أكتوبر ۲۰۲۳

 کتابوں کو تنہائی کی بہترین ساتھی کہا جاتا ہے۔ اس میں ہر قسم کا علمی مواد ہوتا ہے جن سے ہم خیر وشر میں تمیز سیکھ سکتے ہیں۔ تعلیم و تفریح کے ساتھ ساتھ ہم دنیا کے کئی ممالک کی تاریخ اور تہذیب کے بارے میں جان سکتے ہیں ،اور ہاں! کتابی شکل میںسفر ناموں کے ذریعے ہم ملکوں ملکوں گھوم بھی سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر انسانیت کی بھلائی کے لیے جو احکام وحی کے ذریعے نازل کیے ،وہ آج کتاب ہی کی شکل میں ہمارےدرمیان موجود ہیں، جسے قرآن مجید کہا جاتا ہے۔
اخبارات و رسائل کے ساتھ ساتھ آپ کو اچھی کتابوں کے مطالعے کا شوق بھی ہونا چاہیے۔ یہ مطالعہ آپ کو ان میں موجود اچھی باتوں پر عمل کرنے پر بھی مجبور کرے گا۔ مطالعے کے بعد آپ پر ایک فرض اور بھی بنتا ہے کہ آپ اس سفر کو آگے بڑھا ئیں، یعنی دوستوں تک اس کتاب کو پھیلائیں ،تا کہ علم کا سفر جاری رہے۔
کتاب کو پڑھنے کے بعد اسے گھر میں سنبھال کر رکھیں، تا کہ ضرورت کے وقت یا کسی حوالے کے وقت ڈھونڈنے میں پریشانی نہ ہو۔ اس کے لیے آپ کے گھر میں آپ کا ایک ذاتی کتب خانہ ہونا ضروری ہے۔ آج ہم آپ کو ذاتی کتب خانے کی اہمیت اور اسے بنانے کے بارے میں تفصیلاً بتاتے ہیں۔سب سے پہلا سوال یہ ذہن میں آتا ہے کہ جب اسکول، کالج اور عوامی سطح پر سرکاری اور نجی اداروں نے کتب خانے قائم کر رکھے ہیں، تو پھر گھر میں علیحد و لائبریری کیوں بنائیں؟جواب یہ ہے کہ عوامی کتب خانے مخصوص اوقات کے لیے کھلتے ہیں۔ اسکول اور کالج کی لائبریری سے آپ دوران تعلیم ہی کتب حاصل کر سکتے ہیں۔جب آپ گھر میں کتب خانہ قائم کرنے کا ارادہ کریں تو اس کے لیے گھر میں یا کمرے میں کوئی جگہ مخصوص کر لیں۔ اس کے لیے الماری یا شیلف ہونا ضروری ہے، تا کہ کتابیں بے ترتیب نہ رہیں اور نہ ہی خراب ہوں۔
کتابوں کوترتیب سے رکھنے کا فائدہ یہ ہے کہ تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔اب دوسرا مرحلہ کتابوں کےانتخاب اور خریداری کا ہے۔ آپ اپنی جیب خرچ سے کچھ رقم بچا ئیں۔ اگر آپ کے والدین کی مالی پوزیشن اچھی ہے تو ان سے بھی کتابوں کی خریداری کے لیے علیحدہ ر قم لی جاسکتی ہے۔ کتابوں کی خریداری کا آغاز قرآن مجید سے کیجیے۔ قرآن مجید کا مستند ترجمہ اور تفسیر بھی ساتھ لیں۔ جب آپ ترجمہ پڑھنے اور سمجھنے کے قابل ہو جا ئیں، تو تفسیر پڑھنابھی شروع کر سکتے ہیں، تا کہ آپ کو معلوم ہو سکے کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ہم سے کیا فرما رہے ہیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کے روشن پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ اس لیےقرآن مجید کے بعد سیرت پر مبنی مستند سیرت نگاروں کی کتب لیجیے۔ کوشش کیجیے کہ آپ بڑے مصنفوں کی کئی جلدوں پر مشتمل کتابوں کے بجائے ایک جلد پر مبنی کتاب خریدیں۔اللہ کے نیک بندوں،خلفائے راشدین اور علم و ادب کی بڑی شخصیات کے بارے میں پڑھ کر آپ میں عزم و حوصلہ پیدا ہوگا۔ ان کے علاوہ سفرنامے، کہانیاں، ناول، اقوال زریں ،معلومات عامہ، شخصیات اور تاریخی ناول آپ کے پسندیدہ موضوع ہو سکتے ہیں۔ آپ کے شہر میں ، اردو بازار تو ہوگا جہاں سے کتب مل سکیں۔ دوسری اہم جگہ کتب میلہ بھی ہوسکتی ہے، جہاں سے کئی اہم موضوعات پر با رعایت کتابیں لے کر گھر لائبریری میں سلیقے سے سجائی جاسکتی ہیں۔ لائبریری میں کتابوں کو موضوع کے اعتبار سے علیحدہ علیحدہ رکھیں۔ ہو سکے تو ان کے شیلف پر موضوع کا لیبل بھی لگا دیں۔ الماری یا شیلف کے سب سے او پر خانے میں قرآن مجید، حدیث رسول اور سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، پھر اللہ والوں کی سیرت کی کتب رکھ دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تاریخ اسلام پر بھی کتب رکھ دیں۔ اس کے نیچے دیگر شخصیات، معلومات، شاعری، افسانہ، کہانی، سوانح ، سفرنا مے، انسائیکلو پیڈیا اورلغت رکھ سکتے ہیں۔اس ساری مشق کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ آپ ایک ذاتی لائبریری کے مالک بن جائیں گے۔ اس سے آپ کے والدین، بہن بھائی، رشتے دار اور دوست بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے