دور
کہتے ہیں ایک خاندان میں چینی کا ایک قیمتی اور قدیم گلدان ہوا کرتا تھا۔ ایک لا ابالی نوجوان نے بوڑھے جد سے اس کی اہمیت کے بارے میں پوچھا۔
جواب ملا کہ وہ نسلوں سے خاندان میں سب سے قیمتی ورثہ کی حیثیت سے محفوظ چلا آرہا ہے، اور خاندان کے ہر فرد اور نسل کا فرض ہے کہ اس کی حفاظت کرے۔
نوجوان نے کہاکہ اب اس کی حفاظت کا تردد ختم ہوا، کیونکہ چینی کا وہ گلدان موجودہ نسل کے ہاتھ سے پھسل کر فرش پر گرا اور چکنا چور ہو گیا۔
بوڑھےنےنحیف سی آواز میںکہاکہ حفاظت کا تردد ختم ہوا، ندامت کا دور کبھی ختم نہ ہوگا۔
کچا گھر
مریم ام محمد 3 کمروں پر مشتمل چھوٹے سے گھر میں مقیم ہیں۔ کل مساحت 20 میٹر سے بھی کم، کمرے بھی کچے سے۔ مگر وہ اس گھر کو 3 ملین ڈالر میں بیچنے کو بھی تیار نہیں۔ کئی بار آفر ہوئی، مگر ام محمد کہتی ہیں کہ اربوں ڈالرز بھی ملیں، یہ گھر نہیں بیچوں گی۔
کیوں؟ اس لیے کہ اس کی کھڑکی کھولیں تو سامنے گنبد صخرہ جلوے بکھیر رہا ہے، ایسا گھر روئے زمین پر اور کوئی نہیں ہے۔ الجزیرہ کے مطابق اب قابض انتظامیہ نے 3 ملین ڈالر نقد کے ساتھ ایک بلینک چیک کی بھی آفر کی ہے،جو لامتناہی مدت کےلیے ہے، یعنی زندگی میں کبھی بھی اس پر مرضی سے فیگر لکھ کر رقم وصول کی جا سکتی ہے۔ لیکن مریم ام محمد نے پھر سختی سے انکار کر دیا ہے۔
-ضیا ءچترالی
پانی پانی
مولانا عبدالمجید سالک کو ایک بار پانی کی قلت کا سامنا تھا۔ کافی پریشان تھے کہ اتنے میں پطرس بخاری کو اس بات کا علم ہوا۔ پطرس پانی کی چند بالٹیاں لیے سالک صاحب کے آستانے پر حاضر ہوئے اور انھیں چھیڑتے ہوئے گویا ہوئے: ’’لیجیے حضور! ہم آپ کو پانی پانی کرنے کے لیے حاضر ہوگئے۔‘‘
سالک بغیر ادھار رکھے چہکے:’’ہاں ہاں! بخاری صاحب! آپ تو کچھ بھی نہیں، ہمارے سامنے تو بڑے بڑے پانی بھرتے ہیں۔‘‘
ترجیح
ایک عزیز کہا کرتے تھے کہ ملاقات کے وقت، ساتھ کچھ لے جانے کو لازم نہیں کرنا چاہیے ورنہ ملاقاتیں ختم ہوجایا کرتی ہیں۔
ترجیح کیا ہونی چاہیے؟ملاقات۔کبھی ساتھ کچھ لے گئے، اچھی بات ہے۔کبھی نہ لے کر گئے تو حرج نہیں۔دونوں صورتوں میں ملاقات لازم ہوئی۔
میں کسی کے گھر جانا چاہ رہا ہوں لیکن ساتھ کچھ لے جانے کو لازم سمجھنے کی وجہ سے نہیں جا پا رہا۔کوئی بھی وجہ ہوسکتی ہے۔مہنگائی، اپنی جیب کا ہلکا ہونا یا کوئی بھی وجہ۔لیکن حرج کس کا ہو جائے گا؟ملاقات کا۔
اس تذبذب میں، کشمکش میں، جمع تفریق میں ماہ و سال گزر جاتے ہیں اور رفتہ رفتہ ملاقات کرنے کی خواہش تشنہ رہتے رہتے معلق ہو جاتی ہے۔ساتھ کچھ لے جانا، یہ بھی اچھی بات ہے۔اور کبھی نہ لے کر جانا بھی حرج نہیں رکھتا۔ملاقات قائم رہنی چاہیے۔
-آفاق احمد
Study Cage
آئرلینڈ کی اس لائبریری کا نام ’’آرچ بشپ مارش لائبریری‘‘ہے اور یہ ڈبلن کے آرچ بشپ مارش نے 1696ء میں قائم کی تھی۔ آرچ بشپ مارش نے اپنی آمدنی کا بڑا حصّہ ان کتابوں کے حصول پر صرف کیا، آئرلینڈ کی حکومت نے اُسے بطورِ خاص اپنی اصلی شکل میں محفوظ رکھنے کا اہتمام کیا ہے، چنانچہ عمارت اور اُس کے تمام کمرے بھی پُرانے طرز کے ہیں، الماریاں بھی پُرانی لکڑی کی ہیں اور تمام کتابیں بھی حتی الامکان قدیم جلدوں میں مجلّد رکھی گئی ہیں۔ لائبریری کے ہال میں داخل ہونے کے بعد انسان یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ چار سو سال پہلے کے دور میں داخل ہوگیا ہے۔
لائبریری کا ایک دلچسپ حصّہ وہ ہے جسے’’Study Cage‘‘ یعنی ’’مُطالعے کے پنجرے‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ جو لوگ لائبریری میں مطالعے کے لیے آتے، اُنہیں اس حصّے میں ایک پنجرہ نُما دروازے کے پیچھے الماریوں کے سامنے بٹھا دیا جاتا اور دروازے پر تالا ڈال دیا جاتا تاکہ وہ مُطالعے کے بعد کتابیں چُرا کر نہ لے جاسکیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اُس دور میں کتابوں کی چوری کا رواج خاصا عام تھا۔
-کتاب:دُنیا مرے آگے،از:مفتی محمد تقی عثمانی
لفظ بغداد
ایران اور ہندوستان میں عام طور پر یقین کیا جاتا ہے کہ بغداد نوشیروانِ عادل کا باغ تھا، جہاں بیٹھ کر وہ مظلوموں کی داد رسی کیا کرتا تھا۔ لوگ اس باغ کو ’’باغِ داد‘‘ کہنے لگے اور پھر کثرتِ استعمال سے اضافت کا کسرہ گِر گیا اور فَکِّ اضافت کے ساتھ باغ کا الف بھی جاتا رہا۔ اس طرح ’’باغِ داد سے بغداد‘‘ ہوگیا۔ فارسی کے فرہنگ نویسوں نے بھی اسے مان لیا۔
میری تحقیق کے مطابق ’’بغ‘‘ کے معنیٰ خُدا، دیوتا، بُت یا صنم کے ہیںاور ’’داد‘‘ کا مطلب ہے عطیہ۔ اس طرح بغداد کے معنیٰ ہوئے عطیۂ صنم یا دیوتا کی دین۔ یہ ترکیب ’’خداداد‘‘ ہی کی طرح کی ایک ترکیب ہے۔
-کتاب:مقالاتِ صدّیقی،از:عبدالستار صدیقی
پچیس لفظوں کی کہانی بلاک
پینے کا پانی ختم تھا، فون کیا تو جواب ملا:’’سر! محرم کے جلوس کی وجہ سے سارے راستے بلاک ہیں، گاڑی نہیں پہنچ سکتی، سوری!‘‘
-احمد بن نذر
٭ ٭ ٭
0 Comments