مئی ۲۰۲۳

رات نے اپنےدامن پھیلادیے ہیں، چاند کی نرم روشنی نے اپنی شفاف چادر سے ماحول کو پاکیزہ بنا رکھا ہے، لوگ اپنے گھروں میں آرام کررہے ہیں، باہر جانے کے لیے کوئی تیار نہیں ،کیونکہ یہاں نہ بجلی ہے ،نہ پکے راستے، بس کچےپکے مکانات ہیں، اور راستوں پر تاریکی کا راج ہے۔
ابو طلحہ کو اچانک کام یاد آیا،سوچا چاند کی روشنی ہے، اپنا کام کرلیں ۔ان کی نظر اس سناٹے میں کسی ہیولے پر پڑی، جو نمودار ہوا ،اور ایک بڑھیا کی کٹیا کے قریب غائب ہوگیا۔
ابو طلحہ قدو قامت سے سمجھ گئے کہ وہ کون ہے، سوچا مل کر ہی جائیں گے، اور دور بیٹھ کر انتظار کیا کہ اپنے دوست سے مل کر جاؤں گا،کچھ تو ملاقات مقصود تھی اور کچھ تجسس کہ یہ یہاں کیا کررہے ہیں۔
پھر وہ ہیولا دوبارہ نمودار ہوا، اور پھر کچھ دور ایک جھونپڑی میں غائب ہوگیا۔ابو طلحہ نے خاموش دیکھا، اور پہلی والی بڑھیا کی کٹیا میں داخل ہوگئے کہ خبر تو لوں کہ وہ شخص کیا کرنے آیا تھا؟ اجازت طلب کرنے کے لیے بلند آواز میں کہا:’’السلام علیکم!‘‘
جواب ملا :’’وعلیکم السلام یا اخی!‘‘
اندر آنے کی اجازت مل گئی۔ دیکھا کہ ایک نابینا بڑھیا ہے ،اور ایک کونے میں پڑی ہے، اور گھر کے کام کے لیے کوئی مددگار نہیں ہے۔ فوراً اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے،ابو طلحہ نے کہا:’’ آپ کے گھر کا کام میں کردوں مائی؟‘‘
بڑھیا مسکرائی، کہنے لگی:’’ہیں! اب اس کی ضرورت نہیں رہی، رب نے میرا انتظام فرمادیا ہے،ایک فرشتہ آتا ہے، روزانہ رات میں آکر میرا سارا کام خود کرتا ہے۔‘‘
ابو طلحہ کی آنکھوںمیں آنسو آگئے، کہا:’’ مائی! جانتی ہو وہ کون ہے؟‘‘
کہا :’’فرشتہ ہے۔‘‘
ابو طلحہ نے جواب دیا:’’ وہ میرا دوست ہے،پیارے نبیﷺ کا ساتھی،مسلمانوں کے امیر المومنین ہیں،اور عدالت کا منصف،غم خواروں کے غمگسار،کردار میں خاکسار، اخلاق میں باکمال،گفتار میں،امارت،سیاست،تدبر،بصیرت،بصارت اورمعاشرت میں یکتائے زمانہ و بے مثال:’’حضرت عمرفاروق رضی اللہ عنہ ۔‘‘
یہ ہیں وہ اصحاب، جن کی تربیت آپﷺ نے کی تھی، جن کی زندگی کا ہر پہلو، ہر گوشہ اور ہرشعبہ نمونہ ہے، سارے انسانوں کے لیے۔اور جب ہم اپنے معاملات پر نظر دوڑائیں،صلہ رحمی کا جائزہ لیں، اپنے پڑوسی پر غور کریں تو بڑی شرمندگی ہوتی ہے کہ ہم وہ ہیں جو عمر رضی اللہ عنہ کو نمونہ کہتے ہیں،اور بس بے اختیار زبان سے نکلتا ہے کہ اے اللہ! ہمیں عمر رضی اللہ عنہ جیسی بصیرت اور کردار عطافرما۔آمین!

٭٭٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے