يٰۤـاَيُّهَا النَّبِىُّ اِنَّاۤ اَرۡسَلۡنٰكَ شَاهِدًا وَّمُبَشِّرًا وَّنَذِيۡرًا ۞
وَّدَاعِيًا اِلَى اللّٰهِ بِاِذۡنِهٖ وَسِرَاجًا مُّنِيۡرًا ۞(سورة الاحزاب: 45,46)
(اے نبی !ہم نے تمھیں بھیجا ہے گواہ بنا کر، بشارت دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر۔ اللہ کی اجازت سے اس کی طرف دعوت دینے والا بنا کر اور روشن چراغ بناکر۔)
ویسے تو اللہ کے رسولﷺ کا مشن اقامت دین تھا، اللہ کی زمین پر الله کے نظام کو قائم کرنا تھا ، اور اس کی پہلی منزل دعوت دین تھی ، اور یہ آپ کی دعوت ہی تھی جس نے لوگوں کے ذہنوں کو بدلا، لوگوں کے دلوں کو بدلا۔بحیثیت مسلمان ہم اللہ کے رسول کے مشن کو لے کر اٹھے ہیں اور ہمیں الله کے رسول کے اس مشن پر کام کرنا ہے، تو ضروری ہوجاتا ہے کہ ہم آپ کی اس جدو جہد کا مطالعہ کریں جو آپ نے اسے مشن کی تکمیل کے لیے کی تھی۔
بعثت سے پہلے
اللہ کے رسول کی دعوتی جدوجہد کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اس ماحول کے متعلق جانیں،جہاں رسول اس دعوت کو لےکر اٹھے تھے۔ رسالت مآبﷺ کا ظہور ایسے حالات میں ہوا جبکہ پوری انسانیت تاریکیوں میں ڈوبی ہوئی تھی ، کہیں دورِ وحشت چل رہا تھا تو کہیں شرک اور بت پرستی کی لعنتوں نے مکہ اور مدینہ کا ستیا ناس کر رکھا تھا ۔ رشوت، چوری ، لوٹ مار ،دھوکہ دہی لوگوں کا خاصہ تھا۔ جوا، شراب ، سود خوری کے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں تھا۔ لڑکی پیدا ہوتے ہی زندہ درگور کردی جاتی، محبت اور انسانیت تو مانو وہاں تھی ہی نہیں۔ جہالت اور دشمنیوں کا یہ عالم تھا کہ معمولی معمولی باتوں پر تلواریں نکل جاتیں اور خون کی ندیاں بہنے لگتیں اور یہ دشمنی نسلوں میں چلتی ۔ الغرض ہر برائی وہاں موجود تھی۔ ایسے خطرناک حالات اور ماحول میں نبی کریمﷺ کی بعثت سے پہلے کی زندگی بھی اخلاق حسنہ کا ایک کامل نمونہ تھی ۔ آپﷺ نے اپنے حسن اخلاق اور راست معاملگی کی بدولت اس معاشرے سے الصادق اور الامین کے خطابات حاصل کیے تھے۔
بعد میں آپ داعی الی الله کے منصب پر فائز ہوئے۔ اس وقت آپ کی دعوت کی تاثیر میں جہاں اس بات کو دخل ہے کہ خود وہ دعوت فطرت انسانی کے نہایت قریب اور عقل صحیح و طبع سلیم کی جانی پہچانی تھی، وہاں اس امر کو بھی فیصلہ کن حد تک دخل حاصل ہے کہ اس کا پیش کرنے والا صادق اور الامین تھا۔ (فداہ ابی و امی)
وَوَجَدَكَ ضَآ لًّا فَهَدَىٰ
قرب بعثت کے زمانے میں آپ پر تفکر کا غلبہ ہوگیا اور رفتہ رفتہ حاظر و موجود سے بیزاری اور حقیقت نفس الامری کی تلاش و جستجو کا جذبہ بڑھتا چلا گیا۔ پھر آپ کو خلوت گزینی محبوب ہو گئی۔ چنانچہ آپ غار حرا میں خلوت گزیں ہوتے اور عبادت فرماتے تھے۔ اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ یہ سلسلہ کتنے عرصہ چلا۔ بہر حال وہ وقت آگیا کہ تلاش حق میں سرگرداں کو ہدایت نامہ حاصل ہوا۔
وَوَجَدَكَ ضَآ لًّا فَهَدٰى ۞
(اور تمھیںناواقفِ راہ پایا اور پھر ہدایت بخشی۔)
وحی کا سلسلہ شروع ہوا ۔ آپﷺ کو منصب نبوت عطا ہوا اور آپ دعوت الی اللہ کے علمبردار اور قرآن کے الفاظ میں:
شَاهِدًا وَّمُبَشِّرًا وَّنَذِيۡرًا وَّدَاعِيًا اِلَى اللٰهِ بِاِذۡنِهٖ وَسِرَاجًا مُّنِيۡرًا
بنا دیئے گئے۔
سری دعوت
بعثت کے فوراً بعد دعوت کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ چنانچہ فطری طور پر سب سے پہلے ان قریب ترین لوگوں کو دعوت دی گئی، جو آپ کے پرائیوٹ اور پبلک لائف سے سب سے زیادہ واقف تھے ،یعنی زوجۂ محترمہ حضرت خدیجہ الکبریٰ، چچا زاد بھائی جنھوں نے آپ ہی کے سایۂ عاطفت میں تربیت پائی تھی یعنی حضرت علیؓ ، آزاد کردہ غلام حضرت زید اور یار غار حضرت ابو بکر صدیق(رضی اللہ عنہم)۔یہ سب حضرات پہلے ہی دن ایمان لے آئے اور یہیں سے دعوت الی اللہ کا پہلا سبق واضح ہوا، اور وہ یہ ہے کہ یہ گھر سے شروع ہوتی ہے اور اس کا اولین میدان انسان کے قریب ترین اعزہ واقارب و احباب ہیں۔
رہائش گاہ پر ضیافت
حضور کو حکم ملا ’’اصل ثابت‘‘کی طرف رجوع کیجیے۔
وَأَنْذِرْ عَشِيرَتَكَ الأَقْرَبِينَ
( اپنے قریب ترین رشتے داروں کوخبردار کیجیے۔)
چنانچہ آپ نے اپنے پورے گھرانے یعنی بنو ہاشم کی دعوت کا اہتمام فرمایا۔ 40 کے لگ بھگ آدمیوں کو کھانا کھلایا، اور ان کے سامنے اپنی دعوت پیش کرنی چاہی، لیکن ابو لہب کی بکواس نے اس کا موقع ہی نہ دیا اور مجلس ویسے ہی برخاست ہوگئی ۔ سوچیے! کتنی دل شکنی اور مایوسی کا سامنا حضور کو ہوا ہوگا، لیکن داعی الی اللہ کے لیے مایوسی کا کیا سوال۔ پھر دعوت کا اہتمام فرمایا، روایت ہے کہ بھرے مجمعے میں سے صرف ایک بچہ ایسا نکلا جس نے دعوت کو قبول کیا۔ حضرت علیؓ تو پہلے ہی سے اپنے تھے، ان دونوں دعوتوں کا نتیجہ تو صفر ہی رہا۔
پہاڑ کی چوٹی سے اعلان حق
حکم ہوا:
فَاصۡدَعۡ بِمَا تُؤۡمَرُ
(جس بات کا آپ کوحکم ملا ہے، اسے برملا اور علی الاعلان کہہ دیجیے۔)
آپ نے وقت کے رواج اور دستور کے مطابق کوہِ صفا پر کھڑے ہو کر صدا لگائی: ’’واصباحاہ ! لوگو !خطرہ درپیش ہے ،فوراً جمع ہو جاؤ!‘‘
جب لوگ جمع ہوگئے تو آپ نے پہاڑی کا وعظ ارشاد فرمایا۔ اے معشرِ قریش! اگر میں تم سے کہوں کہ پہاڑ کے عقب سے ایک لشکر آرہا ہے تو تم کو یقین آئے گا ؟ لوگوں نے کہا کہ کیوں نہیں آپ تو صادق ہیں۔
تب آپ ﷺ نے فرمایا: ’’تو میں یہ کہتا ہوں کہ اگر تم ایمان نہ لاؤ گے تو تم پر دردناک عذاب نازل ہوگا ۔ لوگ سخت برہم ہوئے اور کہتے ہیں کہ ابو لہب نے اسی موقع پر کہا تھا :’’تَبّاًلَكَ الِھٰذٰاجَمَعْتَنَا‘‘( ترے ہاتھ ٹوٹ جائیں ،کیا بس اسی لیے تونے ہمیں جمع کیا تھا)
جس پر سورہ لہب نازل ہوئی۔ ہاتھ محمدﷺ کے نہیں ،ابو لہب کے ٹوٹ چکے ہیں۔
اس وقت جو صورت بالفعل موجود تھی وہ تو یہی تھی کہ آں حضورﷺ گویا اندھوں اور بہروں کے سامنے اپنی دعوت پیش کر رہے تھے، جسے قبول کرنے والا کوئی نہیں تھا۔
دوسری راہوں کی تلاش
اسی طرح رفتہ رفتہ دعوت کا حلقہ وسیع ہوا۔ اللہ ہی جانتا ہے کہ ایسے کتنے اجتماعات کو آپ نے خطاب فرمایا۔کتنے لوگوں سے ان کے گھروں میں جاکر ملاقات کی، ان کے سامنے اپنی دعوت پیش کی۔ دھن کا یہ عالم تھا کہ جب بھی معلوم ہوتا کہ کوئی قافلہ باہر سے آیا ہو اہے، یا کوئی نووارد مکہ میں موجود ہے تو آپ ان کے پاس پہنچ جاتے اور دعوت پیش فرماتے۔ داعی طالب ہوتا ہے اور لوگ مطلوب ،وہ گھر گھر جاتا ہے ہر دروازے پر دستک دیتا ہے، ہر گوشہ تک اپنی آواز پہنچاتا ہے۔ لوگ تمسخر کرتے ہیں، تعذیب سے بھی نہیں چوکتے، جھٹلاتے اور دھتکارتے ہیں، تو داعی الی الله رات کے وقت اپنے رب کے حضور میں عاجزی و فروتنی کے ساتھ گڑ گڑا کر ان کی ہدایت کے لیے دعائیں کرتا ہے ۔ ایک ایک کا نام لے کر درخواست کرتا ہے کہ باری تعالیٰ ! عمر بن خطاب یا عمر و بن ہشام میں سے کوئی ایک تو مجھے ضرور ہی عطا فرمادے۔
ایک طرف تو یہ اور دوسری طرف یہ بھی نگاہ میں رہے کہ داعی الی الله کے سینے میں پتھر کا ٹکڑا نہیں ،بلکہ ایک انتہائی حساس قلب ہوتا ہے، جو کفر و انکار پر بری طرح تڑپتا ہے۔ ان کے انجام بد کے تصور سے جو حالت طاری ہوتی ہے اس پر عین عالم شباب میں بڑھاپے کے آثار طاری ہو جاتے ہیں اور وحی الٰہی کو بار بار تسلی و تشفی ہی نہیں محبت آمیز تنبیہ بھی کرنی پڑتی ہےکہ:
فَلَعَلَّكَ بَاخِعٌ نَّـفۡسَكَ عَلٰٓى اٰثَارِهِمۡ اِنۡ لَّمۡ يُؤۡمِنُوۡا بِهٰذَا الۡحَـدِيۡثِ اَسَفًا ۞
ان سب کے بعد سفر طائف تو ہم سبھی کو معلوم ہے۔ اسی دعوت دین کی خاطر نبی کریم ﷺ کے نعلین خون سے بھر گئے۔ اسی طرح بیعت عقبہ ٔاولیٰ اور بیعت عقبۂ ثانیہ بھی آپ کی دعوتی جدوجہد ہی کے نمونے ہیں۔
دعوتی مشن پر افراد و وفود کی روانگی
دعوت الی الله کے نتیجے میں مکہ میں اہل ایمان پر مظالم کی انتہا ہوگئی، تو پیغمبر اسلام نے مسلمانوں کو ہجرت کی اجازت دے دی۔ کچھ مسلمانوں نے حبشہ کی طرف ہجرت کی اور نجاشی کے سامنے دعوت دین پیش کی گئی۔ ہجرت مدینہ سے پہلے آپ نے حضرت مصعب بن عمیر کو تبلیغ کے لیے مدینہ روانہ کیا، ہجرت مدینہ کے بعد حضرت اسامہ کو اُن کے قبلے اور حضرت معاذ بن جبل کو دعوتی کام کے لیے یمن روانہ کیا۔ حضرت عبد الرحمن بن عوف کو ایک جماعت کے ساتھ دومۃ الجندل، عمرو بن عاص کو ایک جماعت کے ساتھ قبیلہ ہذیل کی طرف روانہ کیا۔
میدان جنگ میں دعوت اسلام
امن انصاف اور سچائی کی خاطر اسلام جنگ کی اجازت دیتا ہے، تاہم جنگ سے پہلے کئی شرائط عائد کرتا ہے۔ حضرت عبداللہ ابن عباس کی روایت کے مطابق پیغمبر اسلام نے کبھی کسی گروہ کے خلاف جنگ نہیں چھیڑی جب تک کہ اسلام کا پیغام ان تک نہیں پہنچا دیا گیا تھا۔
قیدیوں میں تبلیغ اسلام
جنگ کے نتیجہ میں جنگی قیدیوں میں دعوت دین آپ نے پیش کی،پھر انھیں آزاد کر دیا اور اپنے علاقوں میں انھیں اسلام کا پیغام دے کر روانہ کیا۔
سفیر کے سامنے تبلیغ دین
روم کے شہنشاہ ہرقل کے سفیر کے سامنے آپ نے خط پڑھنے سے پہلے دعوت دین پیش کی۔ جس کے نتیجے میں سفیر بہت متاثر ہوا۔
خطوط (مراسلات) کے ذریعہ دعوت
آپ نے صحابۂ کرام میں سے کچھ افراد کا انتخاب کیا، اور اپنے دعوتی خطوط پہنچانے کے لیے انھیں مختلف مقامات کے لیے روانہ کر دیا۔ ان میں سے بہت سے خطوط محفوظ کر لیے گئے ہیں۔ یہ سب دعوت کو مؤثر اندازمیں پیش کرنے کے بہترین نمونے ہیں۔
خطبۂ حجۃ الوداع
الغرض پیغمبر اسلام اپنی آخری سانس تک اسی فکر میں رہے۔ خطبۂ حجۃ الوداع کے موقع پر صحابہ ٔکرام سے پوچھا :’’کیا میں نے تم تک بات پہنچادی؟‘‘ اصحاب رسول نے کہا: ’’ہاں۔‘‘
تو آپ نے اس پر اللّٰهم اَشْہد کہہ کر اللہ تعالیٰ کو گواہ ٹھہرایا ۔
آپ کی مؤکد ترین سنت ’’دعوت الی اللہ‘‘ ہے، اور
’’بلِّغواعني‘‘ کے تاکیدی حکم کو ’’وَلوَ آية‘‘ کے ذریعے قدر عمومیت دی گئی ہے۔
دعوت کے مراحل و مدارج
دعوت الی اللہ کوئی منفرد یا بسیط عمل نہیں ہے،بلکہ اس کے معتدد پہلو اور بےشمار مراتب و مدارج ہیں۔ اس کی ابتداء محض:
يٰۤاَيُّهَا الۡمُدَّثِّرُ ۞ قُمۡ فَاَنۡذِرۡ ۞
خبر دار کرنے اور ڈر سنا دینے سے ہوتی ہے، اور اس کی انتہاءیہ ہوتی ہے کہ:
وَرَبَّكَ فَكَبِّر
خالق کائنات کی کبریائی کا اعلان و اظہار ہو ،اور اسے بلند پایہ عملی و عقلی استدلال کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔
اُدۡعُ اِلٰى سَبِيۡلِ رَبِّكَ بِالۡحِكۡمَة
ِ اور مؤثر و دلنشین وعظ و نصیحت
وَالۡمَوۡعِظَةِ الۡحَسَنَةِ
کے ذریعہ بھی اور اگر بحث و جدال کی ضرورت پڑے تو
وَجَادِلۡهُمۡ بِالَّتِىۡ هِىَ اَحۡسَنُؕ
اور وقت آنے پر جہاد و قتال بھی اسی کی بلند ترین منازل قرار پاتی ہیں۔ وَقَاتِلُوۡهُمۡ حَتّٰى لَا تَكُوۡنَ فِتۡنَةٌ وَّيَكُوۡنَ الدِّيۡنُ كُلُّهٗ لِلّٰهِ
تاکہ اللہ کا کلمہ سر بلند ہو اور اسی کا حکم چلے اور لوگ عدل وقسط پر قائم ہوں۔ لِيَقُومَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس فرض منصبی کو کماحقہ ادا کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔آمین!
وقت فرصت ہے کہاں کام ابھی باقی ہے
نور توحید کا اتمام ابھی باقی ہے
٭ ٭ ٭


0 Comments