السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
رب تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ بخیر و عافیت ہوں گے۔ ھادیہ ای میگزین کا ماہ دسمبر کا شمارہ زیرِ مطالعہ رہا۔ھادیہ در حقیقت وہ مرکز ہے، جہاں مختلف عناوین پر بہت سے مضامین ایک جگہ مرکوز ہوجاتے ہیں۔ لہذا، یہ تشنگانِ علم کی سیرابی کا خوب خوب کام کرتا ہے۔
مجھے ذاتی طور پر مطالعہ کا کافی شوق ہے۔ لہٰذا جب ھادیہ میں ایک ہی جگہ کئی مختلف مضامین پر علمی و ادبی گوہر جابجا بکھرے پائے تو دل کی گہرائیوں سے دعائیہ کلمات نکلے کہ یہ ترقی کےمنازل طے کرتا جائے۔
یوں تو سرِ ورق ہی حالاتِ حاضرہ اور وقت کا تقاضا کرتا ہوا بعنوان ’’حقِ رائے دہی کا شعور‘‘ تھا، لہٰذا اولاً اسی کا مطالعہ کیا۔ مطالعہ کے بعد ایسے کئی نکات ذہن میں آئے جن پر حقیقتاً سنجیدگی کے ساتھ سوچنا چاہیے اور اب سیاسی شعور کے متعلق عوام کو بیدار مغز ہوجانا چاہیے، قبل اس سے کہ ملک میں سیاسی حالات مزید بدتر ہوں۔
اس کے علاوہ ایک اور تحریر جو ایمانی تازگی کا سبب بنی وہ تھی ’’اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی خواتین‘‘ہمت، حوصلہ و عظمت کی عظیم مثال فلسطینی خواتین، جن پر مظالم کے وہ پہاڑ توڑے گئے ہیں کہ جن کی سفاکیت کا تصور بھی عام انسانی ذہن سے پرے ہے، جلے ہوئے اعضاء و اجسام اور گہرے زخم کے ساتھ ان کے چہروں پر اطمینان اور مسکراہٹ نے رونگٹے کھڑے کردیے ۔مبشرہ باجی نے جس طرزِ تحریر میںاسے قلمبند کیا ہے، قاری کے دل میں جذب ہوتی چلی جاتی ہے۔ ہر سطر،اور سطر کے ساتھ ایک باشعور قاری اپنا ایمانی احتساب لازماً کرتا ہے۔
اسی طرح گرلز پلانٹ میں بالخصوص ’’زندگی کی قوتِ پنہاں کو کردے آشکار‘‘ اس روداد کو خوب ڈوب کر پڑھا اور ایک مرتبہ پھر کیمپ سے محرومیت کے احساس نے دل کو گھیر لیا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، عصر حاضر کا جہاد اور خودکشی کے عنوان سے جو تحریریں تھیں، گویا کہ بروقت صحیح عنوان کو مع رہنمائی قارئین کی نذر کیا گیا۔ یہ تمام عناوین دورِ حاضر میں سلگتے موضوعات میں سے ہیں، لہٰذا شکرگزاری کا مقام ہے کہ گھر بیٹھے ہی بلکہ موبائل ہی پر یہ تمام حقائق ’’ھادیہ‘‘ کی بہترین شکل میں میسر آجاتے ہیں۔الحمدللہ!
’’کچھ خبر ہے تجھے او چین سے سونے والے‘‘انجشہ صاحبہ کی خوبصورت تحریر جو ذہنوں پر پڑے قفل کھولنے کے لیے کافی ہے۔ صحت و علاج زمرے میں بھی ہر ماہ ماہرین کی رہنمائی کے ساتھ ایک بہترین سیریز چل رہی ہے، جس میں کسی بیماری کے تعلق سے اتنی معلومات دی جاتی ہیں کہ قاری مطمئن ہوجاتا ہے ۔لہٰذا طبی میدان میں بھی ھادیہ نے ذخیرۂ علم فراہم کیا ہے، جو کہ قابلِ ستائش ہے۔
اس کے علاوہ دسمبر کے شمارہ میں ایک اور مضمون ’’بچوں کی تربیت پر صلہ رحمی کے اثرات‘‘ کافی پسند آیا اور ادبی فن پارے میں قدسیہ صاحبہ کے ’’شرط یہ ہے کہ سلیقے سے تراشا جائے‘‘ نے دل خوش کردیا۔ اسی طرح اس شمارے کی تقریباً تمام ہی تحریریں زیرِ مطالعہ رہیں، مگر ان تمام کو ایک ہی وقت میں قیدِ قلم میں لانا گویا ناممکن ہے ،مگر اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ ھادیہ کے ذریعے علمی و ادبی میدان میں جو کوششیں ہورہی ہیں، واقعتاً قابلِ قدر ہیں۔ میری ھادیہ کے قارئین سے درخواست ہے کہ وہ دیگر قارئین تک بھی اسے پہنچائیں، تاکہ یہ علمی دولت ہر صاحبِ عقل تک پہنچے اور وہ بھی ممکن حد تک اس کارِ خیر کو مزید کامیاب بنانے کی سمت میں کوشش کریں۔
لازم ہے نظامِ نو کے لیے فنکار نئے نقاش نئے
تصویر یقیناً بدلے گی جب ہاتھ بدلتے جائیں گے
بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہوں کہ وہ ھادیہ کی پوری ٹیم کو خوب خوب جزائے خیر دے اور ہمیں اسی طرح ھادیہ سے مستفید ہونے کا موقع ملتا رہے ،اور یہ اسی طرح ہمارے علمی ذخیرے میں اضافہ کرتا رہے۔
جزاکم اللہ خیراً کثیرا
مطالعے کی شوقین عزیزی انشاء !
مراسلہ پڑھ کر دل باغ باغ ہوا۔ ھادیہ نئے ہاتھ اورنئے نقاش کا متلاشی روزاول سے رہا ہے۔ کیوں نہ انشاء عبدالغفار مطالعہ کے ساتھ ساتھ اپنی تحریر بھیج کر ھادیہ کا تعاون کرے ۔
خوشی ہوئی آپ ھادیہ کا انہماک سے مطالعہ کرتی ہیں ۔ھادیہ ٹیم کو اپنی دعا ءمیں یاد رکھنے کا شکریہ ۔
شکرا ًجزیلا ً
والسلام
ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments