امید کے پرندے

امید بھی بڑی عجیب چیز ہے۔ امید اگر نہ ہو تو بھی مسئلہ ہے، اور ضرورت سے زیادہ ہو تو اور بھی بڑا مسئلہ ہے۔ویسے تو دنیا امید پہ ہی قائم ہے اور ہر مسلمان کو امید رکھنی چاہیے، کیونکہ نا امیدی کفر ہے،لیکن جب یہ امید ہی جینے کی وجہ بن جائے ،امید کے علاوہ کچھ نہ ہو تو بہت مشکل ہوتا ہے، مگر افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ آج کے نوجوانوں کے رویوں کی وجہ سے جو ماں باپ ہیں، وہ صرف اپنی اولاد کی محبت کی امید پال رہے ہیں، کیونکہ اصل میں انہیں وہ پیار نہیں مل رہا، جس کے وہ حقدار ہیں اس لیے صرف وہ امید پر ہی اکتفا کرتے ہیں ۔
انسان امید کس چیز کی کرتا ہے ؟انسان امید اسی چیز کی کرتا ہے جو اس کے پاس موجود نہیں جسے وہ پانا چاہتا ہے ۔اسی کی امید کرتا ہے نا ں؟ماں باپ اپنے بچوں سے محبت، شفقت ،پیار اور تھوڑا سا وقت ہی تو چاہتے ہیں، لیکن آج کل کے بچے جو اپنی جوانی میں مست ہیں، انہیں یہ سب تو نہیں دے رہے ہیں، لیکن دے رہے ہیں تو نفرت، دھتکار، گالی ،پلٹ کر جواب اور اونچی آواز تو پھر اس حال میں ماں باپ دامن پکڑ لیتے ہیں امید کا ۔
ماں باپ کے دل میں ایک موہوم سی امید ہوتی ہے کہ ان کے جو بچے ان سے پاس ہوتے ہوئے بھی بہت دور ہیں،وہ پھر ایک بار ان کے پاس ضرور آئیں گے،اسی امید پر تو آج کے بوڑھے والدین جی رہے ہیں ۔شاید یہی وجہ ہے کہ وہ حقیقت کی دنیا سے زیادہ خوابوں کی دنیا کو پسند کرتے ہیں، جہاں ان کے بچے واقعتاً حقیقتاً انہی کے ہوتے ہیں ،لیکن خوابوں کی دنیا میں اور حقیقت کی دنیا میں بہت فرق ہوتا ہے ،زمین اور آسمان جیسا فرق ۔
آج جب بوڑھے والدین اپنے بچوں کو پیار سے پکارتے ہیں تو بچے انہیں دھتکارتے ہیں، کہتے ہیںکہ ابھی وقت نہیں۔ کیااسی دن کے لیے ماں باپ بچوں سے محبت کرتے ہیں ؟کیا اسی دن کے لیے ان کی پرورش کرتے ہیں؟ کیا یہی سننے کے لیے اپنی خوشیوں کو قربان کر کے ان کی خوشیاں لے آتے ہیں ؟

امید کے جو پرندے ہیں، وہ ماں باپ ہیں، لیکن ان پرندوں کی جان ان پرندوں کی روح، اپنے بچوں میں قید ہوتی ہے، لیکن آج کل کے بچے یہ سمجھنے کو تیار ہی نہیں۔ وہ تو اپنے ماں باپ کو بوجھ سمجھتے ہیں ،ان کے اخراجات کو پیسوں کا ضائع ہونا سمجھتے ہیں، ان کی محبت کو دکھاوا سمجھتے ہیں۔ میں سوال کرنا چاہوں گی ان ہزاروں ایسے بچوں سے جن کا خیال ہے کہ ماں باپ کی محبت محض دکھاوا ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ کیا تم محض دکھاوے کے لیے بھی اپنے والدین سے محبت نہیں کر سکتے ؟اگر تم صرف دکھاوے کے لیے ہی اپنے والدین سے محبت کروگے تو ان کے بے جان سے وجود میں روح واپس آجائےگی،اور ان کے ارمانوں کےپرندے آسمانوں کی بلندیوں کو محسوس کرنے لگیں گے ۔
افسوس! آج کے نوجوان اپنے والدین سے صرف دکھاوے کے لیے بھی محبت نہیں کر سکتے ۔معاشرے میں بگاڑ تو اتنا پھیل گیا ہے کہ بچے اپنے والدین کو اپنے ساتھ رکھنا بھی گوارا نہیں کرتے ۔انہیں کسی اولڈ ایج اورفنیج میں ڈال دیتے ہیں ۔
والدین اپنے ہی گھر سے بے گھر ہو جاتے ہیں۔ وہی گھر جس کو انہوں نے بڑی محبت سے بنایا تھا ۔محبت کی ایک ایک اینٹ سے دیوار کھڑی کی تھی،اپنی کتنی ہی خواہشات کو دل کے کسی کونے میں مسکرا کر دفن کر دیا تھا ، اپنے محنت کے پسینہ سے جسے سینچا تھا،تاکہ ان کے بچوں کو کسی طرح کی مشکل نہ ہو، جن کے لیےانہوں نے اتنی قربانیاں دیں، وہی بچے اپنے والدین کو بغیر کچھ سوچے بے گھر کر دیتے ہیں۔
والدین تو اپنی ہر ایک خواہش کو بچوں کی خواہش کے سامنے چھوڑ دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آج جو خواہش ہماری ادھوری رہ گئی، اسے ہمارے بچے پورا کریں گے ۔یہ سوچ کر وہ اپنی خواہش کو ترک کر کے اپنے بچوں کی خواہش کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن انہیں کیا پتہ کہ یہی ان کے بچے انہیں اپنے ہی گھر سے بے دخل کر دیں گے اور ان کی امید صرف امید ہی رہ جائے گی۔
جن گھروں میں والدین کو گھر پہ ہی رکھا جاتا ہے،انہیں کسی اولڈ ایج اورفنیج میں نہیں بھیجا جاتا، ان گھروں میں بھی اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنے والدین سے محبت کرتے ہیں، وہ تو اس لیے انہیں اپنے پاس رکھتے ہیں کہ لوگ کیا کہیں گے ؟آج کل کے نوجوانوں میں بڑی شدت سے یہ فکر پائی جاتی ہے کہ لوگ کیا کہیں گے لوگ کیا سوچیں گے ؟لیکن انہی نوجوانوں میں رتی برابر بھی یہ فکر نہیں ہوتی کہ والدین کیا سوچیں گے؟ انہیں تو اس کی فکر نہیں کہ اللہ کیا سوچے گا ؟ پھر کہاں وہ والدین کیا سوچیں گے؟ اس کی فکر کریں گے۔
ایسے نوجوان جو اپنے والدین کو کسی بوجھ کی نظر سے دیکھتے ہیں ،وہ ذرا اپنے بچپن کو یاد کریں اور دیکھیں کہ ان کے والدین نے کیا کیا قربانیاں دی ہیںان کے لیے؟تب شاید انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو جائے اور جب آپ کو اپنی غلطی کا احساس ہو جائے تو اپنے والدین سے تہ دل سے معافی مانگ کر اپنے لیے جنت کے دروازے کھول لیجیے۔ والدین چاہے کتنا ہی غصہ کیوں نہ کریں، کتنے ہی سخت کیوں نہ بنیں،لیکن یقین جانیے، وہ بے انتہا نرم دل کے مالک ہوتے ہیں ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

6 Comments

  1. روشنی

    آج کے موجودہ دور کی بہترین عکاسی کی ہے ۔

    Reply
  2. غزالہ تسنیم

    ما شاء اللہ! دور حاضر کی بہترین عکاسی کی گئی اس تحریر میں ۔ اللہ آپ کی قلم کو خوب زور بخشے اور اس تحریر کے ذریعہ لوگوں تک آپ کی بات پہنچا دے

    Reply
  3. Faiza sk

    آہ۔۔۔امید۔۔آہ۔۔۔
    سچ فرمایا کہ آج کل امید کا دامن جس نے تھام لیا اس نے جینے کا ہنر سیکھ لیا۔
    محترمہ اللہ آپکے قلم میں زور عطا کرے۔

    Reply
    • افروز جبین

      آج کی نوجوان نسل اس خوش فہمی میں جی رہی ہے جیسے وہ ہمیشہ جوان ہی رہے گی۔ افسوس ،!!!یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے

      Reply
    • افروز جبین

      معاشرے کے اس المیہ پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے

      Reply
  4. Farzana chaudhry

    یہ تو کہانی ہے میری جو انکہی ہے۔🥺

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے