مارچ ۲۰۲۴

السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ
امید ہے بخیر و عافیت ہوں گی۔
مجھے مطالعے کا بے حد شوق ہے، اور اس شوق کو بڑھاوا دینے میں میری ایک عزیزہ پیش پیش رہی ہے، اور اسی کی کے قیمتی مشورے نے مجھے ھادیہ ای میگزین کے مطالعے کا موقع فراہم کیا، اور اللہ کے فضل سے یہ مطالعہ بہت کارگر رہا۔
جیسے ہی سر ورق پر نظر پڑی،نظر کے ساتھ ساتھ دل کو بھی بھا گیا۔’’ حیا سر پیٹتی ہے، عصمتیں فریاد کرتی ہے‘‘موضوع آج کے حالات سے آگہی کا بہترین ذریعہ بنا۔
’’مجھے موبائل نہیں، پلے گراؤنڈ چاہیے ‘‘ موضوع پر مبشرہ باجی کے ذریعے لکھی گئی تحریر وقت کی ضرورت ہے۔ بہت خوب کہ انھوں نے اس موضوع پر توجہ دلانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ اس کے بعد درس قرآن اور درس حدیث کا جو حصہ رہا، خوب رہا۔ روز مرہ زندگی میں جو ہم چھوٹی چھوٹی سورتیں پڑھتے ہیں، اس کا مطلب واضح ہونا اور اسے سمجھنا بھی از حد ضروری ہے۔ اسی سلسلے میں جو سورہ کی تفسیر بیان کی گئی ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ اس کے علاوہ دور حاضر میں مختلف مسائل اور فتنوں سے نمٹنے اور ان کا سامنا کرنے کے لیے جو مشورے اس میگزین کے ذریعے دیے گئے ہیں، اگر ان پر عمل کیا جائے تو انسان آج کہ اس فتنے بھرے دور میں بھی اپنے آپ کو راہ راست پر قائم رکھ سکتا ہے۔ جیسے :موبائل، انٹرنیٹ ،کمپیوٹر وغیرہ کا استعمال۔
حجاب، جو عورت کی پہچان ہے اس موضوع پر بھی انتہائی مؤثر گفتگو اس میگزین میں پیش کی گئی ہے۔ اس تحریر میں حجاب کے معنی و مفاہیم بہت ہی اچھی طرح سمجھائے گئے ہیں،اور ساتھ ہی ساتھ حجاب کے دیگر پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے،جن پر غور کرنا آج بے حد ضروری ہے۔ اسی تحریر میں ایک جگہ تحریر کے کچھ حصے کو ہائی لائٹ کیا گیا ہے۔ اس کو پڑھ کر مجھے لگا جیسے اس بات کو لوگوں تک پہنچانے کی واقعی ضرورت تھی۔
شاعری کا ذوق رکھنے والوں کے لیے بھی ھادیہ ای میگزین بہترین آماج گاہ ثابت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ صحت کے میدان میں بھی اس نے اپنا لوہا منوایا ہے،اور نہایت مفید مشورے تحریر کیے گئے ہیں۔
تعلیمی مسائل کے ساتھ ساتھ تربیت کے مختلف پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سیاسی، سماجی اور معاشرتی موضوعات پر بھی کافی معلومات دی گئی ہیں ۔ ایک اچھی بات اور بھی ہے کہ اس میں بچوں کے لیے بھی تحریریں شامل کی گئی ہیں۔ سبق آموز قصے و کہانیاں بیان کی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ بھی بہت سے مضامین، جو سیاسی وعالمی موضوعات سے متعلق تھے، نظروں سے گزرے، جن کو پڑھ کے محسوس ہوا کہ خدا کی کیا رحمت ہے کہ آج گھر بیٹھے ہی ہم اس قیمتی معلومات سے مستفیض ہو رہے ہیں۔
آج کے دور میں جب کہ موبائل کسی فتنے سے کم‌نہیں ،ایسے میں ھادیہ ای میگزین راہ روشن کی طرح ہے۔ اللہ سے دعا ہے کے اللہ آپ سب کی کوششوں کو قبول فرمائے ۔ آمین!

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
عزیزی حبیبہ فیصل فالکے!
آپ نے اپنے مراسلے میں تقریباً گیارہ زمرہ جات کا تذکرہ کر کے اس کے بارے میں تفصیل لکھی ،جو آپ کے واقعی مطالعہ کے شوق کا مظہر ہے۔
آپ نے اتنی دلچسپی سے مطالعہ کیا اور مضامین کو سراہا،جزاک اللہ خیراً!
جس طرح ھادیہ آپ تک پہنچا ہے، اسی طرح آپ اسے دوسروں تک بھی پہنچائیے، تاکہ چراغ سے چراغ جلے اور روشنی ہو تاکہ بہنوں میں شعور بڑھے
ہم امید کرتے ہیں کہ ٓائندہ بھی آپ کے مراسلے ہمیں ملتے رہیں گے۔
والسلام

– چیف ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲۴