میں گھر کر جاتی ہیں ۔
ہندوستان کے نامور کوچنگ سینٹرزہب’’ کوٹہ ‘‘میں کوچنگ پانےوالے طلبہ میں خود کشی کا بڑھتا رجحان ہمارے لیے ایک سوالیہ نشان ہے ۔سال رواں 25 طلبہ خودکشی کر چُکے ہیں ۔لوک نیتی سی ایس ڈی ایس رپورٹ کے مطابق 7 فی صد طلبہ خود کشی کی کوشش کر چُکے ہیں ۔اسی طرح مختلف موصولہ اطلاعات صورت حال کو واضح کرتی ہیں ۔

لوک نیتی رپورٹ کے مطابق طلبہ میں بڑھتی خودکشی کی وجوہات

لوک نیتی سی ایس ڈی ایس کی رپورٹ کے مطابق والدین اور معاشرے کا بڑھتا دباؤ،معاشی تنگی اور مسابقت کی اس دوڑمیں پیچھے رہ جانے کا خوف طلبہ میں خودکشی کےبڑھتے رجحان کا ذمہ دار ہے ۔میرا مشورہ ہے کہ والدین کو ایک دفعہ نیٹ فلیکس سیریز’’کوٹہ فیکٹری‘‘ دیکھنی چاہیے۔

Table 1

Table 2

Table 3

Table 4

Table 5

لوک نیتی سی ایس ڈی ایس سروے رپورٹ کے مطابق بیش تر طلبہ کا یہ ماننا ہے کہNEET یا IIT,JEE امتحان کوالیفائی کرنا ہی کامیاب زندگی گزارنے کی کلید ہے ۔ یہی وہ کلیدی مفروضہ ہے جو امتحانات میں ناکامی کو زندگی کی ناکامی تصوّر کرتا ہے ،اور پھر مایوسی يوں وجود کا احاطہ کرتی ہے کہ جان لینے پر مجبور کر دیتی ہے ۔
کہاں گیا والدین کا شعور جو اپنے بچوں کو اپنے سے آگے دیکھنے کی چاہ میں اُن سے زندگی گزارنے کا شعور ہی چھین بیٹھے ہیں اور انھیں ایک نہایت ہی غیر حقیقی مفروضے پر اپنی زندگی کی بنیاد رکھنے کی ترغیب د ے رہے ہیں ؟
مالی پریشانیوں کےشکار اپنے مالی معاملات سدھارنے کی کوشش میں اپنے بچّے پر وہ اَن دیکھا بوجھ ڈالتے ہیں ،جو یا تو وہ ساری زندگی ڈھوتا ہے یا زندگی ہی ہار جاتا ہے ۔

ذمہ دار کون؟

ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ آپ ابتدا ہی میں بچےکا Aptitude test کروا لیں اور پتہ کر لیں کہ آپ کا بچہ زندگی میں کون سا پروفیشن اختیار کر سکتا ہے؟کون ساکیریئر اُس کےذہنی رجحان سے مطابقت رکھتا ہے ؟اور اپنے بچّے کو اسی کی جانب راغب کیاجائے ۔
مشہور ماہر تعلیم جانب مبارک کا پڑی صاحب کا کہنا ہے :’’وہ پروفیشن جو آپ کےرجحان اور طبیعت سے مطابقت رکھتا ہو، آپ کی عمر بڑھا دیتا ہے، اور اسی طرح وہ پروفیشن جو لادا جاتا ہے، بوجھ بن جاتا ہے ۔‘‘
والدین کے دباؤ ،معاشرے کے دباؤ اور معاشی بوجھ تلے دبے یہ بچّے کبھی بھی اس مسابقتی دوڑ میں آگے نہیں جا پاتے اور مر جاتے ہیں۔ یہ پھر زندہ لاش بن کر نہایت ہی لیتھارجیک زندگی گزارتے ہیں،جو کہ سب سے خوفناک نتیجہ ہے ۔زندگی کا چہرہ اس میں کتنا بھیانک ہوجاتا ہے ،اس کاآپ بلا شبہ تصوّر کر سکتے ہیں ۔

 اساتذہ کا کرداراور ان کی ذمہ داری

اساتذہ یعنی ٹیچرز، یہ معاشرے کے وہ ستون ہیں جو زندگیاں بنانے اور بگاڑنے میں کلیدی رول ادا کرتے ہیں ،لیکن اب وہ زمانے لد گئے کہ استاد کو طالب علم کی تعلیم و تربیت سے غرض ہوا کرتی تھی۔فی زمانہ تو پیسہ بنانا ہی غرض رہ گیا ہے ۔جس کے لیے ان کو کوچنگ اور ٹیوشن سینٹر چلانا ہے ۔ایک ٹیچر اچھی طرح جانتا ہے کہ اس کا یہ طالب علم كس صلاحیت کا ہے، لیکن وہ طلبہ کو مس گائیڈ کرتے ہیں ۔ان کو چاہیے کہ طلبہ کو اُن کورسز سے متعارف کروائیں جو IIT یا میڈیکل کے علاوہ ہیں ،جو اُنھیں بآسانی جاب اور پیشہ ور صلاحیت فراہم کرتے ہیں،لیکن یہ ٹیچرز طلبہ کو یہ بتاتے ہیں اگر میڈیکل میں نمبر نہیں لگا تو زندگی ختم۔اگر کلکٹر نہیں بن پائے تو اس سے ذلت کی کوئی بات نہ ہوگی ۔زندگی بھر معاشرہ اور خاندان مذاق اُڑا ئےگا ۔
لوک نیتی سی ایس ڈی ایس سروے رپورٹ کے مطابق اس قسم کے پریشر کا سامنا لڑکیوں کو بمقابله لڑکوں کے ،اور زیادہ کرنا ہوتا ہے،کہ والدین لڑکی کی اعلیٰ تعلیم کے لیے قرض اٹھا چُکے ہوتے ہیں۔اب ان کا دباؤ ہوتا ہے کہ تمہارے نمبرز کم آئے تو ہم تو تمھاری شادی کردیں گے ۔
لوک نیتی سی ایس ڈی ایس سروے رپورٹ کے مطابق مختلف وجوہات ہیں جو طلبہ پرذ ہنی دباؤ بڑھاتی ہیں اور یہی ذہنی دباؤ اُنھیں اپنی جان لینے پر مجبور کرتا ہے ۔جیسےکہ:
والدین کی جانب سے دباؤ
معاشی دباؤ
ہم جولیوں کا پریشر
مقابلہ کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے کا خوف
خاندان و معاشرتی دباؤ
لوک نیتی سی ایس ڈی ایس کی رپورٹ کے مطابق ذہنی دباؤ سے نمٹنے کےلیے طلبہ مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں، جیسے کہ:
ویڈیو دیکھنا
میوزک سننا
فرینڈز سرکل میں چٹ چاٹ کرنا
خاندان کے مختلف افراد سے بات چیت کرنا
سگریٹ نوشی
شراب نوشی
اپنی اسٹڈی پر اور زیادہ محنت کرنا
پروین شاکرنے کہا تھا:
ہم وہ شب زاد کہ سورج کی عنایات میں بھی
اپنے بچوں کو فقط کور نگاہی دیں گے
میرا کہنا ہے کہ یوں نہ کیجیے،بلکہ اپنے بچوں اُڑنا سکھائیے، گھٹ گھٹ کر جینا نہیں ۔اُنھیں حصولِ تعلیم کے ساتھ یہ شعور بھی دیجیے کہ اللہ رب العزت نے ہر ذی نفس کو ایک مختلف مقصد کے لیے پیدا کیا ہے اور اس مقصد کو تلاش کر کے پورا کرنا ہے ۔ذرا تصوّر کیجیے کہ ہر شخص ڈاکٹر ہوجائے یا انجینئر ہوجائے تو کارپینٹر کون ہوگا؟آرٹسٹ کون ہوگا؟پلمبر کون ہوگا؟ہر کام کے لیے افراد طے کرکے رکھے گئے ہیں اس کائنات میں ۔ہم کو اسی کائناتی نظام کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔اس نئی نسل کو یہ سکھانا ہے کہ ’’جدوجہد‘‘ کہتے كس کو ہیں اور اس کو کرتے کیسے ہیں ؟
ہر تعلیمی ادارے میں ایک کاؤنسلر ہونا چاہیے، جو طلبہ کی ارتقائی صلاحیتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اُن کے معاشی و معاشرتی حالات کے مطابق رائے دے سکے اور طلبہ کی صحیح ذہن سازی کر سکے ۔
جو والدین یہ غلطی کرچُکے ہیں، اُنھیںفوراً اپنے بچوں کی ذہنی صحت کو بحال کرنے کے لیے نفسیاتی معالج کی مدد حاصل کرنی چاہیے ۔
تعلیمی اداروں میں منظم طور پر ماہرینِ نفسیات کا تقرر ہونا چاہیے ۔
والدین بچوں کو اپنی غیر ضروری توقعات کے بوجھ سے آزاد کر دیں ۔
کوچنگ سینٹر یا ٹیوشن سینٹر نامی اس قربان گاہ کی بھینٹ نہ چڑھائیں ۔
اور سب سے آخر میں یہ کہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر شعور پیدا کرنے پر ہماری ساری کوششیںمرتکز ہونی چاہئیں۔

٭ ٭ ٭


ایک ٹیچر اچھی طرح جانتا ہے کہ اس کا یہ طالب علم كس صلاحیت کا ہے، لیکن وہ طلبہ کو مس گائیڈ کرتے ہیں ۔ان کو چاہیے کہ طلبہ کو اُن کورسز سے متعارف کروائیں جو IIT یا میڈیکل کے علاوہ ہیں ،جو اُنھیں بآسانی جاب اور پیشہ ور صلاحیت فراہم کرتے ہیں،لیکن یہ ٹیچرز طلبہ کو یہ بتاتے ہیں اگر میڈیکل میں نمبر نہیں لگا تو زندگی ختم۔اگر کلکٹر نہیں بن پائے تو اس سے ذلت کی کوئی بات نہ ہوگی ۔زندگی بھر معاشرہ اور خاندان مذاق اُڑا ئےگا ۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے