اللّٰہ کے رسول کو جب اسلام کی علانیہ تبلیغ کا حکم ملا تو حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کوہ صفا پر تشریف لے گئے اور آواز لگائی:
’’ ہائے صبح کا خطرہ !ہائے صبح کا خطرہ!‘‘
یہ نعرہ شدید خطرے کے وقت لگایا جاتا تھا ۔ جب لوگوں نے سنا تو تیزی سے جمع ہوگئے ۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا :
’’ اگر میں تم سے کہوں کہ اس پہاڑ کے عقب سے ایک لشکر آ رہا ہے اور وہ تم پر حملہ کرنا چاہتا ہے تو کیا تم کو یقین آئے گا ؟‘‘
سب نے کہا :’’ہاں، کیونکہ ہم نے آپ کو ہمیشہ سے سچ بولتے دیکھا ہے ۔ ہم نے آپ پر کبھی جھوٹ کا تجربہ نہیں کیا ۔‘‘
پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’ اچھا تو میں ایک سخت عذاب سے پہلے تمھیںخبردار کرنے کےلیے بھیجا گیا ہوں ۔ میری اور تمہاری مثال ایسی ہی ہے جیسے کسی آدمی نے دشمن کو دیکھا، پھر اس نے کسی اونچی جگہ چڑھ کر اپنے خاندان والوں پر نظر ڈالی تو اسے اندیشہ ہوا کہ دشمن اس سے پہلے پہنچ جائے گا۔ لہذا، اس نے وہیں سے پکار لگانی شروع کردی ۔ قریش کے لوگو !اپنے آپ کو اللّٰہ سے خرید لو ۔ جہنم سے بچا لو ، میں تمھارے نفع نقصان کا اختیار نہیں رکھتا ، نہ تمھیں اللّٰہ سے بچانے کے کام آ سکتا ہوں ۔‘‘
اس کے بعد اور اس پورے واقعے میں دعوت دین کا کام کرنے والوں کےلیے بہت سےچھپے ہوئے سبق ہیں ، جن کو کھلے دماغ سے پڑھ کر دعوت کے کام کو آسان بنایا جا سکتا ہے ۔
’’بنو کعب بن لوئی! بنو مرہ بن کعب! بنو قصی! بنو عبد مناف! بنو عبد شمس ! بنو ہاشم! بنو عبد المطلب !
اپنے آپ کو جہنم سے بچا لو، کیونکہ میں تمھارے نفع و نقصان کا مالک نہیں اور نہ تمھیںاللّٰہ سے بچانے کےکچھ کام آسکتا ہوں ۔ میرے مال میں سے جو چاہو مانگ لو، مگر میں تمھیں اللّٰہ سے بچانے کا کچھ اختیار نہیں رکھتا ۔‘‘
ہم نے یہ واقعہ کئی بار سیرت کی کتابوں میں پڑھا ہے اور کئی بار علماء کرام سے اجتماعات میں بھی سنا ہے، اور بارہا ہم نے یہی سوچا اور سمجھا کہ پیغمبر اسلام کو خدا کی طرف سے حکم ملا اور انھوں نے اس کی تعمیل کی ۔ اگر دماغ پر تھوڑا سا دباؤ ڈالا جائے تو اس واقعے میں چھپی حکمتیں ہم پر آشکار ہو جائیں گی ۔
پہلی بات: اس واقعے سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے کہ داعی کے سماج کے لوگوں سے تعلقات اچھے ہونے چاہئیں۔ بغیر اچھے تعلقات کے دین کا کام مشکل ہے ۔
دوسری بات: جب مدعوئین سے تعلقات اچھے ہوں تو انھیں جنت اور جہنم سے خبردار کر دینا چاہیے، اور سیدھے سیدھے اسلام کی دعوت دینی چاہیے ۔
تیسری بات: خدا کے ذمہ ہے کہ وہ منکرین کے ساتھ جو چاہے کرے۔اللّٰہ کے رسول نے جو بات کہی تھی کہ اگر میں تم سے کہوں کہ اس پہاڑ کے عقب سے ایک لشکر آ رہا ہے اور وہ تم پر حملہ کرنا چاہتا ہے تو کیا تم کو یقین آئے گا ؟ اس پر مکہ کے لوگوں نے یقین تو کر لیا لیکن اسلام کی دعوت کو انکار کر بیٹھے ۔ اس کے بعد جو ظلم ستم کا دور چلا ہے اس سے ہم خوب واقف ہیں ۔ پھر جو بات خدا کے رسول نے کہی تھی وہ محض کچھ ہی برس بعد پوری ہوئی ۔ فتح مکہ کے بعد مسلمانوں کے لشکر نے مکہ کو گھیر لیا تھا اور اللّٰہ کے رسول کی کہی ہوئی بات سچ ثابت ہوئی ۔
سماج میں کمزور تعلقات دعوت کی راہ کا روڑا ہیں ۔ جب تک آپ اپنے اطراف میں رہنے والے لوگوں سے گھل مل نہیں جائیں گے، ان سے تعلقات نہیں بنائیں گے تب تک آپ دعوت کا کام کر ہی نہیں سکتے ۔ آدمی یاری دوستی میں کچھ بھی کہہ جاتا ہے، لیکن پھر بھی تعلقات برقرار رہتے ہیں ۔ جب کسی سے کچھ تعلق ہی نہ ہو تو کس سے کیا کہا جاسکتا ہے ؟
ملک کے حالات کے پیش نظر داعی کو طرح طرح کے وسوسے آ سکتے ہیں ۔ داعی سوچ سکتا ہےکہ اگر میں نے کسی کو اسلام کی دعوت دی اور مدعو بھڑک گیا تو یہ کہیں بڑا مسئلہ نہ بن جائے ، بات میڈیا میں چلی گئی تو مسئلہ اور بڑھ سکتا ہے ، مجھے سلاخوں کے پیچھے بھی ڈال دیا جاسکتا ہے ، اسلام پر حملے کیے جاسکتے ہیں ، میری ایک غلطی کی وجہ سے سارے عالم کے مسلمانوں اور اسلام کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے وغیرہ وغیرہ ۔ وسوسے تھمنے کا نام ہی نہیں لیتے اور داعی ڈر جاتا ہے ۔ آخر کار وہ اسی میں ہی عافیت سمجھتا ہے کہ صوم و صلوٰۃ کی پابندی کی جائے اور آرام سے زندگی گزاری جائے ۔
یہ ساری منفی سوچ ، یہ سارے وسوسے داعی کو ضرور آتے ہیں لیکن مدعو سے دوستی اور تعلق سے پہلے ۔ جب داعی اور مدعو کی اچھی دوستی ہو جائے ، گہرے تعلقات قائم ہو جائیں ، ایک دوسرے کے مزاج کو اچھی طرح سمجھ جائیں تو اب کوئی فکر کی بات نہیں رہتی ۔ اب داعی کےلیے میدان صاف ہے ،وہ اپنا کام خدا کے بھروسے کر سکتا ہے ۔اس کام کو کرنے کےلیے مفتی ، عالم یا فلسفی بننے کی ضرورت نہیں ہے ۔ عام آدمی بھی یہ کام بآسانی کر سکتا ہے ،بشرطیکہ اسے اپنے دین کا علم ہونا چاہیے ، پہلو میں انسانوں سے محبت کرنے والا دل اور سماج میں برادرانِ وطن سے گہرے تعلقات ہونے چاہئیں،اس کے ساتھ داعی میں حکمت اور صبر کی صفتیں بھی ہونی چاہئیں ۔
اگر آپ کی شخصیت میں یہ چیزیں موجود ہوں تو آپ بھی دین کا کام کرسکتے ہیں۔ایک عام آدمی بھی دعوت دین کا کام کرسکتا ہے، اس کی زندہ مثال آپ کے سامنے پیش ہے ۔کسی یونیورسٹی کے ایک فیزکس پروفیسر- جن کا نام اب مجھ کو یاد نہیں ہے- نے دنیا بھر کے عالموں کو چیلنج کیا تھا کہ تم ثابت کرو کہ خدا موجود ہے اور میں ثابت کروں گا کہ خدا موجود نہیں ہے ۔ کئی عالموں نے ان سے مدلل بحث کی پھر بھی قائل نہیں کر پائے ۔ پروفیسر ایک موٹیویشنل اسپیکر بھی تھے، جو مثبت سوچ اور چیزوں کے امکان (Probability)پر تقریریں کیا کرتے تھے ۔ ایک دن وہ اپنے گھر پر تھے ۔ صبح صبح ان کو ترکاری دینے والا عبداللہ ان کے گھر آیا ۔ سر پر ٹوپی، نمازوں کا پابند عبداللہ غریب اوران پڑھ تھا ،اور ترکاری بیچا کرتا تھا ۔ عبداللہ کو دیکھ کر پروفیسر کو کیا سوجھی کہ وہ کہنے لگے :’’یار عبداللہ! آؤ میں تم سے ایک اہم بات کرتا ہوں ۔‘‘
پھر پروفیسر کہنے لگے :’’عبداللہ! تم مسلمان ہو اور خدا کی عبادت کرتے ہو۔ آج تم ثابت کرو کہ خدا موجود ہے اور میں ثابت کروں گا کہ خدا موجود نہیں ہے ۔‘‘
عبداللہ نے معصوم سا جواب دیا اور بڑا بہترین جواب دیا ۔ کہا کہ صاحب !میں ان پڑھ آدمی ہوں اور آپ جتنا پڑھا لکھا نہیں ہوں ۔ صاحب! مان لوکہ ہم اسی وقت مرتے ہیں اور مرنے کے بعد ہمیں پتہ چلتا ہے کہ دنیا میں کوئی خدا نہیں تھا تو آپ اور میں یکساں ہو جائیں گے، کوئی سوال نہ کوئی جواب ، نہ سزا نہ جزا، لیکن مان لو آپ اور میں اسی وقت مرتے ہیں اور مرنے کے بعد ہم دونوں کو پتہ چلا کہ خدا موجود تھا، جو سب دیکھ رہا تھا تو میں تو بری ہو جاؤں گا آپ پھنس جاؤگے ، تب آپ کے پاس کیا راستہ ہوگا ؟
عبداللہ کا اتنا کہنا تھا کہ پروفیسر کی دل کی دنیا بدل گئی، وہ سوچ میں پڑ گیا ۔ وہ سوچنے لگا میں خود Probabilityپر لیکچر دیا کرتا، تھا مثبت سوچا کرتا تھا، پھر مجھ سے ایسا کیوں سوچا نہیں گیا ؟ میں ایسی بات کیوں سوچ نہیں پایا اور اسی وقت پروفیسر نے اسلام قبول کرلیا۔ بعد میں پتا چلا کہ ان کی بیٹیوں نے قرآن بھی حفظ کر لیا ہے ۔ ہم بھی کسی کی زندگی کے عبداللہ بن سکتے ہیں بشرطیکہ ہمارا ایمان مضبوط ہو اور دعوت کی راہ میں سر دھڑ کی بازی لگانے کا حوصلہ ہو ۔
٭ ٭ ٭
ویڈیو :
آڈیو:
سماج میں کمزور تعلقات دعوت کی راہ کا روڑا ہیں ۔ جب تک آپ اپنے اطراف میں رہنے والے لوگوں سے گھل مل نہیں جائیں گے، ان سے تعلقات نہیں بنائیں گے تب تک آپ دعوت کا کام کر ہی نہیں سکتے ۔ آدمی یاری دوستی میں کچھ بھی کہہ جاتا ہے، لیکن پھر بھی تعلقات برقرار رہتے ہیں ۔ جب کسی سے کچھ تعلق ہی نہ ہو تو کس سے کیا کہا جاسکتا ہے ؟


0 Comments