مئی ۲۰۲۳

محترمہ ایڈیٹر صاحبہ!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کچھ دنوں پہلے ’’ھادیہ ای میگزین‘‘ کے منتخب مضامین اور زمرہ جات پر مشتمل شمارہ جب ہارڈ کاپی میں آیا تو مجھے خبر نہیں تھی کہ اس طرح کا کوئی میگزین بھی ہے جو اب بھی صنف نازک کی ذہنی آبیاری خوش اسلوبی سے کررہا ہے۔
’’ھادیہ‘‘ کی ہارڈ کاپی کا مکمل مطالعہ کرنے کے بعد دل چسپی بڑھی اور پھر لنک کے ذریعہ اور شماروں کا مطالعہ کیا۔مطالعے کے بعد بہت مسرت ہوئی کہ میگزین میں شامل تخلیقات کے انتخاب میں انتظامیہ نے واقعی بہت محنت کی ہے۔شروع سے آخر تک کے مطالعے نے دل چسپی اور ذہنی تشنگی بڑھائی۔زمرہ:’’معمارِ جہاں تُو ہے‘‘میری دل چسپی کا خصوصی محور ہے،واقعی اس زمرے میں تخلیقات بھی ذرا منفرد قسم کی ہوتی ہیں۔
گذشتہ شمارے کے مطالعے میں درس قرآن، رمضان، قرآن اور خواتین، رمضان اور تعمیر سیرت کے علاوہ رمضان کریم اور ہم؛ان مضامین نے بہت متاثر کیا،اس کے بعد ’’ٹی ٹائم‘‘کے مطالعے نے بھی ایک تازگی بخشی ،جو اس میگزین کا ایک الگ طرح کا ڈیزائن کیا ہوا حصہ ہے،اس پر مبارکباد بنتی ہے،ترتیب و تزئین سے لے کر انتخاب تک سب بہت سلیقے سے کیا گیا ہے۔
کچھ باتیں ہیں، جنھیں گزارش یا خواہش سمجھ لیجیے ،وہ یہ کہ میگزین کا فونٹ کافی چھوٹا ہے،موبائل پر مطالعے میں کافی دقت ہوتی ہے،اس لیے اس کا کوئی حل نکالا جائے تو اور اچھا ہوجائے گا،نیزاس میگزین کو پرنٹ میں لانے کی کوشش کی جائے تو اور اچھا ہوگا تاکہ لائبریریز اوراسکولوں کے لیے آسانی ہو،نیز عین ممکن ہے کہ یہ مدارس کے لیے بھی ایک کامیاب قدم ثابت ہو۔
دعا ہے کہ اسی طرح ’’ھادیہ‘‘ کی ٹیم اپنا کام جاری رکھے اور ہم قارئین کے ذوق کی تسکین کا سامان ہمیں مہیا ہوتا رہے،آمین!

وعلیکم السلام!
’’ھادیہ ای میگزین‘‘ کی ہارڈ کاپی مغربی بنگال پہنچی اور آپ نے بعد ازاں ویب پر مطالعہ کیا، یہ پڑھ کر بے حد مسرت ہوئی ۔طویل مسافت کی تھکن اس کے حاصل الحصول سے اتر جاتی ہے آپ کے مراسلے کے جملے ہمارا حاصل ہیں۔
ھادیہ ٹیم کے لیے یہ پذیرائی باعث مسرت ہے ۔
شکراً جزیلاً

  ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے