جنوری ۲۰۲۴

روداد تربیتی کیمپ

5نومبر2023ء
آڈیٹوریم کی جانب بڑھتے قدم

انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں۔ ہم ہاتھ میں ڈائری، پین اور بوتل تھامے گروپ لیڈر کے ہمراہ قبل از وقت مسجد کے بالائی حصے پر واقع آڈیٹوریم میں داخل ہوئے۔

ایک بڑا سا ہال جو پینل لائٹس سے منور تھا۔ گروپ وائیز کرسیاں لگی تھی، زمین سے کچھ اونچائی پر اسٹیج سجا تھا، جس کی دیوار پر دیدہ زیب بینر، بینر پر جلی حرفوں میں تربیتی کیمپ کا عنوان ’’زندگی کی قوت پنہاں کو کردے آشکار ‘‘ مرقوم تھا۔

یکایک میری نظر بینر پر موجود GIO کے Logo پر جارکی۔ اس کو دیکھ کر میں چند لمحے ٹھہر گئی۔ بیک وقت مجھ پر دو کیفیات طاری تھیں، کبھی پرانے Logo سے جڑی یادیں اور واقعات ذہن میں آتے تو ساتھ ہی نئے Logo کے عزائم اور علامات کا سوچ کر نہال ہوتی۔آڈیٹوریم کےاس حسین منظر کو آنکھوں میں سمائے ہوئے میں اپنی نشست پر آبیٹھی۔

لڑکیاں جوق در جوق ہال میں داخل ہورہی تھیں۔ عظمیٰ آپی نے ہم گروپ ممبران کو شناختی کارڈ، نوٹ پیڈ اور پروگرام کاپی فراہم کی۔ میں نے بڑی خوش دلی کے ساتھ پروگرام کاپی تھامی اور ایک ایک مقرر کو پہچاننے کی کوشش کرنے لگی۔ ہمم ہمم ! کی آواز گونجی اور میں کنوینر کی جانب متوجہ ہوگئی۔اب میں ماحول پر نظر دوڑا نے لگی۔

ماحول میں خاموشی چھا گئی تھی۔مالونی کی ایک بہن نے اسٹیج کی کمان تھامی تھی، ہم تمام شرکاء کا اس سہ روزہ کیمپ میں استقبال کے بعد درس قرآن کےلیے بڑے مؤدبانہ انداز میں بہن فاطمہ امتیاز کو مدعو کیا گیا۔ مدرسہ سے میری کوئی واقفیت نہیں تھی۔ انھیں سورہ زلزال پر درس دیناتھا۔ تلاوت و ترجمہ کے بعد سمجھاتے ہوئے انداز میں بتایا کہ زلزال کے معنی زلزلے کے ہیں یعنی کسی چیز کا زور زور سے حرکت کرنا،’’ زُلْزلَتِ الْاَرْضُ‘‘ کا مطلب ہے کہ زمین کو جھٹکے دے کر شدت کے ساتھ ہلایا جائے، پھر زلزلے کی مزید شدت کو ظاہر کرنے کیلئے اس پر ’’زِلْزَالَھاَ‘‘ کا اضافہ کردیا گیا، یعنی کسی چیز کو ہلائے جانے کی انتہائی ممکن شدت۔

اسی طرح ایک ایک آیت میں موجود الفاظ کی روٹ ورڈ(Root word) تک ہماری رسائی کروائی۔ انداز بیاں بہت خوب تھا۔ بات کو مختلف مثالوں سے واضح کرنے کےلیے Physics اور Geography کے اصولوں کا سہارا لیا اور کڑی سے کڑی جوڑتے ہوئے قیامت آخرت اور جواب دہی کے احساس کی یاد دہانی کروائی۔ ماحول بظاہر پرسکون تھا لیکن ہمارے دل لرز اٹھے تھے۔

آخری دو آیات پر تو خصوصی توجہ دی۔

’’جس نے ذرہ برابر نیکی کی وہ اس کو دیکھ لے گا، اور جس نے ذرہ برابر بدی کی وہ اس کو دیکھ لے گا۔‘‘

ابن ماجہ کی حدیث کے ذریعے بتایا کہ آپﷺ نے فرمایاکہ اے عائشہؓ ! ان گناہوں سے بچی رہنا جن کو چھوٹا سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اللہ کے یہاں ان کی بھی پوچھ ہونی ہے۔

آخری میں اس Quote کے ذریعے اپنی بات مکمل کی:

“A Smaller Good Deed Is Better Than Great Intention.”

درس قرآن کے بعد افتتاحی کلمات کےلیےہمارے ہر دل عزیز صدر تنظیم نسیم السحر آپی کا نام سنتے ہی ہمارے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔ آپ نے بتایا کہ اتنےدور دراز سے سفر طے کرکے، وقت نکال کر یہاں آنے کا مقصود صرف اور صرف اپنی ذاتی تربیت اور تزکیہ ہے۔ آپ نے صرف3 نِکات میں اپنی بات مکمل کی،وہ 3نکات یہ تھے:
(1) اس سہ روزہ کیمپ میں اللہ رب العزت سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔نوافل، دعا و اذکار کی سختی سے پابندی کریں۔
(2) اپنے اخلاق و معاملات کا جائزہ لیں۔ جہاں کمی نظر آرہی ہےاسے دور کریں، ان تین دنوں میں ہر چھوٹی سے چھوٹی برائی سے بچی رہیں۔
(3)تنظیم سے اپنی محبت کو جانچنے کی طرف خصوصی توجہ دلائی، فرمایا کہ ہر چھوٹی نیکی کر گزریں،اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ جس ایمانی حالت میں ہم آئے ہیں، اس سے بہت بہتر حالت میں ہم واپس ہوں۔
سہ روزہ کیمپ کے متعلق کچھ ہدایات کے بعد ہمارا یہ سیشن ختم ہوا۔( جاری…)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. سید لبید غزنوی

    بہت خوبصورت لکھا

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے