مارچ ۲۰۲۴
درس قرآن
زمرہ : النور

القرآن، سورۃ نمبر: 2 البقرہ،آیت نمبر : 165
أَعُوذُ بِاللٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَالَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡٓا اَشَدُّ حُبًّا لِّلٰهِ ؕ

(حالانکہ ایمان رکھنے والے لوگ سب سے بڑھ کر اللہ کو محبوب رکھتے ہیں۔) (مودودی رحمۃ اللہ علیہ)
(اور جو لوگ ایمان لا چکے ہیں ،وہ اللہ ہی سے سب سے زیادہ محبت رکھتے ہیں۔) (جونا گڑھی رحمۃ اللہ علیہ)
ح ب ب، الحب والحبۃ،المحبۃکے معنی کسی چیز کو اچھا سمجھ کر اس کا ارادہ کرنے اور چاہنے کے ہیں۔
محبت تین قسم پر ہے :
( 1) محض لذت اندوزی کے لیے،جیسے مرد کسی عورت سے محبت کرتا ہے ۔ چناںچہ آیت :

وَيُطْعِمُونَ الطَّعامَ عَلى حُبِّهِ مِسْكِيناً (سورۃ الدہر: 8)

میں اسی نوع کی محبت کی طرف اشارہ ہے۔
( 2 ) محبت نفع اندوزی کی خاطر،جیسا کہ انسان کسی نفع بخش اور مفید شے سے محبت کرتا ہے ۔ چناںچہ اسی معنی میں فرمایا :

وَأُخْرى تُحِبُّونَها نَصْرٌ مِنَ اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ (سورۃالصف: 13 )

(اور ایک چیز کو تم بہت چاہتے ہو ،یعنی تمھیںخدا کی طرف سے مدد نصیب ہوگی اور فتح حاصل ہوگی۔)
( 3 ) کبھی یہ محبت یہ محض فضل وشرف کی وجہ سے ہوتی ہے،جیسا کہ اہل علم وفضل آپس میں ایک دوسرے سے محض علم کی خاطر محبت کرتے ہیں۔(مفردات القرآن)
یعنی ایمان کا اقتضا یہ ہے کہ آدمی کے لیے اللہ کی رضا ہر دوسرے کی رضا پر مقدم ہو، اور کسی چیز کی محبت بھی انسان کے دل میں یہ مرتبہ اور مقام حاصل نہ کرلے کہ وہ اللہ کی محبت پر اسے قربان نہ کرسکتا ہو۔ (تفہیم القرآن)
محبت کا اصلی حق دار اللہ ہے
ان کے بارے میں فرمایا کہ یہ لوگ اپنے مزعومہ شریکوں اور ساجھیوں سے اس طرح محبت کرتے ہیں، جس طرح خدا سے محبت کرنے کا حق ہے، حالانکہ محبت کا اصلی حق دار اللہ ہی ہے۔ وہی ہے جس نے سب کچھ پیدا کیا ہے، وہی ہے جس کے ہاتھ میں سارا انتظام ہے اور اس کائنات کے ہر گوشہ میں پھیلی ہوئی ربوبیت و رحمت سے اس بات کی شہادت مل رہی ہے کہ وہ رحمان و رحیم ہے، تو اس کے سوا کوئی دوسرا اس کے برابر کی محبت کا حق دار کس طرح ہوسکتا ہے۔ پھر کوئی دوسرا کسی نسبت اور تعلق کی وجہ سے محبت کا حق دار نکلے بھی تو بہر حال اس کی محبت خدا کی محبت کے تحت ہی ہوسکتی ہے، نہ کہ اس کے برابر یا خدانخواستہ اس سے زیادہ۔ اس سے جہاں یہ بات نکلی کہ محبت حقیقی خدا کے حقوق میں سے ہے،اس میں کسی اور کو شریک کرنا شرک ہے، وہیں یہ بات بھی نکلی کہ دوسروں کے لیے محبت کی مطلق نفی نہیں ہے۔ دوسروں سے بھی محبت کی جاسکتی ہے ۔مثلاً: بیوی، بچوں، قوم، قبیلہ اور ملک و وطن سے یا کسی بزرگ یا استاذ یا شیخ یا پیر سے، لیکن اس محبت کے لیے یہ ضروری ہے کہ یہ خدا کی محبت کے تابع ہو، یعنی جہاں کہیں اور جب کبھی اس محبت اور خدا کی محبت کے تقاضوں میں کوئی ٹکراؤ ہونے لگے، تو آدمی خدا کی محبت کے تقاضے کو مقدم رکھے اور دوسری محبتوں کو نظر انداز کردے۔ اس صورت میں بلاشبہ وہ توحید کا حق ادا کرنے والا ٹھہرے گا۔ چناںچہ حقیقی اہل ایمان کی یہی صفت بیان ہوئی ہے :

وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْٓا اَشَدُّ حُبًّا لِّلٰهِ

(جو حقیقی ایمان رکھتے ہیں وہ خدا کی محبت میں سخت تر ہوتے ہیں۔)

 یعنی جب ان کے سامنے اللہ اور غیر اللہ کی محبت کے ایک دوسرے سے متضاد مطالبات ابھرتے ہیں تو وہ ہمیشہ محبت الٰہی کے پہلو کی طرف جھکتے ہیں۔ یہی توحید خالص کی حقیقت اور یہی چیز ایمان کی روح ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ جہاں تک محبت کے ہونے کا تعلق ہے، یہ اللہ کے ساتھ ساتھ دوسروں سے بھی ہوسکتی ہے، یہ چیز ایمان اور توحید کے منافی نہیں ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ دوسروں کی محبت اللہ کی محبت کے تابع ہو، اس کے برابر یا اس سے بڑھ کر نہ ہو۔

 وَلَوْ يَرَى الَّذِيْنَ ظَلَمُوْٓا (الآیۃ)

 یہاں عربی زبان کے عام قاعد کے مطابق ’’لو‘‘ کا جواب محذوف ہے اوراَنَّ الْقُوَّةَ لِلّٰهِ جَمِيْعاً اور اس کے بعد کے الفاظ اس محذوف جواب کی وضاحت کر رہے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ اگر اپنی جانوں پر یہ ظلم ڈھانے والے لوگ جو خدا کے ہم سر اور شریک ٹھہرائے ہوئے ہیں ،اور ان سے خدا کی طرح محبت کر رہے ہیں، اس وقت کو دیکھ پاتے جب کہ وہ عذاب الٰہی سے دو چار ہوں گے، تو ان پر یہ حققیت اچھی طرح واضح ہوجاتی کہ خدا کا کوئی ساجھی اور شریک نہیں ،جو اس کے برابر کی محبت کا حق دار ہو، بلکہ وہی تنہا تمام قوت و اختیار کا مالک ہے اور وہ اپنے ساتھ شریک کرنے والوں کو نہایت سخت عذاب دینے والا ہے، جس سے ان کو کوئی بھی بچانے والا نہ ہوگا۔
اس آیت کریمہ میں ایسے ہی لوگوں کا ذکر فرمایا جارہا ہے، جو دوسری قوتوں کو اللہ کا شریک اور ہم سر بناتے ہیں اور پھر اسی پر بس نہیں ،ان سے اس طرح محبت رکھتے ہیں جیسے اللہ سے محبت کرنے کا حق ہے۔ ۔قلبی تعلق، جسے محبت کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، اس کا معاملہ تو اور بھی مشکل ہے۔ محبت ایک ایسا بےپناہ جذبہ ہے، جو دوسرے تمام جذبوں پر غالب آجاتا ہے۔ نفع و نقصان کے تصورات بھی اس جذبے کو شکست نہیں دے سکتے۔ کم زور سے کم زور انسان بھی محبت کے جذبے سے توانا ہوجاتا ہے۔ ایک بلی اپنے بچے کو بچانے کے لیے اسی جذبے سے قوت پاکر چیتے کی آنکھیں نکالنے کے لیے تیار ہوجاتی ہے۔ مامتا کے جذبے کی شدت تمام حیوانات میں ایک ضرب المثل کی حیثیت رکھتی ہے، اور مامتا محبت ہی کا ایک روپ ہے۔ انسانوں کا حال بھی اس سے مختلف نہیں ہے، لیکن انسانوں میں بالعموم دیکھا یہ گیا ہے کہ وہ کہنے کو کسی کو بھی محبوب قرار دیں ،لیکن حقیقت میں ان کا محبوب اپنے مفادات، اپنی آرزوئیں اور اپنی خواہشِ نفس کے سوا کچھ اور نہیں۔

مومن سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ سے محبت کرتا ہے

ایک صحابی،رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور آخری گھڑی کے بارے میں پوچھا۔ ہم عام طور پر فلسفیانہ انداز میں جواب دیتے اور اس گھڑی کی بڑی اور چھوٹی علامات کا ذکر کرتے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ساتھی سے پوچھا کہ اس کے لیے کیا تیاری کی ہے؟ یہ دو جوابات میں زیادہ مفید اور زیادہ فائدہ مند ہے۔ اس صحابی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ میں نے آخری گھڑی کے لیے کچھ بھی تیار نہیں کیا سوائے اس کے کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا:

’’انت مع من احببت‘‘

(’’ تم ان کے ساتھ ہو گے جن سے تم محبت کرتے ہو۔‘‘)

چناںچہ جب تک انسان ایمانی قوت سے محروم رہتا ہے، تب تک حُبِّ دنیا ہی وہ اصل جذبہ ہے جو ہر جگہ اسے کھینچے پھرتا ہے۔ مشرک لوگ تو اپنے بنائے ہوئے شریکوں سے محبت کرتے ہیں اور ان کی محبت اللہ سے محبت پر غالب آجاتی ہے، لیکن یہ شریک بھی صرف بت اور دیوتا ہی نہیں ،بلکہ ان کے اپنے مفادات، عہدہ و منصب، جاہ و مرتبہ، اور بڑی قوتوں سے تعلقات وہ انداد ہیں، جن کی حقیقت میں پوجا کی جاتی ہے اور جن کے سامنے باقی تمام تعلقات بےوزن ہو کر رہ جاتے ہیں، لیکن ایک مومن وہ اپنی تمام ضرورتیں رکھتے ہوئےبھی غیر مشروط محبت کا تعلق صرف اپنے اللہ سے رکھتا ہے۔ اسے اپنے ماں باپ، اپنی بیوی بچوں، اپنے دوست احباب اور ضرورت کی اور چیزوں سے بھی پیار اور محبت ہے، لیکن اس محبت کو وہ اللہ کی محبت پر کبھی غالب نہیں آنے دیتا۔ جب بھی ان دونوں محبتوں میں تصادم ہوتا ہے تو اللہ کی محبت کے سامنے باقی ہر محبت دم توڑ جاتی ہے،حتیٰ کہ آدمی کی اپنی ذات اللہ کی محبت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔ اللہ کی محبت کا حق ادا کرتے ہوئے اگر مال لٹانا پڑے تو وہ دریغ نہیں کرتا، بچوں کی قربانی دینی پڑے تو وہ اس کے لیے تیار رہتا ہے، حتیٰ کہ اپنی ذات کو بھی اگر قربان کرنا پڑے تو اسے وہ نعمت غیر مترقبہ خیال کرتا ہے۔ ایک مومن اور غیر مومن میں یہی وہ حقیقی فرق ہے جو دونوں کی حقیقی پہچان ہے۔ وَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اَشَدُّ حُبًّا لِلّٰہِِ میں اسی حقیقت کو واشگاف فرمایا گیا ہے۔ مومن مردم بےزار نہیں ہوتا کہ وہ کسی سے بھی تعلق نہ رکھے، وہ نہایت دل آویز شخصیت کا مالک ہوتا ہے۔ مسلمان کے لہو میں دل نوازی کا سلیقہ پایا جاتا ہے۔ مروت واخوت مومن کا وہ حسن عالم گیر ہے ،جس سے پوری دنیا نے فائدہ اٹھایا ہے۔ وہ ایک شفیق باپ، ایک پیار کرنے والا شوہر، ایک ایثار کرنے والا بھائی، ایک مروت سے کام لینے والا شہری ہے، جس کی ایک ایک اد اسے اپنائیت جھلکتی ہے، لیکن اس کے یہ تمام تعلقات محبت کی اس سطح سے نیچے رہتے ہیں، جہاں سے اللہ کی محبت شروع ہوتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اس طرح کی تمام محبتیں اللہ کی محبت پر قربان کردی جاتی ہیں، لیکن اس کی ذات، اس کی صفات، اس کے احکام اور اس کے حقوق سے محبت کو کسی صورت بھی قربان نہیں کیا جاسکتا۔ آج امت مسلمہ نے اسی حقیقت کو کھو کر ٹھوکریں کھائی ہیں، وہ اللہ کی ذات پر ایمان رکھتی ہے لیکن دوسری قوتوں کے سامنے جھکتی ہے۔ وہ اللہ کی صفات کو مانتی ہے، لیکن دست سوال دوسروں کے سامنے دراز کرتی ہے۔ دلوں کو آباد دوسروں کے تصورات سے کرتی ہے۔ بڑی قوتوں کے نمائندہ افراد کو وہ اپنی قسمت کا مالک سمجھتی ہے،اور ان کی خواہشات پر اپنا سب کچھ قر بان کر دینا عقل کا تقاضا جانتی ہے۔ اس طرح سے اس نے اپنے اوپر وہ ظلم توڑا ہے، جس سے اس کی پوری شخصیت بلکہ پوری تاریخ لہو لہو کر رہ گئی ہے۔ ایسے ہی لوگوں کے لیے فرمایا گیا ہے کہ کاش ، یہ ظالم لوگ اس وقت کو دیکھ سکتے جب یہ عذاب سے دوچار ہوں گے۔ تب ان کو پتہ چلے گا کہ دنیا میں اللہ کی قوت کے مقابلے میں کوئی قوت نہیں۔ وہاں بڑے بڑے حکمرانوں کو سرنگوں دیکھیں گے۔ کوئی کسی کو عذاب سے نہیں بچاسکے گا اور اللہ کا عذاب ایسا شدید ہوگا کہ آج اس کا تصور کرنا بھی ممکن نہیں۔ تب ان کو اندازہ ہوگا کہ ہم نے جن قوتوں سے ایسا تعلق قائم کیا جیسا اپنے اللہ سے کرنا چاہیے تھا اور انھیں ہم نے عملی طور پر اللہ کا شریک بنائے رکھا ،وہ تو آج کسی اختیار کے حامل نہیں۔ نہ وہ اپنے آپ کو بچا سکیں گے اور نہ ہی کسی اور کو بچا سکیں گے،لیکن اس وقت کا جاننا کسی کام نہیں آئے گا کیوں کہ وقت ہاتھ سے نکل چکا ہوگا۔

القرآن، سورۃ نمبر: 3 آل عمران،آیت نمبر: 31-31

بِسْمِ اللٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
قُلۡ اِنۡ كُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللٰهَ فَاتَّبِعُوۡنِىۡ يُحۡبِبۡكُمُ اللٰهُ وَيَغۡفِرۡ لَـكُمۡ ذُنُوۡبَكُمۡؕ‌ وَاللٰهُ غَفُوۡرٌ رَّحِيۡمٌ ۞

(کہہ دیجیے،اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو ۔

اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمھارے گناہوں کو بخش دے گا
اور اللہ بخشنے والا رحم کرنے والا ہے ۔)

اہل ایمان کے لیے صحیح روش

 یہ ان مذبذب قسم کے مسلمانوں کو اس صحیح رویے کی تعلیم دی گئی ہے، جو سچے مسلم کی حیثیت سے انھیںاختیار کرنا چاہیے۔ فرمایا کہ اگر تم اللہ کے ساتھ محبت رکھنے کے مدعی ہو، تو اس محبت کے ساتھ ان لوگوں کی محبت جمع نہیں ہوسکتی جو اللہ کے، اس کی کتاب کے اور اس کے دین کے دشمن ہیں، بلکہ اس کا راستہ یہ ہے کہ اللہ کے رسول کی پیروی کرو۔ اگر تم رسول کی پیروی کرو گے تو یہی راستہ اللہ سے محبت کرنے کا ہے اور اس کا انعام یہ ہے کہ اللہ بھی تم سے محبت کرے گا، اور اب تک تم سے جو غلطیاں اور کم زوریاں صادر ہوئی ہیں، ان کو معاف فرما دے گا۔ اللہ غفور رحیم ہے۔ اس کے بعد نہایت واضح الفاظ اور تہدید آمیز انداز میں پیغمبر ﷺ کی زبان سے یہ اعلان کروادیا کہ ان کو خبردار کردو کہ سیدھے سیدھے اللہ کی اور اس کے رسول کی اطاعت کریں ،اور اگر وہ اس سے اعراض کرتے ہیں تو یاد رکھیں کہ وہ بھی ان ہی کافروں میں شامل ہیں، جن سے ان کا یارانہ ہے ،اور اس کے ساتھ اس بات کو بھی یاد رکھیں کہ اللہ کافروں کو بھی دوست نہیں رکھتا۔
راوی، انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہا:

 ’’ما فرحنا بِشیعین فرحنا بِقَولِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ‘‘

(جب ہم نے (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات) کو سنا تو ہمیں خوشی ہوئی۔ خوشی، جس کا تجربہ ہم نے پہلے کبھی نہیں کیا۔)
انس رضی اللہ عنہ نے پھر کہا:

’’فَعَنْ أَحْبُوْنَ النبی صلی اللہ علیہ وسلم و ابا بکر و عمر و عرج عن عنقُونا ماحوم بِحُبّی یَا یَحْمَنُ وَ اِن لام عَلَیْمُ الْعَالَمِ ‘‘

( اور میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتا ہوں۔ السلام علیکم، ابوبکر و عمر اور میری شدید خواہش ہے کہ میں ان کے ساتھ رہوں خواہ میں ان کے اعمال کو انجام دینے سے قاصر ہوں، خالصۃً میری ان سے محبت کی وجہ سے۔)
امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ نے کعبہ کے گرد سات طواف کے بارے میں کہا ہے اور نصیحت کی ہے کہ ہم اس تکنیکی باتوں پر زیادہ توجہ نہ دیں کہ ہم سات بار کیوں کرتے ہیں؟ وہ اپنی بیوی اور بچوں کے لیے ایک آدمی کی محبت کا ذکر کرتا ہے اور یہ کہ وہ ان کے لیے خالصۃًپنی محبت کے ذریعے غیر معقول کام کیسے کرے گا؟ اس کے بعد وہ سوال پوچھتا ہے:
’’تو پھر تم کعبہ کے گرد سات بار کیوں نہیں چل سکتے؟ جب کہ اس نے تمھیں ایسا کرنے کا حکم دیا ہے، کوئی فنی اور منطقی وجہ تلاش کرنے کے بجائے، خالصۃًللہ کی محبت کے لیے؟‘‘
ظاہری (ظاہر) پر یہ شدید توجہ اس عمل کی روح سے محرومی کے نتیجے میں آتی ہے جو کہ اللہ سے محبت ہے۔

القرآن، سورۃ نمبر: 5 المائدة،آیت نمبر: 54
بِسْمِ اللٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
يُّحِبُّهُمۡ وَيُحِبُّوۡنَهٗۤ ۙ

( جن سے وہ محبت کرے گا اور وہ اس سے محبت کریں گے۔)

آیت پاک سے یہ بات خود بخود واضح ہوگئی کہ ان منافقین سے نہ خدا محبت کرتاہے نہ یہ خدا سے محبت کرتے ہیں،بلکہ خدا ان سے نفرت کرتا ہے اور یہ خدا سے بیزار و بےپروا ہیں ۔خدا کی محبت کسی کے نام و نسب، شکل و صورت اور مال و جاہ سے نہیں بلکہ ایمان و عمل اور اخلاق و کردار سے ہوتی ہے۔ جب اس اعتبار سے یہ نہ صرف صفر بلکہ خدا کی پسندیدہ صفات کے بالکل برعکس صفات سے متصف ہیں تو یہ خدا کی محبت کے حق دار کیسے ہوسکتے ہیں؟ اسی طرح خدا سے محبت کی شہادت یہ ہے کہ یہ خدا کے احکام و ہدایات اور اس کے نبی کے طریقےاور فیصلےکے پابند ہوں، لیکن جب یہ اللہ کے فیصلےکو چھوڑ کر جاہلیت کے فیصلےکے طالب اور اللہ و رسول اور اہل ایمان کو دوست بنانے کے بجائے اللہ و رسول کے مخالفین، یہودونصاری ٰاور کفار سے دوستی کی پینگیں بڑھاتے ہیں تو خدا سے بیزار ہونے کی اس سے بڑی شہادت کیاہوسکتی ہے۔
رمضان ہمارے لیے اللہ کی محبت کا مظہر ہے۔ وہ اپنی محبت سے اس مقدس مہینے میں جنت کے دروازے کھول دیتا ہے اور جہنم کے دروازے بند کر دیتا ہے۔ اپنی محبت سے، وہ ہمیں روزے اور رات کی نماز کے تحفے سے نوازتا ہے۔ اپنی محبت سے، وہ سال میں ہماری خطاؤں کو نظر انداز کرتا ہے اور اس مہینے میں بخشش کے وافر مواقع فراہم کرتا ہے۔ اپنی محبت سے، اس مہینے میں، وہ ہمیں سال کی سب سے بابرکت رات عطا کرتا ہے۔

 لیلۃ القدر

رمضان، اللہ کی محبت حاصل کرنے کا بہترین وقت ہے، کیوں کہ ہم ان چیزوں سے اپنی محبت کو کم کر دیتے ہیں، جو اس کی محبت سے مقابلہ کرتی ہیں۔ ہم کھانا پسند کرتے ہیں، لیکن جب ہم روزہ رکھتے ہیں تو ہم اسے ترک کر دیتے ہیں کیوں کہ اللہ سے ہماری محبت زیادہ ہوتی ہے۔ ہم نیند کو پسند کرتے ہیں، لیکن جب ہم رات کی نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو اسے چھوڑ دیتے ہیں، کیوں کہ اللہ سے ہماری محبت زیادہ ہوتی ہے۔ ہم ملنا جلنا اور تفریح کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن جب ہم اعتکاف کرتے ہیں تو ہم اسے ترک کر دیتے ہیں، کیوں کہ اللہ سے ہماری محبت زیادہ ہوتی ہے۔

 کامیابی کی کلید

اللہ کی طرف سفر میں متلاشی سب سے بڑا مقام محبت ہے ۔ اللہ کی محبت تمام محبتوں سے پاکیزہ اور عظیم ترین ہے۔ یہ دل کو زندگی بخشتا ہے، یہ روح کے لیے رزق ہے، اور ابدی کامیابی کا راستہ ہے۔محبت جنت کا راستہ ہے۔ یہ سب سے بڑی وجہ ہے کہ ہم کیوں اللہ کی عبادت کرتے ہیں؟ اور زمین پر حقیقی معنی خیز زندگی گزارنے کا یہی واحد طریقہ ہے۔
اللہ کی محبت کے بغیر زندگی تاریک ہے۔ اس لیے کہ ہر انسان کے دل میں ایک خلاء ہے، جسے صرف اللہ کی محبت سے پر کیا جا سکتا ہے۔ محبت کے بغیر، انسان کی زندگی اداسی، پریشانی، درد اور ندامت سے بھری ہوگی۔ دوسری طرف، جب دل اس کی محبت سے بھر جاتا ہے، تو ایک شخص خوشی اور اطمینان کا تجربہ کرے گا۔
’’بلاشبہ اس دنیا کی سب سے بڑی لذت اللہ کو جاننے اور اس سے محبت کرنے کی خوشی ہے۔ یہ اس دنیا میں خوشی کی اعلیٰ ترین سطح ہے۔ اس کے برعکس، اس زندگی کی دوسری عارضی لذتیں سمندر کے ایک قطرے کی طرح ہیں، کیونکہ روح، دل اور جسم (اللہ کو جاننے اور اس سے محبت کرنے کے لیے) بنائے گئے ہیں۔ دنیا کی سب سے زیادہ خوشی اللہ کو جاننا اور اس سے محبت کرنا ہے ،اور جنت میں سب سے بڑی خوشی اللہ کو دیکھنا ہے۔‘‘ ( ابن القیم رحمہ اللہ)
محبت، عبودیت کا جوہر اور لا الٰہ الا اللہ کا راز ہے۔ اللہ سے محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
’’پھر بھی کچھ ایسے ہیں جو دوسروں کو اللہ کے برابر سمجھتے ہیں۔ وہ ان سے اس طرح محبت کرتے ہیں جیسے اللہ سے محبت کرنی چاہیے، لیکن مومن اللہ سے اس سے بھی زیادہ محبت کرتے ہیں۔‘‘
جو شخص اللہ کی محبت میں اس کی اطاعت کرتا ہے اور اس شخص میں جو محبت کے بغیر اس کی اطاعت کرتا ہے۔ جب عاشق اپنے محبوب کی اطاعت کرتا ہے تو اطاعت رضامندی اور خلوص سے کی جاتی ہے، تاہم محبت کے بغیرایک بندہ مجبوری سے اطاعت کرتا ہے۔ پہلے والے احکام کی رضامندی سے تعمیل کرنے میں خوشی اور مسرت کا تجربہ کرتے ہیں، جب کہ مؤخر الذکر کو بوجھ، اور یہاں تک کہ ناراضگی محسوس ہوتی ہے۔ اس لیے محبت عبادت کا محرک ہے۔
بلاشبہ روزہ دار کی وہ دو خوشیاں جن کا ذکر اس حدیث میں آیا ہے جس کو امام بخاری و مسلم میں سے ہر ایک نے اپنی کتاب صحیح میں اور امام نسائی نے اپنی کتاب سنن میں ابو ہریرہ سے روایت کیا ہے ،وہ کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا :
’’اللہ تعالی فرماتا ہے کہ روزہ کو چھوڑ کے ابن آدم کا ہر عمل اس کے لیے ہے،البتہ روزہ وہ صرف میرے لیےہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔‘‘
راوی نے اس حدیث کو مکمل ذکر کیا ہے ،اورپھر اس میں بیان کیا ہے کہ روزہ دار کے لیے دو خوشیاں ہیں جن سےوہ خوش ہوتا ہے ۔ایک جب کہ وہ افطار کرتا ہے تو خوش ہوتا ہے اور دوسرا جب وہ اپنے رب سے ملاقات کرےگا،اور بےشک یہ دونوں خوشیاں فريضۂ روزہ اور اس کے نفسیاتی اثرات کے درمیان موجود مضبوط ارتباط اور تعلق کی بہت ہی بلیغ تصویر کشی کرتی ہیں۔وہ نفسیاتی اثرات جو سعادت کے ان احساسات میں پائے جاتے ہیں، جو ایمان و اجر کی امید سے روزہ رکھنے والوں کے نفسوں اور عقلوں پر چھائےہوتےہیں،اور جو اس خوشی میں ہے جس سے ان کے دل معمور ہوتے ہیں،ان کے اعضاء پر ہوتے ہیں اور جس سے ان کی روحیں اپنے عظیم خالق وپروردگار کی طرف محبت،شوق،عبدیت،بندگی،غلامی،تابع داری،عاجزی اور تقرب میں بلند ہوتی اور پرواز کرتی ہیں،جس کا مقصد محض اللہ کے روزہ کی بابت بہترین وعدہ کا حصول نہیں ہوتا ہے، بلکہ اس کی وجہ اللہ کا اپنے بندوں کے اوپر بکثرت احسان ،بہت زیادہ نوازشیں ،عام نعمتیں اور مسلسل نعمتوں کا جاری رہنا بھی ہے ،کیوں کہ اسی اللہ نے یہ عظیم بابرکت مہینہ عطا کرکے ان کے اوپر احسان کیا ہے تاکہ اس کے شب و روز اس کی محبت کے اسباب سے پُر ہوں ،اس کی محبت کے راستوں سے آباد ہوں ،اسی وجہ سے یہ مہینہ ان تمام اسباب و عوامل سے بھرا ہوا ہے جو اللہ کی محبت کا باعث ہیں اور اس کا موجب ہیں،اور یہ مہینہ ان کی اکثریت کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے،اور ان کے خلاصہ اور لب لباب کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے،اور وہ اسباب کل دس ہیں جیسا کہ امام ابن قیم نے تحریر کیا ہے ۔

پہلا سبب :  تدبر اور غورو فکر کے ساتھ قرآن کی تلاوت کرنا اور اس کے معانی و مفہوم کو سمجھنا ہے ۔اس کتاب کے تدبر کی طرح جس کو ایک انسان حفظ کرتا ہے،پھر اس کی شرح کرتا ہے تاکہ اس سے کتاب والے کی مراد سمجھ سکے ۔

دوسرا سبب: فرائض کے بعد نوافل کے ذریعہ اللہ کی قربت اور نزدیکی تلاش کرنا ہے، کیوں کہ یہ چیز محبت کے بعد اس کو محبوبیت کےدرجے تک پہنچاتی ہے ۔
تیسرا سبب : ہر حالت میں زبان ،دل ،عمل اور حال کےذریعہ اللہ کے ذکر پر مداومت وپابندی کرنی ہے ،کیوںکہ ذکر میں حصہ کے بقدر ہی اس کا محبت میں حصہ ہوگا ۔
چوتھا سبب : خواہشات کے غلبہ کے وقت اللہ تعالی کی محبتوں کو اپنی محبتوں پر ترجیح دینا ہے ،اور اس کی محبت کی بلندیوں پر پہنچنا ہے، خواہ وہاں تک پہنچنا کتنا ہی مشکل ہو ۔
پانچواں سبب: دل کا اللہ کے اسماء اور اس کی صفات کا مطالعہ کرنا ہے ،اور پھر ان کا مشاہدہ کرنا اور ان کی معرفت حاصل کرنا ہے ،بعد ازاں دل کا معرفت اور اس کے تجلیات کےباغیچوں میں سیرکرنا ہے ،کیوں کہ جس نے بھی اللہ کو اس کے اسماء ،صفات اور افعال کے ذریعہ پہچان لیا تو وہ اس سے لا محالہ محبت کرےگا۔
چھٹا سبب: اللہ تعالی کے فضل و احسانات ،نوازشات اور اس کی ظاہری و باطنی نعمتوں کا ملاحظہ کرنا ہے ،کیوں کہ یہ اس کی محبت کی طرف دعوت دیتی ہیں،اور ان چیزوں کے مشاہدہ و ملاحظہ کے بقدر ہی محبت قوی اور مضبوط ہوگی،کیوں کہ دل فطری طور پر اپنے احسان کرنے والے سے محبت کرتا ہےاوربرائی کرنے والے سے بغض وعناد رکھتا ہے ،اور جان لیجیے!کہ بندہ کو حاصل ہونے والا ہر احسان صرف اور صرف اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور برائی شیطان کی طرف سے ہوتی ہے ۔
ساتواں سبب : اللہ کے سامنے کلی طور پر دل کی انکساری اور عاجزی ہے ،اور اس معنی کی تعبیر اسماء اور عبارتوں کے علاوہ کسی اور دوسری چیز سے ممکن نہیں ہے ۔
آٹھواں سبب: رات کے تہائی آخری حصے میں اللہ تعالی کے نزول کے وقت اس پاک ذات کے ساتھ خلوت نشینی ہے ،تاکہ اس سے سرگوشی کی جائے ،قرآن کی تلاوت کی جائے اور اس کے سامنے آداب بندگی بجا لاتے ہوئے حضور دل کے ساتھ کھڑا ہوا جائے ،پھر استغفار اور توبہ سے اس کا خاتمہ کیا جائے ۔
نواں سبب: صادقین ،پاکباز اور محبت کرنے والوں کی ہم نشینی اور صحبت اختیار کرنا ہے،اور ان کی باتوں کے بہترین ثمرات اور نتائج کو اختیار کرنا ہے، جیسا کہ اچھا پھل اختیار کیا جاتا ہے اور گفتگو کرنے سے پرہیز کیا جائے مگر جبکہ گفتگو کی مصلحت اور فائدہ راجح ہو ،اور یہ معلوم ہو کہ اس میں مزید کچھ تمھاری حالت کا بیان ہے اور دوسرے کے لیے اس میں فائدہ ہے۔
دسواں سبب: ہر اس ذریعہ اور سبب سے دوری اور کنارہ کشی اختیار کی جائے جودل اور اللہ کے درمیان رکاوٹ ڈالنے والا ہے۔ ابن قیم کی بات ختم ہوئی ۔

اے اللہ کے بندو ! یہی وہ دوری اور کنارہ کشی ہے جو انسان کو اپنے رب سے محبت کرنے والا بنا تی ہے ،جیسا کہ بعض سلف نے کہا ہے کہ اس کو ایسا بندہ بنا تی ہے جو اپنی خواہشات نفس سے دور رہتا ہے ،اپنے رب کے ذکر سے مربوط اور جڑا ہوا ہوتا ہے ،اس کے حقوق کو ادا کرنے والا ہوتا ہے ،اپنے دل سے اس کی طرف توجہ کرنے والا ہوتا ہے ،اس کا دل اللہ کی ہیبت و رعب کے انوار سے روشن ہوتا ہے ،اور اس کی محبت کے صاف و شفاف جام سے سیراب ہوتا ہے ،اور جبار اپنے غیب کے پردوں سے اس کے لیے تجلی فرماتا ہے،لہٰذا اگر وہ بات کرتا ہے تو اللہ کی بات کرتا ہے اور اگر بولتا ہے تو اللہ کے بارے میں بولتا ہے ،اور اس کے سکنات و حرکات اللہ کے حکم سے ہوتے ہیں،چناں چہ وہ اللہ سے ،اللہ کے لیے اور اللہ کے ساتھ ہوتا ہے ۔
اے بندگان الٰہی !جان لیجیے کہ بلاشبہ یہ اسباب و ذرائع جو اللہ کی محبت کا باعث ہیں ،وہ یقینا ًاس ماہ رمضان میں ہر بصیرت والے کے لیےہر لمحہ اور دل کی ہردھڑکن یا ہر سانس کے ساتھ ظاہر اور بالکل واضح ہیںاور جو سارے جہانوں کے پروردگار سے محبت کرنے والوں کو دعوت دیتی ہیں کہ وہ اس سے بکثرت اپنا حصہ لیں ،اور اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ یہ جان لیں کہ یہی اپنے رب کی طرف سفر کرنے والوں کی علامت اور نشانی ہے جو اس کی طرف رخت سفر باندھ چکے ہیں اورپھر اس سے ملاقات کے وقت تک اپنے سفر کو جاری رکھتے ہیں۔
لہٰذا اے اللہ کے بندو ! اللہ سے ڈرو ،اور اس قافلہ میں شامل ہوجاؤ جو اپنے رب کی طرف اس کی محبت اور شوق کے بازو پر پرواز کر رہا ہے ،اور اس مہینہ میں بھلائیوں کے اندر سبقت کرنے اور آگے بڑھنے کو اس سلسلے میں اپنا سب سے بہتر سامان اور سب سے بڑا معاون اور مدد گار بنالو ،کیوں کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
’’سبقت کرنے والوں کو اس میں سبقت کرنی چاہیے۔‘‘
(سورۃ المطففین : 26)
محبت کا سب سے بڑا سبب اور ذریعہ سنت کی اتباع اور پیروی ،اس پر عمل کرنا ،رسول اللہ ﷺ کی کامل تابع داری ،آپ کی مکمل اقتداء ،اور اقوال،اعمال اور اخلاق میں آپﷺ کی سیرت و کردار کی پیروی کرنا ہے ،اور اسی اتباع و پیروی کے بقدر ہی محبت بھی کم اور زیادہ ہوتی ہے ،کیوں کہ یہ محبت اتباع کے ارد گرد گردش کرتی ہے ،جو اس کی قوت اور طاقت سے مضبوط اور زیادہ ہوتی ہے اور اس کی کم زوری و کمی سے کم زور و کم ہوتی ہے ۔ یقیناً تو اللہ کی محبت میں کامیاب نہیں ہوگا جب تک کہ تو اس کے حبیب محمد ﷺ کی تابع داری نہ کرے ۔جیسا کہ فرمان الٰہی ہے :
’’اے نبی! لوگوں سے کہہ دیجیے کہ اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو ،تو اللہ تم سے محبت کرےگااور تمھاری خطاؤں سے درگزر فرمائے گا ،اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔‘‘ (سورۃ آل عمران : 31)
اور یہ آیت اس بات کی دلیل ہے کہ شان یہ نہیں ہے کہ تم اللہ سے محبت کرو بلکہ شان تو یہ ہے کہ اللہ تم سے محبت کرے اور اللہ تم سے اس وقت محبت کرے گا جب تم اس کے حبیب محمد ﷺ کی ظاہری اور باطنی طور پر اتباع کروگے ،اس کی خبر کی تصدیق کروگے ،اس کے حکم کو بجا لاؤگے ،اس کے ممنوعات سے بچو گے ،اس کی شریعت کے مطابق فیصلہ کروگے اور نبی کریم ﷺ کے فیصلےمیں اپنی نفس کے اندر کوئی تنگی اور پریشانی محسوس نہیں کروگے ،بلکہ اپنے آپ کو اس کے حوالہ کردوگےاور آپ ﷺ کے فیصلے پر ہنسی خوشی مکمل شادمانی اور سرور کے ساتھ اپنا سر تسلیم خم کردوگے، اس کامل یقین کے ساتھ کہ وہی حق ،ہدایت اور درست ہے ۔
اے اللہ کے بندو ! یقینا ًاس مہینےکا روزہ اور قیام پیارے نبی محمد مصطفی ﷺ کی اتباع اور تابع داری پر ابھارنے کا سب سے افضل و بہتر سبب اور ذریعہ ہے ۔وہ اس طرح کہ روزہ ،قیام اور ماہ رمضان میں نبیﷺ کی مخصوص عبادتوں بلکہ تمام عبادتوں میں آپ کے کردار او رسیرت کی پابندی کی جائے ،اور اللہ کے دین میں اس شریعت و طریقہ کی ایجاد سے دور رہا جائے جس کی اجازت اللہ نے نہیں دی ہے، اور نہ ہی رسول اللہ ﷺ نے اس کو مسنون کیا ہے ۔
چناں چہ اے بندگان الٰہی !اللہ سے خوف کھائیے ،اور اس مہینہ کے موقع و مہلت کو بھلائیوں میں سبقت کرنے اور باقی رہنے والی نیکیوں میں آگے بڑھنے کے لیے غنیمت جانیے۔وہ نیکیاں جو زمین اور آسمانوں کے پالنہار کی محبت کا سبب ہیں۔
یہ ہمیشہ یاد رکھیےکہ اللہ تعالىٰ نے آپ ﷺ کو آخری نبی ،رسولوں کا امام بنایا اور پوری دنیا کے لیے اللہ کی رحمت محمد مصطفى ﷺ پر درود و سلام کی صورت میںبھیجنے کا حکم دیا ہے ۔جیسا کہ اس کا قرآن مجید میں فرمان ہے:
’’ یقیناً اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر رحمت بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی اس پر درود وسلام بھیجو!‘‘
اے اللہ! تو اپنے بندے اور رسول محمد ﷺ پر رحمت وسلامتی نازل فرما۔اے اللہ! تو آپﷺ کے چاروں خلفاء: ابوبکر ؓ، عمر ؓ، عثمان ؓ اور علی سے،آپﷺ کی بیویوں سےجو تمام مومنوں کی مائیں ہیں،اور آپﷺ کے روشن و با برکت صحابۂ کرامؓ سے اور تابعین ؒسے اور جو بھی قیامت کے دن تک ان کی احسان کے ساتھ اتباع کرنے والے ہیں ان سب سے راضی ہو جا۔ اے سب سے زیادہ کرم و بخشش والے! تو ہم سے بھى ان کے ساتھ اپنے عفو ،احسان و کرم سے راضی ہو جا۔ اے اللہ!اسلام اور اہل اسلام کو غلبہ وسرفرازی عطا فرما۔ دین کے حدود کی حمایت فرما ۔اے اللہ!اپنے دین،اپنی کتاب،اپنے نبی کی سنت اور اپنے مومن و مجاہد بندوں کی مدد فرما۔اےاللہ! اتجھ سے لوگوں کے لیے اور تمام مسلمانوں کے لیے ہر گناہ سے اللہ عظمت وجلال والے سے مغفرت طلب کرتا ہوں، بلاشبہ وہ بخشنے والا رحم کرنے والا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے دل کو اپنی اور اپنے رسول کی محبت سے منور کر دے اور اپنی اور اپنے رسول کی اطاعت کرنے والا بنا دے ۔ آمین یا رب العالمین!
(حوالہ جات : تفہیم القرآن، روح القرآن، مفردات القرآن، تدبر قرآن)

٭ ٭ ٭


رمضان، اللہ کی محبت حاصل کرنے کا بہترین وقت ہے، کیوں کہ ہم ان چیزوں سے اپنی محبت کو کم کر دیتے ہیں، جو اس کی محبت سے مقابلہ کرتی ہیں۔ ہم کھانا پسند کرتے ہیں، لیکن جب ہم روزہ رکھتے ہیں تو ہم اسے ترک کر دیتے ہیں کیوں کہ اللہ سے ہماری محبت زیادہ ہوتی ہے۔ ہم نیند کو پسند کرتے ہیں، لیکن جب ہم رات کی نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو اسے چھوڑ دیتے ہیں، کیوں کہ اللہ سے ہماری محبت زیادہ ہوتی ہے۔ ہم ملنا جلنا اور تفریح کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن جب ہم اعتکاف کرتے ہیں تو ہم اسے ترک کر دیتے ہیں، کیوں کہ اللہ سے ہماری محبت زیادہ ہوتی ہے۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲۴