اس معصوم کے والدین کسی حادثہ میں فوت ہو گئے۔وہ کمسن ان حالات میں مزدوری کرنے لگااوریوں ہی اس معصوم مزدور کو کسی رشتہ دارکے یہاں مجبوراً زندگی گزارنی پڑتی۔ وہ اپنے مقدر پر بارہا آنسو بہاتا اور خیالوں میں گم اپنے آپ والدین سے ملاقات کر تا ، کبھی روپڑتا، ان معصوم خیالوں میں والدین اسے بہت پیار کرتے،اسےوہ سب کچھ دیتے جو وہ چاہتا ، کبھی خیالوں میں ان سے فرمائشیں کیا کرتا ۔کبھی انہیں اپنے دکھ درد سناتا ،کبھی خیالوں میں اپنی ماں کی گود میں سرر کھتا کبھی ان سے ناراض ہوجاتا۔
اس کمسن بچہ نے اپنی مزدوری جاری رکھی۔ اس کے مالک صاحب اچھے آدمی تھے۔ اسے کچھ نہ کہتے،نہ ہی ڈانٹتے،کبھی وقت سے پہلےہی چھٹی دے دیتے۔
مالک صاحب کےبہت سے دوست ان سےملنے آتے، بچہ ان کےچائےناشتہ کےبھی کام انجام دیتا۔ ایک مرتبہ مالک صاحب کے کوئی خاص دوست بڑے صاحب آئے۔ بچہ نے فوراً پانی پیش کیا اور چائے ناشتہ کی تیاری کرنے لگا،بڑے صاحب واقعی بڑے آدمی لگتے تھے،بڑےصاحب اک خوبصورت سی لال رنگ کی چمکتی دمکتی کار میں آئے تھے۔ ان کے کپڑوں سے خوشبو مہکتی تھی ،
ہاتھ میں سنہرے رنگ کی گھڑی پہنے ہوئے، اور چاروں انگلیوں میں سنہرے رنگ کی انگوٹھیاں، آنکھوں پر کالی عینک لگی ہوئی ، کالے رنگ کی کوٹ ،بہترین پالش کیے ہوئے کالے رنگ کے جوتے پہنے ہوئے، بڑے صاحب ہنس مکھ اور خوش مزاج شخصیت معلوم ہوتے تھے۔ بات بات مسکراتے رہتے تھے۔
بچہ نے چائے پیش کی۔ اس وقت بڑے صاحب کو کہتے سنا کہ کوئی اولاد نہیں ہے،اس لیےپڑوس کے گاؤں میں یتیم خانے سے کسی بچے کو لے جائیں گے اور اس کی اچھی پرورش کریں گے ،خوب تعلیم دلوائیں گے،زندگی اسی کے نام ، جائیداد اسی کے نام ۔
بچہ نے جیسے ہی سنا اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے،ہاتھ کانپنےتھر تھرانے لگے،ایک غیر معمولی امید کی کرن اس کے دل میں رونما ہونے لگی ،مالک صاحب نے موقع کو بھانپ لیا اور فوراً اس کمسن کی سفارش اپنے دوست بڑے صاحب سے کی۔ بڑے صاحب اسی انداز میں مسکراتے ہوئے کہنے لگے کہ نہیں نہیں ایسی بات بالکل نہیںہے،دراصل بات کچھ اور ہے، مجھے تمہاری عمر کا بچہ نہیں چاہیے،بلکہ ایک کم عمربچے تلاش ہےجس کی عمر تقریباً ایک یا دو برس کی ہو، جو سیرت او ر صورت سے میرشارم نواب کا فرزند نظرآئے ، ناک نقشہ خوب ہو، بڑی اور خوبصورت آنکھیں ہوں،اس کے چہرے سے خوبصورتی چھلکتی ہو۔
بچہ جا چکا تھا،بڑے صاحب پھر وہی خوش مزاجی سے کہنے لگےکہ مجھے ایسا کالا افریقی بچہ ہرگز پسند نہیں ۔میں اک حسین،اور پیارے بچے کی تلاش میں ہوں۔ بچہ ہمیشہ کی طرح اینٹیں اٹھانے لگا،اور ان کمسن خیالوں میں گم اپنی ماں سے باتیں کرنے لگا، ماں اس کےموٹے موٹے موتی نما آنسو اپنے دوپٹے سے صاف کرنے لگی، اس کے سر پرہاتھ پھیر تے ہوئے دعائیں دینے لگی۔ بچہ کےوالد ،اپنے کمسن لختِ جگر کوکھانا کھلا رہے تھے،وہ کافی وقت سے بھوکا تھا اور کہہ رہے تھے کہ میرے بچے! میں نے تم سے شاید یہ بات نہ بتائی ،کیا تم نہیں جانتےکہ فاقہ کش حسیٖن نہیں ہوتے؟
٭ ٭ ٭


0 Comments